استاد جی نے عصر کے بعد فرمایا کہ میں نمازِ جمعہ بیت المکرم میں پڑھاتا ہوں ۔ آج بھی اسی معمول سے جا رہا تھا ۔ ساتھ میں میری اہلیہ محترمہ اور دو چھوٹے پوتے بھی تھے۔
گاڑی ڈرائیور حبیب چلا رہا تھا اور ایک سرکاری گارڈ فاروق آگے بیٹھا تھا۔۔۔
کہ اچانک سامنے سے اور سائیڈوں سے گولیوں کی بوچھاڑ شروع ہوگئی۔ ڈرائیور کے کندھے پر دو گولیاں لگیں اور اس کی وجہ سے اس کا کندھا مفلوج ہو گیا ۔ سامنے بیٹھے گارڈ کے سر میں گولی لگی مگر اس وقت محفوظ رہا ۔
اور اس وقت ڈرائیور گاڑی بھگانے میں کامیاب ہو گیا ۔۔۔۔
مگر تھوڑا سا آگے جا کر شاید قاتلوں کو پھر خیال آیا کہ جس کام کیلئے آئے تھے وہ شاید نہیں ہوا
تو وہ دوبارہ پلٹے اور پھر گولیوں کی بوچھاڑ کردی ۔ جس کی وجہ سے گارڈ کو پھر گولیاں لگیں اور ڈرائیور کا ایک ہاتھ بھی کام کرنا چھوڑ گیا۔۔۔
میں نے ڈرائیور سے کہا تم اب گاڑی نہیں چلا سکتے ۔ تم پیچھے آؤ میں گاڑی چلاتا ہوں ۔۔۔ مگر اس نے جواب دیا کہ حضرت بالکل بھی نہیں ۔۔۔ آپ نے گاڑی سے نہیں اترنا ۔ وہ دو دفعہ حملہ کرچکے ہیں دوبارہ بھی کرسکتے ہیں ۔ لہذا اپ تھوڑا سا نیچے ہو کر بیٹھ جائیں تاکہ دوبارہ اگر حملہ ہو تو آپ کو گولی نہ لگے ۔۔۔
ڈرائیور نے انتہائی جرات و ہمت اور مردانگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زخمی حالت میں ایک ہاتھ سے گاڑی چلاتے ہوئے وہاں سے لیاقت ہسپتال ہمیں پہنچادیا۔
میرا اس حملہ میں بچ جانا یا تو آپ لوگوں کی دعا تھی اور اللہ کا فضل تھا ۔ورنہ مادی اسباب میں سے کوئی ایسا سبب نہیں تھا کہ میں بچ جاتا ۔۔۔بس میں اس کو بیان نہیں کرسکتا کہ کیسے بچ گیا
ہسپتال پہنچ کر میں جلدی سے اترا ۔ ڈرائیور کو اتارا اور گارڈ کو اسٹریچر پر ڈال کر ڈاکٹر کے حوالے کیا ۔۔۔ مگر انہوں نے کہا کہ یہ یہاں آنے سے پہلے ہی اللہ کو پیارے ہو چکے ہیں اور ڈرائیور کا علاج ہم کریں گے ۔۔۔
ہماری دوسری گاڑی جو پیچھے آ رہی تھی اس میں ڈرائیور عامر اور جامعہ کا گارڈ صنوبر موجود تھے۔ ان پر بھی سخت فائرنگ کی گئی۔ جس کی وجہ سے اس گاری میں موجود گارڈ بھی شہید ہو گیا اور ڈرائیور انتہائی تشویشناک حالت میں ہے ۔ اس کیلئے دعاؤں کی درخواست ہے۔
میں تو الحمد للہ بالکل بچ گیا اور ایک کھرونچ تک نہیں آئی اور نہ کوئی گھبراہٹ اور پریشانی ہوئی مگر میرا دل اپنے ساتھیوں کی شہادت کی وجہ سے انتہائی زخمی ہے۔ میں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ان کے غم میں شریک ہوں۔
جو شہید ہو گئے اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور جو زخمی ہے اس کی صحت کی دعا فرمائیں ۔ اللہ اس کو جلدی صحت کاملہ عاجلہ مستمرہ عطا فرمائے.. آمین