عزیز حامد مدنی کتاب کا کیڑا ------ نظم -----عزیز حامد مدنی

مغزل

محفلین
عزیز حامد مدنی کا کلام ’’تمام‘‘ سوفٹ کاپی ہاتھ لگی ، مگر ’’سخی‘‘ کا حکم ہے ایک ساتھ نہ پیش کرنا ، وگرنہ ای بک بنائ جاسکتی تھی۔ بہر کیف ایک نظم پیش کرتا ہوں۔


کتاب کا کیڑا

دِق تجھ سے کتابیں ہیں بہت ،کرم ِکتابی
تو دشمن ِذردیدہ ہے خاکی ہو کہ آبی
الفاظ کی کھیتی ہے فقط تیری چراگاہ
معنی کی زمیں تیرے سبک سایوں نے دابی
ہونے کوتیری اصل ہے صیّاد، کمیں گاہ
کہنے کو فقط تیری حقیقت ہے سرابی
تو نے تو ہر اک سمت لگائی ہیں سرنگیں
پارینہ ہو فرمان، کتابیں ہوں نصابی
بادامی ہو کاغذتو مزا اور ہی کچھ ہے
لقمہ ہوا تحریر کا ہر مغز شتابی
کیا خوب ہے یہ مجلسِ اوراق کہن بھی
خاموش کتب خانوں کی دیمک تری لابی
گھن ساتھ ہی گیہوں کے ہے پستا ہوا دیکھا
برگشتہ ورق لا نہ سکا تجھ پہ خرابی
فردوسی و رومی کی کتابیں ہیں ہراساں
وہ قلعہ معنی ، ترا حملہ ہے جوابی
پردہ ہے خموشی تری آہنگِ فنا کی
بھونرا ہے فقط کنج ِگلستاں کا ربابی
تو چاٹ گیا دانشِ کہنہ کی فصیلیں
بنیاد ِعمارت کو ہے ڈھانا تری ہابی
اعداد کے قالب میں ہے تو صفر کی طاقت
صفحات کے سوراخ کابے نام حسابی
تاریخ کے اس سیل میں انسان نے پائی
ایک آدھ کوئی موج نفس وہ بھی حبابی
بکتے سرِ بازار ہیں مانندِ زغال آج
جو تازہ نفس ،خواب ِتغیر تھے شہابی
کھا جاتی ہے اک دن اسے سب گردِ زمانہ
مٹی کی وہ صحنک ہو کہ چینی کی رکابی
بدلی ہوئی دنیا میں، تغیر کا عمل ہے
تو کرم ِکتابی نہیں اک کرم خلل ہے

”نخلِ گماں“صفحہ 24
عزیز حامد مدنی
 

الف عین

لائبریرین
مجھ کو بھیج دو محمود۔ میں اس کا ’کریا کرم‘ کرتا ہوں۔ کچھ چھوڑ دوں گا، اور ضخیم ہوئی تو دو تین ای بکس بنا دی جائیں گی مختلف ناموں سے۔
 

محمد وارث

لائبریرین
بہت خوبصورت نظم ہے، شکریہ محمود صاحب شیئر کرنے کیلیے!

نیچے دیئے گئے مصرعوں میں مجھے کچھ 'پرابلم' لگ رہی ہے، اگر ہو سکے تو پلیز پھر دیکھ لیں تا کہ یہ خوبصورت نظم 'مکمل' ہو سکے:

تو دشمن ذردیدہ ہے خاک کی ہو کی آبی

معنی کی زمیں تیرے سب سایوں نے دابی

ہونے کو تری اصل ہے صیادم کمیں گاہ

برگشتہ ورق لا نہ سکا تجھ پر خرابی

تو چاٹ گیا دانشِ کہنہ کی فصلیں
 

فرخ منظور

لائبریرین
مغل صاحب کو تو شاید اپنی پوسٹ بھی پسند نہیں ہے۔ جبھی اسے پڑھنے کی بھی زحمت گوارا نہیں کرتے۔
 

مغزل

محفلین
مغل صاحب کو تو شاید اپنی پوسٹ بھی پسند نہیں ہے۔ جبھی اسے پڑھنے کی بھی زحمت گوارا نہیں کرتے۔

ایسا نہیں فرخ‌صاحب ، نیٹ اور بجلی کے غیاب سےفرصت ملتے ہیں آیا ہوں۔

وارث صاحب ۔ آپ کا مراسلہ دیکھ چکا ہوں ۔ میرے پاس یہ کلام ان پیج کے فارمیٹ میں ہے ، سو املا انشا کا معاملہ تبھی حل ہوگا جب مجھے کتابی صورت میں کہیں مل سکے گا، ویسے اب میں محتاط ہوں‌کہ مذکورہ ذخیرے سے کچھ نہ بھیجوں اس میں بہت سی اغلاط ہیں ۔ کہیں سے یہ نظم مل جاتی ہے تو میں درست کیے دیتا ہوں کسی بھی دوست کے پاس ہو تو نشاندہی کردے ، میں سراپا ممنون رہوں‌گا۔ جب تک میری آپ سے گزارش ہے کہ لڑی کو مقفل کیا جائے ۔ بہت شکریہ۔والسلام
 

مغزل

محفلین
نخلِ گماں ملنے پر تدوین کر کے املا کی اغلاط کی تصحیح کی کردی گئی ہے۔ بہت شکریہ
آپ سبھی احباب کو پہنچنے والی زحمت پر معذرت خوا ہ ہوں۔
 

الف عین

لائبریرین
محمود، فیس بک میں یہ نظم پوسٹ کر دی ہے کل۔ تم کہاں ہو، اور اس سافٹ کاپی کا کیا ہوا؟ دو تین ای بکس بنائی جا سکتی ہیں اس مواد کی۔
 

مغزل

محفلین
بابا جانی ، فائلز تو موجود ہیں ، میں کام نہیں کرسکا کہ ، اصل کتب نہیں مل سکی ہیں جن سے پروف کیا جاسکے ، ۔۔۔
ایک صاحب سے فوٹو کاپی منگوائی ہیں، انہوں نے آمادگی بھی ظاہر کی ، لیکن ان دنوں و ہ رابطے میں نہیں نواب شاہ گئے ہوئے ہیں،
موصوف مدنی صاحب پر پی ایچ ڈی کررہے ہیں، ۔۔۔۔۔ دیکھیے کب کرم ہوتا ہے۔
 

مغزل

محفلین
جی بابا جانی ، یاد ہے ، میں موبائل میں ری مائنڈر بھی لگا رکھا ہے ، انشا اللہ یہ کام ضرور کرنا ہے ۔
 
Top