فرحان دانش
محفلین
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ، سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور این اے 55سے امیدوار شیخ رشید قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے۔ شیخ رشید کے انتخابی دفتر پر مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3افراد ہلاک اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ سمیت10افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ پیر کی شام یہاں خیابان سرسید میں انتخابی دفتر سے شیخ رشید کے نکلتے ہی موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ شیخ رشید حملہ کے دوران گرنے سے زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا ، کارکنوں نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹائروں کو آگ لگادی جس سے ٹریفک معطل ہوگیا، کارکنوں نے مسلم لیگ ن کے خلاف نعرے لگائے جبکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری علاقے میں تعینات کردی گئی۔ فائرنگ سے انتخابی دفتر کے باہر کھڑی متعدد گاڑیاں اور دفتر کے شیشے ٹوٹ گئے۔ رات گئے اسپتال سے فارغ ہونے کے بعد شیخ رشیداحمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین نے شکست سامنے دیکھ کر راستے سے ہٹانے کی کوشش کی، ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں اپنے خون سے بھی بیلٹ پیپر مہر لگانی پڑی تو وہ لگائیں گے۔ شیخ رشیدنے کہا کہ راولپنڈی کی نمائندگی کیلئے وہ آخری دم تک کوششیں جاری رکھیں گے۔ اس طرح کے حملے ان کے عزم و حوصلے کم نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ انکی جانب سے بارہا خدشات کے کہنے کے باوجود کوئی سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی۔ پنجاب پولیس واقعہ کی ذمہ دار ہے،انہوں نے کہا کہ وہ انتخابی دفتر سے نکلے ہی تھے کہ دو موٹر سائیکل سواروں نے ان پر حملہ کردیا اور وہ دیر تک فائرنگ کرتے رہے۔ ان کے جان نثار ساتھیوں نے جان پر کھیل کران کی جان بچائی۔ حملے کے بعد کراچی ,حیدرآباد اور ملک کے دیگر حصوں میں مظاہرے کیے گئے۔ دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وزیراعلی پنجاب، وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ، گورنر سندھ عشرت العباد، مولانا فضل الرحمن، وفاقی وزراء اور بلاول ہاؤ س کے ترجمان اعجاز درانی کی جانب سے شیخ رشید پر قاتلانہ حملے اور جاں بحق ہونے والے ان کے ساتھیوں کے افسوسناک واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے شیخ رشید کی جلد صحتیابی اور دراز عمری کیلئے دعا کی۔ رہنماؤں نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والو ں کی مغفرت کیلئے اور لواحقین کیلئے صبر وجمیل کیلئے دعا کی۔ جبکہ وزیراعلی پنجاب نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ واضح رہے کہ راولپنڈی کے حلقے این اے55کیلئے ضمنی انتخابات رواں ماہ 24تاریخ کو ہوں گے جس میں شیخ رشید بھی امیدوار ہیں۔
ماخذ
ماخذ