محفل فورم پر صرف پرانے گپ شپ کے دھاگوں سے ہی خوشگوار یادیں وابستہ نہیں ہیں بلکہ اس محفل فورم پر آئی ٹی ٹیوٹوریل اور سوفٹویر ریلیز سے متعلقہ دھاگے بھی تاریخی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان ٹیوٹوریلز اور سوفٹویر کی تیاری میں کافی محنت صرف ہوئی تھی۔ اور یقینا یہ میرے لیے اکیلے ممکن نہیں تھا۔ زیک، سعود اور آصف اقبال سے میں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔ آصف اقبال اردو ویب کے بانیوں اور ابتدائی منصوبہ سازوں میں سے ایک ہیں اور وہ محفل فورم کے ایڈمن بھی رہے ہیں۔ یہاں میں سوفٹویر ریلیز اور آئی ٹی ٹیوٹوریل سے متعلق چند پرانے روابط یہاں پوسٹ کر رہا ہوں۔ بدقسمتی سے کچھ تصاویر کے روابط متروک ہو گئے ہیں۔ یہ تصاویر پرانے فولڈر کنگھالنے پر مل گئیں تو ان روابط کو اپڈیٹ بھی کر دوں گا۔ فی الحال ان سوفٹویر کو ڈاؤنلوڈ کرنا بھی ممکن نہیں ہے کیونکہ فورم کا ڈاؤنلوڈ سیکشن فعال نہیں ہے۔ اس سلسلے میں بھی کچھ کرنا پڑے گا۔
میں نے کئی مرتبہ محفل فورم کی ابتدا کا ذکر کیا ہے کہ کیسے میں نے پی ایچ پی بی بی 2 میں اردو ایڈیٹر انٹگریٹ کرکے اردو ویب کا حصہ بنایا اور اس پر تجرباتی پوسٹ کی جو کہ اب تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔
لیکن میرے خیال میں اردو ویب کا پہلا بڑا سنگ میل پی ایچ پی بی بی 2 کے اردو پیکج کا اجراء تھا جس کی بدولت ہر ایک کے لیے اردو فورم بنانا ممکن ہو گیا تھا۔ اردو پی ایچ پی بی بی سوفٹویر میں کئی لوگوں کی کاوش شامل تھی۔ اس میں اردو ایڈیٹر انٹگریشن، انٹرفیس کے اردو ترجمہ اور گرافکس کی تیاری میں مختلف لوگوں نے حصہ ڈالا تھا۔ اور سب سے اہم یہ کہ زیک نے یونیکوڈ کے حوالے سے سورس کوڈ میں ضروری تبدیلیاں کیں اور سوفٹویر ریلیز کے لیے انسالیشن پیکج تیار کیا۔ میں آج بھی اردو پی ایچ پی بی بی کو ایک ماسٹرپیس سمجھتا ہوں۔
ذیل میں اس ریلیز سے متعلق تھریڈ کا ربط ہے:
اردو پیایچپیبیبی
زیک نے اپنے بلاگ پر بھی اس کے
بارے میں پوسٹ کیا تھا۔
علاوہ ازیں میں اردو وکی سوفٹویرز کے اردو پیکج جاری کیے تھے۔ ذیل میں ان سے متعلق روابط ہیں۔
وکاوکی اردو سپورٹ کے ساتھ
اردو میڈیا وکی پیکج
میں نے اردو ایڈیٹر بکمارکلٹ بھی ریلیز کیا تھا جس کی بدولت ہر ویب سائٹ پر براہ راست اردو لکھنا ممکن ہو گیا تھا۔ لیکن اب فیس بک وغیرہ پر یہ کام نہیں کرتا۔
اردو ایڈیٹر بکمارکلٹ
محفل فورم کی چھٹی سالگرہ کے موقعے پر میں نے ویب ڈیویلپمنٹ سے متعلق ایک ٹیوٹوریل پوسٹ کیا تھا۔
960 گرڈ سسٹم کے ذریعے اردو ویب صفحات کی تیاری