محفل چائے خانہ

سیما علی

لائبریرین
آداب عرض ہے ..
محفل چائے خانہ کی یاد ستائی ۔۔
ابو نثر احمد حاطب صدیقی کا مضمون نظر سے گذرا

کٹھ حجتی ہو یا کٹ حجتی، دونوں بری ہیں​

ہم ’کٹ حجتی‘ لکھتے اور بولتے رہے ہیں۔ ریختہ میں بھی ہم نے دیکھا تو کٹ حجتی ہی ہے۔ ’’کٹ حجتی‘‘ کے معنی ہیں: ’’خواہ مخواہ کی بحث، بحث برائے بحث،اپنی بات پر اڑنا، ضد سے کام لینا، بے جا حجت‘‘۔ لیکن جناب ابونثر نے ’’کٹھ حجتی‘‘ لکھا ہے، آیا یہ زیادہ فصیح ہے یا کاتب کی غلطی ہے؟‘‘
جہاں تک کٹ اور کٹھ کا تعلق ہے تو ’کٹ‘ بھی ’کٹھ‘ ہی کی بدلی ہوئی صورت ہے۔ اصلاً یہ ’کٹھ‘ ہی تھا، مگر ممکن ہے کہ کسی کٹھ حجت نے دو چشمی ’ھ‘ کو کاٹ کھایا ہو اور کٹ حجتی شروع کردی ہو۔ حجت بازی بڑھ جانے سے اب کٹ حجتی اور کٹھ حجتی (یا کٹ مُلّا اور کٹھ مُلّا) ایک دوسرے کے متبادل ہوگئے ہیں۔ زیادہ فصیح کیا ہے، اس کا فیصلہ تو فصحا ہی کرسکتے ہیں۔ مفتی صاحب نے ’ریختہ‘ کا حوالہ دیا ہے تو ’ریختہ‘ پر بھی کٹھ حجت اورکٹھ حجتی، دونوں تراکیب مُندرج ہیں۔ نوراللغات میں بھی کٹ حجت اور کٹھ حجت ہر دوالفاظ براجمان ہیں۔
اسرارؔ جامعی کی نظم ’’دلی درشن‘‘ کا ایک شعر ہے:

شر پنڈت، کٹھ مُلّا دیکھا
رام بھگت، عبداللہ دیکھا

کاٹھ کا مخفف ہونے کے علاوہ ’کٹھ‘ کے معانی محنت، مشقت اور ریاضت کے بھی ہیں۔ یہ’ کشٹ‘ کی بدلی ہوئی شکل ہے۔ اسی ’کٹھ‘ سے ’کٹھن‘ اور ’کٹھنائی‘ بنا ہے۔محنت و مشقت سے بنایا ہوا قلعہ یا حصار’کوٹھ‘ کہلاتا ہے۔ گودام یا ذخیرہ بھی کوٹھ کہا جاتا ہے۔ کوٹھ سے کوٹھا، کوٹھی اور کوٹھری بنالی گئی۔ غالباً یہی لفظ ’کوٹ‘ میں تبدیل ہو کر بستیوں کے ناموں کے ساتھ بھی لگ گیا۔سیال کوٹ، جام کوٹ، شور کوٹ اور راولا کوٹ وغیرہ۔
حجت کا مطلب دعویٰ، دلیل، بحث و تکراراور باہم جھگڑنا ہے۔ ’ احتجاج‘ اسی سے بنا ہے۔حجت کا ایک مطلب قصدو ارادہ کرنا یا بار بار آنا جاناہے۔’ حج‘ کی اصطلاح انھی معنوں سے اخذ کی گئی ہے۔فقہ میں ’حجت‘ اُس قولِ فیصل (فیصلہ کُن بات) یا دلیل کو کہتے ہیں جس کے بعد کچھ کہنے سننے کی گنجائش باقی نہ رہے۔ مثلاً: ’’اللہ کا حکم اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلّم کی سنت ہمارے لیے حجت ہے‘‘۔
بہر حال، کٹھ حجتی ہو یا کٹ حجتی، ہیں دونوں بُری۔ ان سے بچنے کا حکم ہے۔سورۃ المومنون کی آیت نمبر 3اور سورۃ الفرقان کی آیت نمبر 72 کی رُو سے اہلِ ایمان لغو، فضول، لایعنی اور لاحاصل باتوں سے منہ پھیر لیتے ہیں اور جہاں کسی قسم کی فضولیات ہو رہی ہوں وہاں سے ان کا گزرہو تو مہذّب طریقے سے کترا کر نکل جاتے ہیں۔
 
آخری تدوین:
واقعی بہت معلوماتی تحریرہے ایک ہی لفظ کے ضمن میں کتنے ہی الفاظ اور کتنی ہی چیزیں علم میں آگئیں۔ہرلڑی اِسی بات کی متقاضی ہے کہ ہماری تحریریں اور عبارتیں ادب کی چاشنی ،معلومات کا رس،زبان وبیان کا لطف لیے تربیت و تعلیم و ترغیب وترہیب ورُشد و ہدایت کا مظہر ہوں۔
 

سیما علی

لائبریرین
واقعی بہت معلوماتی تحریرہے ایک ہی لفظ کے ضمن میں کتنے ہی الفاظ اور کتنی ہی چیزیں علم میں آگئیں۔ہرلڑی اِسی بات کی متقاضی ہے کہ ہماری تحریریں اور عبارتیں ادب کی چاشنی ،معلومات کا رس،زبان وبیان کا لطف لیے تربیت و تعلیم و ترغیب وترہیب ورُشد و ہدایت کا مظہر ہوں۔
سچ شکیل بھائی ہم اکثر کہتے ہیں اردو محفل پہ اس محفل کہ نورتن ہیں ۔
محمد وارث میاں اس محفل کے نورتن میں سے ایک ہیں اس لڑی میں آپکو جا بجا ایسی مراسلے ملیں گے جنھیں پڑھ کے طبعیت خوش ہوجاتی ہے
کاش جیہ جیسے لوگ پھر سے فعال ہوں اور محفل کی شان بڑھائیں
 

فرخ منظور

لائبریرین
خرگوش۔ گدھے کے کانوں والا دو الفاظ کا مرکب ہے۔ خر بمعنی گدھا اور گوش بمعنی کان،
بزدل ۔بکری کے دل والا، بز اور دل کا مرکب
شترمرغ ۔ اونٹ جیسا پرندہ شتر بمعنی اونٹ اور مرغ بمعنی پرندہ
 
آخری تدوین:

سیما علی

لائبریرین
السلام علیکم
محفل چائے خانے کا ماحول انتہائی سوگوار ہے ۔۔
صاحب خانہ ملک عدم سدھارے ۔۔محفل سونی ہوئی انکے بغیر 🥲🥲🥲🥲
آئیے وارث میاں کے حق میں دعا کریں۔کہ اللہ تعالی انکی اگلی منزل کو آسان فرماے۔۔۔آمین
 

جاسمن

لائبریرین
قرآن مجید میں مومن کا جمع کا صیغہ مومنِین تو کئی بار آیا، جب کہ تثنیہ کا صیغہ مومنَین ایک مجھے یاد آ رہا ہے جب حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل کعبہ کی تعمیر کر رہے تھے تو ان کی دعا تثنیہ کے صیغے میں ہے:

وَإِذْ یَرْفَعُ إِبْرَاہِیْمُ الْقَوَاعِدَ مِنَ الْبَیْتِ وَإِسْمَاعِیْلُ رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا إِنَّکَ أَنْتَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ رَبَّنَا وَاجْعَلْنَا مُسْلِمَیْنِ لَکَ وَمِنْ ذُرِّیَّتِنَا أُمَّةً مُّسْلِمَةً لَّکَ وَأَرِنَا مَنَاسِکَنَا وَتُبْ عَلَیْنَا إِنَّکَ أَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِیْمُ۔

"(وہ وقت بھی یاد کرو)جب ابراہیم اور اسماعیل اس گھر کی بنیادیں اٹھا رہے تھے اور دعا کر رہے تھے۔ اے ہمارے رب ہم سے (یہ عمل) قبول فرما کیونکہ تو خوب سننے اور جاننے والا ہے۔اے ہمارے رب ہم دونوں کو اپنا مطیع اور فرمانبردار بنا۔اور ہماری ذریت سے اپنی ایک فرمانبردار امت پیدا کر اور ہمیں ہماری عبادت کی حقیقت سے آگاہ فرما اور ہماری توبہ قبول فرما۔یقینا تو بڑا توبہ قبول کرنے والا اور رحم کرنے والا ہے
اس لڑی کا آخری مراسلہ
 

سیما علی

لائبریرین
اس لڑی کا آخری مراسلہ
بہت اچھے انسان ۔۔جب بھی چندا بٹیا سے بات ہوتی ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ کسقدر اعلی و ار فع انسان تھے اپنے گھر والوں کے لئے ۔۔بس پرچار کم از کم ۔کسی کو معلوم بھی نہیں ۔۔سب سے پہلے تو اس درجہ پر فائز کہ ؀
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا روایت کرتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا' تم میں بہتر شخص وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لئے سب سے اچھا ہو اور میں تم سب میں اپنے گھر والوں کے لئے زیادہ اچھا ہوں'
(ابن حبان)

تو بس جب کسی کے قریب ترین یعنی جیسا پروردگار نے فرما دیا کہ ہم نے؀

ھُنَّ لِبَاسٌ لَّکُمْ وَأَنتُمْ لِبَاسٌ لَّہُنَّ ﴿بقرہ،۱۸۷﴾ ’’وہ تمہارے لیے لباس ہیں اور تم ان کے لیے لباس ہو۔‘‘
'وہ تمہارا لباس ہیں اور تم ان کا لباس ہو (دونوں ایک دوسرے کی زینت اور ایک دوسرے کی حفاظت کا باعث ہو )
بس جب آپ کی قریب ترین ہستی آپ کی گواہی دے تو اس سے زیادہ کیا کوئی گواہی دے سکتا ہے ۔۔۔
پروردگار کے حضور دعا ہے کہ اسقدر اپنے گھر والوں کی قدر اور اپنے معاملات میں حسن سلوک رکھنے والے کے لئے اگلے جہاں کی تمام منازل کو آسان بنادے ۔جنت کا اعلیٰ و افضل مقام عطا فرمائیں ۔انکی مغفرت فرما کر اعلی علیین میں جگہ نصیب کریں ۔انکے لیے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دیں ۔۔۔آمین
 
آخری تدوین:
Top