خشکی میں جیسے ناؤ چلاتا ہوں روز ہی

عاطف ملک

محفلین
ایک کاوش استادِ محترم اور احبابِ محفل کی بصارتوں کی نذر:

خشکی میں جیسے ناؤ چلاتا ہوں روز ہی
میں زخم دل کے اس کو دکھاتا ہوں روز ہی

لڑتا ہوں روز اس کے تصور سے رات بھر
خوابوں میں پھر اسی کو مناتا ہوں روز ہی

پہلے تو آئینے میں بناتا ہوں ایک عکس
پھر اس کو دل کا حال سناتا ہوں روز ہی

ہر روز جا نکلتا ہے دہلیز پر تری
سمجھا بجھا کے دل کو میں لاتا ہوں روز ہی

اک سنگدل سے مانگتا ہوں بھیک رحم کی
اپنی نظر میں خود کو گراتا ہوں روز ہی

سہنے کو تیری بے رُخی، کر کے انا کا خون
چکر تری گلی کے لگاتا ہوں روز ہی

مدت سے میرا صرف یہی کاروبار ہے
دکھ بانٹتا ہوں درد کماتا ہوں روز ہی

عاطفؔ وہ بھول کر بھی نہیں کرتے مجھ کو یاد
دل جن کے واسطے مَیں جلاتا ہوں روز ہی

عاطفؔ ملک
اکتوبر ۲۰۱۹
 
لڑتا ہوں روز اس کے تصور سے رات بھر
خوابوں میں پھر اسی کو مناتا ہوں روز ہی
اچھی پریکٹس ہے، کام آئے گی۔
رات بھر لڑنے کا بعد یقیناً دن بھر خواب ہی دیکھتے ہوں گے۔
پہلے تو آئینے میں بناتا ہوں ایک عکس
پھر اس کو دل کا حال سناتا ہوں روز ہی

مدت سے میرا صرف یہی کاروبار ہے
دکھ بانٹتا ہوں درد کماتا ہوں روز ہی
بہت خوب عاطف بھائی

کوشش اور روٹین اچھی ہے، بس والد صاحب کو سمجھا لیں کسی طرح۔
 
عاطف ملک

محفلین
اچھی پریکٹس ہے، کام آئے گی۔
رات بھر لڑنے کا بعد یقیناً دن بھر خواب ہی دیکھتے ہوں گے۔
(n)
کوشش اور روٹین اچھی ہے، بس والد صاحب کو سمجھا لیں کسی طرح۔
کیوں زخموں پہ نمک پاشی کرتے ہیں:unsure:
تعریف کیلیے شکریہ:)
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
بہت خوب!! کیا بات ہے عاطف بھائی ! اچھے اشعار ہیں ۔
تیسرے شعر میں آئنے کا ٹائپو درست کرلیجئے ۔ شعر میں ٹائپو مزا کرکرا کردیتے ہیں ۔
تابش بھائی نے جو تبصرہ دوسرے شعر پر کیا ہے وہ قابلِ غور ہے ۔رات بھر لڑنے کے بعد آپ خواب یقیناً دن ہی میں دیکھتے ہوں گے ۔ :):):)
اے بھائی ،آپ کیوں شاعروں کے خلاف اتنے مضبوط ثبوت فراہم کررہے ہیں ۔ ان پرتو ویسے ہی بیکاری اور کاہلی کا دائمی الزام ہے۔ :)
 
الف عین

لائبریرین
فیس بک پر یہ غزل دیکھ کر خیال آیا کہ مطلع کے ثانی مصرع کی رواں صورت پر دھیان نہیں گیا۔
میں اس کو دل کے زخم....
 
عاطف ملک

محفلین
بہت خوب!! کیا بات ہے عاطف بھائی ! اچھے اشعار ہیں ۔
تیسرے شعر میں آئنے کا ٹائپو درست کرلیجئے ۔ شعر میں ٹائپو مزا کرکرا کردیتے ہیں ۔
بہت شکریہ ظہیر بھائی:)
اے بھائی ،آپ کیوں شاعروں کے خلاف اتنے مضبوط ثبوت فراہم کررہے ہیں ۔ ان پرتو ویسے ہی بیکاری اور کاہلی کا دائمی الزام ہے۔ :)
ہر بات کی ذمہ داری ہم پہ ہی کیوں ڈالی جاتی ہے:cry:
کنواروں کے ذکر میں بھی ہم شامل، مظلوم شوہروں کےے ذکر میں بھی ہم شامل، شاعروں کی کاہلی کا بھی ہمیں ہی الزام دیا جاتا ہے۔گویا ہم عاطف نہ ہوئے امریکہ ہو گئے کہ سب کچھ ہم ہی کرا رہے ہیں:unsure:
فیس بک پر یہ غزل دیکھ کر خیال آیا کہ مطلع کے ثانی مصرع کی رواں صورت پر دھیان نہیں گیا۔
میں اس کو دل کے زخم....
جی استادِ محترم، میں بھی آج یہی سوچ رہا تھا:)
ابھی تبدیل کر لیتا ہوں۔:)
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
ہر بات کی ذمہ داری ہم پہ ہی کیوں ڈالی جاتی ہے:cry:
کنواروں کے ذکر میں بھی ہم شامل، مظلوم شوہروں کےے ذکر میں بھی ہم شامل، شاعروں کی کاہلی کا بھی ہمیں ہی الزام دیا جاتا ہے۔گویا ہم عاطف نہ ہوئے امریکہ ہو گئے کہ سب کچھ ہم ہی کرا رہے ہیں:unsure:
گردن پتلی ہے آپ کی ۔ آپ گوجرانوالہ میں ایک سہ ماہی لگا کر آئیں ۔ :):):)
 
Top