ناؤ کو ڈوبنے سے بچائے کوئی ( فاعلن فاعلن فاعلن فاعلن)

نوید ناظم

محفلین
ناؤ کو ڈوبنے سے بچائے کوئی
ناخدا تو گیا اور آئے کوئی

خوب! کہتا ہے صیاد پر کاٹ کر
یہ پرندہ رِہا ہے اڑائے کوئی

دیکھنے کو تماشا تو آئیں گے وہ
آگ میرے بھی گھر کو لگائے کوئی

خوش نہ ہونے کی جس نے قسم کھائی ہو
دوست ! اُس دل سے کیسےنبھائے کوئی

تم بتاؤ بھلا یہ کوئی بات ہے
دل اگر مانگ لیں، روٹھ جائے کوئی

کون آ کر رہے گا بھلا دل میں اب
دشتِ ویراں کو اب کیوں بسائے کوئی
 

عاطف ملک

محفلین
دیکھنے کو تماشا تو آئیں گے وہ
آگ میرے بھی گھر کو لگائے کوئی
واہ!
زبردست!
خوب! کہتا ہے صیاد پر کاٹ کر
یہ پرندہ رِہا ہے اڑائے کوئ
خوب!
خوش نہ ہونے کی جس نے قسم کھائی ہو
دوست ! اُس دل سے کیسےنبھائے کوئی
یہاں "دوست!" کی وجہ سے مجھے مزا نہیں آیا۔
ویسے بہت ہی خوبصورت خیال۔
بہت عرصے بعد آپ کا صحیح رنگ نظر آیا ہے۔
اساتذہ کی اصلاح تو ہوتی ہی رہے گی۔
پہلے بہت بہت ساری داد میری طرف سے قبول کیجیے :in-love::in-love:
اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ.
 

نوید ناظم

محفلین
واہ!
زبردست!

خوب!

یہاں "دوست!" کی وجہ سے مجھے مزا نہیں آیا۔
ویسے بہت ہی خوبصورت خیال۔
بہت عرصے بعد آپ کا صحیح رنگ نظر آیا ہے۔
اساتذہ کی اصلاح تو ہوتی ہی رہے گی۔
پہلے بہت بہت ساری داد میری طرف سے قبول کیجیے :in-love::in-love:
اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ.
یہ آپ کی محبت۔۔۔ '' دوست'' کے معاملہ میں تردد رہا تھا ویسے، چلیں دوسرا مصرعہ بھی استادِ محترم کے سامنے رکھ دیتے ہیں، جو وہ سلیکٹ کریں پھر۔۔۔
 
آخری تدوین:

نوید ناظم

محفلین
سر الف عین اس شعر کے دوسرے مصرعہ کے انتخاب میں آپ کا حکم درکار ہے۔۔۔ کون سا مناسب ہو گا؟
خوش نہ ہونے کی جس نے قسم کھائی ہو
دوست ! اُس دل سے کیسےنبھائے کوئی

خوش نہ ہونے کی جس نے قسم کھائی ہو
تو پھر اُس دل سے کیسے نبھائے کوئی
 

امان زرگر

محفلین
سر الف عین اس شعر کے دوسرے مصرعہ کے انتخاب میں آپ کا حکم درکار ہے۔۔۔ کون سا مناسب ہو گا؟
خوش نہ ہونے کی جس نے قسم کھائی ہو
دوست ! اُس دل سے کیسےنبھائے کوئی

خوش نہ ہونے کی جس نے قسم کھائی ہو
تو پھر اُس دل سے کیسے نبھائے کوئی
میری طرف سے ڈھیروں داد اور ایک مشورہ بھی
خوش نہ ہونے کی جس نے قسم کھائی ہو
ایسے دل سے بھلا کیا نبھائے کوئی
 
آخری تدوین:

الف عین

لائبریرین
اوپر متبادل پر سوچتے ہوئے مجھے بھی بالکل ایسا ہی خیال آیا تھا، لیکن ایک لفظ کے ساتھ:
ایسے دل سے بھلا کیا نبھائے کوئی: زرگر
ایسے دل سے بھلا کیوں نبھائے کوئی: ا ۔ع۔

اس کے علاوہ اس کا بیانیہ بھی مجھے پسند نہیں آیا۔ مزید رواں ہو سکتا ہے مزید واضح کرتے ہوئے۔
تم بتاؤ بھلا یہ کوئی بات ہے
دل اگر مانگ لیں، روٹھ جائے کوئی
 

نوید ناظم

محفلین
اوپر متبادل پر سوچتے ہوئے مجھے بھی بالکل ایسا ہی خیال آیا تھا، لیکن ایک لفظ کے ساتھ:
ایسے دل سے بھلا کیا نبھائے کوئی: زرگر
ایسے دل سے بھلا کیوں نبھائے کوئی: ا ۔ع۔

اس کے علاوہ اس کا بیانیہ بھی مجھے پسند نہیں آیا۔ مزید رواں ہو سکتا ہے مزید واضح کرتے ہوئے۔
تم بتاؤ بھلا یہ کوئی بات ہے
دل اگر مانگ لیں، روٹھ جائے کوئی
بہت شکریہ سر۔
زیرِ بحث مصرع کو زرگر صاحب کے دیے گئے متبادل سے بدل دیا۔ اور جس شعر کا بیانیہ آپ کو پسند نہیں آیا اُسے حذف کر دیا ہے۔
 
Top