زیرک
محفلین
نصف بہتر کی دہشتگردی کا مقابلہ ممکن نہیں
آپ دنیا کے ہر دہشتگرد کا مقابلہ کر سکتے ہیں، لیکن ایک دشمن ایسا ہے جس کے مقابلے میں آپ کو ہمیشہ ہتھیار ڈالنے ہی پڑتے ہیں، جی ہاں! آپ نے صحیح پہچانا، وہی نصف بہتر جن کے آپ پورے بدتر شوہر ہوتے ہیں۔ ان کا صحیح تو صحیح ہوتا ہی ہے لیکن ان کے غلط کو غلط کہنے کی جرأت بھی مت کیجئے گا، وگرنہ کئی اوقات کا بدمزہ کھانا ملنے کا قوی امکان ذہن نشین کر لیں، وہ کہے سچ تو کہو بالکل سچ، وہ کہیں غلط تو ٹھیک ہوتے ہوئے بھی اپنی غلطی مان لینی چاہیے وگرنہ کھانے کے ساتھ ساتھ آپ کو مزید میچز ہارنے پڑ سکتے ہیں، یوں بھی ہو سکتا ہے کہ اگر گرمیوں کا موسم ہو اور آپ پنکھے کے نیچے چھٹی کا دن منانے بیٹھے ہوں اور عین اسی وقت موصوفہ کمرے میں آ کر پنکھا بند کر دیں کیونکہ انہوں نے پنکھا بند کر کے کمرے میں جھاڑو دینا ہے تاکہ دھول اڑنے نہ پائے۔ سردیوں کا موسم ہے اور آپ بیڈ پر لیٹے اخبار، کتاب پڑھ رہے ہوں یا ٹی وی پر کرکٹ میچ دیکھ رہے ہوں ایسے میں اہلیہ محترمہ گیلا کپڑا ہاتھ میں لیے کمرے میں ٹاکی مارنے پہنچ جائیں اور گیلے فرش کو سُکھانے کے لیے سرد موسم میں پنکھا چلا دیں تو مجال ہے کسی کی کہ کہہ سکے کہ آپ تھوڑی دیر بعد بھی یہ کام کر سکتی تھیں، خاموشی بہتر پالیسی ہوتی ہے ورنہ ایسی کئی اور دہشتگردانہ کاروائیاں بھی ہو سکتی ہیں۔