کاشف رفیق
محفلین
نئی دہلی/کراچی(رپورٹ:جاوید رشید) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں یکے بعد دیگرے 7 دھماکوں میں 20 افراد ہلاک جبکہ 90 زخمی ہو گئے۔متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے،دھماکوں کے بعد بھارت کے دیگر شہروں میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ،بھارتی وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے دھماکوں کی مذمت کی ہے،جبکہ سونیا گاندھی اور ایل کے ایڈوانی نے بم دھماکوں کے مقامات کا دورہ کیا اور اسپتالوں میں جا کر زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ بم دھماکے ہفتے کی شام گرول، گریٹر کیلاش، کناٹ پیلس اور غفار مارکیٹ کے علاقوں میں ہوئے۔دوسری جانب پاکستان نے کہا ہے کہ دھماکوں میں ملوث عناصر انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے دھماکوں اور ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پرپاکستانی حکومت اور عوام غم میں برابر کے شریک ہیں،تفصیلات کے مطابق پہلا بم دھماکہ مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چھ بجے ہوا جس کے بعد وقفے وقفے سے مختلف علاقوں میں دھماکے ہوئے۔ دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں اور ان کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور سڑکوں پر کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق دھماکوں سے 18 افراد ہلاک اور 90 زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے علاقوں کو گھیرے میں لے لیا ہے اور بھارت کے دوسرے تمام بڑے شہروں میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ بھارتی وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین واقعہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس قسم کے واقعے کے پیچھے عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے جائیں گے۔ انہوں نے دھماکوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے ورثا کے ساتھ تعزیت کی ہے اور زخمیوں کو تمام ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔جاوید رشید کے مطابق ایک مقامی اخبار کے ذریعے حزب المجاہدین نے ان بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے جبکہ دہلی پولیس کے مطابق یہ دھماکے آسام موومنٹ کی جانب سے کیے گئے ہیں ۔ دہلی پولیس کے چیف اور کرائم سرکل کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ پولیس دھماکوں کے وقت اس ایریا میں گشت پر تھی سراغ رساں ماہرین کا ہمراہ مشکوک افراد کی تلاش چل رہی تھی ایسے میں دھماے ہوگئے پولیس کے مطابق حزب المجاہدین کا کلیم کتنی حد تک درست ہے اس کی جانچ ضرور ہوگی۔پولیس کے مطابق بم دھماکوں کی تفتیش کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے اور 16 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری ‘ قائمقام صدر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا‘ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر اطلاعات شیری رحمن نے نئی دہلی میں ہفتے کو ہونے والے بم دھماکوں کی پُر زور مذمت کی ہے جن میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ اپنے الگ الگ مذمتی بیانات میں صدر زرداری‘ قائمقام صدر فہمیدہ مرزا اور وزیراعظم نے بھارتی دارالحکومت میں بم دھماکوں میں قیمتی انسانی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے گھناؤنے واقعات میں ملوث عناصر انسانیت کے دشمن ہیں۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے اپنی خواہشات کا اظہار کیا۔
سورس
سورس