خط میں نے تیرے نام لکھا

سیفی

محفلین
السلام علیکم دوستانِ محفل

آج طبیعت ذرا مچلی تو دل نے چاہا کہ اردو کے پرانے بابوں‌ کے انداز میں ایک خط لکھا جائے۔ آپ نے اکثر اردو کی کتابوں میں پڑھے ہوں گے “غالب کے خطوط“ “اقبال کے خطوط“ وغیرہ وغیرہ

یہ بھی اسی طرح کا ایک خط ہے۔ میں نے نبیل بھائی کی اجازت کے بغیر یہ خط ان کو لکھا ہے (کیونکہ میرا خیال ہے کہ محفل کی واحد ایسی شخصیت ہیں جو اس گستاخی سے ناراض نہیں‌ ہوں گے)۔

آپ بھی محفل کے اراکین کے نام ایسے ہی اوٹ پٹانگ خطوط لکھ سکتے ہیں‌ مگر جوابی خطوطی درگت کے ذمہ دار آپ خود ہوں گے۔۔۔۔۔
 
سیفی

محفلین
آجمورخہ 26 مارچ 2007 بروز پیر
بمقام: چندی والا چوک، نزد چھاچھی چائے والا کے ساتھ گلی میں مکان نمبر 4 کی دوسری منزل

مکرمی و محترمی عزیزم نبیل برادرم !

مجھے امید کامل ہے کہ یہ خط آپ کو جان و مال کی سلامتی کی حالت میں ملے گا۔ عرصہ گزرا آپ سے ملاقات ہوئے اور دل نے چاہا کہ آپ کے موجودہ احوال کے بارے میں‌چنداں آگاہی حاصل کروں اس نیت سے آج قلم اٹھایا اور صفحہ قرطاس پر چند حروف پریشاں لکھ ڈالے تاکہ آپ تک یہ نامہ پہنچے اور آپ کو اپنے دوست کی حالت زار بارے آگاہی ہو اور اگر جوابی سندیسہ ملے جو بلادِ مغرب سے آنا ہی اہالیانِ دیہہ کے لئے ایک اچنبھا ہوتا ہے، تو کچھ آپ سے نصف ملاقات کا بھی تکملہ ہو۔

ازیں بس۔۔۔۔چند روز ہوئے اپنے عزیزم چوھدری شاہد سلطان، جسے ہم پیار سے اسکول میں شیدو گوٹی والا کہتے تھے ، نے گاؤں کا چکر لگایا ، ڈیرے پر بیٹھے ، کچھ گپ شپ ہوئی کچھ پرانے قرنوں کی باتیں ہوئیں۔ باتوں میں کچھ زمانہ طالبعلمی کی یادیں بھی چھڑ گئیں۔ جب سے ڈاکخانہ سے ریٹائر ہوئے بس اپنا تو یہی شغل چلتا ہے۔ تو میں کہہ رہا تھا کہ باتوں باتوں میں آپ کا تذکرہ بھی چل پڑا۔ دل کو یک گونہ خوشی ہوئی کہ آپ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعدعازمِ ولایت ہوئے ہیں۔ بخدا اس بات کی خوشی نہیں کہ جب آپ ولایت سے لوٹیں گے تو اپنے دوست کے لئے ولائتی سگار اور پارکر کا قلم لائیں گے، یہ تو وہ خوشی ہے کہ جب مدتوں بعد کسی دیرینہ دوست کو کہیں دیکھ کر یکلخت دل کی شریانوں میں خون کا بہاؤ تیز ہو جاتا ہے۔

اگر آپ کو بھی ولائتی روشنیوں کی چمک دھمک اور دھلی ہوئی سڑکوں اور اجلے اجلے لوگوں کے درمیان کبھی اپنے گاؤں کی دھول اڑاتی گلیوں، تھکے ہوئے گھوڑے بندھے تانگوں اور حقہ پیتے اور کھانستے بڈھوں کی یاد نے ستایا ہو تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ اپنے علامہ صاحب نے یہ شعر آپ کے لئے قطعا نہیں لکھا کہ “ہے دل کے لئے موت مشینوں کی حکومت“ کیونکہ میرے سننے میں آیا ہے کہ آپ دن رات ان موئی مشینوں جو خودبخود چلتی اور کام کرتی ہیں کیا کہتے ہیں ان کو کمبیوتر ، ان کے آگے ہی بیٹھے رہتے ہیں۔

خیر آپ کو یاد تو ہوگا جب ہم دونوں اور ہمارا دوست شیدو گوٹی والا اور بندو ٹلی اسکول کے پچھواڑے جاکر جامن توڑتے تھے اور آپ جامن کھانے کی بجائے صابر حلوائی کی بیٹی جو کسی پہلوان سے کم ہرگز نہیں تھی کو دے دیتے تھے۔ ہمارے شورشرابے پر آپ کی وضاحتیں کہ عشق وشق کا چکر نہیں میں تو مٹھائی کے پیسوں کی ادائیگی جامنوں کی صورت کرتا ہوں۔ یہ الگ بات کہ وہ ایماں دشمن موٹی اور سانولی حسینہ کسی اور کو جامنوں کے بدلے مٹھائی نہیں بیچتی تھی۔ خیر یہ تو جملہ معترضہ تھا۔ آپ کو یاد تو ہوگا گرمیوں کی چلچلاتی دھوپ میں وہ آلوبخاروں کے باغ میں اونگھتے ہوئے چوکیدار کے پاس سے دبے پاؤں گزر کر آلوبخارے توڑنا اور پھر نازنینوں میں کھٹے آلوبخارے ایک شانِ خسروانہ سے بانٹنا۔ اور کیا آپ کو بھولا ہوگا مائی مستقیماں کی مرغی کے انڈے چرا کر مٹھو کی ہٹی پر بیچ کر برف کے گولے کھانا۔

اب تو زندگی کی مشین اتنی تیز ہوگئی ہے کہ وہ گزرے زمانے بھی بہت زور لگا کر یاد کرنے پڑتے ہیں۔ اب دیکھو ناں وہ اپنا چوھدری شاہد سلطان آپ کا پتہ نہ دیتا تو آپ سے اتنی باتیں کیسے ہوتیں اور ہم اپنے پوتے کو پاس ہونے پر پارکر کا پین دینے کا کیسے وعدہ کرتے۔ آپ اس سے یہ مطلب ہرگز نہ لیں کہ ہم نے یہ خط آپ کو پارکر کاپین اور ولائتی سگار بھیجنے کے لئے لکھا ہے بلکہ یہ تو آپ سے پرانے تعلق کو تازہ کرنے کا ایک بہانہ ہے۔۔ہاں اس کے ساتھ اگر آپ کچھ تحفہ بھیج دیں تو کوئی مضائقہ نہیں آخر دوستوں مین تحائف کا لین دین تو چلتا ہے ناں۔

خیر سے اگر کسی چیز کی ضرورت ہو تو ضرور جوابی خط میں لکھئے گا۔ یہاں سرسوں کا ساگ، شلغم اور چارہ بڑی وافر مقدار میں دستیاب ہوتا ہے خود بھی کھائیں اور اپنے ولائیتی دوستوں کو بھی کھلائیں مجھے امید ہے وہ پاکستان کی سوغات کو بہت پسند کریں گے جس میں ہمارے خلوص کی بھی وافر مقدار شامل ہو گی۔

والسلام

آپ کا دوست
چوھدری منظور گجر عرف منجو
ریٹائرڈ پوسٹ ماسٹر
حال مقیم چک لودھراں
 
امن ایمان

محفلین
سیفی نے کہا:
السلام علیکم دوستانِ محفل

آج طبیعت ذرا مچلی تو دل نے چاہا کہ اردو کے پرانے بابوں‌ کے انداز میں ایک خط لکھا جائے۔ آپ نے اکثر اردو کی کتابوں میں پڑھے ہوں گے “غالب کے خطوط“ “اقبال کے خطوط“ وغیرہ وغیرہ

یہ بھی اسی طرح کا ایک خط ہے۔ میں نے نبیل بھائی کی اجازت کے بغیر یہ خط ان کو لکھا ہے (کیونکہ میرا خیال ہے کہ محفل کی واحد ایسی شخصیت ہیں جو اس گستاخی سے ناراض نہیں‌ ہوں گے)۔

آپ بھی محفل کے اراکین کے نام ایسے ہی اوٹ پٹانگ خطوط لکھ سکتے ہیں‌ مگر جوابی خطوطی درگت کے ذمہ دار آپ خود ہوں گے۔۔۔۔۔

وعلیکم السلام

:)
بہت لاجواب۔۔۔سیفی صاحب پڑھ کے بہت انجوائے کیا۔۔ناصرف انجوائے کیا بلکہ آپ کے خط کو پوری طرح کاپی کیا۔۔۔اور آپ کی طرح ایک خط لکھ ڈالا۔ :p لیکن غالب کی طرح نہیں بلکہ غالب کی روح سے معذرت کے ساتھ :)
نبیل نے اسے کتنا انجوائے کیا یہ تو وہ پڑھ کر بتائیں گے۔۔لیکن مجھے بہت مزا آیا۔

ایک کھلا خط میری جانب سے بھی۔۔اس امید کے ساتھ کہ درگت کی ذمہ داری سیفی بھی ساتھ ساتھ لے لیں گے۔۔۔مجھے پتہ ہے وہ بہت اچھے ہیں۔ :)
 
امن ایمان

محفلین
آج مورخہ 26 مارچ 2007 بروز پیر
بمقام: اردو ویب، نزد اداس محفل، محلہ بدتمیزاں۔

مکرمی و محترمی عزیزم رکنِ محفل !

مجھے امید ہے کہ آپ اپنی بےحس طبیعت کے باعث بخیروعافیت ہوں گے۔ بہت معذرت کے ساتھ کہ بیمار تو ہم جیسے حساس دل ہوتے ہیں جنھیں ذرا سی لاپرواہی سے عرضہ دل لاحق ہوجاتا ہے۔ عرصہ گزر گیا اور ہم دل کی بات دل میں رکھے بیٹھے رہے۔آج برادرم سیفی کا کھلا خط پڑھا تو خونِ چنگیزی نے جوش مارا اور سوچا کہ جب وہ سرعام ایک محبت نامہ اپنے منتظم اعلی کو لکھ سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں ایک شکایت نامہ لکھ سکتے؟

ازیں بس۔۔۔۔چند روز ہوئے دل ناداں کو جانے کیا شکوک لاحق ہوگئے ہیں۔۔ایسا لگتا ہے جیسے کہ تم مجھ سے ناراض ہوگئے ہو۔لاکھ سمجھایا کہ مجھ بے وقوف سے اگر کچھ غلط سرزد ہوگیاہے تو ایسا نادانستگی میں ہوا ہوگا۔۔ہم تو اپنوں کو ناراض کرنے کا اور تنگ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔سوچ سمجھ کے تو ہم صرف دشمنوں کو تنگ کرتے ہیں اور انھیں ایذا پہنچانے کے نت نئےحربے تیار کرتے رہتےہیں جن میں سرفہرست اپنے خوبصورت ناخنوں کی دیکھ بھال ہے جو کہ ہمارے ان زندہ دشمنوں کے لیے ہے جو چوبیس گھنٹے ہمارے ساتھ ہوتے ہیں اور اپنے مشینی دشمنوں کے لیے تو ہم چن چن کے ایسی پوسٹس پڑھتے اور یاد رکھتے ہیں جن میں معرکہ آرائی بہت دور تک کی گئی ہو اور ہم بھی ایسی تلخ باتوں کو سیکھ کر کسی اور میدانِ جنگ میں دوبدو ان بہادر سپاہیوں کی طرح اپنے زبان کے جوہر دکھلا سکیں۔یہ تو تھی ہماری حکمت عملی دشمنوں کے واسطے۔ ذرا گھڑی بھر کو سوچو کہ جو دوستوں سے دشمنی کے گُر دیکھ دیکھ کر سیکھ رہی ہے وہ پھر کس طرح تم سے تمھارے جیسی بےحسی نہیں سیکھے گی؟
مجھے پتہ ہے کہ تم سوچو گے نہیں، تمھیں تو ہر وقت یہ ہول پڑا رہتا ہے کہ یہ چھٹانک بھر سی لڑکی سے بات کرنا کہیں تمھارے لیے شرمندگی کا باعث نہ بن جائے۔اسی لیے تم ہر جگہ بہت سکون سے مجھے نظر انداز کردیتے ہو۔ خیر ہمارا کیا ہے کہ ایک تمھی پر تو دنیا ختم نہیں ہونے والی۔میں اب بھی کہہ رہی ہوں کہ اپنی اس روش سے باز آجاؤ۔ ابھی تم میرے دو حربوں کو تو جان ہی چکے ہو اگر وہ کارگر نہ ہوسکےتو ایسا نہ ہو کہ کسی دن بہت غصے میں آکر میں یہاں سے اپنا نام ونشاں ہی مٹا دوں اور تم بس پھر ہاتھ ملتے رہ جاؤ۔
اپنی جوابی حالت کے بارے میں کچھ مت لکھنا۔ میں جانتی ہوں کہ تم میں اتنا حوصلہ نہیں ہے کہ اعلی ظرفی سے اپنی غلطی تسلیم کرو۔ ہاں مگر خود کو سدھارنے کی کوشش ضرور کرنا۔

والسلام

تمھاری ایک ساتھی رکن
بہار نگر،نزد خوشی اسٹریٹ کے ساتھ والی دکھی گلی،
خزاں ٹاؤن۔
 
نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،

بھئی دل خوش ہو گیا آپ کے خطوط پڑھ کر۔ سیفی بھائی نے تو میرے نام خط لکھا ہے۔ امن نے جس کو لکھا ہے وہ خود ہی سمجھ جائیں، مجھے تو نہیں پتا چلا کہ وہ کس سے مخاطب ہیں۔ مجھے ذرا مہلت دیں، میں چوہدری صاحب کو جوابی خط تحریر کرتا ہوں۔

والسلام
 
امن ایمان

محفلین
وعلیکم السلام

ارے نہیں نہیں نبیل۔۔۔میں نے یہ کسی ایک کو تو نہیں لکھا۔۔۔کوئی ایک ہوتا تو میں خود ہی نبٹ لیتی ۔۔:) بہت سارے ایسے ہیں جو۔۔۔۔۔ خیر آپ کو اچھا لگا شکریہ۔ :)

اور یہ کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مجھے ذرا مہلت دیں، ۔۔ناںںںں آپ کو مہلت ہرگز نہیں ملے گی۔۔۔آپ کو پتہ ہے نا بدتمیز صاحب نے صاف صاف کہا ہے کہ آپ کی یہ پھر کبھی۔۔۔کبھی نہیں آتی۔ اس لیے پہلی فرصت میں چوہدری صاحب کو جواب دیں۔۔۔ورنہ میں نے آپ کی طرف سے ایسا جواب لکھ دینا ہے کہ وہ آپ کو بالکل جوابا ہی دے دیں گے۔ :lol:
 
ماوراء

محفلین
بہت خوب سیفی۔ اسی بہانے نبیل کھیل ہی کھیل کے زمرے میں تو آئے۔
---------ooo---------

امن، مجھے تو سیفی کا کم اور تمھارا زیادہ محبت نامہ لگ رہا ہے۔ ویسے اس ‘مکرمی و محترمی عزیزم رکنِ محفل‘ کا نام بھی لکھ دیتی، سمجھ تو ویسے بھی سب کو آ ہی جائے گی۔ :p lol۔

تمھارا خط پڑھ کر بہت ہنسی آئی ہے، بلکہ ابھی تک آ رہی ہے۔ بہت زبردست لکھا ہے۔ :lol:
 
ماوراء

محفلین
امن ایمان نے کہا:
وعلیکم السلام

ارے نہیں نہیں نبیل۔۔۔میں نے یہ کسی ایک کو تو نہیں لکھا۔۔۔کوئی ایک ہوتا تو میں خود ہی نبٹ لیتی ۔۔:) بہت سارے ایسے ہیں جو۔۔۔۔۔ خیر آپ کو اچھا لگا شکریہ۔ :)
بہت سارے؟؟ لیکن تم نے تو رکن لکھا ہے، بہت سارے ہوتے تو رکن کی جمع استعمال کرتی نہ۔ :?
 
امن ایمان

محفلین
ماوراء نے کہا:
امن، مجھے تو سیفی کا کم اور تمھارا زیادہ محبت نامہ لگ رہا ہے۔ ویسے اس ‘مکرمی و محترمی عزیزم رکنِ محفل‘ کا نام بھی لکھ دیتی، سمجھ تو ویسے بھی سب کو آ ہی جائے گی۔ lol۔

تمھارا خط پڑھ کر بہت ہنسی آئی ہے، بلکہ ابھی تک آ رہی ہے۔ بہت زبردست لکھا ہے۔
:lol: بہت سارے؟؟ لیکن تم نے تو رکن لکھا ہے، بہت سارے ہوتے تو رکن کی جمع استعمال کرتی نہ۔ :?

ہاہاہاہاہاہا :lol: سچی ماورا میں نے اسے شکایت نامہ بنا کے لکھا تھا۔۔۔۔یہ محبت نامہ آپ کو کیوں لگ رہا ہے۔۔؟ :)
میں نے رکنِ محفل اس لیے لکھا تھا کہ اگر اراکینِ محفل لکھتی تو پھر آپ جناب لکھنا تھا۔۔۔جبکہ غالب کا جو خط میں نے پڑھا ۔۔اس میں تو اور تم کہہ کر بات کی گئی تھی۔۔۔۔

چلیں ایک نیکی کا کام تو میں آج کر لیا۔۔۔۔یعنی کسی بہانے سہی ایک اللہ کی بندی میری وجہ سے بہت دیر تک مسکراتی رہی ہیں۔ :)

شکریہ جناب آپ کو اچھا لگا۔۔۔اللہ کرے یہ سب کو اسی طرح سمجھ میں آئے جس طرح میں نے کہنا چاہا ہے۔: )
 
ماوراء

محفلین
lol۔ شکایت بھی تو اپنوں سے ہی کی جاتی ہے نا۔ :wink:

ویسے تمھارے ایڈریس میں “بہار نگر“ کی جگہ “بہادر نگر“ ہونا چاہیے تھا۔ lol

ہنستی تو میں پہلے ہی بہت ہوں، لیکن آج ذرا زیادہ ہنس لیا۔ دیکھو میری وجہ سے تمھیں ثواب مل گیا۔ :wink:

اللہ کرے یہ کسی کو سمجھ آ جائے، اور کبھی جوابی خط بھی آ جائے تو میں ذرا اور ہنس لوں۔ :p
 
الف عین

لائبریرین
مزا آ گیا سیفی اور امن ایمان۔ مگر پہلے سیفی سے دو باتیں کر لوں۔
ذرا سیفی کو تو بلائیو۔ میاں تم تو ہزارہ سے اسیے ہی ہزار ہو گئے تھے جیسے مرزا تفتہ کا بیٹا گلی ہزار کرتا ہے۔ ایسی بھی کیا بات تھی میاں کہ تم مشاق ہونے کے بعد ایسے غائب ہوئے کہ لگنے لگا کہ کیا واقعی جنگ ہار گئے، دعوے تو بڑے بڑے کرتے تھے۔۔ لیکن اب پتہ چلا کہ اردو محفل میں خطوط کی مشق کے بعد اس طرح خطوط کی مشق کرنے لگے کہ ڈاکیے بن گئے اور اب جب پوسٹ ماسٹر بن کر ریٹائر ہو گئے توتوپ کا رُخ پھر ادھر موڑ دیا ہے۔ ویسے ہمارے ایک بھتیجے بھی ہیں شمس الرحمٰن فاروقی۔ وہ ریٹائر ہوئے ڈاک خانے سے تو سرکار کی اردو کاؤنسلی کی کرسی پکڑ لی۔ خیر میاں ہماری دعائیں تمھارے ساتھ ہیں۔ جس کی خاطرنامہ نویسی سیکھی ہے، اس تقریب میں تم سے ملاقات ہو گئی، یہی غنیمت ہے۔ دعاؤں میں یاد رکھو۔ اور ہم سے بھی دعایئیں لو۔
دعاؤں کا طالب
 
:lol: ماوراء ویسے تو میں بس نام کی بہادر ہوں۔۔۔ہاں ایک چیز ضرور ہے ۔۔بات دل میں نہیں رکھتی۔۔۔صاف کہنے کی ہمت نہ ہو تو ادھر اُدھر کی ملا جلا کر کہہ ضرور دیتی ہوں۔ :)

اللہ نظر بد سے بچائے اور آپ اسی طرح ہنستی مسکراتی رہیں (منصور بھائی یاد آگئے۔۔۔وہ مجھے اسی طرح کہتے ہیں : ) )

ہاہاہاہا جوابی خط۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔مجھے لگتا ہے وہ بھی مجھے خود کو خود ہی لکھنا پڑے گا۔۔۔اخر کو میں بھی اس محفل کو رکن ہوں۔ :wink:

مزا آ گیا سیفی اور امن ایمان۔ مگر پہلے سیفی سے دو باتیں کر لوں۔

اعجاز چاء۔۔> بہت شکریہ اعجاز چاء۔۔لیکن آپ مجھ سے کب بات کریں گے۔۔۔؟؟؟
 
ماوراء

محفلین
امن ایمان نے کہا:
:lol: ماوراء ویسے تو میں بس نام کی بہادر ہوں۔۔۔ہاں ایک چیز ضرور ہے ۔۔بات دل میں نہیں رکھتی۔۔۔صاف کہنے کی ہمت نہ ہو تو ادھر اُدھر کی ملا جلا کر کہہ ضرور دیتی ہوں۔ :)

اللہ نظر بد سے بچائے اور آپ اسی طرح ہنستی مسکراتی رہیں (منصور بھائی یاد آگئے۔۔۔وہ مجھے اسی طرح کہتے ہیں : ) )

ہاہاہاہا جوابی خط۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔مجھے لگتا ہے وہ بھی مجھے خود کو خود ہی لکھنا پڑے گا۔۔۔اخر کو میں بھی اس محفل کو رکن ہوں۔ :wink:
نہیں امن، مذاق کے علاوہ۔۔۔ بہت اچھا لکھا ہے۔ خاص طور پر یہ۔

اور اپنے مشینی دشمنوں کے لیے تو ہم چن چن کے ایسی پوسٹس پڑھتے اور یاد رکھتے ہیں جن میں معرکہ آرائی بہت دور تک کی گئی ہو اور ہم بھی ایسی تلخ باتوں کو سیکھ کر کسی اور میدانِ جنگ میں دوبدو ان بہادر سپاہیوں کی طرح اپنے زبان کے جوہر دکھلا سکیں۔یہ تو تھی ہماری حکمت عملی دشمنوں کے واسطے۔

یہ میں نہیں مانوں گی۔نام کی بہادر تو تم ہو نہیں۔(واقعی بہادر نکلی)۔ جو بات دل میں نہ رکھتا ہو وہ واقعی بہادر ہوتا ہے۔

منصور بھائی کی تو عادت ہے، ہر وقت ہر کسی کو ‘کیپ سمائلینگ‘ کا کہتے رہتے ہیں۔ (سچ پوچھو تو۔۔۔ میں تو ان کے اس جملے سے بہت تنگ تھی۔lol)

اگر جوابی خط نہ آیا۔۔تو میں سب کی طرف سے تمھیں لکھ دوں گی۔ ٹھیک ہے یا یہ تم سے برداشت نہیں ہو سکے گا؟؟ :wink:

(امن، میرے ذہن میں تمھاری عمر جاننے کا سوال اٹھ رہا ہے، پوچھ لوں؟؟ :p)
 
تیشہ

محفلین
پیاری بہن ماورہ :p
شاد آباد رہو ،

تمھارا خط پڑھکر میرے تو پتنگے لگ گئے ۔ دل عجیب دھونکنی کی طرح چلنے لگا :p دو تین گلاس شربت کے چڑھائے تب کہیں طبیت ٹھکانے آئی ۔
اے بی :D ‘ کیا تم اتنی ننھی ہو۔ دس سال ثمھاری شادی کو ہوگئے اور ابھی تک تم پانی کو مما کہہ کر مانگتی ہو ۔
آج کل کی لڑکیاں تو اپنے سسرالیوں کو دس منٹ میں بھانپ لیتی ہیں کہ کون کتنے پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور ایک تم ہو کہ ابھی تک ہاتھ پکڑ کر چلنا چاہتی ہو :p
تم جانو‘ میں اکیلی جان اور میری جان کو سو دھندے ہر وقت چمٹے رہتے ہیں :( میں کہاں تک تمھیں اچھا اور برا سمجھاؤں :lol: ۔ ۔ خیر سے تین بچیوں کی شادی سے نمٹی ہوں انکو اسباق کی ہر لمحے ضرورت رہتی ہے ۔ پھر وہ بہویں :x انکو بھی سنبھال رہی ہوں اور اللہ کے فضل سے ان کے تمام مکارانہ ہتھیار بھی فیل کر رہی ہوں :D کہ ماشااللہ آل راونڈر ساس ہوں کوئی ہماشا نہیں 8) :p
اب تم جلدی سے بڑی ہوجاؤ کہ سسرال میں ہر بہو اچھی سپہ سالار بن کر رہتی ہے ۔

باقی بعد میں ۔

:p
 
سیفی

محفلین
اعجاز اختر نے کہا:
مزا آ گیا سیفی اور امن ایمان۔ مگر پہلے سیفی سے دو باتیں کر لوں۔
ذرا سیفی کو تو بلائیو۔ میاں تم تو ہزارہ سے اسیے ہی ہزار ہو گئے تھے جیسے مرزا تفتہ کا بیٹا گلی ہزار کرتا ہے۔ ایسی بھی کیا بات تھی میاں کہ تم مشاق ہونے کے بعد ایسے غائب ہوئے کہ لگنے لگا کہ کیا واقعی جنگ ہار گئے، دعوے تو بڑے بڑے کرتے تھے۔۔ لیکن اب پتہ چلا کہ اردو محفل میں خطوط کی مشق کے بعد اس طرح خطوط کی مشق کرنے لگے کہ ڈاکیے بن گئے اور اب جب پوسٹ ماسٹر بن کر ریٹائر ہو گئے توتوپ کا رُخ پھر ادھر موڑ دیا ہے۔ ویسے ہمارے ایک بھتیجے بھی ہیں شمس الرحمٰن فاروقی۔ وہ ریٹائر ہوئے ڈاک خانے سے تو سرکار کی اردو کاؤنسلی کی کرسی پکڑ لی۔ خیر میاں ہماری دعائیں تمھارے ساتھ ہیں۔ جس کی خاطرنامہ نویسی سیکھی ہے، اس تقریب میں تم سے ملاقات ہو گئی، یہی غنیمت ہے۔ دعاؤں میں یاد رکھو۔ اور ہم سے بھی دعایئیں لو۔
دعاؤں کا طالب

محترمی اعجاز صاحب۔ آپ کی محبتوں اور چاہتوں کا دل کی تہہ گہرائیوں‌سے شکریہ۔۔۔۔۔وہ کیا کہتے ہیں نا

تجھ سے بھی دلفریب ہیں غم روزگار کے۔

بس اسی غمِ روزگار نے جہاں اور بہت ساری رنگارنگیوں سے دور رکھا وہیں محفل پر حاضری کا موقع بھی نہ مل سکا۔

بوچھی نے کہا:
پیاری بہن ماورہ
شاد آباد رہو ،

تمھارا خط پڑھکر میرے تو پتنگے لگ گئے ۔ دل عجیب دھونکنی کی طرح چلنے لگا دو تین گلاس شربت کے چڑھائے تب کہیں طبیت ٹھکانے آئی ۔
اے بی ‘ کیا تم اتنی ننھی ہو۔ دس سال ثمھاری شادی کو ہوگئے اور ابھی تک تم پانی کو مما کہہ کر مانگتی ہو ۔
آج کل کی لڑکیاں تو اپنے سسرالیوں کو دس منٹ میں بھانپ لیتی ہیں کہ کون کتنے پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور ایک تم ہو کہ ابھی تک ہاتھ پکڑ کر چلنا چاہتی ہو
تم جانو‘ میں اکیلی جان اور میری جان کو سو دھندے ہر وقت چمٹے رہتے ہیں میں کہاں تک تمھیں اچھا اور برا سمجھاؤں ۔ ۔ خیر سے تین بچیوں کی شادی سے نمٹی ہوں انکو اسباق کی ہر لمحے ضرورت رہتی ہے ۔ پھر وہ بہویں انکو بھی سنبھال رہی ہوں اور اللہ کے فضل سے ان کے تمام مکارانہ ہتھیار بھی فیل کر رہی ہوں کہ ماشااللہ آل راونڈر ساس ہوں کوئی ہماشا نہیں
اب تم جلدی سے بڑی ہوجاؤ کہ سسرال میں ہر بہو اچھی سپہ سالار بن کر رہتی ہے ۔

باقی بعد میں ۔

آپ کے مختصر جوابات پڑھ کر مجھے اندازہ نہیں تھا کہ آپ اتنی اچھی اور ٹھیٹھ اردو لکھ سکتی ہیں۔۔ بہت اچھا لکھا آپ نے۔ :great:
 
ماوراء

محفلین
بوچھی نے کہا:
پیاری بہن ماورہ :p
شاد آباد رہو ،

تمھارا خط پڑھکر میرے تو پتنگے لگ گئے ۔ دل عجیب دھونکنی کی طرح چلنے لگا :p دو تین گلاس شربت کے چڑھائے تب کہیں طبیت ٹھکانے آئی ۔
اے بی :D ‘ کیا تم اتنی ننھی ہو۔ دس سال ثمھاری شادی کو ہوگئے اور ابھی تک تم پانی کو مما کہہ کر مانگتی ہو ۔
آج کل کی لڑکیاں تو اپنے سسرالیوں کو دس منٹ میں بھانپ لیتی ہیں کہ کون کتنے پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور ایک تم ہو کہ ابھی تک ہاتھ پکڑ کر چلنا چاہتی ہو :p
تم جانو‘ میں اکیلی جان اور میری جان کو سو دھندے ہر وقت چمٹے رہتے ہیں :( میں کہاں تک تمھیں اچھا اور برا سمجھاؤں :lol: ۔ ۔ خیر سے تین بچیوں کی شادی سے نمٹی ہوں انکو اسباق کی ہر لمحے ضرورت رہتی ہے ۔ پھر وہ بہویں :x انکو بھی سنبھال رہی ہوں اور اللہ کے فضل سے ان کے تمام مکارانہ ہتھیار بھی فیل کر رہی ہوں :D کہ ماشااللہ آل راونڈر ساس ہوں کوئی ہماشا نہیں 8) :p
اب تم جلدی سے بڑی ہوجاؤ کہ سسرال میں ہر بہو اچھی سپہ سالار بن کر رہتی ہے ۔

باقی بعد میں ۔

:p

ہاہاہاہاہاہاہا۔۔ بہت خوب باجو۔ کیا زبردست لکھا ہے۔
لیکن سچی سچی بتائیں، یہ خط کس نے لکھوایا ہے؟؟ :wink:
 
امن ایمان

محفلین
ماوراء نے کہا:
یہ میں نہیں مانوں گی۔نام کی بہادر تو تم ہو نہیں۔(واقعی بہادر نکلی)۔ جو بات دل میں نہ رکھتا ہو وہ واقعی بہادر ہوتا ہے۔

منصور بھائی کی تو عادت ہے، ہر وقت ہر کسی کو ‘کیپ سمائلینگ‘ کا کہتے رہتے ہیں۔ (سچ پوچھو تو۔۔۔ میں تو ان کے اس جملے سے بہت تنگ تھی۔lol)

اگر جوابی خط نہ آیا۔۔تو میں سب کی طرف سے تمھیں لکھ دوں گی۔ ٹھیک ہے یا یہ تم سے برداشت نہیں ہو سکے گا؟؟ :wink:

(امن، میرے ذہن میں تمھاری عمر جاننے کا سوال اٹھ رہا ہے، پوچھ لوں؟؟ :p)

:) ماوراء آپ لکھیں نا۔۔۔جوابی خط لکھیں مجھے کیوں نہیں اچھا لگے گا۔۔۔۔۔؟ سچ مجھے بہت اچھا لگے گا۔۔۔۔بس ہاتھ ذرا ہلکا رکھیے گا :D ۔۔۔میں صرف اوپر اوپر سے بہادر ہوں۔۔۔اندر سے بہت ڈرپوک۔۔۔پتہ ہے میں نے ایک دفعہ اپنے لیے ایک نظم لکھی تھی۔۔۔:)

پتھر دل لوگ لفظوں سے ذخم دیتے ہیں
موم کی گڑیا، میں سخت لہجے سے پگھل جاؤں
نہ کوئی دل دکھائے،نہ آنکھ میں آنسو آئیں
اس بے رحم دنیا کی قید سے میں نکل جاؤں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔پلیززز تھوڑا سا خیال رکھیے گا۔۔۔۔ :wink: اور ہاں۔۔۔۔ماوراء عمر تو میں آپ کو بتا دوں گی۔۔۔ویسے آپ کے خیال میں میری ایج کیا ہوسکتی ہے۔۔۔؟ :wink:

حجاب۔۔>>> شکریہ ڈئیر۔۔۔۔ویسے حجاب میں نے اچھا کیا نا جو یہ سب لکھ دیا۔۔؟؟؟؟ :wink:

بوچھی باجو۔۔>>>> پلیززز مجھے اپنی شاگردی میں لے لیں۔۔:) سچ ایسا لگ رہا تھا جیسے میر تقی میر یا مرزا غالب خود یہ خط لکھ رہے ہیں۔۔۔اور ہاں۔۔ ایسا بھی لگ رہا تھا جیسے میں مراتہ العروس( اصغری ،اکبری کا ڈرامہ) دیکھ رہی ہوں۔ :lol:

بہت مزا آیا۔
 
ماوراء

محفلین
امن، تم مجھے ایسا سمجھتی ہوں۔ میں نے تو کبھی دشمنوں کے لیے بھی ناخن تیز نہیں کیے۔ :wink: ایک دو دن انتظار کرو، کیا معلوم کسی کا جواب آ جائے۔ ورنہ اس کی طرف سے میں لکھ دوں گی۔ :p
ویسے فکر نہ کرو، جواب پیار سے ہی دوں گی۔
عمر۔۔۔ہمم۔۔ میرا خیال میں تو۔۔۔23، 24 تک ہی ہو گی۔ ٹھیک ہے کیا؟ اگر ٹھیک نہیں تو سچ بتانا؟
 
تیشہ

محفلین
شکریہ امن ۔ چلو آجاؤ میری شاگردی میں ۔ :p
مگر میں بہادر شاگرد چاہتی ہوں ۔ اندر سے ڈرپوک نہیں :D اس لئے بہادر بن جاؤ ۔ تو ویلکم ۔
 
Top