الشفاء
لائبریرین
جب کبھی نعت کہنے کے بارے میں سوچتا ہوں تو شدت سے احساس ہوتا ہے کہ یہ مجھ جیسے کے بس کی بات نہیں۔۔۔لیکن جب کبھی کچھ اشعار ہو جائیں تو خیال آتا ہے کہ شائد یہ "ورفعنا لک ذکرک" کا فسُوں ہے جو کائنات پر پھونک دیا گیا ہے اور اسی کے اثر سے کہیں کسی کی زبان پھول جھڑ رہی ہے اور کہیں کسی کا قلم نور بکھیر رہا ہے۔۔۔
گر قبول افتد زہے عز و شرف۔۔۔
جس کی بھی نظر گنبدِ خضریٰ پہ پڑی ہے
اقبال بلند اُس کا ہے، عزت بھی بڑی ہے
اے چشمئہ رحمت تُو مدینے کی گھٹا بھیج
تپتا ہوا صحرا ہے ، اور دُھوپ کڑی ہے
بہہ اٹھا ہے اک چشمئہ شوق آنکھ سے میری
جس دم بھی نظر روضئہ اطہر پہ پڑی ہے
بیٹھا ہوا "محفل" میں ہے گو جسم ہمارا
پر روح ہماری تیری چوکھٹ پہ کھڑی ہے
یا رب ! اِس امتِ عاصی پہ نظر کر
رمضان کی پہلی ہے ، بخشش کی گھڑی ہے
میں کیا ہوں؟ مرا حسنِ بیاں! کچھ نہیں آقا
کمزور سی نسبت ہے جو مشکل سے جُڑی ہے
سب اہلِ محبت نے جوابات ہیں پائے !
میری بھی تو چِٹّھی تیرے بُوہے پہ پڑی ہے
میں چھوٹا ، بہت چھوٹا ، بہت چھوٹا ہوں آقا
تُو خود بھی بڑا ہے تیری مدحت بھی بڑی ہے
اے رحمتِ کونین شفا کو بھی شفا دے
روح اس کی ترے ہجر میں بیمار بڑی ہے
۔۔۔
صل اللہ علیہ وآلہ وسلم۔۔۔