مظفر وارثی مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے

زبیر مرزا

محفلین
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے

کمالِ خلّاق ذات اُسکی
جمالِ ہستی حیات اُسکی
بشر نہیں عظمتِ بشر ہے
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے

وہ شرحِ احکامِ حق تعالٰی
وہ خود ہی قانون خود حوالہ
وہ خود ہی قرآن خود ہی قاری
وہ آپ مہتاب آپ ہالہ
وہ عکس بھی اور آئینہ بھی
وہ نکتہ بھی خط بھی دائرہ بھی
وہ خود نظارہ ہے خود نظر بھی
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے

شعور لایا کتاب لایا
وہ حشر تک کا نصاب لایا
دیا بھی کامل نظام اسنے
اور آپ ہی انقلاب لایا
وہ علم کی اور عمل کی حد بھی
ازل بھی اسکا اور ابد بھی
وہ ہر زمانے کا راہبر ہے
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے

ہر اک پیمبر نہاں ہے اس میں
ہجومِ پیمبراں ہے اس میں
وہ جس طرف ہے خدا ادھر ہے
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے

بس ایک مشکیزہ اک چٹائی
ذرا سے جو اک چارپائی
بدن پہ کپڑے واجبی سے
نہ خوش لباسی نہ خوش طباعی
یہی ہے کل کائنات جسکی
گنی نہ جائیں صفات جسکی
وہی تو سلطانِ بحر و بر ہے
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے؎

جو اپنا دامن لہو سے بھر لے
مصیبتیں اپنی جان پر لے
جو تیغ زن سے لڑے نہتا
جو غالب آکر بھی صلح کر لے
اسیر دشمن کی چاہ میں بھی
مخالفوں کی نگاہ میں بھی
امیں ہے صادق ہے معتبر ہے
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے

جسے شہِ شش جہات دیکھوں
اسے غریبوں کے ساتھ دیکھوں
کدال پر بھی وہ ہاتھ دیکھوں
لگے جو مزدور شاہ ایسا
نہ زر نہ دھن سربراہ ایسا
فلک نشیں کا زمین پہ گھر ہے
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے

وہ خلوتوں میں بھی صف بہ صف بھی
وہ اس طرف بھی وہ اس طرف بھی
محاذ و منبر ٹھکانے اس کے
وہ سر بسجدہ وہ سر بکف بھی
کہی وہ موتی کہیں ستارہ
وہ جامعیت کا استعارہ
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے
***************
مظفر وارثی
 
فاتح

لائبریرین
کیا کہنے۔۔۔
مظفر وارثی کی خوبصورت ترین نعتوں میں سے ایک ہے۔
ایک عرض ہے کہ "مرا پیامبر ﷺ" کو "مرا پیمبر ﷺ" کر دیجیے کہ نعت کے اوزان کے مطابق یہ املا درست ہو گی۔
 
زبیر مرزا

محفلین
کیا کہنے۔۔۔
مظفر وارثی کی خوبسورت ترین نعتوں میں سے ایک ہے۔
ایک رتض ہے کہ "مرا پیامبر ﷺ" کو "مرا پیمبر ﷺ" کر دیجیے کہ نعت کے اوزان کے مطابق یہ املا درست ہو گی۔
شکریہ فاتح بھائی میرے پاس تدوین کا آپشن اب موجود نہیں شمشاد بھائی سے گذارش ہے کہ وہ تدوین کردیں شکریہ
 
انتہا

محفلین
زحال مرزا بھائی! یہ دونوں بند مکمل نہیں ہیں: اگر ہو سکیں تو اچھا ہو جائے گا۔
ہر اک پیمبر نہاں ہے اس میں
ہجومِ پیمبراں ہے اس میں
وہ جس طرف ہے خدا ادھر ہے
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے
جسے شہِ شش جہات دیکھوں
اسے غریبوں کے ساتھ دیکھوں
کدال پر بھی وہ ہاتھ دیکھوں
لگے جو مزدور شاہ ایسا
نہ زر نہ دھن سربراہ ایسا
فلک نشیں کا زمین پہ گھر ہے
مرا پیمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) عظیم تر ہے
 
محمداحمد

لائبریرین
جزاک اللہ زحال بھائی۔۔۔۔!

یہ میری پسندیدہ ترین نعتوں میں سے ہے۔ بہت خوب اور بہت ہی پُر اثر کلام ہے۔

شکریہ۔۔۔۔!
 
Top