بیخود : حجاب دور تمہارا شباب کر دے گا

سید زبیر

محفلین
حجاب دور تمہارا شباب کر دے گا​
یہ وہ نشاء ہے تمہیں بے حجاب کردے گا​
میرا خیال مجھے کامیاب کر دے گا​
خدا اِسی کو زلیخا کا خواب کر دے گا​
مری دعا کو خدا مستجاب کر دے گا​
ترا غرور مجھے کامیاب کر دے گا​
یہ داغ کہاۓ ہیں جس کے فراغ میں ہم نے​
وہ اک نظر میں انہیں آفتاب کر دے گا​
کیا ہے جس کے لڑکپن نے دل مرا ٹکڑے​
کلیجہ خون اب اس کا شباب کر دے گا​
سنی نہیں یہ مثل گھر کا بھیدی لنکا ڈہاۓ​
تجھے تو دل کی خبر اضطراب کر دے گا​
نہ دیکھنا کبھی آئینہ بھول کر دیکھو​
تمہارے حسن کا پیدا جواب کر دے گا​
کسی کے ہجر میں اس درد سے دعا مانگی​
ندائیں آئیں خدا کامیاب کردے گا​
غم فراق میں گریہ کو شغل سمجھا تھا​
خبر نہ تھی مری مٹی خراب کر دے گا​
کسے خبر تھی ترے ظلم کے لیے اللہ​
مجھی کو روز ازل انتخاب کر دے گا​
اٹھا نہ فتنۂ محشر کو چال سے ناداں​
تیرے شہید کا بے لطف خواب کر دے گا​
وہ گالیاں ہمیں دیں اور ہم دعائیں دیں​
خجل انہیں یہ ہمارا جواب کر دے گا​
جواب صاف نہ دے مجھکو یہ وہ آفت ہے​
مرے سکون کو بھی اضطراب کر دے گا​
کہیں چھپاۓ سے چھپتا ہے لعل گدڑی میں​
فروغ حسن تجھے بے نقاب کر دے گا​
تیری نگاہ سے بڑھ کر ہے چرخ کی گردش​
مجھے تباہ یہ خانہ خراب کر دے گا​
ڈبوئیگی مجھے یہ چشم تر محبت میں​
خراب کام مر ا اضطراب کر دے گا​
رقیب نام نہ لے عشق کا جتا دینا​
یہ شعلہ وہ ہے جلا کر کباب کر دے گا​
وفا تو خاک کرے گا مرا عدو تم سے​
وفا کے نام کی مٹی خراب کر دے گا​
عجیب شخص ہے پیرمغاں سے مل زاہد​
نشے میں چور تجھے بے شراب کر دے گا​
بہلائی اپنی ہے سب کی بہلائی میں بیخود​
کبھی ہمیں بھی خدا کامیاب کر دے گا​
بیخود بدایونی​
 

نایاب

لائبریرین
واہہہہہہہہہہہہہہہہہہہہہہ
کیا بے خود کر دینے والا کلام ہے
عجیب شخص ہے پیرمغاں سے مل زاہد
نشے میں چور تجھے بے شراب کر دے گا
بھلائی اپنی ہے سب کی بھلائی میں بیخود
کبھی ہمیں بھی خدا کامیاب کر دے گا
بہت شکریہ سید زبیر بھائی اس خوبصورت شراکت کا​
 

الشفاء

لائبریرین
غم فراق میں گریہ کو شغل سمجھا تھا
خبر نہ تھی مری مٹی خراب کر دے گا

عجیب شخص ہے پیرمغاں سے مل زاہد
نشے میں چور تجھے بے شراب کر دے گا
واہ۔ بہت خوب کلام۔۔۔
اعلیٰ انتخاب۔۔۔
 

باباجی

محفلین
واہ واہ بہت ہی خوب کلام شیئر کیا شاہ جی
غم فراق میں گریہ کو شغل سمجھا تھا​
خبر نہ تھی مری مٹی خراب کر دے گا​
 

سید زبیر

محفلین
واہہہہہہہہہہہہہہہہہہہہہہ
کیا بے خود کر دینے والا کلام ہے
عجیب شخص ہے پیرمغاں سے مل زاہد
نشے میں چور تجھے بے شراب کر دے گا
بھلائی اپنی ہے سب کی بھلائی میں بیخود
کبھی ہمیں بھی خدا کامیاب کر دے گا
بہت شکریہ سید زبیر بھائی اس خوبصورت شراکت کا​
نایاب بھائی !پسندیدگی کا بہت شکریہ ، یہ لفظ بھلائی اصل میں کتاب میں اسی املا یعنی بہائی لکھا تھا جو غالبا اس دور میں مستعمل ہوگا اس کی اصلیت کو برقرار رکھنے کے لیے میں نے بھی اسی انداز میں لکھا ہے ۔بہت نوازش
 

شوکت پرویز

محفلین
جناب بہت عمدہ کلام ہے، شیئر کرنے کے لئے شکریہ۔
شاید آپ نے یہ خود ٹائپ کیا ہے، کافی محنت کی ہے۔ اللہ آپ کو جزائے خیر دے۔۔۔

ذرا درج ذیل مصرعہ پھر سے دیکھ لیں، یہ وزن میں ٹھیک نہیں ہے۔۔۔
جواب صاف نہ دے مجھکو یہ آفت ہے​
اور لفط "بہلائی" (اور دیگر مقامات پر بھی "ھ" بجائے "ہ") میں قاری کی آسانی پیش نظر رکھیں تو نوازش ہوگی۔ :)
 

سید زبیر

محفلین
جناب بہت عمدہ کلام ہے، شیئر کرنے کے لئے شکریہ۔
شاید آپ نے یہ خود ٹائپ کیا ہے، کافی محنت کی ہے۔ اللہ آپ کو جزائے خیر دے۔۔۔

ذرا درج ذیل مصرعہ پھر سے دیکھ لیں، یہ وزن میں ٹھیک نہیں ہے۔۔۔

اور لفط "بہلائی" (اور دیگر مقامات پر بھی "ھ" بجائے "ہ") میں قاری کی آسانی پیش نظر رکھیں تو نوازش ہوگی۔ :)
بجا فرمایا ہے ، میں نے دوبارہ دیکھا اصل میں یوں ہے 'جواب صاف نہ دے مجہکو یہ وہ آفت ہے '
 
Top