آپ کو غصہ آتا ہے؟
بالکل آتا ہے، گو کہ ایسے مواقع بہت کم آتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ جب بھی موقع آتا ہے تو چھپڑ پھاڑ کر آتا ہے
اگر ہاں تو آپ کا شدید غصے میں کیا ردعمل ہوتا ہے؟
زیادہ غصہ آئے تو کیا ہوتا ہے؟ بندہ پھٹ پڑتا ہے اور کیا۔ البتہ یہ بالکل انتہائی غصے کی علامت ہی میں ہوتا ہے عموماً خاموش ہو جاتا ہوں یا اس جگہ سے اٹھ جاتا ہوں۔
غصہ کس بات پر آتا ہے ؟
غصہ ہمیشہ ناپسندیدہ باتوں پر ہی آتا ہے۔ جیسے جیسے کسی کے جھوٹ پر اڑے رہنے پر یا پھر دوسرے کو حقیر سمجھنے پر۔ یا پھر میری غلطی نہ ہو اس کے باوجود مجھ پر غصہ اتارا جائے تو۔ امی ابو اور بڑوں کے سامنے تو غصہ ظاہر کرنے کی ہمت نہیں (اور اللہ ایسی ہمت دے بھی نہ) البتہ کسی بھی غلط حرکت پر بہن بھائیوں پر خوب رعب جھاڑا ہے کسی زمانے میں۔
ڈیپریشن میں کیا ردعمل ہوتا ہے؟
الحمد للہ، کوئی ذہنی تناؤ نہیں ہے۔ اگر ناگزیر صورتحال پیدا ہو جائے تو میں سخت مضطرب ہو جاتا ہوں لیکن کسی کو محسوس نہیں ہونے دیتا۔ ابو کے اچانک انتقال پر جب سب گھر والے سناٹے میں تھے، میں نے سب کو سنبھالا، دلاسہ دیا، انتظامات کیے اور جب ٹھیک ہو گئے، تو تنہائی میں خوب رویا
کیا آپ عام زندگی میں کم گو ہیں یا …؟
عام زندگی میں کم گو اور خاص زندگی میں بڑ بولا ۔ یعنی اگر محفل میرے پسندیدہ موضوع پر چل رہی ہو تو مجھ سے زیادہ بولنے والا کوئی نہیں ہوگا لیکن ویسے خاموش رہتا ہوں۔
آپ کی خوشی کے اظہار کا کیا طریقہ ہے ؟
خوشی کی "شدت" پر منحصر ہے
اگر خوشی اچانک اور بہت زیادہ ہو تو اچھل پڑتا ہوں۔ اگر اندازہ ہو کہ خوشی کی خبر مل سکتی ہے تو ملنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔
اگر خدانخواستہ کبھی کچھ پریشان ہوں تو اس کے اظہار کا کیا طریقہ ہے ؟
لیکن کیونکہ گھر میں سب سے بڑا ہوں اس لیے جب تک کوئی پوچھے یا کریدے نہیں، میں منہ نہیں کھولتا۔ مجھے اچھا نہیں لگتا کہ اورلوگ میری وجہ سے پریشانی کا شکار ہوں۔ اس سے ایک نقصان تو یہ ہوتا ہے کہ مجھے پریشان کن صورتحال سے نکلنے کے لیے خود سے جنگ لڑنا پڑتی ہے لیکن فائدہ یہ ہوتا ہے کہ میں کئی لوگوں کو پریشانی سے بچا لیتا ہوں۔
کیا آپ کے لئے دوسروں کوسمجھانا آسان ہے یا مشکل ؟
شاید میرے لیے مختصر الفاظ میں سمجھانا مشکل ہوتا ہے، بات طول پکڑ جاتی ہے بس۔ ویسے سمجھنے کی ذہنی استعداد پر بھی منحصر ہے، کچھ لوگ میری ٹوٹی پھوٹی باتیں جلد سمجھ جاتے ہیں، کچھ نہیں۔ البتہ ایک چیز طے ہے کہ میں اچھا استاد نہیں
کیا چیز آپ کو بہت اداس کر دیتی ہے؟
کسی اور کو مشکل میں دیکھ کر مجھے بہت دکھ ہوتا ہے۔ اپنے گرد غربت، مسائل اور پریشانیاں مجھے بہت افسردہ کرتی ہیں۔ تاریخ میرا پسندیدہ موضوع ہے، جب پڑھتا ہوں تو تب بھی رونا آتا ہے کہ ہم بحیثیت امت مسلمہ کیا تھے اور اب ہمارا کیا حال ہے؟ حتیٰ کہ کوئی بھی ایسا ناول یا فلم جو غمگین موضوع پر ہو اسے پڑھ کر بھی اداسی کی کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔
آپ کا خراب موڈ جلدی سے اچھا کرنا ہو تو اس کے لیے کیا کرنا پڑتا ہے؟
اگر کسی وجہ سے مزاج بگڑ جائے تو اس کا فوری نسخہ یہ ہوتا ہے کہ میں اہل خانہ کے ساتھ کسی اچھی سی جگہ پر جا کر کھانا کھا لیتا ہوں، یہ فوری اور مجرب نسخہ ہے مزاج سدھارنے کا۔ یعنی کہہ سکتے ہیں کہ اچھا کھانا میرے موڈ کو ٹھیک کر دیتا ہے۔ خالص مردانہ عادت ہے نا؟
کوئی وہم جو آپ کو پریشان کرتا ہو ؟
الحمد للہ کوئی وہم نہیں۔ کسی زمانے میں بہت تھے، خصوصاً مستقبل کے حوالے سے، لیکن اب بالکل نہیں۔ ایک واقعے نے زندگی گزارنے کے ڈھنگ کو بالکل بدل دیا تھا، اس کا ذکر میں نیچے دوسرے سوال میں کروں گا۔
آپ کا قیمتی اثاثہ ؟
ہر شخص کے لیے اس کا قیمتی ترین اثاثہ اس کے اہل خانہ ہوتے ہیں، باقی سب چیزیں بعد میں آتی ہیں۔ میرے لیے ابو کے گزرنے کے بعد امی قیمتی ترین اثاثہ ہیں، اس کے بعد اہلیہ اور بچے۔
آپ کی کوئی ایسی خواہش جس کی تکمیل تک زندہ رہنے کو جی چاہیے؟
ہزاروں خواہشیں ایسی ۔۔۔۔۔ لیکن یہ بھی سوچتا ہوں کہ جو کام مکمل ہونا ہے وہ میرے بغیر بھی ہوگا، کوئی کام کسی شخص کا محتاج نہیں ہوتا۔ وہ مشہور مقولہ ہے کہ "قبرستان ایسے لوگوں سے بھرے پڑے ہیں جو سمجھتے تھے کہ ان کے بغیر کاروبارِ دنیا رک جائے گا"۔ بہرحال، اس وقت تو میری سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ خودکفیل ہو جاؤں اور نوکری وغیرہ سے جان چھوٹ جائے۔ فی الحال تو غلامی کی اس چکی سے نکلنے کی کوئی سبیل دکھائی نہیں دیتی لیکن اللہ اسباب پیدا کرنے والا ہے۔ ہو رہے گا کچھ نہ کچھ گھبرائیں کیا؟
مشکل حالات میں مایوسی ہوتی ہے یا…؟
بحیثیت انسان مایوسی تو بہرحال ہوتی ہے۔ ابھی حال ہی میں بہت مشکل وقت گزارا ہے۔ ابو کے انتقال کے بعد گھر کی تمام تر ذمہ داری میرے کاندھوں پر آئی اور میں اسے بفضل تعالیٰ نبھا رہا ہوں۔ ایک چیز دل کو دل کو مطمئن کرتی ہے "یہ وقت بھی گزر جائے گا"
آپ کی کس عادت سے گھر والے بیزار رہتے ہیں؟
میری سستی و کاہلی سے، خصوصاً دوستوں رشتہ داروں سے ملنے جلنے میں کوتاہی کی وجہ سے۔
کون سا موسم دل کو بھاتا ہے؟
سردیاں بہت زیادہ پسندہیں۔
آپ کا فیورٹ رنگ؟
گہرا نیلا رنگ، اس کے علاوہ پاکستان کے جھنڈے کا گہرا سبز رنگ۔
آپ کی فیورٹ خوشبو؟
کبھی کوئی ایک خوشبو استعمال نہیں کی، ہمیشہ بدلتا رہتا ہوں۔ ویسے خوشبوؤں کا کبھی خاص شوق بھی نہیں رہا۔
پھولوں میں پسندیدہ پھول ؟
گلاب
کھانے میں پسند؟
بھنا ہوا قیمہ کسی زمانے میں بہت پسند رہا ہے۔ بچپن و لڑکپن میں بڑا نخرے کرنے والا بچہ رہاہوں، سبزی کھانے سے جان جاتی تھی لیکن وقت نے بہت کچھ سکھا دیا۔ اب جو ملے کھا لیتا ہوں، ہاں اگر اچھا کھانا بنتا ہے تو کھا کر خوشی ہوتی ہے، آخر مرد کے دل کا راستہ معدے سے ہو کر گزرتا ہے
پہلی ملاقات میں مقابل شخصیت کی کیا چیززیرغور رہتی ہے؟
اتنا زیادہ غور تو نہیں کرتا لیکن طرز گفتگو اور الفاظ کا انتخاب مجھے متاثر کرتا ہے۔
زندگی میں کس شخصیت سے آپ سب سے زیادہ متاثر ہیں؟
اگر قریبی افراد میں سے پوچھیں یعنی دوستوں عزیزوں میں تو مرحوم ماموں حبیب اللہ بچپن ہی سے بہت پسند تھے، گو کہ محبت کرنے کے ساتھ ساتھ سخت مزاج بھی بہت تھے، اور ہم نے زندگی کی تقریباً تمام ماریں انہی کے ہاتھوں سے کھائی ہیں، لیکن خیال رکھنے میں پھر وہ سب سے آگے ہوتے تھے۔ اللہ انہیں جنت نصیب فرمائے۔ جوانی میں ہمیں چھوڑ گئے اور ہمارے جینے کے نظریات کو بھی بدل گئے۔ اس سے پہلے میں یہ سمجھتا تھا کہ پیسہ ہی سب کچھ ہے لیکن ماموں کے انتقال نے زندگی کی روش ہی بدل ڈالی۔ سب ناز نخرے دھرے کے دھرے رہ گئے اور ہم درویش بن گئے۔
آپ بہادر ہیں یا ڈرپوک؟
میرے خیال میں میں ڈرپوک ہوں۔ البتہ اگر کوئی واقعہ پیش آتے وقت اور لوگ بھی ساتھ ہوں تو بہادری دکھا جاتا ہوں۔ ویسے صورتحال پر بھی منحصر ہوتا ہے جیسا کہ اگر کوئی جنگلی جانور دیکھ لوں تو خوف ضرور آئے گا لیکن اگر میرے سامنے حادثہ ہو جائے تو اور مدد کو آگے بڑھتا ہوں اور اپنی بساط کے مطابق مدد کی پوری کوشش کرتا ہوں، عموماً لوگ گھبراتے ہیں کہ کون پولیس وغیرہ کے چکر میں پھنسے۔ بلاوجہ ایڈونچرز کا مجھے کوئی شوق نہیں ہے۔
آپ کو پسِ پردہ رہنا اچھا لگتا ہے یا سب کے درمیان اپنی الگ اور نمایاں شناخت کی خواہش موجود ہے؟
پس پردہ رہنا۔ اس عادت سے میرے چند خیر خواہ بہت تنگ ہیں، ان کا کہنا ہے کہ تمہیں شہرت کا کوئی شوق نہیں؟ عجیب آدمی ہو تم۔ بہرحال، ہر شخص کی الگ و نمایاں شناخت تو موجود ہوتی ہی ہے، چاہے وہ مثبت ہو یا منفی، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ آگے بڑھ کر اپنی الگ شناخت قائم کروانے کی کوشش بسا اوقات انسان کو سخت مشکلات میں ڈال دیتی ہے، او ریہ کام آپ کے کرنے کا ہے بھی نہیں کہ اپنی شناخت خود قائم کریں۔ آپ اپنا کام ایمانداری و خلوص کے ساتھ کرتے رہیں اور لوگوں کو اپنے بارے میں رائے قائم کرنے دیں۔ اگر آپ اچھا کرتے ہیں تو لوگوں کی آپ کے بارے میں رائے مثبت ہی ہوگی۔ اگر آپ کے اچھے کام کے باوجود چند لوگ بری رائے رکھتے ہیں تو سمجھ لیں وہ افراد آپ کے مخلص نہیں۔
جب کوئی آپ کی تعریف کررہا ہو تو کیسا لگتا ہے؟
اگر حقیقت پوچھیں تو سخت شرمندگی ہوتی ہے۔ جن دوستوں و خیر خواہوں سے اچھی بات چیت ہے ان کو میں ہمیشہ یہی کہتا ہوں کہ اگر کسی محفل میں مجھے شرمندہ کرنا مقصود ہے تو میری تعریف کریں اور اگر آپ ایسا نہیں چاہتے تو للہ اس سے اجتناب کریں۔
کبھی کسی سے لڑائی ہوئی؟
ہاتھا پائی والی لڑائیاں تو نہ ہونے کے برابر ہی ہوئی ہیں میری، اسکول کے زمانے میں ایک لڑکے کو قائد اعظم کے بارے میں غلط بات کہنے پر مارا تھا۔ اس کے علاوہ ایسا کوئی ہاتھا پائی والا جھگڑا یاد نہیں۔ البتہ ایک مرتبہ مار ضرور کھائی ہے ایک لڑکے کے ہاتھوں، جس پھر ہمارے دوستوں نے اُس کی خوب درگت بنائی تھی
وقت کی پابندی کس حد تک ہے؟
اس سوال کا جواب بھی دوست احباب ہی دے سکتے ہیں، اپنی طرف سے کوشش تو میں یہی کرتا ہوں کہ جو وقت دوں اس پر پہنچ جاؤں اور اکثر پہنچتا بھی ہوں۔ لیکن ابھی اردو محفل عید ملن میں سب سے تاخیر سے پہنچا تھا
کنجوس ہیں یا شاہ خرچ؟
بقول بیگم اول درجے کا شاہ خرچ، ایک ہی ہلے میں سارا پیسہ لٹانے والے!
کوئی جانور جو پالنے کا شوق ہے؟
بچپن میں ایک بولنے والا طوطا تھا میرے پاس، اس سے بڑی دوستی تھی۔ اب بھی طوطے پالنے کا ہی شوق ہے لیکن امی ان کے شور سے تنگ ہوتی ہیں، اس لیے نہیں پالتا۔ امی کو گھر کو ہروقت چمکا کر رکھنے کی عادت ہے، اس لیے اگر کوئی پالتو جانور پالنے کی دبی دبی خواہش بھی تھی تو وہ ختم ہو گئی۔
کوئی ایسی بات یا چیز جو آپکو جذباتی کردیتی ہو؟
اگر جذباتی سے emotional مراد ہے تو میں کتابیں پڑھتے ہوئے یا فلم دیکھتے ہوئے ہو جاتا ہوں۔ حال ہی میں انتقال کر جانے والے عبید اللہ بیگ کا ایک ناول "اور انسان زندہ ہے" پڑھا تھا چند سال قبل، تقسیم ہند کے پس منظر میں لکھا گیا تھا۔ اس ناول کو پڑھتے ہوئے میں چند مقامات پر آنسوؤں کے ساتھ رویا۔ اس کے علاوہ حال ہی میں ایک اور ناول "جب زندگی شروع ہوگی" پڑھا، رونا تو چھوٹی بات اس کے بعد مجھے تین دن کے لیے بخار ہو گیا۔ وجہ؟ کیونکہ موخر الذکر ناول کا پس منظر قیامت ہے۔
ویسے کہیں تاریخ کے موضوع پر گفتگو شروع ہو جائے تو بھی دیگر معنوں میں جذباتی (بمعنی پرجوش ) ہو جاتا ہوں۔ نجانے کیوں آجکل اس موضوع پر بات کرنے میں بڑا مزا آتا ہے۔
آپ کا ہمراز کون ہے؟
اہلیہ
کوئی تکیہ کلام ؟
نہیں معلوم۔
کونسا نغمہ گنگناپسندہے ؟
کبھی کبھار اہلیہ کے لیے یہ گنگنا لیتا ہوں "تم کو دیکھا تو یہ خیال آیا، زندگی دھوپ تم گھنا سایہ"۔ اگر کبھی موڈ ہو بھی رہا ہو تو اچھے اشعار یا کوئی غزل گنگنا لیتا ہوں۔
ایک نیکی جو گلے پڑ گئی ہو؟
کتابیں دینے کی نیکی گلے پڑتی رہی ہے۔ دوست احباب کتابیں لے جاتے ہیں اور واپس نہیں کرتے۔ اس کے علاوہ الحمد للہ کبھی کوئی نیکی رائیگاں نہیں گئی۔ ہوگا بھی تو یاد نہیں کیونکہ اصول یہ ہے کہ "نیکی کر دریا میں ڈال" یعنی بھول جا!
صبح اٹھتے ہی کس چیز کی طلب ہوتی ہے؟
بس یہی طلب ہوتی ہے کہ اٹھوں تو تازہ دم اٹھوں۔ چائے نہ بھی ملے تو خیر ہے، اکثر ناشتہ بھی گول کر جاتا ہوں۔
یہ بتائیں کہ آپ فطرت کے کتنا قریب ہیں؟
کنکریٹ کے جنگل میں رہتے ہوئے فطرت کے قریب کون رہ سکتا ہے؟ البتہ جب بھی موقع ملا ہے، قریب تر ہونے کی کوشش کی ہے۔ ویسے فطرت سے قریب ہونا اتنا آسان بھی نہیں ہے۔ ایک مرتبہ ایک سمر کیمپ کے سلسلے میں بالاکوٹ میں دو ہفتے قیام کیا تھا، اس دوران بڑے سائز کی مکڑیاں اور عجیب و غریب کیڑے دیکھ کر تو ہم کراچی والوں کی سٹی ہی گم گئی تھی۔ بہرحال، مجھ سے زیادہ بہادر لوگ موجود تھے کیمپ میں جنہوں نے حشرات الارض پر قابوپانے کے لیے تدابیر اختیار کیں۔ ویسے گاؤں میں رہتے ہوئے کھیتوں میں گھومنے، نہر کنارے درختوں تلے بیٹھنے، درختوں کے جھنڈوں میں چہل قدمی کرنا، تالاب کے کنارے مچھلیوں اور مرغابیوں کا شکار کرنا پسند رہا ہے۔ اس حوالے سے گاؤں کی زندگی کا سواد ہی الگ ہے۔
کبھی کسی گاؤں میں رہنے کا اتفاق ہوا؟
بہت مرتبہ، بلکہ پیشہ ورانہ زندگی کے ایک سال میں تو گاؤں ہر ہفتے جانا پڑتا تھا کیونکہ ملازمت کے سلسلے میں سکھر تبادلہ ہوا تھا اور وہاں سے جیکب آباد قریب ہی ہے۔ وہاں مجھ پر یہ حقیقت منکشف ہوئی کہ وہاں کی زندگی چند روز رہنے کے لیے اچھی ہے لیکن مستقل قیام کے لیے گاؤں بہت سخت جگہ ہے۔ وہاں مسائل بہت زیادہ ہیں، غربت اور سہولیات و آسائشوں کی کمی اور سب سے بڑھ کر یہ کہ معاش کے ذرائع نہ ہونے کے برابر۔ البتہ سیر و تفریح کے لیے گاؤں جانا بہت اچھا ثابت ہوتا ہے، وہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی ایسی ہوتی ہے کہ اگر آپ طلب کریں تو جان بھی نچھاور کر دیں گے۔