فوٹو شاپ ٹیوٹوریلز کے سلسلے میں آج ہم دوسرے مرحلے پر آ گئے ہیں اور آج کا موضوع ہے "فوٹو شاپ کا ٹول بکس (Toolbox)"۔
فوٹوشاپ کیونکہ گوناگوں کام انجام دے سکتا ہے اس لیے اس میں ٹولز کی تعداد بھی اتنی ہی زیادہ ہے اور اپنے کام کو بخوبی انجام تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ ان ٹولز کو سمجھا جائے کہ یہ کس کس نوعیت کا کام انجام دے سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں سافٹ ویئر کو اپنی تمام خوبیوں کے ساتھ استعمال کرنے کے لیے بھی ضروری ہوتا ہے کہ اس کی مکمل صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے۔
فوٹوشاپ کے ٹول بکس چار زمروں (Categories)میں منقسم ہیں یعنی:
1۔ سلیکشن، کراپ اور سلائس ٹولز (Selection, Crop & Slice Tools)
2۔ ری ٹچ اور پینٹ ٹولز (Retouch & Paint Tools)
3۔ ڈرائنگ اور ٹائپ ٹولز (Drawing & Type Tools)
4۔ اینوٹیشنز اور میژرمنٹ ٹولز (Annotations & Measurement Tools)
ان چار زمرہ جات کے علاوہ ٹول بکس کا ایک اہم حصہ پس منظر و پیش منظر (یعنی Foreground and Background) رنگوں کو منتخب کرنے کا بھی ٹول ہے۔
آئیے مزید تفصیلات میں جائے بغیر یہ دیکھتے ہیں کہ فوٹو شاپ میں کون سا ٹول کس کام آتا ہے؟
ٹول بکس میں بالائی 6 ٹولز دراصل سلیکشن ٹولز (selection tools)ہیں:
Marquee Tools مربع، مستطیل اور دائروں کی شکل میں کسی بھی جگہ کو منتخب (select) کرنے کے لیے کام آتے ہیں۔
Move Tool: یہ سلیکشن اور لیئرز کو حرکت دینے کے کام آتا ہے۔
Lasso Tools: فوٹوشاپ میں متعدد لاسو ٹولز موجود ہیں جیسے polygonal lasso tool جو کثیر الاضلاعی سلیکشن کے کام آتا ہے جبکہ magnetic lasso tool خود کار طریقے سے کسی بھی شے کے سِروں سے انتخاب کرتا ہے۔
Magic Wand Tool: یہ ان نو آموزوں کے لیے پسندیدہ ترین ٹول ہے جو گہرائی میں جائے بغیر اپنے کام کو جلد از جلد نمٹانا چاہتے ہیں۔ یہ ٹول یکساں رنگ کے حامل علاقے کو منتخب (select)کر لیتا ہے۔
Crop tool تصویر کےسائز کو چھیڑے بغیر اس میں سے مخصوص علاقے کو نکالنے کے کام آتا ہے۔ جیسے آپ کسی تصویر میں سے ناپسندیدہ یا اضافی حصے کو نکال کر صرف کسی خاص حصے پر کام کرنا چاہیں تو اس ٹول کا انتخاب کر کے ماؤس کو drag کریں۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے آپ ایک بڑی تصویر کا ایک چھوٹا سا حصہ قینچی سے کاٹ کر الگ ڈالیں۔
Healing tools: فوٹو شاپ میں کچھ healing tools بھی ہیں جو تصاویر میں خرابیوں جیسے سرخ آنکھ وغیرہ درست کرنے کے کام آتے ہیں۔
Clone stamp tool: کلون اسٹمپ ٹول کے ذریعے صارف دستاویز کے کسی بھی حصے کو بعینہ دوسرے حصے میں clone کر سکتا ہے۔ آپ کو ٹول منتخب کرنے کے بعد جس حصے کو کلون کرنا مقصود ہے وہاں alt کے ساتھ بایاں کلک کرنا ہے اور جس جگہ پر clone بنانا ہے وہاں کلک کرنا شروع کر دیں۔ جیسا کہ تصویر میں دکھایا گیا ہے۔
Eraser tool: جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہے کہ یہ مٹانے کے کام آتا ہے۔ اس کے ذریعے تصویر، لیئر یا منتخب علاقے میں سے آپ کچھ بھی مٹا سکتے ہیں۔
Sharpen, Blur & Smudge tools: شارپن ٹول تصویر میں edges کو تیکھا کرنے کے کام آتا ہے۔ اس سےملحقہ Blur tool تصویر کو blur یعنی دھندلا کرنے کے جبکہ smudge tool تصویر کو smudgeکرنے کے کام آتا ہے۔ اسمج ٹول کا نتیجہ بالکل ایسا نکلتا ہے جیسے رنگوں پر انگلی پھیر دی جائے۔
Dodge tool: تصویر کے مطلوبہ حصے کو روشن کرنے کے لیے کام آتا ہے جبکہ burn tool اسے گہرا کرنے کے۔ sponge toolکسی بھی تصویر کے رنگوں کو گہرا کرنے یا اس بے رنگ کرنے کے کام آتا ہے۔
برش اور پنسل ٹولز کسی بھی گرافکس میں پینٹ اسٹروکس دینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ یہ ٹولز متاثر کن پینٹنگ کے لیے customize بھی کیے جا سکتے ہیں
(نئے برش کی تنصیب اور ان کا استعمال اگلے مراحل میں سمجھایا جائے گا)
Fill tools: فل ٹولز لیئرز، سلیکشنز یا منتخب حصوں میں ٹھوس رنگ یا Gradient بھرنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
Vector Drawing & Type tools
Type tools:Type tools کسی بھی تصویر میں متن (text) کو شامل کرنے کے کام آتے ہیں۔ فوٹو شاپ میں افقی یا عمودی (vertical or horizontal) دونوں طرح سے متن شامل کیا جاسکتا ہے۔
Pen tools: پین ٹولز واضح ترین اشکال تشکیل دینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں جو بطور vector object استعمال کی جا سکتی ہیں یعنی انہیں کسی بھی سائز میں بڑا کیا جا سکتا ہے۔ (pen tools کے دیگر استعمالات اگلے مراحل میں بتائے جائیں گے)
Custom shapes tools: پری سیٹس کی فہرست میں سے منتخب Custom shapes کے ذریعے ویکٹر اشکال تخلیق کی جا سکتی ہیں۔علاوہ ازیں اپنی اشکال بھی شامل کی جا سکتی ہیں۔
پیش منظر/ پس منظر رنگ Foreground / Background Color
اپنے کسی کام میں رنگ بھرنے، متن کو رنگ دینے یا دیگر اشکال کو رنگنے کے لیے پیش منظر اور پس منظر کے رنگوں کو سیٹ کیا جا سکتا ہے۔ ٹول بار میں موجود یہ ٹول آپ کو اپنی مرضی کے رنگ کے با آسانی انتخاب کی سہولت دیتا ہے۔
ٹولز کا استعمال
حقیقتاً ٹول کا استعمال آپ کے کام کی نوعیت پر انحصار کرتا ہے اور ہم آگے کوشش کریں گے کہ آپ کے کام آنے والے تمام اہم ٹولز کا احاطہ کریں۔ ٹول باکس میں سے کسی بھی ٹول کے انتخاب کے لیے اس پر محض ایک مرتبہ کلک کرنا کافی ہے۔ اگر کسی بھی ٹول کے دائیں جانب کونے پر سیاہ رنگ کا تیر کا نشان نظر آتا ہے اس کا مطلب ہے اس میں مزید متعلقہ ٹولز بھی موجود ہیں جو خفیہ ہیں۔ ان خفیہ ٹولز میں سے کسی ایک کے انتخاب کے لیے اس پر ماؤس کلک دبا کر رکھیں، اور اپنی مرضی کے ٹول کو منتخب کرنے کے بعد چھوڑ دیں۔