نیرنگ خیال
لائبریرین
کوئی حالت نہیں یہ حالت ہے
یہ تو آشوب ناک صورت ہے
انجمن میں یہ میری خاموشی
بُردباری نہیں ہے وحشت ہے
تجھ سے یہ گاہ گاہ کا شکوہ
جب تلک ہے بسا غنیمت ہے
خواہشیں دل کا ساتھ چھوڑ گئیں
یہ اذیت بڑی اذیت ہے
لوگ مصروف جانتے ہیں مجھے
یاں میرا غم ہی میری فُرصت ہے
سنگ پیرائے تبسم میں
اس تکلف کی کیا ضرورت ہے
ہم نے دیکھا تو ہم نے یہ دیکھا
جو نہیں ہے وہ خوبصورت ہے
وار کرنے کو جانثار آئیں
یہ تو ایثار ہے عنایت ہے
گرم جوشی اور اس قدر، کیا بات
کیا تمہیں مجھ سے کچھ شکایت ہے
اب نکل آؤ اپنے اندر سے
گھر میں سامان کی ضرورت ہے
آج کا دن بھی عیش سے گزرا
سر سے پا تک بدن سلامت ہے
محمداحمد بھائی یہاں پوسٹ کر دی ہے۔۔۔
@منتظمین! میں نے تلاش کی تھی۔ نہ ملنے پر یہ دھاگہ کھولا۔