نوٹو نستعلیق کا سٹینڈرڈ فانٹ سائز یعنی الفاظ کا سائز پہلے سے موجود نستعلیق فانٹس کے مقابلے میں کافی بڑا ہے۔ یوں اسے دیگر فانٹس کے ساتھ استعمال کیا جائے تو الفاظ بہت بڑے ہو جائیں گے اور ویب سائیٹ کی ساری الائنمنٹ میں مسئلہ ہو جائے گا۔
مسئلہ گلف سائز اور لائن -ہائٹ کا ہے
ونڈوز کا اردو ٹائیپ، نفیس نستعلیق اور اب یہ نوٹو نستعلیق کو ہم ویب کی فانٹ فیملی میں دوسرے نمبر پر رکھنا چاہتے ہیں۔ اب ایسی صورت میں اگر ان کا کریکٹر سائز دوسروں سے بڑا یا چھوٹا ہو گا تو مسئلہ ہو گا۔ اگر نوٹو والے صاحب مان جائیں اور جو سائز پہلے چل رہا ہے وہی کر دیں تو کافی آسانی ہو گی
اوپر موجود تصویر میں تین رومن فونٹس کے نمونے ہیں،
لبرے باسکروِل،
ایلیگریا، اور
ای بی گیرامانڈ۔ تینوں نمونے ایک ہی فونٹ سائز میں سیٹ کیے گئے ہیں۔ لبرے باسکروِل کی اشکال باقی دونوں فونٹس کی نسبت زیادہ حجم رکھتی ہیں (یا تکنیکی زبان میں، لبرے باسکروِل کی ایکس ہائیٹ باقی دونوں فونٹس سے بلند تر ہے)۔ فرض کریں کہ آپ نے کسی پیراگراف کو ای بی گیرامانڈ میں سیٹ کیا اور ای بی گیرامانڈ کے حساب سے اُس پیراگراف کے لیے فونٹ سائز اور سطروں کا اندرونی فاصلہ متعین کیا۔ اب اگر آپ اُسی پیراگراف کو اُسی فونٹ سائز اور اُسی لائن سپیسنگ (یا لائن ہائیٹ) کے ساتھ لبرے باسکروِل میں سیٹ کرنا چاہیں، تو آپ کو وہی مسئلہ پیش آئے گا جو نوٹو نستعلیق بمقابلہ دیگر نستعلیق فونٹس کے ساتھ پیش آ رہا ہے۔
تو کیا اس مسئلے کا حل یہ ہے کہ آپ لبرے باسکروِل کے ڈیزائنر سے درخواست کریں کہ وہ اپنے فونٹ کی اشکال کو ای بی گیرامانڈ کے قریب تر سائز کے مطابق تبدیل کر دیں؟
ہر ٹائپ فیس کے ڈیزائن کی اپنی ترجیحات ہوتی ہیں۔ نوٹو نستعلیق کا ڈیزائن باقی نستعلیق فونٹس سے مختلف ہے، اور میرے خیال میں یہ کوئی ایسی نا مناسب بات نہیں ہے۔ یہ بات اپنی جگہ پر بالکل بجا کہ جمیل یا علوی نستعلیق کے فونٹ سٹیک میں نوٹو نستعلیق کو فال بیک فونٹ کے طور پر استعمال کرنا دشوار ہے، لیکن ایسی دشواریاں تو دیگر، رومن فونٹس میں بھی پیش آتی ہیں۔ (گوگل پر ’سی ایس ایس فونٹ سٹیکس‘ یا اس سے مِلتی جُلتی کوئی تلاش کریں تو آپ کو درجنوں مضامین مل جائیں گے جو اس جیسی مشکلات پر بات کر رہے ہوں گے)۔
علاوہ ازیں، مجھے سعود کی اس بات سے مکمل اتفاق ہے:
ثانوی ترجیح والے فونٹ کو ویب فونٹ کے طور پر استعمال کرنے کو لے کر ہمارے اپنے تحفظات ہیں۔ اول تو یہ کہ وہ صارفین جن کے پاس اولین ترجیح والے فونٹ نصب ہیں وہ بھی بلا ضرورت ہر دفعہ امبیڈیڈ فونٹ ڈاؤنلوڈ کریں گے یا کیشے میں رکھیں گے جو کہ صفحے پر کہیں بھی نمودار نہیں ہوگا۔
اگر آپ کسی ویب فونٹ کے استعمال کا تردد کر ہی رہے ہیں، تو کم از کم میری ناقص رائے میں اُس ویب فونٹ ہی کو فونٹ سٹیک کی پہلی ترجیح ہونا چاہیے، ورنہ تو جیسے سعود نے بیان کیا، آپ بلا ضرورت فونٹ کو ڈاؤنلوڈ کروا رہے ہوں گے۔ اگر ایسا کرنا آپ کی ترجیح نہ ہو، تو آپ جاوا سکرپٹ کے ذریعے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں: ایک حل تو
سید ذیشان نے اوپر بیان کیا ہے؛ اس کے علاوہ
ویب فونٹ لوڈر کو بھی آزمایا جا سکتا ہے۔
جہاں تک کسی سٹینڈرڈ سائز کا تعلق ہے، تو جیسا کہ میں نے پہلے عرض کیا، ہر ٹائپ فیس کی اپنی ترجیحات ہوتی ہیں۔ سکرین کے لیے ڈیزائن کیے گئے اکثر فونٹس کی ایکس ہائیٹ اور گلفس کا تناسب وغیرہ پرنٹ فونٹس کے مقابلے میں زیادہ ہی ہوتا ہے۔ نوٹو نستعلیق بھی سکرین ہی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، سو اس کی اشکال کا حجم بھی اسی اعتبار سے وضع کیا گیاہے۔