اس کے ساتھ ہی کٹاس سے آگے کا سفر شروع کیا۔ کٹاس سے براستہ چوآسیدن شاہ کھیوڑہ کو روانہ ہوئے۔ تقریباً 35 کلومیٹر کے اس راستے میں ہمیں ایک گھنٹے سے کچھ زیادہ وقت لگ گیا، کیونکہ چوآسیدن شاہ سے آگے پہاڑی علاقہ ہے اور سالٹ رینج کو کراس کر کے دوسری جانب اترنے کے بعد کھیوڑہ آتا ہے۔
خیر کھیوڑہ پہنچے اور سڑک سے بائیں جانب سالٹ مائنز کی جانب مڑ گئے۔ کچھ خوشگوار حیرت ہوئی کہ وہاں سیاحوں کے لئے نسبتاً بہتر انتظامات موجود تھے۔ کافی وسیع پارکنگ بھی موجود تھی جس میں کافی جگہ پہ پارکنگ شیڈز بھی تھے۔ اس کے علاوہ ویٹنگ ایریا میں بھی بیٹھنے کا اچھا انتظام تھا۔ البتہ ٹکٹ اچھا خاصا تھا جو کہ ٹوزازم کے دوسرے مقامات پہ نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔