ڈاکٹر عبداللہ عباس ندوی : ماہر القادری کی آخری سانس

سید زبیر

محفلین
ماہر القادری کی آخری سانس​
از ڈاکٹر عبداللہ عباس ندوی​
ماخوز از فاران دسمبر ۱۹۷۸ ماہر القادی نمبر​
اس مضمون کی دستیابی کے لیے راشد اشرف صاحب کی کاوشوں کا مقروض ہوں​
منظور حسین صدیقی ماہر القادری​
۔ 1906 1978​
" ماہر صاحب کو موت مکہ لائی تھی ۔ "​
"میں تو کہتا ہوں کہ مشاعرہ ہوا ہی اسی لیے تھا کہ ماہر صاحب کو جنت المعلیٰ میں جگہ مل جائے "​
"اللہ بخشے بڑی اچھی موت پائی "​
جی ہاں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جمعہ بارہ مئی کو مغرب اور عشا کے درمیان جنت المعلیٰ کے اس حصے میں جہاں حاجی امداللہ صاحب مہاجر مکی کی قبر ہے ماہر صاحب کو دفن کیا گیا واپسی میں دفن کرنے والے آپس میں یہی باتیں کر رہے تھے​
" اس سے ٹھیک پچیس گھنٹے قبل شب جمعہ کو ماہر صاحب اپنے میزبان راؤ محمد اختر صاحب کے یہاں سے اس مشاعرہ میں جانے کی تیاری کر رہے تھے جہاں سے ان کو واپس نہیں آنا تھا ۔ مشاعرہ پاکستان کے ان باشندوں نے کیا تھا جو جدہ میں مقیم تھے پاکستانی بنک (بنک الجزیر) ، پی آئی اے اور چند پاکستانی صاحب ذوق حضرات کی مشترکہ کوششوں اور تعاون سے پاکستانی سفارتخانےجدہ کی سرپرستی مٰیں یہ مشاعرہ ہوا ۔مشاعرہ بلا شبہ تاریخی تھا کہ ان شعرا کو اس نے جمع کرلیا تھا جو پاکستان کے کسی بھی شہر میں مشکل سے ایک ساتھ جمع ہو ں گے اردو شاعی کے سبع سیارے جمع تھے ان کے علاوہ ایک خاتون شاعرہ بھی تھیں ۔ ماہر صاحب کی موت سے یہ مشاعرہ تاریخی بن گیا​
جدہ میں پاکستان کے اچھے ہنر مند ، با ذوق ، پڑھے لکھے لوگ جمع ہوگئے ہیں جس طرح لندن ، نیو یارک ہرجگہ اردو کے دلدادہ اس تعداد میں جمع ہو جاتے ہیں اور مشاعرہ میں واہ ، واہ ، اور سبحان اللہ کی آوازیں گونجتی ہیں کہ محسوس ہوتا ہے کہ یہ کراچی ، لاہور کا کوئی ہال ہے ۔​
توقع کے مطابق پاکستانی سفارتخانہ کا وسیع میدان حاضرین سے بھرا تھا ۔ہاشم رضا صاحب جو ایک پاکستانی ادیب و شاعر جو آج کل سعودی عرب میں مقیم ہیں ،نے بڑے ذوق اور محنت سے اس ایوان ادب کو سجایا تھا ۔ ڈائس قدیم مغلیہ درباروں کی ' صدر ایوان ' کا نمونہ بنایا تھا ، ساڑھے نو بجے شب کو حاضرین جمع ہو گئے تھے اس معاملے میں ہم لوگ پابندی وقت کا بہت لحاظ رکھتے ہیں البتہ شعرا کو ذرا تاخیر سے آنا بھی چاہئیے ذرا حاضرین کا اشتیاق بڑھے اور گردنیں اٹھا اٹھا کر لوگ ڈائس کی طرف دیکھیں کچھ لوگ مختلف راستوں پر نظریں جمائں ، رنگ برنگ لباس والے گوشے رنگین قمقموں کی چلمنیں ، ان کا بھی تو کچھ حق تھا کسی نے کہا وہ دیکھو جمیل الدین عالی آگئے ذرا ان کے دوہے سننا ، وہ رحمٰن کیانی صاحب آئے اتنے میں لوگوں کی نگاہیں ایک تنگ راستے پر مرکوز ہو گئیں حفیظ جالندھری اسی سالہ نوجوان اور ان کے جلو میں بلند قامت ، وجیہہ و شکیل ،ہنستے مسکراتے ماہر القادری ، ان کے ساتھ اپنے رنگ میں رنگے اپنی ادا میں مست احسان دانش ، یہ سرور بارہ بنکوی اور وہ اقبال عظیم سب آگئے ۔ راؤ اختر خان نے لاؤڈسپیکر سنبھالا کہ شاعر حضرات سٹیج پر آجائیں ۔ ایک ایک کا نام لیتے جاتے اور وہ خوشنما تکیوں سے لگ کر بیٹھتے اتنے میں اعلان ہوا کہ مقامی شعرا میں فلاں صاحب اور فلاں صاحب تشریف لے آئیں ۔ اس ضمن میں دو ایک نام ایسے بھی لیے گئے جن کو شعر اور شاعروں سے دلچسپی ضرور ہے مگر شاعری نے کبھی انہیں اپنا محرم نہیں مانا مگر یہ موقع غنیمت تھا کہ احسان دانش اور ماہر القادری کی قربت اور ان سے بات چیت کا موقع مل جائےلہذا انہوں نے بھی اس عزت افزائی قبول کرنے میں تامل سے کام نہیں لیا ان ہی آخر الذکر قسم کے لوگوں میں ان سطور کا راقم بھی تھا ۔​
پہلے مقامی شعراء آئے یہ اور بات ہے کہ حفیظ و ماہر اور احسان دانش کی موجودگی میں ان ک تابانی یقیناً مدھم پڑ رہی تھی ۔یوں اگر یہی تنہاہوتے تو بسا غنیمت معلوم ہوتا آگاز ایک تہنیتی انداز کی نظم سے ہوا ایک پاکستانی نوجوان شمیم اشرف نے غالب کی زمین ' دگر ہے آج، دیوار و در ہے آج ' پر چند اشعار سنائے مہمان شعرا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پڑھا ،​
گیتی کے چاند اور ستاروں کو دیکھئیے​
رشک فلک زمیں نہیں ہوتی مگر ہے آج​
اردو زبان کی بلند اختری کہ وہ عرب کی سرزمین پر نوازی جائے وہ سر زمین جہاں کا اصلی سرمایہ اسلام سے پہلے بھی زبان تھا ۔ اس کی طرف بھی اشارہ تھا ۔ مصرعے یاد نہیں کچھ اس طرح کے ٹکڑے یاد ہیں​
' سوق عکاظ ' پھر یہ آئے اور ہ آئے اور جو آئے اچھے ئے اور خوب سنا گئے داد و تحسین سے مجلس گونجتی رہی ، اتنے میں اصل مجلس مشاعرہ شروع ہوئی کہ جن کی خاطر یہ مجمع اکٹھا ہوا تھا اور وہ جن کے نام پر دعوت دی گئی تھی ان شعرا کے کلام سنانے کی باری آئی پہلے خاتون شاعر ہ کو دعوت دی گئی تھی وہ ڈائس پر نہیں بلکہ حلقہ خواتین میں بیٹھی تھیں اپنی پر وقار عمر کے لحاظ سے سنجیدہ تحت اللفظ اشعار سنا کر واپس گئیں ۔ رحمٰن کیانی صاحب پکارے گئے ۔ معلوم نہیں دوسروں کے لیے تھا یا نہیں مگر میرے لیے تو ایک انداز سخن تھا ، بلا کا تسلسل اور بڑی کہنہ مشق روانی ، تنقید کرنے والوں اور فقرے کسنے والوں کو تو چھوڑئیے کس کے کلام میں گنجائش نہیں ، جمیل الدین عالی صاحب کی شاعری بلند اور آواز اس سے بھی عالی ، الفاظ پر بھی قدرت اور آواز پر بھی قابو ، ایک لفظ ' طوفان ' یا طوفانوں " کو کسی مصرع میں باندھا تو ایسا محسوس ہوا کہ سننے والوں کے دل بندھ گئے اور اپنی آواز سے اس کو اٹھایا تو ایسا کہ بے ساختہ سب کی نظریں فضا کی طرف اٹھ گئیں کہ سچ مچ طوفان آگیا ۔ سرور ، اقبال عظیم سب ہی ایسے تھے کہ پورے معاشرے کو تنہا گرما سکتے تھے اس کے بعد تین بڑوں کی باری آئی ۔ماہرالقادری صاحب سامنے مجمع سے آوازیں آنا شروع ہوئیں ' جمنا کا کنارہ ' جمنا کا کنارا ' ماہر صاحب نے کہا نہیں یہ نہیں دوسری چیز سناؤں گا پہلے یہ سنو ، اس کے بعد دل آویز آواز اور چھا جانے والی شخصیت سے کام لیتے ہوئے یہ اشعار سنائے​
شیرازہ حیات پریشان ہوگیا​
یہ مرحلہ بھی خیر سے آسان ہوگیا​
میرے جہانِ دل کو تو ہونا ہی تھا خراب​
ان کی بھی ایک نگاہ کا نقصان ہوگیا​
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔​
پہلے ہر شے کو ہم آواز کیا جا تا ہے​
پھر کہیں نغمہ کا آغاز کیا جاتا ہے​
عشق بھی ایسے مراحل سے گزرتا ہے جہاں​
حسن کو بھی نظر انداز کیا جاتا ہے​
۔۔۔۔ پھر اسی انداز کے چند شعر اور غزل سنا کر واہ واہ اور سبحان اللہ کی گونج میں اپنی جگہ پر آکر بیٹھ گئے ان کے بعد جناب احسان دانش کا نمبر تھا ان کے اشعار میں انکے بلند کردار کی جھلکیاں تھیں ۔ سنجیداہ ، پر اثر اور پروقار ، کہنہ مشقی لفظ لفظ سے نمایاں ، زبان نوک پلک سے آراستہ پڑھنے کا انداز بھی سادہ نہ ہاتھ کے اشارے نہ جسم کی حرکت مگر فن تھا کہ گونج رہا تھا ۔ قافیے بقول ابوالکلام چیخ رہے تھے انہوں نے جو شعر سنائے ان میں یہ شعر بھی تھا​
رہتا نہیں انسان تو ہوتے نہیں غم بھی​
سو جائیں گے اک روز زمیں اوڑھ کے ہم بھی​
کون جانتا تھا کہ ابھی چند ہی لمحوں میں ا س حقیقت کی تجلی ہونے والی ہے احسان صاحب نے جو حقیقت الفاظ میں بیان کی ہے ماہر صاحب جان دے کر اس میں جان ڈال دیں گے​
ان کے بعد حفیظ جالندھری صاحب سامنے آئے اپنی شہرت کا خمار آنکھوں میں لیے مجمع سے آواز آئی ابھی تو میں جوان ہوں ، جواب مسکراہٹ سے دیا اور نعتیہ اشعار سنا کر بیٹھ گئے مشاعرہ کا پہلا دور ختم ہوا ۔چائے شربت کا دور چلا باہر ماہر صاحب پاس بیٹھے لوگوں سے گفتگو کرتے رہے ، بار بار پانی پی رہے تھے اور پان بھی چبا لیتے تھے آٹو گراف لینے والوں کا ہجوم اکٹھا ہوا کسی پر شعر اور کسی پر دستخط کرتے رہے اب پتہ نہیں وہ کس کی کاپی تھی جس پر انہوں نے آخری دستخط کیے اور قلم کی آخری کش بنی ۔​
مشاعرہ کا دوسرا دور بھی پہلے دور کی طرح خاتون سے شروع ہوا اور ماہر صاحب کی باری آئی اس مرتبہ بھی ماہر صاحب اپنے پورے ہوش و حواس ، جوش و جولانی کے ساتھ اٹھے اور کراچی نامہ سنایا اور کلفٹن کی سیر کرئی ۔بسوں اور گدھوں کی سواری کا ذکر کیا نقشہ الفاظ میں کھینچ دکھایا نئی نسل کے نوجوانوں کے چھپر جیسے بالوں کی ہپی نما ہئیت اور برقعہ سے بے نیاز خواتین پر بظاہر طنز اور دراصل درد و رنج کا اظہار کیا ۔ الفاظ کے لبوں پہ مسکراہٹ تھی اور معانی کی آنکھ سے آنسو رواں تھے اور پھر احسان دانش آئے اور وہی حیات دو روزہ کا انجام​
قبر کے چو کھٹے خالی ہیں انہیں مت بھولو​
جانے کب کونسی تصویر لگادی جائے​
کون جانتا تھا کہ ابھی چند منٹوں کے بعد ایک تصویر بڑی دلآویز اور محبوب تصویر اس چوکھٹے میں لگنے والی ہے اور نہ اس کو پتہ ہے اور نہ کسی کو معلوم ۔​
حفیظ صاحب آئے ، مسکراتے ، اٹھلاتے ،جوانی کے ترانے گا رہا تھا جوانی کے ترانے گا رہا ہوں سنانے لگے جس کا ایک شعر یہ بھی تھا​
ہوئی جاتی ہے کیوں بے تاب منزل​
مسلسل چل رہا ہوں آرہا ہوں​
اس کے بعد ایک شعر شاعرانہ شوخی اور اردو غزل کے روائتی کردا رمولوی ، ر ملا (زاہد، واعظ) پر پھبتی کسنے والا پڑھا​
بہشت میں بھی ملا ہے عذاب شدید​
یہاں بھی مولوی صاحب ہیں میرے ہمسائے​
مولوی صاحب کا لفظ ادا کرتے وقت ماہر صاحب کی طرف اشارہ کیا ماہر صاحب اپنی جگہ سے ایک ہمک کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے اور مائک اپنی طرف سیدھا کرکے بولے حفیظ صاحب غلط مقام پر آگئے (مطلب یہ تھا کہ بہشت میں مولوی صاحب تو اپنی جگہ پر آ ئے ، حفیظ صاحب غلط مقام پر آگئے کہ ان کو یہ 'عذاب شدید ' معلوم ہو رہا ہے ) یہ کہہ کر اپنی جگہ پر بیٹھ گئے ۔ حفیظ صاحب نے پھر یہ شعر دہرایا اور پوری طرح پیچھے مڑ کر ماہر صاحب کی طرف اشارہ کیا اور اس کے بعد کا کوئی شعر شروع کیا ہی تھا کہ ماہر صاحب کا سر پیچھے کی طرف ڈھلک گیا ۔احسان دانش، عبداللہ عباس اور مینائی صاحب نے فوراً سہارا دیا اور تکیہ لگا دیا تجربہ کاروں نے کہا پیر اونچے کرو ،پیر کے نیچے دو تکیے لگا دئیے گئے ایک ڈاکٹر صاحب نے آکر قلب کی مالش کی ادھر ماہر صاحب کے سینے سے ایسی آواز نکل رہی تھی جو کسی موٹے آدمی کے سوتے وقت خراٹوں کے بھرنے کی ہوتی ہے لیکن مشکل سے پندرہ بیس سیکنڈ گذرے ہونگے کہ آواز بند ہوگئی ،آنکھیں بند تھیں لب سے لب ملے ہوئے تھے کسی نے نبض دیکھی ،کسی نے پلک اٹھا کر دیکھا تجربہ کاروں نے اسی وقت آہ سرد بھری نہ جاننے والے کو آس لگی رہی اسپتال لے جایا گیا ۔ڈاکٹروں نے کہا یہ مریض نہیں لاش ہے​
اب مشاعرے کی بات چھوڑئیے وہ تو حسرت کدہ بن گیا سبھوں نے اپنی اپنی راہ لی ۔ راؤ اختر صاحب جو خصوصی میزبان تھے اور مقامی قوانین سے واقف ہیں انتظام میں لگ گئے ۔لاش سرد خانے میں رکھی گئی یہ صبح ساڑھے تین بجے کا عمل ہوگا ۔پاکستانی وقت میں ڈیڑھ گھنٹے کا اضافہ کر لیجئیے صبح کے پانچ بجے ہوں گے سب سے پہلے پاکستان سے رابطہ کیا گیا کہ لاش کہاں دفن کی جائے اجازت ملنے پر یہ طے ہوا کہ مکہ مکرمہ میں دفن کیا جائے گا مدرسہ صولتیہ کے ناظم مولانا مسعود سلیم نے اپنی خاندانی روایات اور اپنے والدبزرگ مولانا محمد سلیم ؒ سے تعلقات کو پورے جوش و خروش سے نباہا لاش مکہ لائی گئی ، مولانا مسعود سلیم نے اپنے انتظام خاص میں اپنے فرد خاندان کی طرح اہتمام سے ،سنت کے مطابق اپنی نگرانی میں غسل دلوایا ۔کفنایا تدفین کے وقت سفیر پاکستان فضل مقیم خاں صاحب اور ان کے ساتھ حفیظ جالندھری صاحب بھی آگئے تھے مغرب کی نماز سے پہلے حرم شریف میں جنازہ لایا گیا ۔مدرسہ کے طلبہ ،اساتذہ اور جدہ سے آئے ہوئے احباب نے مرحوم ماہر القادری کی طرف سے طواف کیا نماز مغرب کے بعد حسب معمول اعلان ہوا الصلوٰۃ علی المیت الحاضر ' جمعہ کا روز تھا اس لیے ہزاروں لوگ روز کے آنے والوں کے علاوہ موجود تھے مجمع اگر پچیس ہزار کا کہا جائے تو بھی غلط نہ ہوگا اور اگر اس سے زیادہ کا کوئی اندازہ کرے تو بھی غلط نہ ہوگا وہاں سے جنازہ کاندھوں پر جنت المعلیٰ کے اس حصے میں لے جایا گیا جو حضرت خدیجۃ ام المومنین کے احاطہ سے متصل ہے اور جہاں حاجی امداللہ علیہ الرحمتہ مدفون ہیں یان عام طور سے اموات حجاج کو جگہ نہیں ملتی ہے یہ مولانا شمیم ( مولانا مسعود سلیم ،ناظم مدرسہ صولتیہ) کی کوشش تھی کہ وہاں جگہ مل گئی ) مرحوم کی آخری خدمات کا بار مشاعرہ کمیٹی پر نہیں ڈالا گیا بلکہ مولانا شمیم صاحب نے اپنی طرف سے پورا کیا​
ماہر صاحب کو نہلا کر جب کفن پہنا کر تخت پر لٹایا گیا تو ہر شخص دیکھا کہ موت کی بھیانک تصویر نہ تھی نہ آنکھیں پھٹی تھیں نہ جبڑا جبڑے سے الگ تھا پلکیں بند ، لب ملے ہوئے ایک آرام دہ نیند کی کیفیت چہرے سے نمایا ںتھی چہرے سے معصومیت اور مانوسیت ٹپک رہی تھی شائد اسی کانام نورانیت ہے​
اب مرثیہ کہنے والے مرثیہ کہیں ، تاریخیں نکالینے والے تاریخی مادے نکالیں ، مقا لات لکھئے ، خاص نمبر نکالیے ۔جانے والا چلا گیا اپنے رب سے راضی ہو گیا ہنستا مسکراتا اپنی جگہ اچھی جگہ اچھے دن اچھے لوگوں کے ساتھ سلایا گیا مولانا محمد علی جوہر کی تدفین بیت المقدس کے جوارمیں ہوئی تھی اس پر مصر کے مشہور شاعر احمد شوقی نے اپنے مرثیے میں ایک ایسا شعر کہا تھا جو آج ماہر القادری پر بجنسہ صادق آراہا ہے​
ترجمہ : خدا کے جوار رحمت میں سو جا تمہارے لیے کوئی اجنبیت نہیں​
اس گھر کے سائے میں تم ہو جس گھر کے تم ایک فرد تھے​
 

شمشاد

لائبریرین
یہ بھی کسی کسی کا نصیب ہوتا ہے۔
اور یہ بھی سچ ہے کہ قبر کی مٹی کھینچ کر لے جاتی ہے۔

بہت شکریہ شریک محفل کرنے کا۔
 

نایاب

لائبریرین
بلا شک درجہ بلند ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حق تعالی مغفرت فرماتے بلند درجات سے نوازے آمین ۔۔
بہت شکریہ بہت دعائیں محترم سید بھائی
 

مہ جبین

محفلین
واہ ۔ سبحان اللہ
کیا مقام و مرتبہ ملا ماہر القادری مرحوم کو
اللہ انکی قبر پر اپنے انوار و تجلیات کی بارش فرمائے آمین
جزاک اللہ سید زبیر بھائی بہت معلوماتی واقعہ نقل کیا
 

تلمیذ

لائبریرین
مولاناماہر القادری انتہائی خوش قسمت تھے کہ مکۃامکرمہ کی پاک مٹی میں ان کی تدفین ہوئی۔ اللہ پاک ان کی مغفرت فرمائے۔
محترم ید زبیر صاحب، اس مضمون کو شئیر کرنے کے لئے شکریہ۔ جزاک للہ!
اس مضمون میں جناب ہاشم رضا صاحب کا ذکر آیا ہے۔گذارش ہے کہ اگر کسی دوست کو ان کی کسی کتاب کے آن لائن دستیاب ہونے کے بارے میں علم ہو تو یہاں شئیر کریں۔ پیشگی شکر گزاری۔
جناب راشد اشرف خلیل الرحمن محترم الف عین کی خصوصی توجہ درکار ہے
 

راشد اشرف

محفلین
سید زبیر@سید شہزاد ناصر
آپ نے لکھا:
اس مضمون کی دستیابی کے لیے راشد اشرف صاحب کی کاوشوں کا مقروض ہوں
بہت خوب۔ یہ آپ نے کہاں سے لیا تھا ؟ کیا بزم قلم نامی سائٹ پر شامل کردہ مواد سے ؟ وضآحت کا انتظار ہے۔
بہت اچھا کیا جو اسے پیش کردیا۔ کیا عجب بات ہے کہ چند روز قبل راقم مولانا کے انتقال کا قصہ ایک ایسے صاحب کو سنا رہا تھا جو اس سے لاعلم تھے۔ پرانی کتابوں کا اتوار بازار ہمیشہ ہی سرشار کرتا ہے، فاران کا یہ نمبر بھی خاکسار کو وہیں سے ملا تھا۔ تعارف اور ایک انتخاب شامل کیا تو پیغامات کا تانتا بندھ گیا، ہندوستانی احباب نے خصوصی دلچسپی لی۔ مضامین کی فرمائشیں بھی آئیں۔ ایک صاحب کا سعودی عرب سے پیغام آیا کہ انہیں کسی بھی قیمت پر اس کی نقل درکار ہے، ماہر القادری ان کے رشتہ دار تھے۔ ہوا یہ کہ ان صاحب نے کراچی میںمقیم اپنے ایک عزیز کو، جو ماہر القادری کے بھی قریبی عزیز تھے، ہمارا پتہ دیا، اتوار بازار ہی میں ملاقات ہوئی، معلوم ہوا کہ موصوف پاکستان نیوی کے رئیر ایڈمرل ہیں، زمزمہ میں واقع اپنے محل میں ناشتے پر مدعو کیا۔ آدمی اچھے تھے، انکسار پسند، رعونت نہیں تھی، ایک موقع پر اٹھ کر گئے تو عقب سے ان کی گردن بھی دیکھی، اس میں سریہ نہیں تھا۔ قصہ مختصر ہم نے فاران کی نقل بنوانے کے لیے اس ضخیم پرچے کو کھلوایا، یوں نقل بنی اور ان کی ضرورت پوری ہوئی۔
اللہ تعالی مولانا کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے۔ ان کی موت کا تو ایک بہانا تھا، اللہ تعالی نے اس عاشق رسول کواپنے دیار کی مٹی نصیب کرنی تھی، سو بہانے سے بلا لیا۔
یہ بھی سن لیجیے کہ انوپ جلوٹا نے ان کی ایک غزل بھی گائی تھی، کیا عمدہ غزل تھی، زمانہ طالب علمی میں سنی تھی ۔۔۔۔۔۔۔ "ماہر کے دل کا خون ہے ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ " کچھ اس طرح سے تھا اس کا مقطع۔ اب تلاش کرتا ہوں تو نہیں ملتی۔
بھائی تلمیذ نے ان کی کتابوں کا پوچھا ہے۔ آن لائن کا علم تو نہیں ہے لیکن گزشتہ اتوار کو ان کے خاکوں کی یادگار کتاب "یاد رفتگاں" کا پہلا حصہ ملا تھا۔ اس میں سے بہزاد لکھنوی (آپ بھی عاشق رسول تھے)، حیرت شملوی، آرزو لکھنوی، سیماب اکبر آبادی وغیرہ کے خاکے اتوار بازار کی روداد میں شامل کیے ہیں جس کی فائل تاحال اپ لوڈ نہیں کی ہے، شاید اگلے اتوار تک بات چلی جائے۔
اتوار بازار ہی سے مالک رام کے خاکوں کی کتاب "وہ صورتیں الہی" بھی ملی جس کی تلاش ایک عرصے سے تھی اور دلچسپ بات یہ بتاتا چلوں کہ کل ہی امریکہ میں مقیم جاں نثار اختر مرحوم کے داماد نے اطلاع دی کہ ان کے بہنوئی جاوید اختر کو بھی اس کی تلاش ایک عرصے سے ہے۔ خود ان کے داماد کا یہ کہنا تھا کہ وہ یہ کتاب 10 برس سے تلاش کررہے تھے اور انہیں یوں لگا جیسے انہیں کوئی خزانہ مل گیا ہو
 

راشد اشرف

محفلین
تلمیذ
مذکورہ بالا قصے میں جن داماد صاحب کا ذکر ہے، ان کا مکتوب پڑھیے کہ کتاب کی تلاش میں ۔ ۔ اک ہم ہی نہیں تہنا الفت میں تری رسوا:

Dear Rashid Sahab,
Kitab scan karne aur aap ki takleef ke liye bus itna ke agar aap ko merey dil ki Khushi aur shukr guzari ka andaza bhi ho Jaye tou aap khud apni takleef bhool jayainge, mein yeah kitab 13 saal se ziada arse se talah kar raha hoon, yeah kitab mein ne KITAB MAHAL walay AGHA SAHAB se apni jawani mein khareedi thi( zebun nisa street per un ki dukan thi ), aur merey walid marhoom ne apnay haath se iss per mujhay kuch HIDAYAT likh kar di theen, hidayat aaj bhi yaad hain bus kitab nahin mil rahi thi.sou woh kaam ap ne kar dikhaya, sarapa sipas hoon iss ke liye, Sameem Qalb se mera Shukriya qubool keejiye.

jeete rahiye, kush rahiye, shaadman aur kamran rahiye , aur lakhon logon ki duain bator'te rahiye, ameen.
aap ne kuch roz qabl, Jagan nath azad ki kitab, aankhen tarastiyan hain ka link bhja tha, uss mein aik mazmoon Jan Nisar AKhtar ke baray mein hai, kiya aap jante hain ke Jan nisar Akhtar se mera kiya taaluq hai ? nahin ? ji unki beti meri Ahliya hain, iss lihaz se main unka Damad hoon.
Kal raat Woh Soortain Ilahi ki kushi, aur dastyabi ke Jashn mein iss kitab ( jagan nath azad ki kitab ) ka zikr reh gaya tha, aap bataiye ke shukriye aur ahsan mandi ke alawa banda kiya kar sakta hai ? sou shukrguzar aur duago hoon.
aur kiyoun ke itni baar aap ka shukriya ada kar chuka hoon, iss liye, yeah kehna kafi hoga ke , SHUKRAN KASEERAN KASEERA !
wassalam
 

سید زبیر

محفلین
سید زبیر@سید شہزاد ناصر
آپ نے لکھا:
اس مضمون کی دستیابی کے لیے راشد اشرف صاحب کی کاوشوں کا مقروض ہوں
بہت خوب۔ یہ آپ نے کہاں سے لیا تھا ؟ کیا بزم قلم نامی سائٹ پر شامل کردہ مواد سے ؟ وضآحت کا انتظار ہے۔
برادرم ! جہاں سے لیا ہے اس کا لنک بھی ابتدا میں دیا ہے ۔
از ڈاکٹر عبداللہ عباس ندوی
ماخوز از فاران دسمبر ۱۹۷۸ ماہر القادی نمبر
مضمون کے ابتدا میں کلک کرنے سے آپ کو اپنا ہی لنک مل جائے گا
بہت شکریہ
 

فرحت کیانی

لائبریرین
خدا کے جوار رحمت میں سو جا تمہارے لیے کوئی اجنبیت نہیں
اس گھر کے سائے میں تم ہو جس گھر کے تم ایک فرد تھے

سبحان اللہ۔
ایسا اچھا مضمون شیئر کرنے کے لئے جزاک اللہ ، سید زبیر انکل۔ :)
 

راشد اشرف

محفلین

آپ کا شکریہ بھائی
جلد ہی مولانا ماہر القادری کی کتاب یاد رفتگاں سے چند خاکے اتوار بازار کے احوال میں پیش کروں۔ مالک رام کی "وہ صورتیں الہی" سے سائل دہلوی کا خاکہ بھی شامل ہوگا۔ "وہ صورتیں الہی" مکمل کتاب آپ انٹرنیٹ پر بھی پڑھ سکیں گے
 
انہیں صدقِ دل سے بلا کے تو دیکھو
ندامت کے آنسو بہا کے تو دیکھو
لیے جاؤ عقبی میں نامِ محمد ﷺ
شفاعت کا ضامن ہے اسمِ گرامی
سبحان اللہ ! بہت ہی عمدہ شراکت ہے ۔
اللہ تعالی مولونا صاحب کے درجات بلند رکھتے ہوئے انہیں اپنی رحمتوں کی چھاؤں میں رکھیں۔آمین۔ جزاک اللہ محترم ، سید زبیر
 
Top