شکریہ
رانا بھائی۔ سوچا تھا اس کو اور بہتر کرکے پھر مکمل کتاب کی شکل دوں گا۔ جیسا کہ کتاب میں استعمال ہونے والی تمام اصطلاحات کی ایک فرہنگ بنا کر کتاب کے آخر حصّے میں شامل کرنا۔ اور ان تمام سائنسی اصطلاحات کا مختصر سا تعارف بھی شامل کرنا چاہتا تھا جو کتاب میں استعمال تو ہوئی ہیں لیکن ان کو یہاں پر بیان نہیں کیا ہے۔ اس کے علاوہ بہت سے لوگوں نے شکایات کی تھی کہ اس میں استعمال ہونے والے الفاظ کافی دقیق ہیں (اگرچہ میرا اردوکا ذخیرہ الفاظ تو بہت ہی محدود ہے پھر بھی اکثر لوگوں نے کہا کہ اتنے مشکل الفاظ کیوں استعمال کئے ہیں) اس کے لئے سوچا تھا کہ مشکل الفاظ کے معنی بھی ایک ضمیمے کے طور پر شامل کروں۔ پھر میں نے یہاں پر تصاویر کو نہیں شامل کیا تھا کیونکہ جس وقت میں نے یہاں پر اس کو شایع کرنا شروع کیا تھا مجھے نہیں معلوم تھا کہ تصویروں کو کیسے مراسلے میں داخل کیا جاتا ہے۔ میرے خیال میں تصاویر شامل کرنے سے بات ذرا زیادہ جلدی سمجھ میں آسکتی ہے اور لوگ پڑھنے میں تھوڑی زیادہ دلچسپی بھی لیتے ہیں۔
پھر امید تھی کہ لوگ کچھ اصلاح بھی کردیں گے تو وہ اصلاح شدہ متن ہی کتاب میں شامل کردوں گا۔ کیونکہ یہ ایک طویل اور تھوڑی ٹیکنیکل قسم کی کتاب تھی، اور میرا یہ کتاب ترجمہ کرنے کا پہلا تجربہ تھا لہٰذا میرے خیال میں اس کو ادارت کی اشد ضرورت تھی۔ بہرحال ادارت تو نہیں ہوئی اور ایسے ہی یہاں پوسٹ کرنی شروع کردی۔ اب جب دوبارہ پڑھتا ہوں تو لگتا ہے کہ کافی زیادہ تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ خاص طور پر زبان و بیان کے حوالے سے۔ یہ سب میں ٹھیک کرنے کے بعد چاہتا تھا کہ کتاب کو پی ڈی ایف کی صورت دوں۔
بہرحال میں تو صرف یہ کہ سکتا ہوں کہ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پر دم نکلے۔
اب کوشش کرتا ہوں کہ جیسے ہی فرصت ملتی ہے ہر باب کو تصویروں کے ساتھ مکمل کرکے ہر باب کی الگ پی ڈی ایف بناؤں اور یہاں پوسٹ کرتا رہوں۔ کیونکہ ایک ساتھ پی ڈی ایف بنانے سے اس کی فائل کا حجم کافی زیادہ ہوجائے گا۔