عمران خان،اب آپ کو پلان ’بی‘ کا انتظار ہے؟

aaaa_zps1ad0076c.jpg
ابن رضا بھائی اس پر بھی کوئی غزل ہوجائے۔۔
 

زیک

مسافر
جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ اور جنرل (ر) حمید گل سے میرے اختلاف کی بنیادی وجہ یہ رہتی ہے کہ وہ داخلی عوامل اور کمزوریوں کی طرف کم توجہ دیتے اور سازشی نظریات پر ضرورت سے زیادہ یقین کرتے ہیںجبکہ میری روش اس سے الٹ ہے۔ میں انگریزی کے اس مقولے کا قائل ہوں کہ A man can not ride your back unless it is bent لیکن اسلام اور پاکستان سے ان دونوں شخصیات کی کمٹمنٹ شک و شبہ سے بالاتر ہے ۔ وہ غلط تجزیہ کرتے ‘ غلط قدم اٹھاتے ‘ سازشی تھیوری پھیلاتے یا تخلیق کرتے ہیں تو بھی پورے خلوص کے ساتھ پاکستان اور اسلام کی محبت میں کرتے ہیں لیکن اس میں دو رائے نہیں کہ دونوں کی معلومات اور تعلقات کا دائرہ بہت وسیع ہے ۔ جنرل اسلم بیگ کا شمار دوران ملازمت بھی پڑھنے لکھنے کے شوقین جرنیلوں میں ہوتا تھا اور اب بھی وہ ہمہ وقت اسی شغل میں مگن نظر آتے ہیں۔ جیو نیوز کے لئے میرے ساتھ انٹرویو میں انہوں نے میرے جیسے میدان صحافت کے طالب علموں کی اس تھیوری کو یقین میں بدل دیا کہ حالیہ دھرنے ایک بڑی عالمی سازش کا حصہ ہیں ‘جس میں کچھ لوگ دانستہ اور کچھ لوگ نادانستہ بری طرح استعمال ہوئے۔اسلم بیگ صاحب کی بیان کردہ یہ سازشی تھیوری ایسی تھیوری ہے جس کا نہ صرف میں قائل ہوں بلکہ ان کے اس انٹرویو سے قبل اس حوالے سے کئی کالم سپردقلم کرچکا ہوں ۔ جنرل بیگ صاحب اس کو خالصتاً بیرونی قوتوں کا مسلط کردہ بحران تصور کرتے ہیں جبکہ میرے نزدیک خارجی کے ساتھ ساتھ بعض داخلی عوامل بھی کارفرما تھے۔ افسوس اس بات کا ہے کہ جماعت اسلامی جیسی جماعتیں جنہیں پاکستان میں ہونے والے ہر قدم کے پیچھے امریکی سازش نظر آتی ہے کو نہ صرف یہ کہ اسلام اور پاکستان کے خلاف اس سازش کا علم نہ ہوسکا بلکہ ان کی ہمدردیاں بھی تحریک انصاف کے ساتھ نظر آئیں ۔ جنرل اسلم بیگ کی گفتگو کا خلاصہ یہ ہے کہ پی ٹی آئی اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے امریکہ کی زیرقیادت عالمی سازش کا حصہ ہیں (گو امریکی حکومت اور سفارت خانے کے ترجمان اس کی پرزور تردید کرچکے ہیں)جن کا مقصد پاکستان میں انتشار پھیلا کر فوج کو اقتدار پر قبضے پر مجبور کرنااور پاکستان کو لبرل اسلام کے ذریعے سیکولر ریاست بنانا ہے ۔ان کا کہنا یہ تھا کہ پرویز مشرف کے سابق ساتھی اور ان کے گروپ کے بعض ریٹائرڈ فوجی افسر بھی اس سازش میں عمران خان اور قادری صاحب کے ساتھ شریک تھے لیکن جنرل راحیل شریف نے فوج کو سیاست سے دور رکھ کر اس سازش کو ناکام بنادیا ۔‘ پچھلے سالوں کے دوران کسی بھی دوسرے لکھاری سے بڑھ کر عمران خان کی جنگ لڑنے والے اور فوج کے مزاج شناس کالم نگاریہارون الرشید صاحب نے بھی اس سازش کا نہ صرف دلائل کے ساتھ تذکرہ کیا بلکہ یہ بھی لکھا کہ 1971 کے بعد یہ پاکستان کے خلاف پہلی بڑی سازش تھی ۔ آج میں چند مزید حقائق کی طرف اشارہ کرنا چاہتا ہوں جن سے بخوبی اندازہ ہوسکتا ہے کہ کس طرح قادری صاحب شعوری اور شاید عمران خان صاحب غیرشعوری طور پر صرف اقتدار کی خواہش میں اس سازش کے اہم کردار بن گئے ہیں ۔

عراق پر قبضے کے بعد 2003میں امریکی صدر بش نے جہادی اسلام کے مقابلے میں لبرل اسلام کو فروغ کردینے کیلئے مسلم ورلڈ آوٹ ریچ (Muslim World Outreach) پروگرام شروع کیا ۔ اس کیلئے ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر مختص کئے ۔ اس پروگرام کے تحت جن ممالک پر خصوصی توجہ دینی تھی‘ ان میں پاکستان سرفہرست تھا۔ 2003 میں یہ پروگرام شروع ہوا اور2004 میں علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اچانک اور پراسرار طور پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی حالانکہ 1989 میں سیاست کے آغاز کے بعد وہ پہلی مرتبہ قومی اسمبلی میںپہنچے تھے ۔ مسلم ورلڈ آوٹ ریچ پروگرام کے تحت امریکہ نے نئے تعلیمی ادارے اور مدرسے کھولنے تھے اور ڈاکٹر قادری کے مخالف کہتے ہیں کہ اگلے تین سالوں میں منہاج القرآن کے تحت پنجاب میں سینکڑوں تعلیمی ادارے قائم کئے گئے جبکہ وہ خود کینیڈا میں مقیم ہوگئے۔

برطانیہ میں مقیم متنازعہ مذہبی عقائد کے حامل اور خانہ کعبہ کو گالیاں دینے والے فتنہ بردار یونس الگوہر (خانہ کعبہ اور پاکستانی سیاسی رہنمائوں کے بارے میں ان کے خرافات کی ویڈیو یوٹیوب پر دیکھی جاسکتی ہے) کی طرف سے ڈاکٹر طاہرالقادری اورعمران خان کی حمایت کے اعلان اور پی ٹی آئی کے دھرنے میں ان کے پیروکاروں اور بینرز کی موجودگی حیران کن اور پریشان کن ہے ۔

کچھ عرصہ قبل عمران خان اور طاہرالقادری کو ایک ساتھ ڈیووس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم میں ایک ساتھ بلانے اور پھر دھرنوں کی منصوبہ بندی کے لئے لندن میں ان کی خفیہ ملاقات کرانے ‘ جس کو خان صاحب نے اپنی کور کمیٹی سے بھی چھپا کے رکھا‘ سے بھی پتہ چلتا ہے کہ دال میں کچھ کالا کالا ضرور ہے ۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے کم وبیش تمام ارکان اور رہنمائوں نے متعلقہ فورمز پر دھرنوں اور استعفوں کی مخالفت کی اور صرف اور صرف شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کی طرف سے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ مل جانے پر اصرار سے بھی پتہ چلتا ہے کہ معاملہ کچھ اور ہے ۔ واضح رہے کہ امریکیوں نے پاکستان اور افغانستان میں جو صوفی کانفرنس منعقد کرنا تھی‘ افغانستان میں اس کا انتظام رنگین دادفر سپانتا جبکہ پاکستان میں اسےشاہ محمود قریشی نے کرنا تھا۔ ہیلری کلنٹن سے شاہ محمودقریشی کی قربت اور امریکی ا سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں اپنے بیٹے کو تربیت دلوانے کے عمل کو پیش نظر رکھا جائے تو کڑیاں مزید مل جاتی ہیں۔

امریکہ نے پہلی بار پاکستان میں لبرل اور صوفی اسلام کو فروغ دینے کے عمل کا آغاز جنرل پرویز مشرف کی سرکردگی میں کیا تھا۔ تب سے اب تک صوفی کانگریس کے سرپرست چوہدری شجاعت حسین ہیں۔ اب یہ عجیب تقسیم نظر آتی ہے کہ ڈاکٹر قادری صاحب کے ایک طرف یہی چوہدری شجاعت حسین ‘ دوسری طرف پرویز مشرف کے وکیل قصوری نظر آتے ہیں ۔ اسی طرح عمران خان کوبھی جہانگیر ترین اور علیم خان جیسے پرویز مشرف کے سابق ساتھیوں کے نرغے میں دے دیا گیا ہے ۔ پرویز مشرف کے دور کے ریٹائرڈ افسران کو بھی بڑی خوش اسلوبی کے ساتھ دونوں کیمپوں میں تقسیم کردیا گیا ہے ۔ کورٹ مارشل ہونے والے گنڈا پور یا پھر ائرمارشل (ر) شاہد لطیف جیسے طاہرالقادری کے ساتھ لگادئیے گئے ہیں جبکہ بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ اور بریگیڈئر (ر) اسلم گھمن جیسے لوگ عمران خان کے ساتھ لگے ہوئے ہیں ۔ ہم سب جانتے ہیں کہ جنرل پرویز مشرف کے وزیر خاص شیخ رشید احمد کو عمران خان صاحب اپنا ملازم رکھنے پر بھی راضی نہ تھے لیکن آج نہ صرف وہ ان کے مشیر خاص بن گئے ہیں بلکہ تحریک انصاف کاا سٹیج پی ٹی آئی کے رہنمائوں کی بجائے ان کو میسر رہتا ہے ۔

اس وقت اسلام آباد میں درجنوں کی تعداد میں برطانیہ ‘ کینیڈا اور امریکہ سے آئے ہوئے خواتین و حضرات مقیم ہیں ۔ ان میں سے بعض تو کبھی کبھار دھرنوں کے کنٹینروں پر نظر آجاتے ہیں لیکن اکثریت ان میں ایسی ہے جو مختلف گیسٹ ہائوسز یا ہوٹلوں میں پی ٹی آئی اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنمائوں کے ساتھ خلوتوں میں سرگوشیاں کرتی نظر آتی ہے ۔

وہ لبرل اور سیکولر اینکرز اور دانشور جو پچھلے سالوں میں عمران خان کو طالبان خان کہتے تھے اور جن کی شامیں عموماً مغربی سفارتخانوں میں مشروب مغرب سے لطف اندوز ہوتے ہوئےگزرتی ہیں‘ اسوقت نہ صرف عمران خان کے حق میں بھرپور مہم چلارہے ہیں بلکہ مدرسے اور منبر سے اٹھنے والے علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو مسیحا کے طور پر پیش کررہے ہیں ۔ یہ لوگ جماعت اسلامی‘ جے یو آئی ‘ جے یو پی اور اسی طرح کی دیگر جماعتوں کےتو اس بنیاد پر مخالف تھے اور ہیں کہ وہ سیاست میں اسلام کا نام کیوں لیتے ہیں لیکن اپنی ذات اور سیاست کے لئے بھرپور طریقے سے اسلام کے نام کو استعمال کرنے والے طاہرالقادری ان کے پیارے بن گئے ہیں جبکہ گزشتہ سات سالوں میں اپنی سیاست کو طالبان کی حمایت اور ڈرون حملوں کی مخالفت کی بنیاد پر چمکانے والے عمران خان ان کو اچھے نظرآتے ہیں ۔ عمران خان کی طرف سے ڈرون حملوں کی مخالفت اور طالبان کی حمایت اچانک اور مکمل طور پر ترک کردینے اور لبرل اینکرز اور دانشوروں کی طرف سے اچانک ان کے حامی بن جانے کے بعد شاید اس بات کو سمجھنے میں دقت نہیں ہونی چاہیئے کہ ڈوریں مغرب سے ہل رہی ہیں ۔

ہم جانتے ہیں کہ ایم کیوایم ایک لمبے عرصے تک عمران خان کی نشانہ نمبرون تھی ۔ انہوں نے اپنی جماعت کی خاتون لیڈر کے قتل کاالزام الطاف حسین پر لگایا۔ ان کے خلاف وہ برطانیہ کی عدالتوں تک بھی گئے۔ سوال یہ ہے کہ ایم کیوایم اور تحریک انصاف کی صلح اس وقت پر کس نے اور کیوں کرائی ۔ دوسری طرف میاں نوازشریف ‘ قادری صاحب کے دشمن نمبرون ہیں لیکن جب وہ لاہور میں جہاز سے اتررہے تھے تو انہوں نے پورے پاکستان میں صرف اور صرف میاں نوازشریف کے چہیتے گورنر پنجاب چوہدری سرور کو اپنے اعتماد کا مستحق سمجھا (اگرچہ گورنر چوہدری سرور اس طرح کی سازش میں شمولیت کے حوالے سے بڑی پرجوش تردید کرچکے ہیں)۔ اب چوہدری سرور میں اس کے سوا اور کیا خوبی ہے کہ وہ برطانوی سیٹیزن ہیں اور وہاں کی اسٹیبلشمنٹ کے قریب ہیں۔نہ صرف منصوبہ بندی لندن میں ہوئی تھی بلکہ اب تنازعے کو ختم کرنے کے لئے چوہدری سروراسلام آباد آنے کی بجائے الطاف حسین کے پاس لندن جاپہنچے ہیں۔

۔۔۔
سلیم صاٍفی

ربط
اسلم بیگ اور حمید گل کا نام ہی کالم کو مضحکہ خیز بنانے کے لئے کافی ہے
 

قیصرانی

لائبریرین
میں تو سلیم صافی والے کالم پہ پوچھ رہا تھا کہ پھر غور کیا جب کھل گیا کہ وہ فیس بک کا نہیں
سلیم صافی، جنرل حمید گل اور جنرل اسلم بیگ، بہت مزاحیہ ٹرائیکا ہے۔ اس لئے ان کی سچ بات پر بھی خوامخواہ شک ہونے لگتا ہے۔ اگرچہ طاہر القادری کے بارے مجھے یہ بات پہلے سے معلوم ہے :)
 

Fawad -

محفلین
حالیہ دھرنے ایک بڑی عالمی سازش کا حصہ ہیں ‘ ۔ جنرل بیگ صاحب اس کو خالصتاً بیرونی قوتوں کا مسلط کردہ بحران تصور کرتے ہیں

فواد – ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم – يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ

ستم ظريفی ديکھيے کہ ايک خالص مقامی سياسی تنازعہ اور اس کے نتيجے ميں فريقين اور سياسی قوتوں کے مابين جنم لينے والا سياسی تناؤ ايک ايسا رخ اختيار کر گيا ہے جہاں مسلئے کے دونوں طرف موجود فريقين اور ان کی حمايت کرنے والے امريکی مخالفت کے اسی گھسے پٹے نعرے کا سہارا لے رہے ہيں۔

ايک جانب اسلام آباد ميں دھرنے اور احتجاجی مظاہروں کی قيادت کرنے والے قائدين امريکہ پر موجودہ جمہوری حکومت کی حمايت کا الزام دھر رہے ہيں، باوجود اس کے کہ پاکستان کے جاری سياسی حالات پر سوال کيے جانے پرہمارا موقف اور بيان وہی تھا جو اس حوالے سے کسی بھی بيرونی ملک کی حکومت کی جانب سے سامنے آنا چاہيے تھا۔

دوسری جانب کچھ ميڈيا کے تجزيہ نگار اور سابقہ حکومتی عہديدار جو پاکستان ميں جاری ان احتجاجی تحريکوں کے مخالف ہيں وہ بھی اس "پيچيدہ سازش" کے ليے ہميں ہی مورد الزام قرار دے رہے ہيں اور اس بات پر بضد ہيں کہ ان سياسی "کھلاڑيوں" کو ہم نے ہی ميدان ميں اتارا ہے۔ ان سازشی کہانيوں کی حقيقت اور ان کے مستند ہونے پر يوں تو کئ سوال اٹھائے جا سکتے ہيں ليکن کيا بات ماننے والی ہے کہ ايک مبينہ امريکی کٹھ پتلی عمران خان تو گزشتہ کئ برسوں سے خود امريکی حکومت کی پاليسيوں کے خلاف احتجاجی تحريکوں اور ريليوں کی قيادت کر رہا ہے۔ يہاں تک کہ خيبرپختون خواہ جہاں پر ان کی پارٹی کی حکومت ہے، وہاں پر تو کئ ماہ تک نيٹو کی سپلائ بندش کا شکار رہی۔

اگر ہم اپنی مبينہ کٹھ پتلی کو نيٹو کے راستے بحال کرنے کے ليے قائل نہيں کر سکے اور جس کا ہميں مالی نقصان بھی ہوا اور افغانستان ميں ہماری کاوشوں کو بھی ٹھيس پہنچی تو پھر اطمينان رکھيں کہ ہم انھيں اس بات پر بھی قائل نہيں کر سکتے کہ اسلام آباد ميں موجودہ حکومت کے خلاف تحريک چلائيں۔

اور وہ رائے دہندگان اور تجزيہ نگار جو انتہائ غير منطقی دليل کے ساتھ اس سوچ پر يقين رکھتے ہيں کہ پاکستان ميں کسی بھی قسم کی سياسی افراتفری يا عدم استحکام امريکہ کے مفاد ميں ہے، انھيں چاہيے کہ زمينی حقائق کا بغور جائزہ لیں۔

شايد آپ بھول رہے ہيں کہ ہزاروں کی تعداد ميں امريکی فوجی اور چاليس سے زائد نيٹو ممالک کے فوجی بھی افغانستان ميں تعنيات ہيں۔ اس خطے ميں افراتفری، لاقانونيت اور دہشت گردی ميں اضافے سے نا صرف يہ کہ ہمارے اپنے فوجيوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہوں گے بلکہ افغانستان ميں طويل المدت بنيادوں پرتعمير وترقی کے ضمن ميں ہماری تمام تر کاوشيں بھی غارت ہو جائيں گی۔ امريکی حکومت کيونکر دانستہ يہ چاہے گی کہ خود اپنے ہی فوجيوں اور اتحاديوں کی کوششوں کی راہ ميں رکاوٹ پيدا کرے، خاص طور پر اس حقيقت کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ صدر اوبامہ نے عوامی سطح پر يہ واضح کر ديا ہے کہ ہم اس خطے سے اپنی فوجی کاوشيں ہر ممکن حد تک کم کرنے کے خواہاں ہيں؟

يہ امر بھی قابل توجہ ہے کہ نيٹو کے کئ ممالک بھی اس بات پر متفق ہيں کہ امريکہ کے ساتھ اتحادی افواج کو سال 2014 کے آخر تک اہم عسکری معرکوں سے عليحدہ ہو جانا چاہيے کيونکہ يہی وہ ٹائم فريم ہے جس کے بعد صدر اوبامہ اور نيٹو کے قائدين متفق ہيں کہ افغان کو طالبان کے خلاف لڑائ ميں کليدی کردار ادا کرنا ہے۔

صدر اوبامہ نے واضح کر ديا ہے کہ مقامی افغان حکومت کی صلاحيت کے حوالے سے درپيش چیلنجز اور اس ضمن ميں مزيد ممکنہ مشکلات کے باوجود امريکی اور نيٹو اتحاديوں نے اپنے اہداف ميں يکسوئ پيدا کر لی ہے تا کہ ملک ميں استحکام کا حصول ممکن ہو سکے۔

اس موضوع کے حوالے سے صدر اوبامہ کے الفاظ

"ميرا ہدف يہ ہے کہ ميں اس بات کو يقينی بناؤں کہ سال 2014 تک ہم انتقال کا عمل مکمل کر ليں، افغان خود باگ ڈور سنبھال لیں اور اس ہدف کو يقینی بنايا جائے کہ اس وقت ہم اس نوعيت کے عسکری آپريشنز
ميں شامل نہ ہوں جن ميں ہم اس وقت شامل ہيں"

کيا آپ واقعی يہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان ميں سياسی افراتفری ميں اضافے کی صورت ميں ان امريکی اہداف کا حصول ممکن ہے؟ ہماری تو يہ ہر ممکن کوشش ہو گی کہ خطے سے ہماری افواج کے محفوظ اور پرامن انخلاء کو يقینی بنانے کے ليے سياسی استحکام اور پائيدار امن کی فضا کو يقینی بنايا جائے۔

فواد – ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم – يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ

www.state.gov

http://www.facebook.com/USDOTUrdu

10676125_784041808322646_3790217142882435027_n.jpg
 
سلیم صافی، جنرل حمید گل اور جنرل اسلم بیگ، بہت مزاحیہ ٹرائیکا ہے۔ اس لئے ان کی سچ بات پر بھی خوامخواہ شک ہونے لگتا ہے۔ اگرچہ طاہر القادری کے بارے مجھے یہ بات پہلے سے معلوم ہے :)
طاہرالقادری کے متعلق اپنی معلومات ہم سے بھی شئر کریں
 
اگر ہم اپنی مبينہ کٹھ پتلی کو نيٹو کے راستے بحال کرنے کے ليے قائل نہيں کر سکے اور جس کا ہميں مالی نقصان بھی ہوا اور افغانستان ميں ہماری کاوشوں کو بھی ٹھيس پہنچی تو پھر اطمينان رکھيں کہ ہم انھيں اس بات پر بھی قائل نہيں کر سکتے کہ اسلام آباد ميں موجودہ حکومت کے خلاف تحريک چلائيں۔
کٹھ پتلی کو یہ کب سے پتہ ہونے لگا کہ اس کی ڈوریں کون ہلا رہا ہے ؟ ان دو انقلابی لیڈروں میں سے ایک کو تو پتہ ہی نہیں کہ وہ یہ سب کچھ کس کے کہنے پر کررہا ہے۔
نیٹو سپلائی کی بندش کے بارے ایک نظریہ یہ بھی ہے کہ یہ آپ کی حکومت نے خود سپورٹ کیا تاکہ امریکہ یا نیٹو مخالف جذبات کو زبان دی جا سکے اور پاکستانی عوام خصوصاً کے پی کے لوگوں میں موجود امریکہ مخالف غصہ اور تناؤ جو ہر دوسرے روز ہونے والے ڈرون حملے کی وجہ سے بہت بڑھ گیا تھا کو رفتہ رفتہ ختم کیا جائے۔ اور آپ یقیناً اس میں کامیاب بھی ہو گئے ہیں۔ کیونکہ کچھ عرصہ تھمے رہنے والے ڈرون حملے دوبارہ سے شروع ہو چکے ہیں اور اب وہ ساری آوازیں جو اس کے خلاف شدو مد سے اٹھتی تھیں، بلکل خاموش ہیں کیونکہ آپ انھیں دوسرے محاذوں پر مصروف کر چکے۔
ايک جانب اسلام آباد ميں دھرنے اور احتجاجی مظاہروں کی قيادت کرنے والے قائدين امريکہ پر موجودہ جمہوری حکومت کی حمايت کا الزام دھر رہے ہيں، باوجود اس کے کہ پاکستان کے جاری سياسی حالات پر سوال کيے جانے پرہمارا موقف اور بيان وہی تھا جو اس حوالے سے کسی بھی بيرونی ملک کی حکومت کی جانب سے سامنے آنا چاہيے تھا۔
آپ کی اسی جمہوریت پسندی نے مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے کچھ ملکوں کا کیا حال کر دیا ہے وہ دنیا کے سامنے ہے۔ مصر میں ایک جمہوری حکومت کے خاتمے میں مشرق وسطیٰ کی کچھ آمرانہ حکومتوں کے ساتھ آپ کا گٹھ جوڑ یہ بتا دینے کے لیے کافی ہے کہ آپ کو جمہوریت وغیرہ وغیرہ سے کوئی لگاؤ نہیں۔ آپ کو صرف اپنے اور مشرق وسطیٰ میں اپنے سب سے بڑے حواری کے مفادات عزیز ہوتے ہیں۔
کيا آپ واقعی يہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان ميں سياسی افراتفری ميں اضافے کی صورت ميں ان امريکی اہداف کا حصول ممکن ہے؟ ہماری تو يہ ہر ممکن کوشش ہو گی کہ خطے سے ہماری افواج کے محفوظ اور پرامن انخلاء کو يقینی بنانے کے ليے سياسی استحکام اور پائيدار امن کی فضا کو يقینی بنايا جائے۔
پاکستان کی گذشتہ 68 سالہ تاریخ میں مختلف امریکی حکومتوں کو ان کے مفادات کے تخفظ کے ضمن میں سب سے زیادہ سہولیات اس عرصے کے دوران ملیں جب یہاں طالع آزما بلاشرکت غیرے ہر قسم کے فیصلوں کو انجام دیتے تھے۔ کیونکہ اب پھر سے امریکہ اور نیٹو کو پاکستان سے ایسے ہی کچھ فیصلوں کی ضرورت ہے، اس لیے وہ تاریخ کو دہرانا چاہتے ہیں تاکہ وہ پاکستان سے اپنی مرضی کے فیصلے کروا سکیں۔ لیکن شاید اس بار ایسا نا ہو سکے۔
علاوہ ازیں پاکستان کی موجودہ جمہوری حکومت ہمسایہ اور دوست ملک چین سے روابط کو ایک نئی سطح پر لے جانے کی سعی کر رہی ہے، جو کم از کم امریکہ اور اس کے حواریوں کو قبول نہیں۔ سوویت یونین کا شیرازہ بکھرنے کےبعد مغربی دنیا کو چھوڑ کر باقی معاشی طور پر کمزور ممالک ایک ایسے مضبوط ملک کی ضرورت کو یقیناً محسوس کر رہے ہیں جو امریکیوں کے مقابل کھڑا ہو اور جس کی لاٹھی اس کی بھینس کی طرز کے امریکی عزائم کو خم ٹھونک کر روک سکے۔
 

قیصرانی

لائبریرین
جناب یہ تو عوامی رائے بھی ہے۔ میں کچھ حقائق کی توقع کر رہا تھا :)
جیسے لندن پلان وغیرہ قسم کے
اس طرح کے حقائق کو کبھی بھی ثابت نہیں کیا جا سکتا، اور صفائیاں دینا مجھے پسند نہیں کہ کون کہاں اور کیسے۔۔۔ وغیرہ وغیرہ
 
اس طرح کے حقائق کو کبھی بھی ثابت نہیں کیا جا سکتا، اور صفائیاں دینا مجھے پسند نہیں کہ کون کہاں اور کیسے۔۔۔ وغیرہ وغیرہ
جناب میں آپ سے صفائی نہیں مانگ رہا تھا تفصیل جاننا چاہتا تھا اب بھی اگر آپ مناسب سمجھیں کیونکہ میرا خیال ہے کہ آپ کے پاس معلومات کے کچھ ذرائع ہیں :)
 
Top