بھان متی سیریز - پارٹ ون - بھان متی

وسیم

محفلین
بھان متی کا کنبہ

بچپن سے سنتے آئے تھے، کہیں کی اینٹ کہیں کا روڑا، بھان متی نے کنبہ جوڑا۔ پر ہم سے نادانوں کو کیا خبر تھی کہ سڈنی آ کر دیکھنابھی پڑے گا کہ ایک بھان متی نا صرف یہاں موجود ہے بلکہ اس نے سارے سڈنی کی اینٹیں روڑے بھی اکٹھے کر رکھے ہیں۔

بھان متی سڈنی میں کب وارد ہوئی اس کے متعلق تاریخ نے خاموش رہنا ہی مناسب سمجھا۔ کیونکہ تاریخ میں اس طرح کی باتیں چھپائی جاتی ہیں بتائی نہیں جاتیں۔ بھان متی جب سڈنی آئی تو اس کے سر کے بال کالے، کمر لچکیلی اور چال نشیلی تھی۔ لیکن ہائے خرابیء قسمت، ایک طرف اردو ادب اور دوسری طرف بیگم بے ادب۔ سو وہ بال جو سڈنی کی تیز ہواؤں میں ساون کےبادلوں کی طرح لہراتے تھے رفتہ رفتہ لاچارگی سے اعمال صالح کی طرح کم ہوتے چلے گئے۔ اور دھیرے دھیرے اتنے کم رہ گئے کہ ہر چند ہیں کہ نہیں ہیں۔

سڈنی سے پہلے بھان متی کا کنبہ کافی چھوٹا تھا، لیکن سڈنی میں کیونکہ گوروں نے پہلے انگلینڈ کا سارا کاٹھ کباڑ چھانٹ کر بھیجا تھا تو ملکہ برطانیہ کے کالے انگریزوں نے بھی اس روایت کی پاسداری ضروری سمجھی۔ بھان متی کو کہیں سے مرزا شغلیہ ملے کہیں سے صبح صادق کی طرح ماسی مصیبتی طلوع ہوئی، ایک آدھ انکل سرگم بھی مل گئے اور سونے پہ سہاگا کچھ عرصے بعد ایک چاچا سیاپا بھی آوارد ہوئے۔

بھان متی نے اس پوٹلی کو اردو کی گوند سے جوڑا اور ایک نیا کنبہ جوڑ لیا۔ مصیبت یہ ہوئی کہ بھان متی کو ان کی کماحقہ سرپرستی کاموقع نا مل سکا اور شغلیہ اوہ سوری مغلیہ ابن بطوطہ اس رنگ رنگیلی دینا کو دیکھنے نکل پڑے، ماسی مصیبتے نے افسری قبول کر لی،انکل سرگم نے ڈاکٹری شروع کر دی اور رہے چاچا سیاپا، وہ تن فن سے سوٹ پہنے کبھی یہاں دھواں نکالتے رہے اور کبھی وہاں دھواں"نوشی" کرتے رہے۔ آخر کار ان کی دیوانگی کام آئی اور اس مستانے کو شاعر الموت دیوانے نے پہچان لیا۔

بھان متی نے بڑی ہوشیاری سے کنبے کی فنی خرابی نظر انداز کرتے ہوئے سب اینٹوں کو غالب اور سب روڑوں کو فیض ڈکلئیر کردیا۔ صاحب اس سے تو سڈنی میں قیامت ٹوٹ پڑی۔ اتنے شاعر تو غالب کے زمانے میں دہلی میں نہ ہوں گے جتنے سڈنی نے پیدا کردیے۔ کنبہ وسیع ہوا تو دادا کی ضرورت بھی آن پڑی۔ اس لیے بے حد غور و غوض کے بعد اس کنبے کے لیے ایک عدد دادا دریافت کیے گئے۔ لیکن وائے قسمت وہ دادا زیادہ دیر بے ادب نہ رہے اور راہی عدم ہو کر عزت بچانے میں ہی عافیت جانی۔

سال پہ سال بدلے، روڑے سے روڑہ بدلا، آسٹریلوی ڈالروں کی ریل پیل ہوئی تو بھان متی نے پے در پے ایم اے بی اےکتابیں چھاپ دیں اور ایک دن سینٹی ہو کر کنبے کو پروں میں چھپائے "دادا بھائی سنبھال کے" ایوارڈ کا اعلان کر دیا۔

سال دو ہزار انیس میں اگست کے مہینے میں بیرونِ ملک سے کچھ سنگ مرمر کے اجسام درآمد کیے گئے اور کنبے کو ساتھ بٹھا کر محفل سجا لی۔ محفل میں ایک دوسرے پہ داد و تحسین کے ڈونگرے برسائے بلکہ الٹائے گئے۔ بھان متی کی خوشی کا تو پوچھیے ہی نا۔ ایسالگا جیسے نئے بال و پر نکل آئے ہوں۔

لیکن افسوس یہ خوشیاں بھان متی کے بالوں کی طرح عارضی نکلیں۔ چاچا سیاپے نے سیاپا ڈال دیا کہ اس سال پہلا "دادا بھائی سنبھال کے" ایوارڈ مجھے ملنا چاہیے۔ وجہ پوچھی تو چمک کر بولے میں نے اردو شاعری میں مستعمل تمام بحروں کے نام یاد کر رکھےہیں اور موقع بہ موقع ان کو دہرا بھی دیتا ہوں تا کہ سند رہے اور بوقت ضرورت کام آئے۔ بھان متی بہت چیں بچیں ہوئی لیکن اگلے پانچ سال کے سیاپے سے بہتر تھا کہ اس سال ہی سیاپا مکا دیا جائے۔ چنانچہ ایوارڈ سیاپے کو دیا گیا اور اس طرح دو ہزارانیس کی محفل اختتام پذیر ہوئی۔ کنبے کے ممبران کا ذکر اگلی تحاریر میں۔۔۔
 
محمداحمد

لائبریرین
واہ واہ!

بہت خوب! پر لطف تحریر ہے۔

ان سب بجھارتوں سے پتہ چلتا ہے کہ یہ سڈنی کی کسی خود ساختہ ادبی تنظم کا احوال ہے۔ کچھ اس اجمال کی تفصیل بھی ضرور عرض کیجے گا کہ اس تحریر میں موجود عقدوں کو کُھیل کھیلنے کا موقع ملے۔ :D:p
 
اگر اس کا ذکر اُدھر سڈنی ہو گیا تو میرے قُلوں پہ لاھور ضرور تشریف لائیے گا۔ بھان متی تو شاید کچھ نا کہیں کہ وہ بہت سلجھی ہوئی نامور ادبی شخصیت ہیں، لیکن جمع کردہ روڑوں اور روڑیوں نے میرا سر پھاڑ دینا ہے۔ :LOL:
 
عبارت اس قدر تشبیہات اور استعاروں میں ملفوف ہے کہ اس بات کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ آپ قاری کو کوئی سرا پکڑائے بغیر اپنے دل کی بھڑاس نکالنا چاہ رہے ہیں۔ :) اور اس میں کافی حد تک کامیاب بھی رہے ہیں۔ :)

تاہم تفصیل جاننے کے شائقین بھی اپنی سی کوشش تو کریں گے ہی۔ :)
 
میں تیرا نام نا لوں پھر بھی لوگ پہچانیں
:ROFLMAO:
اگلا پارٹ دو تین دن ٹہر کے شائع ہو گا۔ ہو سکتا ہے آپ کو کوئی سراغ مل جائے۔ ہماری تو کوشش ہے کہ ایسا کوئی اشارہ نا دیا جائے (اگرچہ پھر تحریر لکھنے میں بہت دماغ سوزی کرنی پڑتی ہے)
;)
 
اگلی تحریر کا انتظا ر ہے گا۔

بقول جمال احسانی:

جمال کھیل نہیں ہے کوئی غزل کہنا
کہ ایک بات بتانی ہے اک چھپانی ہے

تاہم ہم سڈنی تو کیا پورے آسٹریلیا میں بھی ہم کسی کو نہیں جانتے ، سو ہمارے لئے سُراغ ملنا نہ ملنا دونوں برابر ہیں۔ :)

یہ الگ بات ہے کہ جب آپ کھل کر بات کریں گے تو لڑی میں گفتگو دلچسپ رہے گی۔
 
اگر اس کا ذکر اُدھر سڈنی ہو گیا تو میرے قُلوں پہ لاھور ضرور تشریف لائیے گا۔ بھان متی تو شاید کچھ نا کہیں کہ وہ بہت سلجھی ہوئی نامور ادبی شخصیت ہیں، لیکن جمع کردہ روڑوں اور روڑیوں نے میرا سر پھاڑ دینا ہے۔ :LOL:
فکر نہ کریں۔ چور کی ڈاڑھی میں تنکا کی مصداق وہ سمجھ ہی جائیں گے آپ کے اشارے۔ :)
 
وسیم

محفلین
فکر نہ کریں۔ چور کی ڈاڑھی میں تنکا کی مصداق وہ سمجھ ہی جائیں گے آپ کے اشارے۔ :)
خوش قسمتی سے
اس چھوٹے سے فورم پہ "بڑے لوگ" نہیں آتے۔۔ ہم بہت دیر سے قاری ہیں اس فورم کے۔اور پھر طنز و مزاح کے سیکشن میں سنجیدہ ادیبوں کا کیا کام :ROFLMAO:
 
وسیم

محفلین
اگلی تحریر کا انتظا ر ہے گا۔

بقول جمال احسانی:

جمال کھیل نہیں ہے کوئی غزل کہنا
کہ ایک بات بتانی ہے اک چھپانی ہے

تاہم ہم سڈنی تو کیا پورے آسٹریلیا میں بھی ہم کسی کو نہیں جانتے ، سو ہمارے لئے سُراغ ملنا نہ ملنا دونوں برابر ہیں۔ :)

یہ الگ بات ہے کہ جب آپ کھل کر بات کریں گے تو لڑی میں گفتگو دلچسپ رہے گی۔

یہ تو ہو گا :D
 
میں نے تحریر پر پسندیدگی کا ٹھینگا، انداز تحریر، الفاظ کے چناؤ اور استعاراتی اشارے کنائے پر دیا ہے۔ تحریر میں جس بھی سڈنیائی صیغے کی تعریفیں ہوئی یا ہونے والی ہیں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔
 
اگر اس کا ذکر اُدھر سڈنی ہو گیا تو میرے قُلوں پہ لاھور ضرور تشریف لائیے گا۔ بھان متی تو شاید کچھ نا کہیں کہ وہ بہت سلجھی ہوئی نامور ادبی شخصیت ہیں، لیکن جمع کردہ روڑوں اور روڑیوں نے میرا سر پھاڑ دینا ہے۔ :LOL:
قل کا مینو پہلے بتا کر جائیے گا۔ بھائی صاحب نے کم وبیش 1000 کلومیٹر دور کراچی سے تشریف لانا ہے۔
 
تاہم ہم سڈنی تو کیا پورے آسٹریلیا میں بھی ہم کسی کو نہیں جانتے ، سو ہمارے لئے سُراغ ملنا نہ ملنا دونوں برابر ہیں
یہ تکنیکی اعتبار سے کچھ غلط ہے، آپ رکی پونٹنگ اور ہمنواؤں کو خوب جانتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ وہ آپ کو نہیں جانتے۔ ہاں دو طرفہ جاننے میں آپ کا کلام برحق ہے۔
 
محمداحمد

لائبریرین
یہ تکنیکی اعتبار سے کچھ غلط ہے، آپ رکی پونٹنگ اور ہمنواؤں کو خوب جانتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ وہ آپ کو نہیں جانتے۔ ہاں دو طرفہ جاننے میں آپ کا کلام برحق ہے۔

تکنیکی اعتبار سے آپ کی بات شاید درست ہو۔

لیکن ہمیں قوی اُمید ہے کہ رکی پونٹنگ اور اُن کے ساتھیوں میں سے کسی نے بھی سڈنی میں اردو ادب کی خدمت کے نام پر ادبی تنظیم بنانے کی جسارت نہیں کی ہو گی۔ :)
 
تکنیکی اعتبار سے آپ کی بات شاید درست ہو۔

لیکن ہمیں قوی اُمید ہے کہ رکی پونٹنگ اور اُن کے ساتھیوں میں سے کسی نے بھی سڈنی میں اردو ادب کی خدمت کے نام پر ادبی تنظیم بنانے کی جسارت نہیں کی ہو گی۔ :)
گو آپ نے سیاق و سباق سے اردو ادب کی خدمت والوں کا ہی تذکرہ کیا تھا لیکن میں نے سیاق و سباق سے دانستہ دھیان بٹایا تاکہ وہ جو میرے دل میں آ گیا، بیان کرسکوں۔
 
وسیم

محفلین
میں نے تحریر پر پسندیدگی کا ٹھینگا، انداز تحریر، الفاظ کے چناؤ اور استعاراتی اشارے کنائے پر دیا ہے۔ تحریر میں جس بھی سڈنیائی صیغے کی تعریفیں ہوئی یا ہونے والی ہیں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔

اگلی تعریف جس کی ہونی ہے اس کا ذکر اس لڑی میں شامل ہی نہیں تھا۔ لیکن وہ آیا اور چھا گیا ٹاہ کر کے۔۔۔۔
:LOL:
 
آخری تدوین:

محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
زبردست وسیم بھائی، بہت خوب
آپ نے ہیروانہ انداز میں جو تیر اندازی کی ہے بس مزا آ گیا۔ لیکن ہمیں یہ پتا نہ چل سکا کہ یہ کون کون سے ولن ہیں جس پر یہ تیروں کی بارش ہو رہی ہے۔
 
Top