محترم ریحان قریشی کے ساتھ ایک مصاحبہ

محترم محفلین! ان شا اللہ ہمارے پیارے محفلین محترم ریحان قریشی صاحب کے ساتھ کل دوپہر 12 بجے ایک مصاحبے کا اہتمام کیا جائے گا۔جس میں محترم عدنان اکبر نقیبی صاحب، محترمہ مریم افتخار صاحبہ، محترم فہد اشرف صاحب اور خاکسار مصاحبہ کمیٹی کی خدمات سر انجام دیں گے۔
 
آخری تدوین:
الحمرا ہال کا اندرونی منظر ۔۔۔حاضرین و ناظرین نشستوں پر براجمان ہوچکے ؛ جس کے بعد روشنیاں گُل کردی گئی ہیں۔
پس منظر میں ٹھمری کی اتنی آہستہ آوازکہ اس کا سحر متکلم و سامعین میں سے کسی کے کلام یا سماعت کو نگل نہ لے ۔۔۔اسٹیج کے بائیں جانب رکھی نشست پریک نقطی روشنی(سپاٹ لائٹ) دھیمے سے روشنی ہوتی ہے اورمصاحبہ کمیٹی کا ایک رکن مائیک سنبھالتا ہے۔

حاضرین وناظرین !السلام علیکم۔
آپ سب کو الحمرا ہال لاہورمیں بہت بہت خوش آمدید ۔۔۔اس دعاکے ساتھ کہ ہماری یہ شامِ مصاحبہ یقینا یاد گار گزرے گی۔
مجھے یقین ہے کہ آپ سب کی آنکھوں میں ایک سوال ہے (توقف)۔۔۔اور وہ سوال ہے اس ہال کی خصوصی سجاوٹ کا۔۔۔اس سجاوٹ کا جس میں چھت پر برقی قمقمے ٹانکے گئے ہیں نہ ہی راہ میں گلاب کی پتیوں کو بے توقیر کیا گیا ہے۔۔۔
ہاں ! البتہ سجاوٹ ہے تو تصویروں کی سجاوٹ ہے ۔۔۔اردگرد کتنی تصویریں نصب کی گئی ہیں، کتنے بولتے چہرے بزبانِ قلم قرطاس پر پھر سے مسکرانے لگے ہیں ۔۔۔وہ چہرے جوآج ہمارے ساتھ نہیں لیکن ان کا کلام ہمیں حال سے بیگانہ اورماضی کے سفر پر روانہ کرتا ہے ۔۔۔کہیں چپکے سے صحرا میں گلشن کھلاتا ہے ۔۔۔ کہیں دشتِ الفت میں کھینچ لے جاتا ہے ۔ ۔۔کہیں عہدِرفتہ کی داستان سنا تا ہے۔۔۔اور کہیں خون کے آنسو رلاتا ہے۔۔۔!
حاضرین دیکھیے! یہ ہیں حافظ شیرازی (سپاٹ لائٹ متکلم کے اشارے کے ساتھ ساتھ آگے بڑھتی ہے ) ۔۔۔
حافظ شیرازی جو کسی دور میں شیراز میں زندہ تھے اور آج ہمارے دلوں میں تابندہ ہیں ۔۔۔
دیکھیے! یہ ہیں سعدی شیرازی۔۔۔ جن کے کلام و ملفوظات کو رب العزت نے ایسی توقیربخشی کہ اسے پڑھنے ، سمجھنے اور سمجھانے والوں کی تعداد گزرتے شب و روزکے ساتھ روز افزوں ہوتی جارہی ہے۔۔۔
دیکھیے! یہ ہیں جناب عمر خیام ۔۔۔ جن کی شاعری نے یورپ کو فارس سے لا باندھاتھا اور تا حال یہ بندھن قائم ہے۔۔۔
دیکھیے! یہ ہیں خواجہ میر درد ۔۔۔ جن کی غزلیں آ ج بھی چشم نم سے دامن تر کا سفر طے کراتی ہیں۔۔۔
دیکھیے! یہ ہیں میرِ کارواں،قبلہ میر تقی میر ہیں جن کی میری جز وقتی کب تھی؟۔۔۔
دیکھیے! یہ غالب ہیں ۔۔۔وہ غالب جن کے دیوان کے گرد روزانہ کئی پروانے سر پٹک پٹک کر جان دے دیتے ہیں۔۔۔
دیکھیے !یہ ذوق ہیں جن کے ذوق و وجدان کا چرچا ہماری کتب سے ہماری یادداشت تک پھیلا ہو ا ہے۔۔۔دیکھیے دیکھیے یہ آزاد ہیں۔۔۔جو اپنی نثر سے نظم تک بلند خیالی میں سراپا آزاد رہے۔
یہ حسرت ہیں۔۔۔جن کی چکی کی مشقت اور مشقِ سخن نے ان کی ہمسری کی حسرت کو ایک خواب بنا دیا ہے۔ یہ فیض ہیں۔۔۔جن کی غزل اور نظم دونوں دورِ حاضر کے شعرا کے لیے جدت و قدامت کا سنگم اور فیضِ عام ہے۔۔۔
اور سامعین! یہ دیکھیے ان سب کے درمیان کون صاحب تشریف فرما ہیں جو کہیں میری ہیں تو کہیں ذوقی، کہیں روایت کا دامن سے بندھے ہیں تو کہیں عرضِ عروض پر تلوار لیے بیٹھے نظر آتے ہیں کہ کوئی اس جانب ذرامیلی آنکھ سے تو دیکھے (حاضرین و ناظرین دم بخود اسٹیج کو غور سے دیکھ رہے ہیں لیکن وہاں کچھ نظر نہیں آرہا کہ اچانک دھیمی سے سپاٹ لائٹ اسٹیج کے درمیان روشنی بکھیرتی ہے اور صاحبِ مصاحبہ کی ایک جھلک نظر آتی ہے۔۔۔ہلکی ہلکی سرگوشیوں کی آواز جن میں جوش بھی ہے اور محبت بھی)
تو حاضرین و ناظرین یہ ہیں ۔۔۔ہمارے آج کے صاحبِ مصاحبہ ۔۔۔ جناب ریحان قریشی!
ہال میں تالیوں کی گونج۔۔۔سب لوگ سرشار دکھائی دیتے ہیں۔
 
جناب ریحان قریشی صاحب ! مصاحبہ کمیٹی اور دیگر تمام محفلین کی جانب سے اس مصاحبے میں بہت بہت خوش آمدید!
آئیے باقاعدہ طورپر سوال و جواب کے سلسلے کا آغاز کرتے ہیں۔
 
آپ کا مکمل نام اور یہ کس نے انتخاب کیا ۔۔؟
نام کے ساتھ ذات کے لاحقے کی کوئی خاص وجہ ؟
پیدائش کا ضلع ، عمر اور آپ کے ضلع کی کوئی خصوصیت ؟
کچھ گھر والوں کے بارے میں بتائیے۔خاندان میں کون کون شام ہے؟
آج کل طالب علم ہیں یا یہ سلسلہ رک چکا ہے ؟ اگر رک چکا ہے تو عملی زندگی میں کیا کر رہے ہیں ؟ اب تک حاصل کردہ تعلیم کا درجہ ؟ اگر جاری ہے تو اور کتنی تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ ہے ؟
عمومی پسندیدگی کے بارے میں بتائیے پسندیدہ قاری اور سورۃ ؟پسندیدہ نعت خواں اور نعت ؟پسندیدہ زبان ؟پسندیدہ شاعر ؟ اور کیوں ؟پسندیدہ شاعرہ ؟اور کیوں ؟
پسندیدہ گلو کار، گلو کارہ اور گیت؟پسندیدہ کھیل اور کھلاڑی ؟پسندیدہ رنگ ؟پسندیدہ لباس ؟پسندیدہ ریسٹورنٹ ؟پسندیدہ کھانا؟پسندیدہ ہیرو؟پسندیدہ ہیروئن ؟پسندیدہ فلم ؟پسندیدہ ڈرامہ ؟پسندیدہ سیاستدان ؟پسندیدہ مشاغل ؟
ابھی تک زندگی میں کون کونسی کامیابیاں حاصل کیں؟
 
چند ادبی سوالات:

اردو ادب سے کب سے تعلق ہے اوریہ تعلق کیسے بنا ؟
احباب میں کونسے معروف شعرا اور نثار شامل ہیں؟ گھر میں اور کون کون اردو ادب سے دلچسپی رکھتا ہے ؟
آپ ابھی ما شا اللہ نوجوان ہیں لیکن عروض سے آپ کی خاصی واقفیت ہے، اس کی کوئی خاص وجہ ؟ مشقِ سخن کب سے جاری ہے اور اساتذہ میں کون کون شامل ہیں ؟
با آسانی عروض سیکھنے کے لیے کیا کرنا ضروری ہے ؟
بے وزن شاعری دیکھ کر دل میں کونسا احساس جنم لیتا ہے ؟ کیا جدید اصنافِ نظم کو اردو ادب میں کوئی جگہ دینی چاہیے ؟
اردو کے دامن میں کیسے وسعت لائی جاسکتی ہے ؟
اصنافِ ادب میں سب سے زیادہ کیا پسند ہے ؟ نظم یا نثر ؟
اردو کی قدیم اور جدیداصنافِ نظم میں زیادہ پسندیدگی کا مرکز کیا اور کیوں ہے ؟
اردو کی قدیم اور جدید اصنافِ نثر میں زیادہ کیا پسند ہے اور کیوں؟
اگر کسی قدیم صنفِ شاعری کو دوبارہ سے زندہ کرنے کا موقع ملے تو کس کا انتخاب کریں گے؟
آپ کے خیال میں مثنوی، قصیدہ اور شہر آشوب وغیرہ کے زوا کا سبب کیا بنا اور اردو غزل آج تک دلوں پر راج کیوں کر رہی ہے؟
آپ کی زندگی میں اردو تنقید کا کیا کردار ہے ؟ اردو تنقید سے کسی قسم کی دلچسپی ؟ پسندیدہ نقاد؟
اردو تحقیق سے کبھی دلچسپی پیدا ہوئی ہو یا کوئی کتاب کبھی زیرِ مطالعہ رہی ؟ پسندیدہ محقق؟
آج تک اردو کی کتنی کتب سے فیض یاب ہوئے اور کس کتاب نے سب سے زیادہ متاثر کیا ؟
اردو ادب کے کونسے رسائل و جرائد کے قاری رہے اور ان میں پسندیدہ کونسا ہے ؟
آپ کے خیال میں اردو ادب کی خدمت کون زیادہ احسن انداز میں کر رہا ہے، بھارت یا پاکستان ؟
میریات، غالبیات و اقبالیات میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے تو کس کا کریں گے اور کیوں؟
اگر غالب سے ملاقات ہو تو کیا سوال پوچھنا چاہیں گے ؟اگر اقبال سے ملاقات ہو تو کچھ پوچھنا چاہیں گے یا کوئی شکوہ کریں گے؟
عصرِ حاضر میں کس شاعر کو ہماری نسل کا نمائندہ شاعر قرار دیں گے اور کیوں؟
عصرِ حاضر میں کس نثر نگار کو اردو کا نمائندہ نثر نگار قرار دیں گے اور کیوں ؟
آپ کے خیال میں ہمارے ادب میں کسی قسم کے انقلاب کی ضرورت ہے ؟
کیا واقعی ادب تنقیدِ حیات ہے ؟
آج کل ہمارے ہاں بچوں کے لیے لکھے جانے والا ادب زوال پذیر ہے ۔اس کی وجوہ اور حل ؟
آج تک کسی رسالے یا اخبار میں کوئی تحریر شائع ہوئی ؟
اگر آپ کی زندگی سے اردو ادب کو ختم کر دیا جائے تو؟
کوئی ایسی تحریر جسے آپ سب کو پڑھنا کا مشورہ دیں گے ؟
 
آپ کا مکمل نام اور یہ کس نے انتخاب کیا ۔۔؟
محمد ریحان قریشی ہی مکمل نام ہے۔ اس کا انتخاب میری نانی نے کیا تھا۔
نام کے ساتھ ذات کے لاحقے کی کوئی خاص وجہ ؟
کوئی خاص وجہ نہیں۔
پیدائش کا ضلع ، عمر اور آپ کے ضلع کی کوئی خصوصیت ؟
پیدائش مظفرآباد آزاد کشمیر میں ہی ہوئی اور وہیں آباد ہوں۔ زندگی رہی تو ستمبر میں انیس برس کا ہو جاؤں گا۔
ضلع کی خصوصیات میں ایک پرسکون ماحول، خوبصورت موسم، پہاڑ اور دریا شامل ہیں۔
کچھ گھر والوں کے بارے میں بتائیے۔خاندان میں کون کون شام ہے؟
خاندان میں دادی، والدین اور تین چھوٹے بھائی شامل ہیں۔
آج کل طالب علم ہیں یا یہ سلسلہ رک چکا ہے ؟ اگر رک چکا ہے تو عملی زندگی میں کیا کر رہے ہیں ؟ اب تک حاصل کردہ تعلیم کا درجہ ؟ اگر جاری ہے تو اور کتنی تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ ہے ؟
جی طالبِ علم ہی ہوں۔ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) سے الیکٹرکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہا ہوں۔
عمومی پسندیدگی کے بارے میں بتائیے پسندیدہ قاری اور سورۃ ؟پسندیدہ نعت خواں اور نعت ؟پسندیدہ زبان ؟پسندیدہ شاعر ؟ اور کیوں ؟پسندیدہ شاعرہ ؟اور کیوں ؟
پسندیدہ سورۃ يٰس ہے۔ قاری سدیس کی تلاوت پسند ہے۔
پاپولر نعت خوانوں کو زیادہ نہیں سنتا۔ شہر کے نعت خواں اچھے ہیں۔ پسندیدہ نعت "وہ سوئے لالہ زار پھرتے ہیں"
زبانیں بہت سی پسند ہیں مگر صرف چند ایک ہی جانتا ہوں ان میں اردو، تھوڑی بہت فارسی اور انگریزی شامل ہیں۔ اردو نظم اور انگریزی نثر پر طبع آزمائی کرتا رہتا ہوں۔
غالب اور عرفی شیرازی پسندیدہ شعرا میں سے ہیں۔ فلسفہ اور خیال بندی میں دلچسبی کی وجہ سے۔
پسندیدہ گلو کار، گلو کارہ اور گیت؟پسندیدہ کھیل اور کھلاڑی ؟پسندیدہ رنگ ؟پسندیدہ لباس ؟پسندیدہ ریسٹورنٹ ؟پسندیدہ کھانا؟پسندیدہ ہیرو؟پسندیدہ ہیروئن ؟پسندیدہ فلم ؟پسندیدہ ڈرامہ ؟پسندیدہ سیاستدان ؟پسندیدہ مشاغل ؟
موسیقی زیادہ نہیں سنتا۔ کلاسیکی موسیقی پسند ہے۔ نصرت فتح علی خان کو کافی سنا ہے، بہترین فنکار تھے۔ خدا رحمت کند این عاشقانِ پاک طینت را۔
نیرہ نور پسند ہیں۔ فیض کی نظم "آج بازار میں پابجولاں چلو" کو بہت خوبصورتی سے گایا ہے۔
پسندیدہ فلم ؟پسندیدہ ڈرامہ ؟پسندیدہ سیاستدان ؟پسندیدہ مشاغل ؟
فلمیں، ڈرامے بہت کم دیکھے ہیں۔
سیاست دانوں میں رضا ربانی، اعتزاز احسن کچھ کچھ پسند ہیں۔
مشاغل میں گیمنگ اور anime دیکھنا سرِ فہرست ہیں۔ ان کے علاوہ ٹیبل ٹینس کھیلتا ہوں۔
ابھی تک زندگی میں کون کونسی کامیابیاں حاصل کیں؟
کوئی بہت بڑی کامیابی تو حاصل نہیں کی البتہ ایک توازن قائم رکھا ہے ابھی تک زندگی میں۔
 
آخری تدوین:
اردو ادب سے کب سے تعلق ہے اوریہ تعلق کیسے بنا ؟
خودبخود بن گیا معلوم ہی نہیں ہوا۔
احباب میں کونسے معروف شعرا اور نثار شامل ہیں؟ گھر میں اور کون کون اردو ادب سے دلچسپی رکھتا ہے ؟
احباب میں ایسا کوئی نہیں۔ گھر والوں کو بھی زیادہ دلچسبی نہیں۔
آپ ابھی ما شا اللہ نوجوان ہیں لیکن عروض سے آپ کی خاصی واقفیت ہے، اس کی کوئی خاص وجہ ؟ مشقِ سخن کب سے جاری ہے اور اساتذہ میں کون کون شامل ہیں ؟
مشقِ سخن غالباً چار سال سے۔ بہت زیادہ نہیں لکھا۔
عروض سے دلچسبی تھی تا کہ (غالب سے معذرت کے ساتھ)

لکھ پاؤں اسد سوزشِ دل سے سخنِ گرم
تا رکھ نہ سکے کوئی مرے حرف پر انگشت

شعر کی موسیقیت سے دلچسبی ہمیشہ سے تھی اس لیے عروض نے زیادہ پریشان نہیں کیا۔
با آسانی عروض سیکھنے کے لیے کیا کرنا ضروری ہے ؟
غیر ضروری باریکیوں سے پرہیز۔
بے وزن شاعری دیکھ کر دل میں کونسا احساس جنم لیتا ہے ؟ کیا جدید اصنافِ نظم کو اردو ادب میں کوئی جگہ دینی چاہیے ؟
الجھن ہوتی ہے۔
اردو ادب کی اردو ادب جانے۔
 
آپ کے خیال میں مثنوی، قصیدہ اور شہر آشوب وغیرہ کے زوا کا سبب کیا بنا اور اردو غزل آج تک دلوں پر راج کیوں کر رہی ہے؟
مثنوی کو وقت کی کمی، قصیدہ کو بادشاہی نظام کے خاتمے نے رو بہ زوال کیا۔
غزل مختصر ہو کر بھی بے شمار مضامیں سمو سکتی ہے۔
 

شکیب

محفلین
ان ڈور اور آؤٹ ڈور کھیلوں میں کیا پسند کرتے ہیں؟ صرف دیکھنا پسند ہے یا کھیلتے بھی ہیں؟
 
پسندیدہ کھیل اور کھلاڑی ؟پسندیدہ رنگ ؟پسندیدہ لباس ؟پسندیدہ ریسٹورنٹ ؟پسندیدہ کھانا
فٹبال، ٹیبل ٹینس زیادہ پسند ہیں۔ کھلاڑیوں میں Fan Zhendong، Ma long۔ فٹ بالرز بہت سے پسند ہیں۔ بائرن میونخ کی مکمل ٹیم۔
کالا اور سفید رنگ پسند ہیں۔
Not really a food enthusiast.
 
آخری تدوین:
آپ کی زندگی میں اردو تنقید کا کیا کردار ہے ؟ اردو تنقید سے کسی قسم کی دلچسپی ؟ پسندیدہ نقاد؟
زیادہ تنقید نہیں پڑھی۔ غالب کی فارسی شاعری پر ایک کتاب پڑھی تھی۔ خاص پسند نہیں آئی۔
راحیل فاروق صاحب کی چند تحاریر پڑھی ہیں۔ وہ ہر کام کا ہی ماشاللہ حق ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
 
Top