چند ماہ پیشتر اکتوبر 2013 میں راقم الحروف نے دلی کی عبقری شخصیت مولانا عبدالسلام نیازی مرحوم و مغفور کا تذکرہ یہاں محفل میں کیا تھا۔
ڈاکٹر معین الدین عقیل، عبدالحئی عابد صاحب، سید منصور شاہ, متین منیری صاحب جیسے احباب نے ہمت افزائی بھی کی اور اہم مواد فراہم کیا یا اس کی نشان دہی کی تھی۔
اللہ تعالی نے اس کام میں ایسی برکت عطاء فرمائی کہ مولانا پر مطلوبہ مواد مختلف جگہوں سے دستیاب ہوتا چلا گیا اور ایک موقع پر اردو اکادمی بہاولپور کے مالک اور معروف تحقیق مجلے "الزبیر" کے مدیر ڈاکٹر شاہد رضوی نے مولانا نیازی پر کتاب کی اشاعت کا عندیہ دیا اور خود بھی مدد (سن ستر کی دہائی میں الزبیر میں شائع ہوئے مزید اہم مضامین کی بازیابی) کے لیے آمادہ ہوگئے۔ دریں اثناء راقم کا رابطہ مولانا ابو الاعلی مودودی (رح) کے فرزند حیدر فاروق مودودی صاحب سے ہوا جنہوں مولانا نیزی کی دو انتہائی نادر تصاویر عنایت کیں جنہیں کتاب میں شامل کیا گیا۔ حیدر فاروق مودودی صاحب نے مولانا نیازی کے ہاتھوں اس وقت بیعت کی تھی جب وہ (حیدر فاروق) کم سن تھے۔
مذکورہ کتاب کا عنواان ہے "مولانا عبدالسلام نیازی-آفتاب علم و عرفان"
یہ عنوان حیدر فاروق مودودی صاحب کا تجویز کردہ ہے۔
دلی کے دوست فرحان بیگ نے مولانا نیازی کے مزار کی تلاش کے بعد اس کی تصاویر ارسال کیں۔ اسلام آباد کے حسن نواز شاہ صاحب نے قدم قدم پر رہنمائی فرمائی۔ دسمبر 2013 میں کتاب اشاعت کے لیے تیار تھی جب حسن صاحب کو پرانی کتابوں کے بازار سے عزیز میاں کی سوانح عمری ملی۔ گھر آکر پڑھنا شروع کیا تو ایسی دلچسپی بنی کہ کتاب ختم کیے بنا نہ رہے سکے تھے۔ ایک جگہ عزیز میاں کے دہلی جانے اور مولانا نیازی کے سامنے اکتساب علم کی غرض سے زانوئے تلمذ تہ کرنے کا ازحد دلچسپ احوال موجود تھا سو یہ قصہ بھی کتاب میں شامل کرلیا گیا۔
ڈاکٹر شاہد سے یہ طے پایا تھا کہ جونہی کتاب اشاعت کے لیے جائے گی، اس بات کو مشتہر کردیا جائے گا۔ سو اب یہ کیفیت ہے کہ پندرہ سے بیس روز میں انشاء اللہ کتاب شائع ہوجائے گی۔
کتاب کا سرورق میرے کرم فرما سید معراج جامی صاحب کا تخلیق کردہ ہے جبکہ فلیپ بھی انہوں نے ہی تحریر کیا ہے۔ سرورق، پس ورق اور فلیپ کے لنکس درج کردیے گئے ہیں۔
کتاب میں شامل فہرست مضامین پیش کی جارہی ہے:
ترتیب
۔مولانا عبدالسلام نیازی۔ گفتارِ ہیبت و جلال انجینئر راشد اشرف
۔ دیباچہ ڈاکٹر شاہد حسن رضوی
۔ وادی جمنا سے وادی ہاکڑہ تک مسعود حسن شہاب
۔ مولانا عبدالسلام نیازی دہلوی مسعود حسن شہاب
۔ دلّی کے ایک پڑھے لکھے شخص رزی جے پوری (ستر کی دہائی میں شائع ہوا
۔ مولوی عبدالسلام نیازی سیّد مقصود زاہدی
۔ دلّی جو ایک شہر تھا مُلا واحدی
۔ یاران نجد مقبول جہانگیر
۔ ادب اور ادیب سیّد مودودی کی نظر میں سفیر اختر
۔ انٹرویو حیدر فاروق مودودی
۔ مولانا عبدالسلام دہلوی شاہد احمد دہلوی
۔ مولانا عبدالسلام جوش ملیح آبادی
۔ مولوی عبدالسلام۔ایک جلالی عالم اخلاق احمد دہلوی
۔ مولانا عبدالسلام نیازی نصراللہ خاں
۔ محفلے دیدم حیرت شملوی
۔ مولانا عبدالسلام نیازی خلیق انجم
۔ مقبوضہ ہندوستان (سفرنامہ) سیّد انیس شاہ جیلانی
مولانا عبدالسلام نیازی شاہد احمد دہلوی
۔ عبدالسلام نیازی دہلوی انور سدید
۔ جائزہ خواجہ محمد احمد صمدانی
۔ پھر وہی بیان اپنا اخلاق احمد دہلوی
۔ دلی کی چند یادگار زمانہ ہستیاں عشرت رحمانی
۔ مولانا عبدالسلام نیازی محمد ذکی الدہلوی
۔ مولوی عبدالسلام نیازی سوانح عزیز میاں
۔ چند مکاتیب شرح ۔وحدت الوجود الشہود