نعتِ رسولِ ممدوحِ رب (برائے تبصرہ)

پہلی بار نعت لکھنے کی جسارت کی ہے۔ آج ایک نعتیہ مشاعرہ ہے اسی کے لیے بسم اللہ کہا ہے۔ دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔ احباب سے بالعموم اور اساتذہ سے بالخصوص تنقید و تبصرے کی درخواست ہے!

السلام اے آخری نورِ نبوت السلام
السلام اے پیکِ عرفان و محبت السلام
السلام اے تاجِ فرقِ نوعِ آدم السلام
السلام اے شاہِ بے تاجِ دو عالم السلام
السلام اے صاحبِ قرطاس و لوح و القلم
محسنِ انسانیت، جانِ عرب، شاہِ عجم
رہنمائے دارِ فانی، شافعِ روزِ جزا
مرسلِ دینِ صفا، پیغمبرِ جود و سخا

بعدِ عرضِ السلام و باہزاراں احترام
پیش ہے نذرانۂِ مدحت جو ہو توفیق عام
گو مجھے ہے علم تجھ سے مَہ پہ ہے مثلِ کلَف
در حضورَت گر قبول افتد زہے عز و شرف

مصطفیٰ آئے جہاں میں جاودانی آگئی
"نوعِ آدم کی مسیں بھیگیں جوانی آگئی" (جوشؔ)
عالمیت آگئی پھر حسن کے دربار میں
استواری آگئی پھر نقشۂِ معمار میں
دیکھنے احمد کی صورت آفتاب آنے لگا
رات کا لے کر بہانہ ماہتاب آنے لگا
لؤلؤ و مرجان کو دیکھو درخشش مل گئی
اور مرے رب کو ستائش طبقِ خواہش مل گئی
گنگنایا بلبلوں نے نغمۂِ صدہا امید
گونج اٹھی پھر دریچوں میں مسیحا کی نوید
آگہی آئی، مہک آئی، چلا آیا ہے عشق
اب سوئے مکہ اٹھائیں گے نظر ہند و دمشق

مصطفیٰ اے مظہرِ آرائشِ حسن و جمال
مصطفیٰ تو فرقِ مابینِ یقین و احتمال
مصطفیٰ اے ریسماں بینِ فراق و اتصال
وصلِ بینِ ماضی و مستقبلِ فردا بہ حال
گردشِ انگشت سے تیری ہے، گردش میں زمیں
مصطفیٰ روشن تر از خورشید ہے تیری جبیں
 
لاجواب جناب لاجواب،

بحر و اوزان کی خبر تو اساتذہ ہی لیں گے پر ہماری سمجھ میں لاجواب، سبحان اللہ۔

تعریف کا شکریہ۔ بھائی یہ نعت آج مشاعرے میں پڑھ کر سنانی ہے۔ ویسے تو میں نے نظرِ ثانی کی ہے۔ بحر کی کوئی غلطی نہ تھی۔ سب ٹھیک تقطیع ہو رہے تھے!
میں نے اس بحر میں تقطیع کی ہے:
فاعلن مستفعلن مستفعلن مستفعلن
اگر اب بھی کوئی سقم رہ گیا ہے تو برائے کرم نشاندہی کر دیجیے!
 
مکمل درست ہے مہدی نقوی حجاز۔ بہت اچھی نعت ہے، البتہ ضرورت سے زیادہ فارسی کا استعمال مت کیا کرو، بھاری ہو جاتا ہے،

بہت شکریہ استادِ محترم۔ رسید مل گئی۔ جی بہتر، فارسی مجھے بھی معلوم ہو رہا تھا کہ ضرورت سے کچھ زیادہ ہی ہو رہی ہے۔ لیکن اتنی جلدی میں لکھنی پڑی کہ میں نے کہا اب مکمل ہو جائے بڑی بات ہے۔
 
مصطفیٰ آئے جہاں میں جاودانی آگئی
"نوعِ آدم کی مسیں بھیگی جوانی آگئی" (جوشؔ)
عالمیت آگئی پھر حسن کے دربار میں
استواری آگئی پھر نقشۂِ معمار میں

ماشاء اللہ بہت خوب!
 
Top