چھٹی سالگرہ محفل فورم کی چھٹی سالگرہ کے موقعے پر

نبیل

تکنیکی معاون
عزیز دوستان محفل، السلام علیکم
آپ سب کو اور تمام اردو سے محبت رکھنے والوں کو محفل فورم کی چھٹی سالگرہ مبارک ہو۔ اپنے آغاز سے لے اب تک اردو محفل فورم کو صرف اردو کمیونٹی ہی میں نہیں بلکہ دوسری فورمز میں بھی اپنی جدت، تنوع، بہترین صلاحیت رکھنے والے اور بے لوث محبت کرنے والے ممبران کے باعث امتیاز حاصل رہا ہے۔ اردو ویب پر جاری اور تکمیل شدہ پراجیکٹس اردو کمپیوٹنگ کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ آج اگرچہ ہم یہ دعوی تو نہیں کر سکتے کہ اردو کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنا جائز مقام حاصل ہو گیا ہے، لیکن اتنا ضرور کہا جا سکتا ہے کہ کم از کم نیٹ کی دنیا میں اردو ناپید نہیں رہی ہے۔ اگرچہ کچھ پرانے ممبران اپنی ناگزیر مصروفیات کے باعث اب باقاعدگی سے نہیں آ پاتے اور نئے ممبران کی آمد جاری رہتی ہے لیکن اردو ویب اور اردو محفل فورم کے آغاز سے اب تک ہم الحمدللہ اس اعتبار سے خوش قسمت رہے ہیں کہ ہر وقت کوئی نہ کوئی باصلاحیت دوست تخلیقی اور تعمیری کاموں میں مثبت انداز میں ہمارا ساتھ دیتے آئے ہیں۔ اور مجھے یقین ہے کہ جب تک ہمیں آپ جیسے مخلص اور محبت کرنے والے دوستوں کا ساتھ نصیب رہے گا، اردو کا کاروان یونہی آگے بڑھتا رہے گا۔

ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی محفل فورم سالگرہ اس بات کا موقعہ ہے کہ گزرے ہوئے سال اپنی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے۔ اور اس مرتبہ حقیقت تو یہی ہے کہ بظاہر گزرا ہوا سال اردو ویب اور اردو محفل کے لیے زیادہ اچھا ثابت نہیں ہوا ہے۔ گزشہ برس میں محفل فورم کی ٹریفک نہ صرف کم ہوئی ہے بلکہ سوفٹویر ڈیویلپمنٹ پر بھی زیادہ کام نہیں ہو سکا ہے۔ محفل ادب کی رونقیں بھی ماند پڑی رہی ہیں۔ میری نظر میں اس کی ایک سے زائد وجوہات ہیں جن میں چند ایک تکنیکی بھی ہیں۔ اگر محفل فورم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو یہ واضح طور پر نظر آتا ہے کہ وی بلیٹن 4 پر فورم کی اپگریڈ ہمارے لیے کچھ اچھی ثابت نہیں ہوئی ہے۔ یہ محفل فورم کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی نئے وژن پر اپگریڈ سے ہمیں دھچکا پہنچا ہے۔ وی بلیٹن کا ورژن 4 عجلت میں جاری کیا گیا تھا جس کی خامیوں کو ابھی تک مکمل طور پر ٹھیک نہیں کیا جا سکا ہے۔ اس پر مستزاد یہ ہے کہ اردو متن کے لیے دائیں سے بائیں سمت والی فیچر بھی کچھ براؤزرز میں صحیح کام نہیں کر رہی بلکہ کچھ براؤزرز میں تو بلینک پیج نظر آتا ہے۔ ہمیں امید تھی کہ وقت گزرنے کے ساتھ یہ خامیاں دور ہوتی جائیں گی، لیکن ایسا ہوتا نظر نہیں آیا۔ مجبوراً ہم نے محفل فورم کو کسی نئے ورژن پر اپگریڈ نہیں کیا ہے کیونکہ اس سے کوئی بہتری آتی نظر نہیں آ رہی تھی۔ یہ وجہ ہے کہ نئی سہولیات کےاضافے کا سلسلہ بھی موقوف ہے۔ اس کی بجائے اب ہم کسی متبادل سکرپٹ کی تلاش میں ہیں تاکہ محفل فورم کو اس پر مائیگریٹ کیا جا سکے۔ یہ یقیناً ایک بڑا تکنیکی چیلنج ثابت ہوگا۔ میں امید کرتا ہوں کہ دو یا تین مہینے میں اس سلسلے میں کوئی اچھی خبر سننے کو ملے گی۔ بلکہ ہمارا ارادہ تو یہ ہے کہ صرف اردو محفل فورم کے لیے ہی نیا پلیٹ فارم نہ ڈھونڈا جائے بلکہ اردو ویب کو بھی ایک طرح سے ری لانچ کیا جائے اور اس کے مختلف حصوں کو نئے انداز میں پیش کیا جائے۔ ہم انشاءاللہ جلد ہی اس کی منصوبہ بندی کریں گے اور آپ کو اس کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

محفل فورم کے لیے استعمال ہونے والی سکرپٹ کے مسائل تو اپنی جگہ تھے ہی، میں اور میرے رفقائے کار بھی اتفاق سے نہایت مصروف ہوگئے۔ فورم کے ممبران کی فعالیت اور سرگرمی میں کمی آنے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے۔ لیکن یہاں شمشاد بھائی اور ابن سعید کو داد دینی پڑےگی کہ انہوں نے فورم کی رونق بحال کرنے اور اس کا ماحول بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھی ہے۔ اس وقت فورم کی رونق ایسے ہی مخلص دوستوں کےدم قدم سے قائم ہے۔ اس مرتبہ ہوسٹنگ کے اخراجات کا ایک بڑا ٹارگٹ سامنے آیا ہے۔ شمشاد بھائی کی پر خلوص محنت اور آپ سب دوستوں کی محبت سے ہم انشاءاللہ اس سال بھی اس ٹارگٹ کو پورا کر لیں گے۔

گزشتہ سال فورم کی سالگرہ کے موقعے پر میں کئی ٹیوٹوریل پیش کرنا چاہتا تھا لیکن بدقسمتی سے وقت نے اس کی اجازت نہیں دی۔ میری بھر پور کوشش ہوگی کہ اس مرتبہ آئی ٹی ٹیوٹوریل اور ویب ڈیویلپمنٹ ورکشاپ کے سلسلے میں اپنے منصوبوں پر عمل کر سکوں۔ میں نے گزشتہ کچھ عرصے میں ویب بیسڈ اردو ایڈیٹر کو بہتر بنانے پر کام کیا ہے جس کا نتیجہ اب آپ فورم میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ویک اور دوسری ڈیویلپمنٹ کے سلسلے میں تفصیلات علیحدہ سے پوسٹ کروں گا۔ اگرچہ گزشتہ سال میں سوفٹویر ڈیویلپمنٹ کے میدان میں زیادہ پیشرفت نہیں ہو پائی ہے، لیکن پھر بھی کچھ بہترین کاوشیں سامنے آتی رہی ہیں۔ حال ہی میں محمد بلال نے ونڈوز کے لیے اردو انسٹالر تیار کیا ہے۔ اس کے علاوہ محمد علی مکی نے بھی لینکس کے لیے ایک اردو انسٹالر تیار کیا ہے جسے وہ جلد ہی ریلیز کر دیں گے۔ اگرچہ میرے ذہن میں اردو ویب اور اردو محفل کے حوالے سے کئی منصوبے موجود ہیں لیکن ان پر عملدرآمد کا انحصار وقت اور ریسورسز کی دستیابی پر ہے۔ میری کوشش یہی ہوگی کہ کوئی پراجیکٹ شروع کرتے وقت اس کا سکوپ اتنا ہی رکھا جائے کہ اس کے نتائج ایک مقررہ وقت تک حاصل کیے جا سکیں۔

میری آپ سب دوستوں کو دعوت ہے کہ محفل فورم کی چھٹی سالگرہ کے موقعے کو دلچسپ اور پر رونق بنانے کے لیے اس کے لیے جاری سلسلوں میں بھر پور شرکت کریں اور ہو سکے تو خود بھی کوئی تعمیری اور تفریحی سلسلہ شروع کریں۔ ہماری بھی کوشش ہوگی کہ سالگرہ کے موقعے کو آپ کےلیے زیادہ سے زیادہ دلچسپ بنانے کی کوشش کرتے رہیں۔ ہم نے تجرباتی طور پر فورم پر فیس بک سٹائل کی چیٹ کا اضافہ بھی کیا ہے جس میں براہ راست اردو میں چیٹ کی جا سکے گی۔ہماری کوشش رہے گی کہ اسی طرح فورم میں آپ کی دلچسپی کے لیے نئی سہولیات کا اضافہ کرتے رہیں۔ محفل فورم کو بہتر بنانے اور اس کے علمی اور تحقیقی تشخص کے ارتقاء کو یقینی بنانے کےلیے ہم آپ کے مشوروں اور تعاون کے منتظر رہیں گے۔

محفل فورم کی گزشتہ سالگرہوں کے مواقع پر میری تحاریر کے روابط ذیل میں ہیں:

محفل فورم کی پانچویں سالگرہ کے موقعے پر
محفل فورم کی چوتھی سالگرہ کے موقعے پر
محفل فورم کی تیسری سالگرہ کے موقعے پر!
محفل فورم کی دوسری سالگرہ کی مبارکباد!
آپ سب کو محفل فورم کی پہلی سالگرہ مبارک
 
اس زبردست صدارتی تقریر کے بعد اب زکریا بھائی کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ جہاں کہیں بھی اور جس حال میں بھی ہوں، فوراً قوم سے خطاب کے لئے کمربستہ ہو جائیں۔ :)
 
میم نون

محفلین
بسم اللہ الرحمن الرحیم

السلامُ علیکم،

سب سے پہلے تو میری طرف سے تمام محفلین کو سالگرہ مبارک ہو۔

پچھلے سال کی یہ بات تو ضرور ہے کہ اس میں کوئی زیادہ پراجیکٹس مکمل نہیں ہو سکے، اب اس سال میں ہمیں کوشش کرنی ہو گی کہ بجائے بہت سارے پراجیکٹس شروع کرنے کے ان ہی پراجیکٹس کو شروع کیا جائے جنھیں ایک مقررہ وقت میں مکمل کیا جا سکے، بہت سارے پراجیکٹس شروع کرنے سے انپر مناسب توجہ نہ دینے سے پھر اکثر نا مکمل رہ جاتے ہیں۔

میں نے گرافکس والے ذمرے کے لئیے بہت کچھ کرنے کو سوچ رکھا تھا لیکن پھر یک دم ہی بہت سی مصروفیات آڑھے آ گئی ہیں، انشاء اللہ جلد ہی اسپر کام دوبارہ شروع کروں گا۔

میرے خیال میں جن پراجیکٹس پر زیادہ توجہ دینی چاہئیے وہ ہیں:
اردو او سی آر
سپیچ ریکگنائزیشن

ان دونوں میں سے اگر ایک بھی مکمل کر لیا جائے تو اردو کی دنیا میں انقلاب آ سکتا ہے۔

والسلام،
 
سویدا

محفلین
عوام بغور تقریر سن رہی ہے (میں بذات خود)
:)
اردو محفل اور اس کی انتظامیہ کو بہت بہت مبارک ہو
 
عسکری

معطل
نبیل بھائی پاکستان کے صدر سے اچھی تقریر کر گئے ھھھھھھھھھھھھھ ِ شکریہ آپ کا نبیل بھائی ۔ ویسے یہ ہمارے پرانے ممبران ہیں کہاں ؟
 
ماشاء اللہ، یہ افتتاحی خطبے کی روایت :)
نبیل بھیا، سب کے ساتھ ساتھ آپ کو بھی بے حد مبارک ہو :) اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی تمام تر ذمہ داریوں سے بہ خوبی عہدہ بر آ ہونے کی ہمت اور توفیق دے تاکہ آپ ساتھ ساتھ اُردو ویب کے مشن کو بھی اسی طرح ترقی کی راہ پر رواں رکھ سکیں۔
 
نبیل

تکنیکی معاون
بسم اللہ الرحمن الرحیم

السلامُ علیکم،

سب سے پہلے تو میری طرف سے تمام محفلین کو سالگرہ مبارک ہو۔

پچھلے سال کی یہ بات تو ضرور ہے کہ اس میں کوئی زیادہ پراجیکٹس مکمل نہیں ہو سکے، اب اس سال میں ہمیں کوشش کرنی ہو گی کہ بجائے بہت سارے پراجیکٹس شروع کرنے کے ان ہی پراجیکٹس کو شروع کیا جائے جنھیں ایک مقررہ وقت میں مکمل کیا جا سکے، بہت سارے پراجیکٹس شروع کرنے سے انپر مناسب توجہ نہ دینے سے پھر اکثر نا مکمل رہ جاتے ہیں۔

میں نے گرافکس والے ذمرے کے لئیے بہت کچھ کرنے کو سوچ رکھا تھا لیکن پھر یک دم ہی بہت سی مصروفیات آڑھے آ گئی ہیں، انشاء اللہ جلد ہی اسپر کام دوبارہ شروع کروں گا۔

میرے خیال میں جن پراجیکٹس پر زیادہ توجہ دینی چاہئیے وہ ہیں:
اردو او آر سی
سپیچ ریکگنائزیشن

ان دونوں میں سے اگر ایک بھی مکمل کر لیا جائے تو اردو کی دنیا میں انقلاب آ سکتا ہے۔

والسلام،

شکریہ نوید۔ سپیچ ایکگنیشن اور او سی آر پر کام یقیناً بہت اہم ہے۔ سپیچ ایکگنیشن کے سلسلے میں کچھ پیشرفت ہوئی بھی تھی۔ اگر یہ کسی حد تک قابل استعمال ہو جائے تو یقینا اس سے اردو کمپیوٹنگ میں انقلاب آ سکتا ہے۔
جہاں تک گرافکس کا تعلق ہے تو ہمیں اس سلسلے میں آپ کی کنٹریبیوشن کا انتظار رہے گا۔ مجھے زیادہ دلچسپی اردو میں ٹیکسٹ ایفیکٹس سے۔
 
میم نون

محفلین
شکریہ نبیل بھائی،

میری کوشش تو تھی کہ پہلے فوٹوشاپ ایکشنز کی سیریز جو شروع کی تھی اسے پورا کر لوں لیکن اب فوٹوشاپ میرے کمپیوٹر پر چل نہیں رہا، کمپیوٹر بہت پرانا ہے۔

اس لئیے اب گمپ میں کام شروع کروں گا اور شروعات انشاء اللہ ٹیکسٹ ایفیکٹس سے ہی کرتا ہوں۔
 
موجو

لائبریرین
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
بہترین :applause:
آپ سب کو سالگرہ مبارک ہو
اور آپ کا صدارتی خطبہ
کیا ہی اچھا ہو اگر یہاں موجود ٹیم محفل کے لیے ایک خاص ایپلیکیشن وی بیلیٹن کی طرح کی بنا لیں جس سے یقینا اردو کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
 
شاکرالقادری

لائبریرین
اردو محفل نے یقینا ۔۔۔۔ اردو زبان و ادب کے فروغ میں اپنا لوہا منوالیا ہے ۔۔۔ اور اس کی کوکھ سے کئی محافل اور مجالس نے جنم لیا ہے اس اعتبار سے ہم محفل کی چھٹی سالگرہ پر بانیانِ محفل کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
بانی محفل کے اس خطاب کے موقع پرہمارے کسی خطاب کی نہ تو گنجائش ہے اور نہ ضرورت البتہ یہ ہماری شدید خواہش ہے اور ہم اپنی یہ خواہش ،
اردو محفل کو ۔۔۔۔۔۔ ام المجالس/ ام المحافل۔۔۔۔۔۔ کا "خطاب" پیش کرکے پوری کرتے ہیں :lovestruck:
 
شاکر چاچو اس سالانہ جشن کے موقع پر آپ کے تاثرات پر مبنی کم از کم ایک پیغام کی تمنا ہم سب کو ہے۔ نیز سبھی محفلین کو اس کی ترغیب دی جاتی ہے۔ مثلاً آج برادم فہیم صاحب نے اپنے تاثرات بیان کیئے ہیں جو خاصا دلچسپ ہے۔ :)
 
جزاک اللہ خیر برادرم شاکرالقادری۔ آپ جیسے صاحب علم اور مخلص دوستوں کی اس فورم پر موجودگی ہمارے لیے اعزاز کا باعث ہے۔ مجھے یقینا اپنے افتتاحی پیغام میں ذکر کرنا چاہیے تھا کہ القلم اور اردو کوڈر کی ہر کامیابی اصل میں اردو ویب کی کامیابی ہے، لیکن مجھے یاد نہیں رہا۔ اس لغزش کےلیے معذرت چاہتا ہوں۔
 
آپ اس خطاب میں ترمیم واضافہ کردیں :)
 
dehelvi

محفلین
تمام شرکاء محفل کو چھٹی سالگرہ مبارک!
نبیل بھائی کے مفصل ارشادات اور سخنہائے گفتنی نے تو واقعی اردو کے حوالے سے کچھ کردکھانے کے دیرینہ عزائم کو (جو گردش ایام کے باعث خوابیدہ ہوچکے تھے) پھر سے بیدار کردیا ہے، اور آگے اپنی منزل کے راستے کو نئی طرح دینے کے لئے خضر راہ کا کام کیا ہے۔ رب کریم ہم سب کو اس نیک کام میں اپنی بساط بھر حصہ لینے کی توفیق عطا فرمائے۔
 
نبیل

تکنیکی معاون
شکریہ دہلوی برادرم۔
آپ کے ذہن میں اس سلسلے میں جو ارادے ہیں اور جو آئیڈیاز ہیں انہیں یہاں ضرور شئیر کریں۔
 
شاکرالقادری

لائبریرین
شاکر چاچو اس سالانہ جشن کے موقع پر آپ کے تاثرات پر مبنی کم از کم ایک پیغام کی تمنا ہم سب کو ہے۔ نیز سبھی محفلین کو اس کی ترغیب دی جاتی ہے۔ مثلاً آج برادم فہیم صاحب نے اپنے تاثرات بیان کیئے ہیں جو خاصا دلچسپ ہے۔ :)
مجھے بتایئے تو سہی یہ تاثراتی دھاگہ کہاں پر واقع ہے؟
 
محمد وارث

لائبریرین
السلام علیکم

میری طرف سے تمام اراکینِ محفل، بانیانِ محفل نبیل اور زیک اور تمام منتظمین کو بہت مبارک ہو!
 
زیک

مسافر
اس زبردست صدارتی تقریر کے بعد اب زکریا بھائی کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ جہاں کہیں بھی اور جس حال میں بھی ہوں، فوراً قوم سے خطاب کے لئے کمربستہ ہو جائیں۔ :)

جب آپ نے مجھے یہ دعوت دی تو میں اسلامآباد ہسپتال میں انٹرنیٹ سے کافی دور تھا

آج ہی گھر واپسی ہوئی ہے
 
Top