اسلام وعلیکم۔
میرا نام ذوالفقارنقوی ہے۔ میں دس جون 1965ء میں ریاست جموں و کشمیر ، ضلع پونچھ کے گاوءں گورسائی میں پیدا ہوا۔ ابتدائی تعلیم اپنے علاقہ میں حاصل کرنے کے بعد جموں یونیورسٹی سے گریجویشن کی۔ بعد ازاں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ سے ایم۔ اے کی ڈگری،انگریزی ادب میں حاصل کی۔ کلکتہ سے بی۔ آئی ۔اے۔ایم۔ ایس کی ڈگری اور پھر جموں سے بی۔ ایڈ کی ڈگری حاصل کی۔
1995 تا 1999 آل انڈیا ریڈیو پونچھ سے منسلک رہا جہاں بطور اناءونسر کام کرتا رہا۔
اسی دوران محکمہ تعلیم میں بطور لیکچرار انگلش تقرری ہو گئی۔۔
ادب کوئی بھی ہو، اس کا طالب علم کی نشو نما میں کلیدی رول ہوتا ہے۔ مجھےانگریزی ادب میں شیکسپئر کے مطالعہ نے متاثر کیا۔ انگریزی نظمیں لکھیں لیکن ارد گرد کے ماحول نے انہیں قبول نہیں کیا۔اور وہ صرف چند اداروں تک ہی محدود رہیں۔
کیونکہ اردو ادب میراث میں ملا تھا۔نیز گھر کا دینی ماحول اور علماحضرات سے مسلسل رابطے نے مجھے اردو ہی کو اپنے خیالات کے اظہار کا ذریعہ بنانے پر مجبور کیا۔ شاعری کا شوق بچپن سے ہی دامن گیر تھا۔ شاید 1990 میں پہلی مکمل غزل کہی تھی۔
نعت و سلام اور منقبت نیز واقعہ کربلا کے حوالے سے جو قلمی واردات سر زد ہوتی رہیں انہیں ’’زاد سفر‘‘ کی صورت میں دو سال قبل عباس بک ایجنسی لکھنوء نے شائع کیا ہے۔
غزلوں کا پہلا مجموعہ ’’اجالوں کا سفر‘‘ اردو فاءونڈیشن ممبئی نے دو ماہ قبل شائع کیا ہے۔ جس کی رسم رونمائی ابھی باقی ہے۔
لیکن مجھے اپنی کم مائیگی اور کم علمی کا بھر پور احساس ہے۔۔۔اور یہ امید ہے کہ ’’ اردو محفل ‘‘ میں موجود اہل علم حضرات میری علمی تشنگی مٹانے میں معاون و مدد گار ثابت ہونگے۔۔
والسلام۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ذوالفقار نقوی