نبیل
تکنیکی معاون
نبیل آپ کی توجہ کا بہت شکریہ!
آپ نے جس حد تک ممکن تھا خود کار اطلاقیوں کی مدد سے ہمارے کام کو آسان کیا آپ کی یہ خدمات ناقابل فراموش ہیں
عماد نستعلیق میں لگیچر بنانے کا کام ایسا نہیں ہے کہ اس کے لیے کوئی اطلاقیہ تیار کیا جا سکے
ان لگیچرز پر تو کورل ڈرا میں کام کرنا پڑتا ہے اور یہ کام بھی وہی کر سکتا ہے جو بذات خود نستعلیق خطاطی سے کچھ شغف رکھتا ہو میں نے کچھ دوستوں کی مدد سے چھ سات ہزار ترسیمے مکمل کیے ہیں لیکن کام آگے نہیں بڑھ رہا
در اصل ہمارے لوگ تیار حلوہ کھانے کے عادی ہیں ناں
لک اپ جنریٹ کرانے کا خود کار اطلاقیہ آپ نے فراہم کر دیا
ترسیمے مفت میں تیار شدہ مل گئے
نستعلیق فونٹ تیار ہو گیا
محنت کرنے کے لیے کوئی تیار ہی نہیں
اگر ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے کی بجائے ٹیم ورک ہوتا تو میرا خیال ہے ایک بہترین لاہوری سٹائل کا فونٹ تیار ہو چکا ہوتا مگر ہر ایک کو انفرادی طور پر تمغہ حاصل کرنے کی دھن ہے اس لیے ٹیم کی صورت میں کام کرنا کوئی پسند نہیں کرتا میں نے تو محص لگیچرز کے کاپی رائٹس پر ہونے والی بحث کو ختم کرنے کے لیے نئے لگیچر تیار کیے ہیں اور میرے لیے یہ یہ تبدیلیاں کرنا نسبتا آسان تھا
کیونکہ لاہوری طرز کے نئے لگیچر لکھوانا اور سکین کرنا با وجود خواہش کے مجھ اکیلے کے بس کا روگ نہیں یہ تو ایک مکمل پروجیکٹ ہے جس کے لیے یا تو رضا کار مہیا ہوں یا پھر پیسے موجود ہوں
آپ کسی طرح م م مغل کو راضی کریں کہ وہ ہمیں لگیچر لکھ دیں کیونکہ وہ بہترین خطاط ہیں
اس کے بعد باقی کام ہم پر چھوڑ دیں
محفل پر ایک اور صاحب بھی ہیں جو خطاط ہیں مجھے نام یاد نہیں آرہا
اور اگر ایسا ممکن نہ ہو تو پھر ترسیمہ جات لکھوانے کے لیے فنڈ کا قیام عمل میں لایا جانا چاہیئے اور میرا خیال ہے کہ اس سلسلہ میں عطیات مل سکیں گے
کچھ مخیر حضرات کو اس پر قائل کیا جا سکتا ہے
شاکرالقادری صاحب، آپ جیسے با صلاحیت، صاحب علم اور مخلص دوست کا ساتھ بلاشبہ ہمارے لیے خوش قسمتی کا باعث ہے۔ آپ نوری نستعلیق کے ترسیمہ جات کی اشکال کو تبدیل کرنے کے لیے جتنی محنت سے کام کر رہے ہیں اس کی تعریف کے لیے الفاظ ڈھونڈنا مشکل ہے۔ میں ٹائپوگرافی اور خطاطی کے بارے میں نہ ہونے کے برابر علم رکھتا ہوں۔ میں صرف کسی متن کی ظاہری شکل کو دیکھ کر کسی فونٹ کے بارے میں ایک عام صارف کے اعتبار سے کوئی رائے قائم کرتا ہوں۔ آپ نوری نستعلیق کے ترسیمہ جات کی اشکال بدل کر اخلاقی دباؤ سے ضرور آزاد ہو جائیں گے، لیکن کیا یہ فونٹ موجودہ نوری نستعلیق کی جگہ لینے میں کامیاب ہو جائے گا؟ آپ نے بھی یقیناً اس کام کا آغاز کرنے سے پہلے اس بارے میں غور کیا ہوگا۔ اس بارے میں آپ ہی بہتر اپنی رائے ظاہر کر سکتے ہیں۔
جہاں تک عماد نستعلیق کے لیے ترسیمہ جات کی تیاری کا تعلق ہے تو یہ بہترین آئیڈیا تھا۔ مجھے اس بات کا اعتراف ہے کہ شروع میں میں اس کی آئیڈیا کی اہمیت کا ادراک نہیں کر سکا تھا، لیکن نوری نستعلیق فونٹس کی دستیابی کے بعد میں اس کی اہمیت کا قائل ہو چکا ہوں۔ مجھے اندازہ ہے کہ عماد نستعلیق پر مبنی ترسیمہ جات کی خودکار تیاری کے لیے کوئی اطلاقیہ لکھنا ممکن نہیں ہے۔ مجھے اس پراسیس کا مکمل طور پر علم بھی نہیں ہے کہ کورل ڈرا کے ذریعے ترسیمہ جات کی تیاری کس طرح کی جاتی ہے۔ میرے ذہن میں ان ترسیمہ جات کی تیاری میں مدد دینے کے لیے ایک اطلاقیہ تیار کرنے کا ایک خاکہ موجود ہے، اگرچہ اس کے قبل عمل ہونےکے بارے میں میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتا ہوں۔ نوری نستعلیق کے ترسیمہ جات کی سوفٹ کاپی فونٹ کے لک اپس جنریٹ کرنے کے سلسلے میں استعمال ہوتی رہی ہے۔ اگر کسی اطلاقیے کے ذریعے ہر ترسیمے کو عماد نستعلیق فارمیٹ میں الگ الگ eps فائل میں سیو کر دیا جائے تو اس کے بعد کورل ڈرا میں ان ترسیمہ جات کی نوک پلک درست کی جا سکے گی۔ آپ کا اس بارے میں کیا خیال ہے؟
آپ نے نئے سرے سے ترسیمہ جات کی خطاطی کی جو تجویز پیش کی ہے، میں اس سے متفق ہوں۔ میرے خیال میں اس کے لیے فنڈ ریزنگ کرنا ٹھیک رہے گا کیونکہ رضاکارانہ طور پر بیس ہزار کے قریب ترسیمہ جات کی تیاری مشکل ہوگی۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہوگا کہ اس پراجیکٹ کی آؤٹ لائن تیار کی جائے اور ترسیمہ جات کی تیاری پر آنے والے خرچے کا تخمینہ لگایا جائے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ اس کام میں کتنا وقت لگے گا اور اس پر کتنا خرچہ آ سکتا ہے۔ آپ پلیز اس بارے میں کچھ تفصیلات فراہم کر دیں۔