ابھی زیادہ عرصے کی تو بات نہیں کہ اپنے شمشاد بھائی محفل پر دوسرے جنم ساتھ ہی تمام محفلین کے گرما گرم خیر مقدمی جذبات اور نیک تمناؤں کے گل ہائے مطرا سمیٹ چکے ہیں ۔اسی دوران حال ہی میں کسی دھاگے کے دوران شمشاد بھائی کی کسی بات سے اندازہ ہوا کہ اب وہ مستقل طور پر وطن واپسی کا ارادہ کر چکے ہیں تو خیال آیا کہ پچھلے جنم میں تو اگر چہ ایک ہی شہر میں رہتے ہوئے مشرف بہ ملاقات ہونے کا موقع نہ ملا تو اب یہ موقع ہر گز ہاتھ سے نہ جانے دینا چاہیئے ۔
اپنی انتہائی عزلت گزین طبیعت کو ایک ضرب
کراچی کے محفلین کی حالیہ جنوی کی بالمشافہ نسشت کے ذریعے لگ چکی تھی (اگر چہ اس کو بھی قریب ایک نسل کے وجود میں آنے کے برابر عرصہ ہو چلا)، سو اس مرتبہ ہمت کر کے شمشاد بھائی سے ملاقات کی آرزو کا اظہار کیا ۔ شمشاد بھائی کی شخصیت کو محفل سے جو نسبت ہے اس پر کچھ کہنا تو گویا محمد علی کے قلعے کو مسمار کر کے اس کے انتقام کو دعوت دینےجیسا ہے سو اس بارے میں کچھ کہنا لاطائل ہے۔ شمشاد بھائی نے اس خواہش کو قبول کر کے " ماحضر" کے نام پر ایک دعوت بھی دے ڈالی جسے قبول کرنا واجب ٹھہرا۔ اس کا اچھا خاصا احوال تو موصوف نے لکھ ڈلا تاہم یہ انکشاف کرنا ہم پر چھوڑ دیا کہ اس ماحضر کے نام پر کی گئی ضیافت کے پر تکلف عشائیے کو یادگار بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی ۔
اس عشائیے میں ہوا میں اڑنے والی مخلوق (جس سے انسان کے ڈالے بوجھ نے اب بلند پروازی کا حق چھین لیا ہے ) کے ساتھ ساتھ زمین پر رہنے والی مخلوق اور پانی میں تیرنے والی مخلوقات کے گوشت کے لذیذ ذائقوں اور کئی ایک دیگر لوازمات سے آراستہ کر کے ہمیں اس ضیافت کا قرار واقعی شکریہ ادا کر کے قابل نہ چھوڑا ۔
بہر حال زیر بار امتنان ہم اس ملاقات کے دوران دیس اور پر دیس کے مختلف موضوعات پر میں ایسے محو ہوئے کہ دو تین گھنٹے کا وقت گزر گیا۔ اس دوران ماضی کے کئی قصے بھی تازے ہوئے اور تیزی سے گزرتے وقت کا پتہ بھی نہ چلا کہ نہ جانے تربیلا ڈیم کے نیچے کتنے ہزار کیوسک پانی گزر گیا۔ ۔خیر اس ملاقات اور محویت میں شمشاد بھائی کی مرنج و مرنجان، جہاندیدہ اور زمانے کے سرد و گرم چشیدہ طبیعت کا یقیناً بہت دخل تھا۔
آخر کار اب شمشاد بھائی کے لیے یہ دعا کر کے کہ اللہ تعالی ان کو اہلیہ سے کیے ہوئے وعدوں کے ایفاء کے توفیق بخشے اور زوجین میں محبت و مؤدت میں ترقی دے، اگلی ملاقات کی امید کا سہارا لیتے ہوئے، ہم رخصت ہوئے اور اپنا رستہ لیا۔
اس طرح یہ محفلین میں سے ہماری دوسری ملاقات کا سامان ہوا۔ اللہ تعالی تمام محفلین کو اپنے مقاصد میں کامیاب کرے اور محبت سے آگے بڑھتے ہوئے اپنا سفر طے کرنے کی توفیق عطا کرے ۔ آمین ۔