شاکرالقادری
لائبریرین
بریکنگ نیوز
عماد نستعلیق میں ایک ہزار ترسیموں کی شمولت
کچھ عرصہ پہلے اردو محفل پر ایم بلال نے "نستعلیق کی تیاری" نامی سلسلہ گفتگو آغاز کیااس سلسلہ گفتگو میں احباب نے بڑے زور و شور سے حصہ لیا اور چند ہی دن میں دھاگے نے اتنی ترقی کی کہ یہ کئی صفحات پر پھیل گیا اور احباب نے خوب دل کھول کر مشورے دیئے بالاخر یہ قرار پایا کہ عماد نستعلیق میں ترسیمے ڈالے جائیں تاکہ فونٹ کی خوبصورتی میں اضافہ ہو اور اس کی رفتا ر میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو۔لیکن جب عملی کام کے آغاز کا مرحلہ آیا تو صدائے بازگشت سے معلوم ہوا کہ یاران بے عمل صرف گفتار کے غازی ہیں۔لہذا برادرم عبدالمجید ،جناب امجد حسین علوی اور راقم الحروف نے اپنے طور پر اس منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا اور کام کو اس طرح تقسیم کیا کہ :
کورل ڈرا میں ترسیمہ جات کی تیاری کا کام راقم الحروف نے اپنے ذمہ لیا۔
ترسمیہ جات کو فونٹ فائل میں منتقل کرنے اور ان پر نظر ثانی کا کام برادرم عبدالمجید کے سپرد ہوا
اس سلسلہ کا اہم ترین کام یعنی "لک اپس" کی تیاری اور ان ترسیموں کو عماد نستعلیق میں شامل کرنے کا کام مکرمی امجد حسین علوی نے اپنے ذمہ لیا۔
اور کام شروع کر دیا۔راقم الحروف نے کچھ ہی دنوں میں ایک ہزار ایسے ترسیمہ جات تیار کیے جو کہ تین حروف پر مشتمل ہیں۔اور انہیں دوسرے دو شرکائے کار کے حوالے کر دیا۔جنہوں نے نہایت سرعت اور محنت سے اگلے مراحل کو سر کیا اور یوں ہم پہلے مرحلہ میں عماد نستعلیق میں ایک ہزار سہ حرفی ترسیمہ جات ڈالنے میں کامیاب ہو گئے۔
یہ ابتدائی مرحلہ صرف آزمائشی تھا اور اب اس تجربہ میں خاطر خواہ کامیابی کے بعد ہمارے پیش نظر مقاصد یہ ہیں:
۱۔ ترسیمہ جات کی شمولیت سے فونٹ کی رفتار میں اضافہ :
اس مقصد کے لیے ہم اس فونٹ میں وہ تمام ترسیمہ جات شامل کریں گے جو کہ اردو لکھتے وقت بکثرت استعمال ہوتے ہیں۔مثلا تمام دوحرفی اور سہ حرفی ترسیمہ جات۔
۲۔ ترسیمہ جات کی شمولیت سے فونٹ کی خوبصورتی میں اضافہ اور نقاط کی درست جاگزینی :
اس مقصد کے لیے ہمیں چار حرفی ، پانچ حرفی ، چھ حرفی وغیرہ ترسیمہ جات میں سے ایسے ترسیمہ جات تیار کر کے فونٹ میں شامل کرنا ہیں جن کے نقاط درست طور پر جاگزین نہیں ہوتے یا جن سے فونٹ کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہو۔اس طرح ہم کم از کم ترسیمہ جات کی شمولیت کے ساتھ فونٹ کی نہ صرف رفتار کو بہتر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے بلکہ فونٹ کی خوبصورتی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔
اب تک کے تجرباتی کام اور حاصل ہونے والی کامیابی کے مناظر ملاحظہ فرمائیے۔پہلے منظر میں اس فونٹ میں ڈالے گئے ترسیمہ جات کو حرفی جڑاو"کیریکٹر بیس"نستعلیق میں دکھایا گیا ہے۔جب کہ دوسرے منظر میں یہی الفاظ ترسیمہ جاتی فونٹ کے ذریعے ظاہر کیے گئے ہیں اور فرق صاف ظاہر ہے۔امید ہے کہ احباب اس کام کو پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھیں گے۔
پی ڈی ایف فائلیں
http://www.fileden.com/files/2008/6/10/1953040/3 character valid ligatures.pdf
http://www.fileden.com/files/2008/6/10/1953040/3 character valid cracters.pdf
اس مرحلہ پر کام کی رفتار کو مزید بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ ہمارے اس چھوٹے سے قافلہ میں اراکین کی تعداد کا اضافہ ہو۔اس سلسلہ میں برادرم ایم بلال کے سپرد پانچ سو ترسیمہ جات کی تیاری کا کام کیا گیا تھا۔لیکن ہنوز یہ کام تشنہ تکمیل ہے۔اگر برادر مکرم "م م مغل " دست تعاون بڑھائیں تو ہمارے آئندہ مراحل بہت آسان ہو سکتے ہیں۔کیونکہ وہ نہ صرف ایک ماہر خطاط ہیں بلکہ کورل ڈرا میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔میں ان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس کار خیر میں ہمارے ساتھ شامل ہوں اور اردو کے لیے ایک اچھے اور خوبصورت فونٹ کی تیاری میں اپنا کردار ادا کریں۔
میں اس موقع پر برادرمکرم جواد کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے عماد نستعلیق کا وولٹ ورک فراہم کر کے اس کام کی اساس مہیا کی ۔
اس کے بعد برادر محترم امجد حسین علوی کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس پراجیکٹ کے مشکل ترین مرحلہ کو سر کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو وقف کیا۔اور ہم نے یہ کامیابی حاصل کی ۔ اسی طرح بھائی عبدالمجید بھی میرے خصوصی شکریہ کے مستحق ہیں کہ انہوں نے نہ صرف ہر قدم پر مجھ سے رابطہ رکھا ،اپنی بہترین آرااور مشوروں سے نوازا اور اپنے حصے کی ذمہ داریاں بھی بطریق احسن نبھائیں۔