السلام علیکم عاطف بھائی!
لاگ ان ہوتے ہی اس لڑی پر نظر پڑی تو بہت اچھا لگا۔ آپ اردو محفل پر میرے پسندیدہ محفلین میں سے ہیں اس لیے میں بھی چند سوالات کرنا چاہوں گی۔
پہلا سوال یہ کہ پہلے جب آپ اپنا یا اپنے والد صاحب کا کلام پوسٹ کرتے تھے تو مجھے ٹیگ کرتے تھے۔ اب پوسٹ نہیں کر رہے یا مجھے بھول گئے ہیں؟
دوسرا سوال: میں نے کہیں پڑھا تھا کہ آپ نے اپنا بچپن یا لڑکپن اندرون سندھ اور کراچی میں گزارا ہے۔ تو کہاں کہاں رہے اور وہاں کی خاص باتیں کیا تھیں؟ اس کے علاوہ پاکستان اور بیرون ملک کہاں کہاں رہے؟ کیا خاص دیکھا؟ لوگوں میں اور طرز بودوباش میں کیا یکسانیت پائی اور کیا فرق دیکھا؟
تیسرا سوال:خطاطی اور مصوری کا شوق کیسے ہوا؟ باقاعدہ سیکھا یا خود اپنے استاد ہیں؟
باقی ان شاءاللہ آئندہ
وعلیکم السلام فرحت کیانی ! ہماری پیاری بہن! اللہ تعالی شاد آباد رکھے ۔بھئی آپ کو بھی یہاں دیکھ کر خوشی ہوئی کیونکہ آپ نے بھی تو یہاں آنا بہت کم کر دیا لیکن ہم آپ کو بھولے نہیں ہر گز۔ میں ابا کے کلام میں آپ کو ٹیگ کیا کرتا تھا ۔ لیکن کلام زیادہ نہیں تو اب تقریبا ََ سب ہی کلام ضیائے خورشید کے ٹیگ کے تحت پوسٹ ہو چکا ۔اب تو کبھی کبھی اپنا ہی کہا ہوا پوسٹ کر دیتا ہوں بس ۔
بچپن اور لڑکپن تو وسطی اندرون سندھ شہدادپور میں گزرا جو ایک چھوٹا سا شہر ہے ۔پھر انجینیئرنگ کی تعلیم اور نوکری کراچی میں ہوئی اسی دوران شادی ہوئی اور دو چاند سی بیٹیاں اللہ تعالی نے دیں ۔ اب تیرہ چودہ برس یہاں ریاض میں ہو گئے ۔ اب سوچتا ہوں واپس پاکستان آنے کو تیاری کرنی ہے ۔
اور احوال کیا سناؤں کہ دل خون کے آنسو روتا ہے ۔نصف صدی کی عمر ہوچلی اور آج بھی ملک انہیں مسائل میں گرفتار ہے جو ہم اپنے بچپن میں دیکھتے تھے کرپشن لوڈ شیڈنگ تعلیمی معیار کی ابتری بد امنی اور نہ جانے کیا کیا اس فہرست کو بنائے !!!
خطاطی اور ڈیجیٹل آرٹ تو بس کچھ شوق ہیں، اس میں ہماری آنکھیں استاد ہیں اور ہاتھ شاگرد ۔ ہماری کھینچی ہوئی آڑی ترچھی لکیریں بکھرے ہوئے رنگ اس پر گواہ بلکہ ثبوت ہیں ۔