قرطاس ہو سفید تو ہوتے ہیں یہ سیاہ

غدیر زھرا

لائبریرین
قرطاس ہو سفید تو ہوتے ہیں یہ سیاہ
کیونکر بنیں گے حرف تقدس کے اب گواہ

مجرم ہیں وہ بھی جو کہ ہیں لب بستہ زیرِ جور
پھر کیا گلہ جو ڈھاتے ہیں ایسوں پہ ظلم شاہ

اس خوش ادا کو دیکھ کے دل کا بیاں کیا
جاں پر بنی ہے لے کے ٹلیں گے جہاں پناہ

دامن کی خستگی سے جو غافل ہیں اپنے وہ
سیتے ہمارے چاک کو ہیں بن کے خیر خواہ

آنکھوں سے فتح کرنے کی ٹھانی ہے جی نے جب
پاتے شکست یاں ہیں، جو گرتی ہے واں سپاہ

صیاد تھا عزیز تو پیارا قفس بھی تھا
آئے ہیں یہ جو دام میں، رکھتے تھے خود ہی چاہ

سب کھوکھلے بلند ہیں عظمت کے یاں مینار
تاریخ کو خرید کے بنتے ہیں عالی جاہ

(زہرا)​
 
آخری تدوین:

الف عین

لائبریرین
اوزان کے حساب سے درست، بس ’جاں پہ‘ بجائے ’جاں پر‘ اور ’مینار‘ بطو ’منار‘ پسند نہیں آیا۔
روانی بہتر کی جا سکتی ہے۔
 
زہرا صاحبہ،
اساتذہ کی اصلاح کے بعد اس نا چیز کی طرف سے ایک دو باتیں،ا گر ناگوارِ خاطر نہ ہوں:
دامن کی خستگی سے جو غافل ہیں اپنے وہ
سیتے ہمارے چاک کو ہیں بن کے خیر خواہ
شعر رواں نہیں لگتا۔ ایک صورت ایسی بھی ہو سکتی ہے:
غافل وہ جن کا اپنا ہی دامن ہے تار تار
وہ چاک میرے سیتے ہیں، بنتے ہیں خیر خواہ !

آنکھوں سے فتح کرنے کی ٹھانی ہے جی نے جب
پاتے شکست یاں ہیں، جو گرتی ہے واں سپاہ
میرے تو سر پر سے گزر گیا یہ شعر؟ چہ معنی دارد؟
صیاد تھا عزیز تو پیارا قفس بھی تھا
آئے ہیں یہ جو دام میں، رکھتے تھے خود ہی چاہ
شاید زیادہ رواں کچھ ایسے ہو:
صیّاد بھی عزیز تھا، پیارا قفس بھی تھا
آئے ہیں اب جو دام میں، رکھتے تھے خود ہی چاہ !
سب کھوکھلے بلند ہیں عظمت کے یاں مینار
تاریخ کو خرید کے بنتے ہیں عالی جاہ
لفظ مینار تو خود بلندی کی طرف اشارہ کرتا ہے، اس لئے ایک مصرع میں دونوں ہم معنی الفاظ کچھ خاص لطف نہیں دے رہے۔ ایک شکل یہ ہو سکتی ہے:
سب کھوکھلے ہیں جتنے ہیں عظمت کے یاں مینار
گو مینار بذاتِ خود کھوکھلا ہی ہوتا ہے (عام طور سے)
دخلِ در نا معقولات کے لئے نا دیدہ منسلک معافی نامہ بھی قبول فرمائیں۔:)
 
آوازِ دوست

محفلین
واہ جی واہ!! شاعری کے لیے حوصلہ افزائی قبول فرمائیے ۔ یہ جان کر دلی خوشی ہوئی ہے کہ وزن کے علاوہ بھی شاعری کے لیے مہلک چیزیں موجود ہیں اور ہماری شاعری چونکہ فقط وزن کے ہاتھوں ماری گئی تھی تو دل کے بہلانے کو یہ اچھا خیال آیا ہے کہ اِس میں دیگر نقائص نہیں ہوں گے :)
 
غدیر زھرا

لائبریرین
اوزان کے حساب سے درست، بس ’جاں پہ‘ بجائے ’جاں پر‘ اور ’مینار‘ بطو ’منار‘ پسند نہیں آیا۔
روانی بہتر کی جا سکتی ہے۔
مینار کا کیا حل ہو تلاشتی ہوں..جاں پہ کو جاں پر کیے دیتی ہوں..
آپ کی اصلاح کےلیے بے حد شکرگزار ہوں :)
 
غدیر زھرا

لائبریرین
زہرا صاحبہ،
اساتذہ کی اصلاح کے بعد اس نا چیز کی طرف سے ایک دو باتیں،ا گر ناگوارِ خاطر نہ ہوں:

شعر رواں نہیں لگتا۔ ایک صورت ایسی بھی ہو سکتی ہے:
غافل وہ جن کا اپنا ہی دامن ہے تار تار
وہ چاک میرے سیتے ہیں، بنتے ہیں خیر خواہ !

میرے تو سر پر سے گزر گیا یہ شعر؟ چہ معنی دارد؟

شاید زیادہ رواں کچھ ایسے ہو:
صیّاد بھی عزیز تھا، پیارا قفس بھی تھا
آئے ہیں اب جو دام میں، رکھتے تھے خود ہی چاہ !

لفظ مینار تو خود بلندی کی طرف اشارہ کرتا ہے، اس لئے ایک مصرع میں دونوں ہم معنی الفاظ کچھ خاص لطف نہیں دے رہے۔ ایک شکل یہ ہو سکتی ہے:
سب کھوکھلے ہیں جتنے ہیں عظمت کے یاں مینار
گو مینار بذاتِ خود کھوکھلا ہی ہوتا ہے (عام طور سے)
دخلِ در نا معقولات کے لئے نا دیدہ منسلک معافی نامہ بھی قبول فرمائیں۔:)
بہت شکریہ آپ کی اصلاح کےلیے میں اس پر کام کروں گی :) ویسے مجھے روانی یوں بھی مناسب لگ رہی ہے لیکن میں آپ کی رائے کا احترام کرتی ہوں :)
پلکوں کو سپاہ سے تشبیہہ دی ہے اب شاید سمجھنے میں دقت نہ ہو :)
 
غدیر زھرا

لائبریرین
واہ جی واہ!! شاعری کے لیے حوصلہ افزائی قبول فرمائیے ۔ یہ جان کر دلی خوشی ہوئی ہے کہ وزن کے علاوہ بھی شاعری کے لیے مہلک چیزیں موجود ہیں اور ہماری شاعری چونکہ فقط وزن کے ہاتھوں ماری گئی تھی تو دل کے بہلانے کو یہ اچھا خیال آیا ہے کہ اِس میں دیگر نقائص نہیں ہوں گے :)
ہاہاہا پھر میں یہ گمان کروں کہ چونکہ وزن درست ہے سو باقی نقائص بدرجہ اتم موجود ہوں گے :)
حوصلہ افزائی کےلیے ممنون ہوں :)
 
آوازِ دوست

محفلین
ہاہاہا پھر میں یہ گمان کروں کہ چونکہ وزن درست ہے سو باقی نقائص بدرجہ اتم موجود ہوں گے :)
حوصلہ افزائی کےلیے ممنون ہوں :)
یہ تو شائد گمان کی بجائے بدگمانی ہو اور دیکھئے اساتذہ نے وزن درست قرار دیا ہے۔ اب یہ وزن آپ نے کیسے درست کیا کُچھ اس پر روشنی ڈالیں کیوں کہ اپنا تو یہ معاملہ تھا کہ شاعری کا کوئی سا بھی تجربہ کیا یہ وزن قابو نہیں آتا تھا ۔ پھر امجد اسلام امجد کی آزاد شاعری پڑھی اور سُکھ کا سانس لیا :)
 
خاتون شاعری کی تو ہمیں سمجھ نہیں پر شاعر خواتین و حضرات جو کچھ بھی کہتے ہیں 'ہمیشہ' ٹھیک ہی کہتے ہیں۔:cool2:سو داد قبولیے:)
اور ہاں آپ نے کسی شعر میں کوئی تخلص استعمال نہیں کیا اور دیگر یہ کہ ہمارے موجودہ شہر کا نام 'واہ' ہے جو آپ کے قافیے سے بہت ملتا ہے تو حاضر خدمت ہے یہ تک بندی:tongueout:

زھراؔ نے دل کی بات کی جو سب کے روبرو
وہ بولے واہ تو کہا دل نے بھی مرے، واہ واہ
:heehee::heehee:
اب یہ وزن آپ نے کیسے درست کیا کُچھ اس پر روشنی ڈالیں
اس سے کیا ہے:battingeyelashes:
 
بہت خوب ۔۔۔خواتین کی باتیں ہمارے تو اکثر سر سے گزر جاتی ہیں ۔۔۔مگر آپ شاندار لکھتی ہے
بہت سی داد ۔۔۔
خوش رہیں
اس خوش ادا کو دیکھ کے دل کا بیاں کیا
جاں پر بنی ہے لے کے ٹلیں گے جہاں پناہ

دامن کی خستگی سے جو غافل ہیں اپنے وہ
سیتے ہمارے چاک کو ہیں بن کے خیر خواہ
بہت اچھے لگے یہ اشعار ۔۔۔۔
 
نیرنگ خیال

لائبریرین
بہت خوبصورت اشعار ہیں۔ غدیر۔۔۔۔۔۔۔ اللہ کرے زور سخن اور زیادہ۔۔۔ یہ بالا بالا ہی عروض بھی سیکھ لیا۔۔۔ اس پر دہری مبارک۔۔۔۔

اس خوش ادا کو دیکھ کے دل کا بیاں کیا
جاں پر بنی ہے لے کے ٹلیں گے جہاں پناہ
کیا کہنے۔۔۔ بہت ہی عمدہ
 
غدیر زھرا

لائبریرین
یہ تو شائد گمان کی بجائے بدگمانی ہو اور دیکھئے اساتذہ نے وزن درست قرار دیا ہے۔ اب یہ وزن آپ نے کیسے درست کیا کُچھ اس پر روشنی ڈالیں کیوں کہ اپنا تو یہ معاملہ تھا کہ شاعری کا کوئی سا بھی تجربہ کیا یہ وزن قابو نہیں آتا تھا ۔ پھر امجد اسلام امجد کی آزاد شاعری پڑھی اور سُکھ کا سانس لیا :)
میں سیکھنے کے مراحل میں ہوں ابھی اتنی بھی تک بندیاں نہیں ہوئیں کہ وزن پر مکمل گرفت ظاہر ہو میرے ماموں جان اور بابر امام سر کی راہنمائی ملتی ہے تب ہی قلم تھامنے کی ہمت کر لیتی ہوں :) آپ بھی ہمت کیجیے کلام کا انتظار رہے گا :)
 
غدیر زھرا

لائبریرین
خاتون شاعری کی تو ہمیں سمجھ نہیں پر شاعر خواتین و حضرات جو کچھ بھی کہتے ہیں 'ہمیشہ' ٹھیک ہی کہتے ہیں۔:cool2:سو داد قبولیے:)
اور ہاں آپ نے کسی شعر میں کوئی تخلص استعمال نہیں کیا اور دیگر یہ کہ ہمارے موجودہ شہر کا نام 'واہ' ہے جو آپ کے قافیے سے بہت ملتا ہے تو حاضر خدمت ہے یہ تک بندی:tongueout:

زھراؔ نے دل کی بات کی جو سب کے روبرو
وہ بولے واہ تو کہا دل نے بھی مرے، واہ واہ
:heehee::heehee:

اس سے کیا ہے:battingeyelashes:
ارے واہ کیا کہنے آپ نے تو متعلقہ بحر میں شعر کہہ دیا بہت خوب :) یعنی اب آپ سے بھی کلام کی توقع رکھی جائے :)
تخلص کا استعمال لازم نہیں اور شاعرانہ تعلی کی تو فی الحال مجال بھی نہیں :)
بے حد مشکور ہوں داد کےلیے :)
 
Top