شبنمی قطرے (بچوں کے لئے نظمیں)

سندباد

لائبریرین
انتساب​


اپنے بیٹوں
جواد، ماجد اور طلحہ
کے نام
جنہیں اچھے انسان بننا ہیں​



فضل ربی راھی
 

سندباد

لائبریرین
حمد باری تعالیٰ

تری رحمتوں کا سہارا ہے ہم کو
ہر اِک شے سے بڑھ کر تُو پیارا ہے ہم کو

زمیں میں ، فضا میں تِری داستاں ہے
سمندر کی موجوں میں تُو ہی عیاں ہے

یہ چاند اور سُورج، یہ روشن ستارے
یہ نُورِ ازل سے منور شرارے

یہ پُھول اور خوش بُو، یہ آہُو، یہ جگنو
تِری ذاتِ واحد، نمایاں ہے ہر سُو

گل و یاسمن تیرے دم سے معطّر
ہوائے چمن تیرے دم سے معنبر

وہ جنگل ہے یا کوئی کھیتی ہری ہے
ہے جو کچھ بھی تیری ہی کاری گری ہے

یہ دُنیا ہے فانی، سب اس میں ہیں راہی
بقا بس جسے ہے وہ تُوہے الٰہی!

٭٭٭​
 

سندباد

لائبریرین
نعت شریف

جہاں بھر کے رہبر ہمارے نبی ہیں
زمانے سے بہتر ہمارے نبی ہیں

یہ شمس و قمر، اُن کے دم سے ہیں روشن
منور ، منور ہمارے نبی ہیں

دل و جاں سے بڑھ کر وہ ہم کو ہیں پیارے
خدا کے پیمبر، ہمارے نبی ہیں

نبی سب کے سب آپ کے مقتدی ہیں
رسولوں کے سرور ہمارے نبی ہیں

اُنہیں عرش پر خود خدا نے بُلایا
کہ رتبے میں برتر ہمارے نبی ہیں

میں راہی نہ کیوں کر درود اُن پہ بھیجوں
کہ محبوبِ داور ہمارے نبی ہیں

(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم​
٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
دُعا

مجھے دے الٰہی! تُو وہ زندگی
کروں میں ہر اِک پل تری بندگی

مجھے نیک و اطوار و دانا بنا
مجھے نیک رستے پہ چلنا سِکھا

مجھے علم و حکمت کی دولت ملے
سخاوت ملے اور عزت ملے

غریبوں کا خادم بنا دے مجھے
خطاؤں پہ نادم بنا دے مجھے

الٰہی وطن میرا آباد رکھ
وطن کے مکینوں کو دِل شاد رکھ

مجھے دینِ حق کا سپاہی بنا
مجھے نیک راہوں کا راہی بنا

٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
نیک بنو اور نیک بناؤ
اپنے دیس کو خوب سجاؤ
اپنے دیس کو تُم چمکاؤ

دین کی باتوں کو اپناؤ
نیک بنو اور نیک بناؤ

ہر دم اچھے کام کرو تُم
اوروں کے بھی کام آؤ

حق کی خاطر جان سے کھیلو
دُنیا سے باطل کو مٹاؤ

پاک وطن کی پاک زمیں کو
اپنی محنت سے دمکاؤ

تھام لو اپنے دیس کا پرچم
یہ پرچم گھر گھر لہراؤ

راہی کی باتیں ہیں خوش بُو
خوش بُو کو جگ میں پھیلاؤ

٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
انکساری

کسی گلستاں میں گُلِ تر کھلا تھا
بہت خوب صورت ، حسیں اور بھلا تھا

بہت دُور قدرت نے اس کو کِھلایا
سراپا مگر، اس کا دِل کش بنایا

وہ رنگوں کی چادر میں لپٹا ہوا تھا
لباس اس کو قوسِ قزح کا ملا تھا

وُہ خُوش بو کا پیکر تھا، دل کش بڑا تھا
مگر پھر بھی سر کو جُھکائے کھڑا تھا

بہت حق کو مرغوب ہے انکساری
عبادت ہے اے ساتھیو! خاکساری

٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
عزم

تجُھ کو اے پاک دھرتی جنت نما کریں گے
امن و اماں ہو قائم دل سے دُعا کریں گے

بھر دیں گے روشنی سے، ہم تیرا ذرّہ ذرّہ
اپنے لہو سے روشن، تیری فضا کریں گے

تیرا ہو بول بالا، تُجھ کو اے پاک دھرتی!
سارے جہاں سے بڑھ کر ہم خوش نما کریں گے

ہم نونہال سارے، تجھ کو نہ مٹنے دیں گے
دل اپنا، جان اپنی، تجھ پر فِدا کریں گے

دُنیا میں نام ہوگا، چرچا بھی عام ہوگا
علم و عمل کا ایسا روشن دیا کریں گے

دینا پڑا جو ہم کو دیں گے لہو بھی راہی
اپنے وطن کی خدمت یوں ہی سدا کریں گے

٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
وقت

تیز کتنی وقت کی رفتار ہے
بھاگنے کو یہ سدا تیار ہے

وقت کو ہر وقت لاؤ کام میں
یہ گزرنے میں بہت طرار ہے

کون گزرا وقت لا سکتا ہے پھر؟
ایسی کوشش مت کرو بے کا رہے

کام میں لایا ہے جو بھی وقت کو
یُوں سمجھ لو، اس کا بیڑا پار ہے

قدر جس کو وقت کی ہوتی نہیں
وہ مسائل سے سدا دوچار ہے

قدر کرتا ہے، جو راہی وقت کی
کام یابی کو اسی سے پیار ہے

٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
غصّہ

غصّہ ہے انسان کا دُشمن
غصّہ دین، ایمان کا دُشمن

وہ انسان بڑا کہلائے
غصّے پر جو قابو پائے

غصّہ اندھا کر دیتا ہے
نفرت دل میں بھر دیتا ہے

غصّہ عقل اٹھالے جائے
اپنے ساتھ بہا لے جائے

اس پر قابو پانا سیکھو
غصّے کو پی جانا سیکھو

غصّے میں تم جب بھی آؤ
فوراً غصّے کو پی جاؤ

٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
پاکستانی بچّے

ہم ہیں پاکستانی بچے
قول کے پکّے، بات کے سچّے

اچھے اچھے کام کریں گے
خوش حالی کو عام کریں گے

محنت سے ہر کام کریں گے
روشن ملک کا نام کریں گے

علم کی دولت حاصل کرکے
سارے جگ میں عام کریں گے

محنت، محنت، محنت، محنت
صبح سے ہم تا شام کریں گے

ہم ہیں پاکستانی بچّے
قول کے پکے بات کے سچّے

٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
سحر ہو گئی ہے

سحر ہو گئی ہے، اُٹھو سونے والو!
اُٹھو مفت میں وقت کو کھونے والو!

وہ سورج نے مشرق سے چہرہ نکالا
اندھیرے پہ آیا ہے غالب اُجالا

ہوائے سحر ایک انعام لائی
نئی آرزوؤں کا پیغام لائی

اُٹھو باس سونگھو معطّر چمن کی
نزاکت تو دیکھو! گل و یاسمن کی

دمکتی فضائیں، مہکتی ہوائیں
پرندوں کی میٹھی چہکتی صدائیں

سحر ہو گئی ہے، اُٹھو سونے والو!
اُٹھو مفت میں وقت کو کھونے والو!

٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
اپنا پرچم

اپنا پرچم سب کو پیارا
اپنا پرچم چاند ستارا

سارے جگ سے ہے یہ پیارا
پرچم ہے بے مثل ہمارا

اس کی ہے کچھ شان نرالی
اپنا پرچم سب سے عالی

اپنا پرچم پیارا پرچم
روشن روشن سارا پرچم

سب سے اس کی آن نرالی
آن نرالی ، شان نرالی

ہم پر اس کا سایا چھائے
ہر دم یہ لہراتا جائے

اس سے ہے ہم سب کو پیار
اس پر ہو یہ جان نثار


اپنا پرچم سب کو پیارا
اپنا پرچم آنکھ کا تارا


٭٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
ہم کلیاں ہم تارے

ہم ہیں کلیاں، ہم ہیں تارے
ہم ہیں سورج، چاند ، ستارے
عزم کے پکّے بچے سارے

ہم ہیں سب کے راج دُلارے
ہم ہیں کلیاں، ہم ہیں تارے

اُلفت کا ہم درس پڑھائیں
ہم سوئی تقدیر جگائیں
اندھیاروں کو دُور بھگائیں

مستقبل کے ہم ہیں سہارے
ہم ہیں کلیاں، ہم ہیں تارے

رحمت کے طالب ہیں الٰہی!
ہم ہیں سارے حق کے سپاہی
راہِ خدا میں سب ہیں راہی

بچے ہیں ہم، پیارے پیارے
ہم ہیں کلیاں، ہم ہیں تارے

٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
ہمارا وطن

حسیں مثلِ انجم ہمارا وطن ہے
ہمارا وطن پیارا پیارا وطن ہے

ہمارا وطن ہم کو ہر شے سے پیارا
ہمارا وطن زندگی کا سہارا

ہمیں اس وطن سے عقیدت بڑی ہے
عقیدت بڑی اور محبت بڑی ہے

وطن کی بدولت ہے عزت ہماری
وطن کی بدولت ہے عظمت ہماری

ہم اس کو ہمیشہ سجاتے رہیں گے
سدا اس کی زینت بڑھاتے رہیں گے

خدا اس کو رکھے ہمیشہ سلامت
سلامت رہے یہ چمن تا قیامت

٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
محبت

محبت زندگی کا ہے سہارا
زمانے کا ہے یہ رُوشن ستارا

نہ ہوگر جاگزیں دل میں محبت
سمجھ لو دل نہیں زندہ تمہارا

محبت سے ہوا ہے رام ہر دِل
محبت کا ہے یہ جذبہ نیارا

محبت نے کھِلائے پُھول پیارے
محبت سے چمن مہکا ہے سارا

وہ دل معمور ہوگا راحتوں سے
ہو جس دل میں محبت کا شرارا

محبت سے کرو راہی محبت
کہ ہر جذبہ محبت کا ہے پیارا

٭٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
سورچ، چاند، ستارے
سورج اور یہ چاند ستارے
کتنے ہیں یہ پیارے پیارے

چمکیلے اور روشن روشن
اُجلے اُجلے ان کے نظارے

دُور بھگائیں اندھیاروں کو
رات کو جب روشن ہوں سارے

ان کے دم سے راتیں منور
دن کو بکھیرے روشن دھارے

ان کی بدولت ساری رونق
یہ تو ہیں روشن منارے

تارے ہیں راتوں کے راہی
سورج سے ہیں دن اُجیارے

٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
پیارے پیارے بچو!

اے پیارے پیارے بچو!
اے اچھے اچھے بچو!

اے ننھے منے تارو
ماں باپ کے دلارو

رونق ہو تم وطن کی
مہکے ہوئے چمن کی

تم سے وطن کی عظمت
تم سے وطن کی شوکت

تم دولتِ وطن ہو
تم زینتِ چمن ہو

تم دل لگاکے پڑھنا
محنت سے آگے بڑھنا

اے پیارے پیارے بچو!
اے اچھے اچھے بچو!

٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
ننھی منّی پیاری چڑیو!

ننھی مُنّی پیاری چڑیو!

اُٹھ جاتی ہو صبح سویرے
پیڑوں پہ کرتی ہو بسیرے

ذکرِ خدا جب تُم کرتی ہو
دامن خوشیوں سے بھرتی ہو

ہر شے رب نے پیدا کی ہے
ہم کو ہر اِک نعمت دی ہے

یہ سب کو گاکر سمجھاؤ
حمد خدا کی کرتی جاؤ

ننی مُنّی پیاری چڑیو!

٭٭٭
 

سندباد

لائبریرین
عِلم

علم ہی سے جہاں میں عظمت ہے
علم اِک لا زوال دولت ہے

عِلم سے آدمی کی ہے پہچان
علم سے آدمی بنے انسان

عِلم کیا کیا ہمیں سکھاتا ہے
عِلم انساں ہمیں بناتا ہے

عِلم ہی ذہن کو جِلا بخشے
عِلم فرحت ہمیں سدا بخشے

جس جگہ بھی ملے تمہیں، سُن لو
عِلم کے گوہر حسیں چُن لو

اِک نیا آفتاب بن جاؤ
علم کی روشنی کو پھیلاؤ

٭٭٭
 
Top