سب سے پہلے تو ميں يہ واضح کر دوں کہ سياسی، سفارتی اور فوجی لحاظ سے بے گناہ افراد کی ہلاکت سے امريکہ کو کوئ فائدہ حاصل نہيں ہوتا۔ عالمی افواج ايسے تمام اقدامات اور ضروری تدابير اختيار کرتی ہيں جن سے بے گناہ افراد کی حفاظت کو يقينی بنايا جا سکے۔ اس کے برعکس دہشت گرد دانستہ عام شہريوں کو نشانہ بناتے ہيں اور اپنے اقدامات سے براہراست ان کی زندگيوں کو خطرے ميں ڈالتے ہيں۔ امريکی حکومت اور فوج ميدان جنگ اور حساس علاقوں ميں عام شہريوں کی حفاظت جيسے اہم معاملے سميت تمام چيلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں۔ ۔ جب آپ امريکی اور نيٹو افواج کی فوجی کاروائ کے نتيجے ميں نادانستہ طور پر ہلاک ہونے والے بے گناہ شہريوں کے حوالے سے بحث کرتے ہیں تو اس ضمن ميں آپ کو يہ حقيقت تسليم کرنا پڑے گی کہ کسی بھی فوجی تنازعے ميں بے گناہ شہريوں کی ہلاکت ايک تلخ حقيقت ہے۔ يہ بھی ياد رہے کہ ان فوجی کاروائيوں کے دوران خود امريکی اور نيٹو کے کئ فوجی "فرينڈلی فائر" کے واقعات کے نتيجے ميں بھی ہلاک ہو چکے ہيں۔ کسی بھی واقعے کے ميرٹ اور اس کے اسباب کو سمجھنے کے لیے ان واقعات اور حالات کا غير جانب دارانہ تجزيہ کرنا چاہيے جو بالاخر ايک فوجی کاروائ کی صورت اختيار کر جاتا ہے۔ اس ويڈيو میں جس فوجی حملے کی تفصيل موجود ہے وہ بغير منصوبہ بندی کے کيا جانا والا کوئ بلااشتعال حملہ نہيں تھا۔ اسی علاقے کے نزديک اس واقعے سے کچھ دير قبل امريکی فوجيوں پر حملہ کيا جا چکا تھا۔
امريکی فوج نے اس واقعے کے بعد مکمل تفتيش کی تھی اور تحقيق سے يہ بات ثابت ہوئ تھی کہ امريکی فوجيوں کی جانب سے دانستہ مجرمانہ کاروائ نہيں کی گئ تھی۔ يہ بات بہت اہم ہے کہ يہ فوجی کاروائ اسی علاقے ميں امريکی اور عراقی حکومتوں کی فورسز اور مزاحمت کاروں کے مابين پہلے سے جاری جنگ کا حصہ تھی۔ جيسا کہ اس ويڈيو ميں واضح ہے کہ بہت سے افراد ہتھيار اٹھائے ہوئے تھے جن ميں اے – کے 47 اور آر – پی – جی بھی شامل تھيں۔ يہ حقیقت بھی ويڈيو سے عياں ہے کہ فوجيوں کو متعدد بار اس بات کی تاکيد کی گئ تھی کہ وہ حملے سے قبل اس بات کا يقين کر ليں کہ ہتھيار واضح طور پر ديکھے جا سکتے ہيں کہ نہيں۔
امريکی فوجی اس بات سے بھی آگاہ نہيں تھے کہ اس حملے کے موقع پر صحافی يا بچے بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ صحافی نہ ہی اپنی پريس کی جيکٹ پہنے ہوئے تھے اور نہ ہی کوئ ايسا نشان موجود تھا جس سے يہ واضح ہوتا کہ ان کا تعلق صحافت سے ہے۔ اسی طرح کم سن بچے وين کے اندر امريکی فوجيوں کی نظر سے اوجھل تھے۔
جب امريکی فوجی حملے کے بعد اس جگہ پر پہنچے تو ان کم سن بچوں کو فوری طوری پر اس علاقے سے نکال کر امريکی فوجی ہسپتال ميں منتقل کر ديا گيا۔
ميں يہ بھی واضح کر دوں کہ عراق ميں جنگ کے آغاز سے اب تک 139 صحافی ہلاک ہو چکے ہیں اور ان میں زيادہ تر کی اموات دہشت گردوں کی کاروائيوں اور اور ان کے طے شدہ حملوں کے نتيجے ميں ہوئ ہيں۔
فواد – ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم – يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ
www.state.gov