رجوع الی المحفل
صابر پیا، کچھ نہ کیا۔
جن پہ تکیہ تھا وہی پتے ہوا دینے لگے۔
صابر:
آپ تو بڑے آرام سے بھاگ نکلے مجھ اکیلے کو پھنسا کر۔ اب لگتا ہے کہ مجھے اپنی دعائیں اُردو ویب کے فروغ کے لئے وقف کرنا پڑیں گی۔ صابر بھائی! جب میں آپ کو صابر پیا لکھتا ہوں تو کہیں آپ ناراض تو نہیں ہوتے؟ اگر ایسی بات ہے تو ابھی بتا دو اور معافی مانگ لو میں فوراً معاف کر دوں گا۔
آمدم بر سرِ مطلب
جناب قدیر و زکریا و دیگر منتظمینِ کرام!
آج قدیر کی طرف سے دھڑا دھڑ پیغامات دیکھ کر دل کو سکون ملا۔ اگرآپ روزانہ اسی طرح طبع آزمائی کرتے رہا کریں تو یہ چوپال خود ہی پھلنے پھولنے لگے گی۔ آپ نے وقت کی بات کی، وقت ہی سب کچھ ہے۔ اگر ہم اُردو کو وقت دیتے ہیں تو یقیناً اس سے ہمارا قومی مفاد وابستہ ہے۔ ذاتی مصروفیات اپنی جگہ، ان سے صرفِ نظر نہ کریں، مگر تھوڑا ہو یا زیادہ، جس دن جتنا ہو سکے وقت دیتے رہیں۔
اگر آپ منتظم ہوتے ہوئے وقت نہ دینے کا عذر کریں گے تو ممبران سے آپ کیا توقع کرتے ہیں!
ویسے اس بحث میں ایک فائدہ یہ بھی ہوا کہ محفل کی تاریخ مزید کھل کر سامنے آئی۔ میں گزارش کرتا ہوں قدیر سے کہ اگر وہ محفل کی جامع تاریخ ایک ہی تحریر میں یکجا کر کے لکھ ماریں تو عین نوازش ہو گی۔
ایک بات میں صابر سمیت تمام ممبران کو واضح کرتا چلوں کہ "مقابلے کی فضا" کا ابھی وقت نہیں آیا۔ ابھی تو محفل بھی نوزائیدہ ہے، اسے ابھی اپنے قدموں پر کھڑے ہونا ہے، اگر ابھی سے کسی نے مقابلے کی کوشش کی تو محفل کا تو شاید کچھ نہیں بگڑے گا البتہ نئی چوپال کو بہت سی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ابھی اُردو دان اور اُردو کی طلب رکھنے والے بہت تھوڑی تعداد میں آن لائن رسائی رکھتے ہیں۔ میری دانست میں محفل کے پیچھے ایک محنتی ٹیم موجود ہے، اور اُسے کم از کم ایک سال تک جم کر کام کرنے کا موقع دیا جائے۔ جب محفل آن لائن اُردو کی دنیا میں ایک مقام بنا لے تو پھر بھلے ایک ساتھ کتنی ہی چوپالیں کیوں نہ قائم ہو جائیں۔ اس سے یقیناً اُردو کا بھلا ہو گا۔ ابھی آغازِ جنوں ہے، ابھی ربطِ ملت ناگزیر ہے، میں اپنے پچھلے قول سے رجوع کرتا ہوں۔
ایسے میں منتظمین کو بھی اپنی چوپال "محفل" کو جلد از جلد اِس سطح تک لے آنا چاہیئے کہ اگر کوئی مقابلے کی ٹھان بھی لے تو بھی محفل کا بال بیکا نہ ہو۔ اس سلسلے میں اپنی گزارشات پیش کرتا رہوں گا۔ امید ہے کہ شنوائی ہو گی۔
منتظمین وقت نہ دے پائیں تو ناچیز جیسے معزز ارکان اس فورم کو (سوالات و مطالبات کے ذریعے) باغ و بہار رکھ سکتے ہیں۔، مگر واضح ہو کہ جس باغ کو مالی وقت نہ دے وہ جلد ہی جنگل کا روپ دھار لیتا ہے۔ جب ممبران کے سوال تشنہ رہیں تو عام صارفین تو درکنار متحرک ممبران بھی مایوس ہو جاتے ہیں۔
وقت دینے والے ذمہ دار منتظمین اور معیاری تحریریں مہیا کر سکنے والے ممبران میں اِضافے کے لئے ابھی محفل میں کچھ بنیادی تبدیلیاں ضروری ہیں، جن کا ذکر پہلے بھی ہو چکا ہے۔ میری مراد اس کی ظاہری ہیئت سے بھی ہے اورطرزِ عمل سے بھی۔
"دستخط" اور "مراتب" کا ذکر ہوا، "پیروڈی" اور "گانوں کے بول" پر زور اِس لئے ہے کہ اُردو ادب سے نابلد عام صارفین بھی اِس طرف آئیں۔
ظاہری ہیئت میں محفل کو فوری طور پر ایک عدد "لوگو" درکار ہے، جس کی طرف صابر پیا نے توجہ دلائی تھی اور سب سلور تھیم کی وہ سولہ "تصویری تحریریں" بھی جو ابھی تک انگریزی میں لگی ہیں۔ ان کااُردو ترجمہ میں نے تیار کیا ہے۔ اِس سے پہلے تو محض زبانی جمع خرچ سے ہی کام چلاتا آیا ہوں، یہ پہلا عملی تعاون ہے عاجز کی طرف سے، امید ہے کہ شرفِ قبولیت ملے گا۔ اس کے علاوہ میری جانب سے جس قسم کی خدمت درکار ہو، بلا روک کہیئے، بس میں ہوا تو ضرور کروں گا۔
اس کے علاوہ نئے ممبر بننے والے کو رجسٹریشن کے وقت اُردو کی بجائے انگریزی زبان نظر آتی ہے، جو ایک غیر معیاری تاثر دیتی ہے۔ صرف دو فولڈرز کے نام تبدیل کرنے سے انگریزی کی جگہ اردو نظر آنے لگ جائے گی۔ ایک لینگوئجز کے فولڈر میں اور دوسرے سب سلور کے امیجز فولڈر میں۔ لینگ-انگلش کو لینگ-اردو میں بدل دیں۔ اس طرح کے چھوٹے چھوٹے کام کوئی بہت زیادہ وقت بھی نہیں لیتے اورممبران کی نظر میں محفل کو ایک منجھی ہوئی معیاری اردو ویب سائٹ کے طور پر بھی ابھاریں گے۔
اب تک کے لئے اتنا ہی کافی ہے، پھر ملیں گے بریک کے بعد ۔ ۔ ۔