تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کل
ہوبارٹ، تسمانیہ کے بیلیریو اوول میں شروع ہوگا۔ پاکستان کے لیے عزت بچانے کا آخری موقع ہے اور اس کے لیے انہوں نے ٹیم میں 4 تبدیلیاں بھی کی ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ میں چار کیچ چھوڑ کر میچ کا پانسہ آسٹریلیا کے حق میں پلٹانے والے وکٹ کیپر کامران اکمل کو باہر کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ ہنگامی طور پر پاکستان سے بلائے گئے سرفراز احمد وکٹوں کے پیچھے ذمہ داری سنبھالیں گے۔ ناکام کھلاڑیوں مصباح الحق اور فیصل اقبال کو بھی باہر بٹھا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ تجربہ کار شعیب ملک اور نو آموز خرم منظور کو جگہ دی گئی ہے۔ محمد عامر کے فٹ ہو جانے کے بعد محمد سمیع کو ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی۔
ویسے تو سیریز 2-0 سے پہلے ہی آسٹریلیا کے نام ہو چکی ہے لیکن پاکستان کے لیے یہ میچ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پاکستان مسلسل 11 ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا سے شکست کھاتا آ رہا ہے اور گزشتہ 3 ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا شکار بھی ہو چکا ہے۔ یوں پاکستان ہوبارٹ میں فتح کی صورت میں آسٹریلیا کو مسلسل 12 ویں فتح اور چوتھے وائٹ واش سے روک سکتا ہے۔ لیکن
ہوبارٹ کا ریکارڈ کچھ اور کہتا ہے آسٹریلیا نے یہاں 8 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں اور ان میں سے 6 میں فتح حاصل کی اور دو کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا یعنی آسٹریلیا یہاں ہمیشہ ناقابل شکست رہا ہے۔ جبکہ پاکستان نے اس میدان میں دو میچز میں حصہ لیا ہے اور دونوں ہی میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا
تیسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم (4 تبدیلیوں کے بعد):
اوپنرز: عمران فرحت اور سلمان بٹ
مڈل آرڈر: خرم منظور، محمد یوسف، عمر اکمل، شعیب ملک، سرفراز احمد
بالرز: محمد عامر، عمر گل، دانش کنیریا، محمد آصف
تیسرے ٹیسٹ کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم (1 تبدیلی کے بعد):
اوپنرز: شین واٹسن، سائمن کیٹچ
مڈل آرڈر: رکی پونٹنگ، مائیکل ہسی، مائیکل کلارک، مارکوس نارتھ، بریڈ ہیڈن
بالرز: مچل جانسن، ناتھن ہارٹز، پیٹر سڈل، ڈوگ بولنجر