فیس بک میموریز نے یاد دلایا کہ پانچ سال قبل بھی ٹیکسلا کے کھنڈرات کی ایک سائیٹ وزٹ کی تھی۔ گو ہمارا (ایک دوست ہمراہ تھے) اس سائیٹ کا وزٹ کرنے کا کوئی ارداہ نہیں تھا کہ ہم موہڑہ مرادو کے پاس بہتی خانپور ڈیم سے نکلی ایک نہر پر روزہ ٹھنڈا کرنے گئے ہوئے تھے۔ شدید گرم دن تھا اور جب کچھ دیر پانی سے اچھل کود کر ہی چکے تھے تو موسم اچھا خاصا ابر آلود ہو گیا اور ٹھنڈے یخ پانی میں زیادہ دیر گزارنا مشکل ہو گئی ۔ تو ہم نے طے شدہ وقت سے کچھ پہلے ہی واپس ہو نے کا پروگرام بنا لیا۔
موہڑہ مرادو میں بھی ایک کھنڈرات سائیٹ موجود ہے۔ (گوگل امیج)
پاس سے گزرتی نہر پر کوئی بارہ پندرہ بار جا چکے ہیں لیکن آج تک اس سائیٹ کو خود جا کر نہیں دیکھا۔ یہاں جو چیز مجھے دلچسپ لگتی ہے وہ نہر کا پہاڑ میں گم ہو جانا ہے۔ نہر موہڑہ مرادو کے پاس سے پہاڑ کے اندر ناجانے کس سرنگ میں چلی جاتی ہے اور لگ بھگ ایک کلومیٹر بعد پہاڑ کی ایک اُترائی سے دوبارہ نمودار ہو جاتی ہے۔