پاکستان – مصباح الحق:
مصباح الحق چیمپئنز ٹرافی 2013ء کے عمر رسیدہ ترین کپتان ہیں جنہوں نے حال ہی میں اپنی 39 ویں سالگرہ منائی ہے۔ مصباح اپنے کیریئر میں 117 ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکےہیں اور 42.32 کے اوسط سے 3386 رنز بنائے ہیں۔ مصباح نے ابھی تک اپنے کیريئر میں کوئی سنچری نہیں بنائی، جبکہ 23 نصف سنچریوں کے ساتھ ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 93 رنز ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے اپنے ایک روزہ کیریئر میں 236 چوکے اور 48 چھکے لگا رکھے ہیں۔ مصباح زیادہ تر پانچویں پوزیشن پر
بیٹنگ کرنے آتے ہیں، اس نمبر پرانہوں نے اب تک 49 بار بیٹنگ کی ہے۔ پاکستان جب 7 جون کو اوول میں ویسٹ انڈیز سے ٹکرائے گا تو یہ مصباح کا انگلستان کی سرزمین پر پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ بھی ہوگا۔ جی ہاں، اسی سرزمین پر جہاں تقریباً تین سال قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم تاریخ کے سب سے بڑے تنازع میں پھنسی تھی اور یہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد پہلا موقع بھی ہے کہ پاکستان انگلش سرزمین پر وارد ہو رہا ہے۔
مصباح نے اب تک 42 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی کپتانی کی ہے جس میں سے 25 جیتے، 15 ہارے، ایک ٹائی اور ایک بے نتیجہ رہا۔ مصباح پہلی بار کسی آئی سی سی ٹورنامنٹ میں کپتانی کرنے جا رہے ہیں۔
بشکریہ :
کرک نامہ