بھائی ہم تو دیدۂ دل فرش راہ ہیں۔ بقول اقبال
جلوۂ طور تو موجود ہے کوئی موسیٰ ہی نہیں
ایک تجربہ جو وکیپیڈیا کے بعد محفل پر آنے کے بعد ہوا وہ یہ کہ اردو بولنے والوں کی اکثریت کو تفریح اور باتوں اور مذاقوں کے لیے تو بہت وقت میسر ہے لیکن سنجیدہ اور علمی نوعیت کے کاموں کے لیے کوئی تیار نہیں۔ مانا کہ اس طرح کے افراد ہر زبان میں بہت کم ہی ہوتے ہیں لیکن اردو میں تو قحط الرجال ہے۔ یقین کیجیے کہ اردو وکیپیڈیا اس وقت جس پوزیشن پر موجود ہے اس میں صرف 15 یا 20 افراد کی کاوشیں شامل ہیں، جبکہ اس کے مقابلے میں محفل ہی کو دیکھ لیں رجسٹرڈ صارفین بھی تقریبا اتنے ہی ہیں جتنے وکی پیڈیا پر لیکن یہاں کے مستقل صارفین اور وہاں کے مستقل صارفین میں زمین آسمان کا فرق ہے، یہاں تو لوگوں نے اپنے پیغامات ہزاروں تک پہنچا دیے ہیں لیکن یا تو وہ وکیپیڈیا اردو کو اہمیت نہیںدیتے یا لاعلمی کی بنیاد پر وہاں کام نہیں کر پاتے۔
علاوہ ازیں وکیپیڈیا کو متاثر کرنے والا ایک طبقہ تبلیغی حضرات کا بھی ہے جن کا فرض عین اپنے پیر و مرشد اور جماعت کی شان میں مقالے لکھنا ہے اور جب انتظامیہ انہیں یکطرفہ نقطۂ نظر سے نہيں لکھنے دیتی تو ان کا دوسرا فرض یہ ہوجاتا ہے کہ ہر فورم اور ہر جگہ پر اردو وکیپیڈیا کو بدنام کریں۔ میں نام نہیں لوں گا لیکن ان میں سے چند افراد یہاں محفل پر بھی موجود ہیں۔ یعنی ہزاروں سائنسی، تاریخی، جغرافیائی و علمی مضامین کی ان کے پیر و مرشد کے ایک مضمون کے سامنے کوئی حیثیت نہیں اور ان کی جماعت کا مضمون شامل نہیں کیا گیا تو باقی پورا وکی بیکار ہو گیا، یہ انتہائی افسوس کا مقام ہے۔
میری خواہش ہے کہ یہاں سے کم از کم 15 سے 20 لوگ وہاں آئیں اور اپنی ذاتی معلومات چاہے وہ فلموں اور گانوں کی حد تک ہی کیوں نہ ہو اس کو اردو وکیپيڈیا پر شیئر کریں۔ آپ لوگ وہاں آئیں اپنی پسند کے موضوعات تلاش کریں، معاونت کے صفحات دیکھیں، اور پالیسیوںکو follow کرتے ہوئے مضامین لکھیں۔ کسی بھی قسم کی مشکل ہو تو منتظمین سے رابطہ کریں، انشاء اللہ آپ وہاں کے ماحول کو دوستانہ پائیں گے۔ ویب سائٹ کا ربط یہ ہے:
اردو وکیپیڈیا
امید ہے کہ برادران و ہمشیران اس دردمندانہ اپیل پر لبیک کہیں گے۔