کچھ بابت پاک نستعلیق کے۔۔۔

محسن حجازی

محفلین
ًمحترم قارئین، میرا نام محسن حجازی ہے شاید آپ میں سے کچھ لوگ مجھ سے واقف بھی ہوں۔ آپ لوگوں کی علمی بحث اور لگن دیکھ کر خوشی ہوئی، بندہ ناچیز نستعلیق کے تناظری تجزیاجات، ٹی ٹی ایف، او ٹی ایف پر مکمل دسترس رکھتا ہے اور مقتدرہ قومی زبان، مرکز فضیلت برائے اردو اطلاعیات کے پاک نستعلیق فونٹ کا خالق ہے۔ میں اس فونٹ کے متعلق بس اتنا کہنا چاہوں گا کہ انشااللہ یہ موجودہ نستعلیق فونٹس کے مقابلے میں بے حد ہلکا پھلکا اور تیز رفتار ہوگا۔ اسے کب جاری کیا جائے گا، اس کا اعلان ہمارے ناظم منصوبہ جناب ڈاکٹر عطش درانی کریں گے۔ فی الحال اس پر تندہی سے کام جاری ہے۔ یونیکوڈ والوں سے بھی کچھ بات چیت جاری ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ پاک نستعلیق تجارتی پیمانے پر تیار ہونے والے نستعلیق فونٹس سے کہیں زیادہ تیز رفتار ہو۔ ایک بات جس کا کہ ذکر ضروری سمجھتا ہوں وہ یہ کہ تکنیکی اعتبار سے نسخ فونٹس میں اردو نسخ ایشیا ٹائپ بہت آگے ہے۔ نفیس فیملی کے تمام فونٹس خواہ نسخ ہوں یا نستعلیق، تکنیکی اعتبار سے بے پسماندہ ہیں اس کا تجربہ صارفین کو بھی ہوجاتا ہے۔ کسی فونٹ کا چھوٹے سائز پر نظر آنا اس بات پر منحصر ہے کہ اس کی ٹرو ٹائپ ہنٹنگ کتنی کی گئی ہے۔ یہ ایک نہایت پیچیدہ اور تھکا دینے والا باریک کام ہے۔ بڑے بڑے پروفیشنلز اس کام سے گھبرا جاتے ہیں۔ ٹائمز نیو رومن کی ہنٹنگ آج بھی جاری ہے اس بات سے آپ اس کام کی پیچیدگی اور باریکی کا بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں۔ اس وقت میری پوری توجہ اس کی پرفارمنس پر ہے اس کے بعد انشااللہ ہنٹنگ بھی کی جائے گی۔ پاک نستعلیق کے مختلف ورژنز جاری کیے جائیں گے، انٹرفیس ورژن، ویب ورژن، ڈیسک ٹاپ ورژن وغیرہ وغیرہ۔۔۔ اس فونٹ کے تصویری نمونہ جات آپ اردو محفل کے فورمز پر ملاحظہ کر چکے ہوں گے جنہیں محترمہ مہوش علی نے پوسٹ کیا تھا۔ پاک نستعلیق نوری نستعلیق کے نہایت قریب ہے۔ آپ کے لیے یہ امر خوشی کا باعث ہوگا کہ یہ فونٹ بالکل مفت دستیاب ہوگا کیونکہ یہ پاکستان کا سرکاری فونٹ ہوگا۔ مزید برآں مرکز فضیلت برائے اردو اطلاعیات چونکہ ایک غیر منافع بخش حکومتی ادارہ ہے، اس کے دو اہم اثرات ہوں گے۔ ایک تو یہ کہ پاک نستعلیق کی ہمیشہ نوک پلک سنواری جاتی رہے گی (نہ کہ نفیس نستعلیق کی طرح جو کہ بدقسمتی سے ارتقائی مراحل طے نہ کر سکا)
دوسرا یہ کہ یہاں ہونے والی تحقیق من و عن عوام کے لیے شائع کر دی جائے گی تاکہ دوسرےلوگ بھی مختلف انداز کے حامل نستعلیق فونٹس تیار کرسکیں اور اردو فونٹس میں تنوع میسر آ سکے۔ پاک نستعلیق کئی بے خواب راتوں کا ثمر ہے، کئی بےچین دنوں کی فصل ہے، ایک جنون مسلسل کی پیداوار ہے، یہ ایک ایسا سودا ہے جو میرے دماغ میں انٹر کے دنوں سے سمایا ہوا تھا لیکن ایک کمزور طالب علم وہ وسائل کہاں سے لاتا جو اس کام کے لیے درکار ہیں۔ مرکز فضیلت برائے اردو اطلاعیات جناب ڈاکٹر عطش درانی کا لگایا ہوا ایک ایسا سر سبز گھنا درخت ہے جس کی چھاوں میں بیٹھ کر مجھے یہ کام کرنےکا موقع ملا۔ ڈاکٹر صاحب جو کہ میرے استاد بھی ہیں، وسائل اکٹھا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی، دفتری الجھنوں، سرخ فیتوں، بے سبب مخالفتوں سے بے نیاز وہ اس تمام عمل میں میرے لیے ایک سائبان کی طرح ہیں جن کی ٹھنڈی چھاوں میں مجھے کام کرنے کی پوری آزادی ہے۔ پاک نستعلیق میں اسی چھاوں کی ٹھنڈک اور فرحت بدرجہ اتم موجود ہے۔ تخلیق کا عمل غیر یقینی صورت حال میں نہیں ہو سکتا، ڈاکٹر صاحب نے ہمیشہ مجھے دفتری الجھنوں اور پریشانیوں سے دور رکھا، بلکہ حقیقت حال یہ ہے کہ مجھے ایک کٹیا میں الگ بٹھا دیا یہ کہہ کر کہ میاں! کام کرو، باقی ہم جانیں۔۔۔ اور واقعی مجھے تادم تحریر اپنے کام کےعلاوہ کسی طرف دھیان دینے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔۔۔ میں تہہ دل سے اپنے استاد جناب ڈاکٹر عطش درانی کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھے اپنی شفقت کے سائے تلے کام کرنے کا موقع دیا۔ پاک نستعلیق انشااللہ اردو کے مستقبل بدل دے گا اور اس کے لیے محب اردو حلقوں کو جناب ڈاکٹر عطش درانی کا شکر گزار ہونا چاہیے۔ تکنیکی ماہر نہ ہونے کا باوجود معاون افسر اطلاعیات جناب اکبر سجاد کی اس منصوبے سے لگن اور جذباتی وابستگی بھی قابل ستائش ہے۔ میں ان کا بھی شکر گزار ہوں کہ ہر معاملے میں وہ میرے لیے بے حد معاون ثابت ہوتے ہیں۔ محترمہ مہوش کا بھی میں بے حد شکر گزار ہوں کہ اردو ویب اور محفل تک لانے والی وہی تو ہیں۔ مزید یہ کہ اس کی ریلیز کا میں خود بھی منتظر ہوں آپ بھی یقینا ہوں گے۔ پھر اگر کچھ کمی بیشی ہوئی تو مل جل کر ان کمیوں کوتاہیوں پر قابو پالیں گے۔ بہر طور حرف آخر یہی کہ انشا اللہ اب تک کے نستعلیق فونٹس میں پاک نستعلیق ہر اعتبار سے بہتر ہوگا۔ صرف ایک بات سے اندازہ‌لگا‌‌لیجیے‌کہ‌اس‌میں صرف 198 اشکال ہیں جن کی مدد سے پورا نستعلیق کمپوز کیا جاتا ہے۔۔۔۔
خیر، تجاویز و آرا اور سوالات کا انتظار رہے گا
والسلام
محسن شفیق حجازی
مرکز فضیلت برائے اردو اطلاعیات
مقتدرہ قومی زبان، پاکستان
 

نبیل

تکنیکی معاون
ارے دوستان محفل، ادھر آؤ، محسن حجازی تشریف لائے ہیں۔ نہ جانے کب سے ہم ان کے انتظار میں پلکیں بچھائے ہوئے ہیں۔

السلام علیکم محسن اور خوش آمدید۔ واقعی آپ کے آنے کی بہت خوشی ہوئی اور آپ کی پوسٹ پڑھ کر تو مجھے اختلاج قلب ہونے کے قریب ہے۔ :p اللہ تعالی آپ کو آپ کے عزائم میں کامیاب فرمائے۔ ہم سب آپ کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ آپ یہاں آتے رہا کریں اور ہو سکے تو دوستان محفل کی اشتہا بڑھانے کے لیے ایک آدھ سکرین شاٹ بھی پوسٹ کر دیا کریں۔ یہ وہ طریقہ ہے جس سے کے ذریعے مائیکروسوفٹ‌ اپنے سوفٹویر کی ریلیز سے دوسال پہلے ہی تشہیر شروع کر دیتا ہے۔

میں آپ سے اس بات پر متفق ہوں کہ فونٹ‌ کو مناسب طور پر آپٹمائز کرنے کے بعد ہی ریلیز کیا جانا چاہیے۔ میں امید کرتا ہوں کہ آپ ہمیں اس سلسلے میں مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے رہیں گے۔

والسلام
 

محسن حجازی

محفلین
وعلیکم السلام نبیل! میں بے حد شکر گزار ہوں کہ آپ نے اس قدر عزت افزائی کی۔۔۔ پاک نستعلیق کے متعلق خاصی چہ مگوئیاں جاری تھیں، ہماری مکمل کوشش تھی کہ اسے مکمل صیغہ راز میں رکھا جائے پر خوشبو پھیل جائے تو سمیٹی نہیں جا سکتی۔۔۔ بہرحال، آج میں نے سوچا کہ اس سلسلے میں جو چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے اسے توڑ دیا جائے خلقت تو کہنے کو فسانے مانگے، سو فسانہ حاضر ہے، جو کہ حقیقت بھی ہے۔ اس وقت میں اپنے ڈیسک پر ہوں، ایک طرف تو فونٹ لیب میں پاک نستعلیق جراحی کے جاں گسل مراحل سے گزر رہا ہے تو دوسری طرف جگجیت سنگھ دھیمے سروں‌میں نغمہ سرا ہیں اور تیسری طرف آپ سے بات چیت چل رہی ہے۔ انشااللہ میں مختلف سکرین شاٹس آپ لوگوں کی خدمت میں پیش کرتا رہوں‌گا۔ دیگر ارکان کے ردعمل کا بھی مجھے بے حد بے چینی سے انتظار رہے گا۔ نستعلیق ہم لوگوں کی قومی ضرورت ہے، آپ سب دعا کیجیے کہ ہم کامیاب ہو جائیں، کہ یہ ہم سب کی کامیابی ہے۔ میں آپ کو اس قدر شاندار اردو فورم چلانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔۔۔ محفل انگریزی فورمز کے ہم پلہ ہے بس نستعلیق کی کمی ہے انشااللہ وہ بھی پوری ہو جائے گی ۔۔۔
والسلام،
ًمحسن حجازی
 

جیسبادی

محفلین
عالم فاضل لوگوں کے دھاگے میں لکھتے ہوئے کچھ ڈر لگ رہا ہے۔ کہنا یہ ہے کہ نئے فونٹ کو شائع کرنے سے پہلے اس کی مشق لینکس پر بھی کی جائے، اور ہو سکے تو OS/X پر بھی، تاکہ تمام لوگوں کو اس کا ثمر ملنے کا عزم پورا ہو، اور مقتدرہ م‌س کا آلہ کار بن کر نہ رہ جائے۔

نوٹ: اور یہ سکرین شاٹ تو مجھے نہیں مل رہے۔ نبیل، کوئی ربط ہے تو آسانی کیلئے لگا دو۔
 
میری نظر اچانک پڑی تو پاک نستعلیق لکھا ہوا نظر آیا۔ سوچا شاید پھر کسی من چلے کے دل میں حسرتوں کے اظہار کا شوق امڈ آیا ہوگا جو یہ پوسٹ کردی۔ پہلے تو خیال آیا کہ اگر کسی کا دل ں پھر سے نستعلیق کی محبت چرایا لایا ہے تو بھی پڑھ کر فقط محرومی کا احساس ہی دوچند ہو گا۔ ابھی ہماری قسمت میں وصالِ نستعلیق کہاں مگر بات نستعلیق کی ہو تو لاکھ سمجھانے پر بھی دل سمجھتا نہیں۔ دھڑکتے دل کے ساتھ پوسٹ پڑھنی شروع کی اور محسن حجازی صاحب کا نام پڑھ کر دھڑکنوں میں ارتعاش پیدا ہوا اور جوں جوں پڑھتا گیا ارتعاش بھی بڑھتا گیا۔ یہ بات تو میں بہت پہلے سے جانتا ہوں کہ اردو کے لئے افراد نے وہ کام کیا ہے جو ادارون کے کرنے کا تھا جس کی ایک مثال یہ اردو فورم بھی ہے جس کے لئے نبیل کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ نوری تستعلیق کو کمپیوٹر پر متعارف کرانے کا سہرا بھی مرزا جمیل کی تنہا کاوش کا نتیجہ تھا اور اب محسن صاحب کی محنتِ شاقہ کو ہم جلد حقیقت کا روپ دھارتے دیکھیں گے ۔ دل اس پوسٹ کو پڑھ کر مسرت سے لبریز ہو گیا ہے اور اس سے پہلے کے یہ پیمانہ چھلک جائے محسن حجازی صاحب کو بے پناہ مبارکباد کے ساتھ اجازت چاہتا ہوں
 

الف عین

لائبریرین
محسن آپ کا بہت ذکر سن رکھا تھا حال کے عرصے میں۔خدا کرے کہ یہ انتظار کی گھڑیاں جلد ختم ہوں۔ آپ کو اور آپ کے احباب اور ڈاکٹر عطش کے لئے ہم سب کی دعائیں ساتھ رہیں گی۔ اللہ کرے زور ’عمل‘ اور زیادہ۔ بلکہ ماشاءاللہ زور قلم بھی۔ آپ کی گفتگو بھی اچھی لگی۔ جیسبادی کی بات بھی سچ ہے۔ میں اس میں یہ اضافہ کرنا چاہوں گا کہ ایپل میک پر بھی ضرور ٹیسٹ کریں۔ اس پر تو ایشیا ٹائپ بھی گڑبڑ کرتا ہے۔
 

مہوش علی

لائبریرین
آپ کو محفل پر پھر سے خوش آمدید محسن صاحب۔

یہاں نبیل صاحب کو تو آپ جان ہی گئے ہوں گے۔ یہ محفل انہی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ زکریا صاحب سے ابھی تک آپ کا تعارف نہیں ہوا ہے۔ وہ اس محفل کے ایڈمن ہیں اور اس محفل میں ان کی کاوشیں وہی ہیں جو کہ نبیل صاحب کی ہیں۔

اعجاز اختر صاحب کا بھی اردو کمپیوٹنگ پر بہت احسان ہے۔ ہمارے ان بزرگوار کو اردو کمپیوٹنگ پر سب سے پہلا یاھو گروپ چلانے کا شرف حاصل ہے۔ اسی یاھو گروپ پر بہت سے اردو کے دیوانے آپس میں ملے اور یہ سلسلہ چلتا ہی چلا گیا (میرے خیال میں نبیل صاحب، شارق مستقیم، جیسبادی، اور زکریا وغیرہ تمام کے تمام اسی گروپ کے ممبرز رہے ہیں)۔ یہ تمام حضرات مجھ سے بہت سینیر ہیں، اور مجھے سے بہتر یہ خود ہی اپنا تعارف کروا سکتے ہیں۔

جیسبادی صاحب کا بھی نبیل صاحب کی طرح اس محفل میں بہت بڑا ہاتھ ہے اور اردو کے متعلق یہ بہت ہی مفید معلومات مہیا کرتے ہیں۔ مگر ان کا اصل میدان لینکس میں اردو کمپیوٹنگ ہے (اسی طرح فائر فاکس وغیرہ میں بھی)۔ اس سلسلے میں یہ جو کام کر رہے ہیں، اس میں یہ منفرد ہیں۔ یعنی ان کا کوئی متبادل دنیائے اردو میں ابھی تک مجھے نظر نہیں آ رہا۔


اور آج آپ کی یہاں موجودگی کے بعد لگتا ہے کہ اس محفل پر اردو پروفیشنلز کی ٹیم مکمل ہو گئی ہے۔ یہ ایک ایسی ٹیم ہے جو کہ اس معاملے میں ہر چیلنج کو قبول کر کے پورا کر سکتی ہے۔

کسی بھی ملت کو اپنی تعمیر و ترقی کے لیے کچھ "رُجل" پیدا کرنے ہوتے ہیں۔ اور اردو بولنے والی قوم کے یہ رُجل اس وقت میرے سامنے موجود ہیں۔

آخر میں پاک نستعلیق فونٹ کے متعلق ایک بات عرض کر دوں، جو کہ محسن حجازی صاحب نے اوپر عرض کی ہے، مگر شاید بہت سے ممبران کو بات کلیئر نہ ہو سکی ہو۔

پاک نستعلق فونٹ کی تیز رفتاری کا اندازہ ہمیں اس بات سے کر لینا چاہیے کہ "نفیس نستعلیق" میں اشکال کی تعداد 980 سے تجاوز کرتی ہے، جبکہ "پاک نستعلیق" میں ایک ایسی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جس سے اس میں صرف اور صرف 198 اشکال کی ضرورت پڑ رہی ہے۔

لگتا ہے کہ ہمارے خواب جلد حقیقت میں بدلنے والے ہیں۔
 

مہوش علی

لائبریرین
محسن حجازی نے کہا:
دوسرا یہ کہ یہاں ہونے والی تحقیق من و عن عوام کے لیے شائع کر دی جائے گی تاکہ دوسرےلوگ بھی مختلف انداز کے حامل نستعلیق فونٹس تیار کرسکیں اور اردو فونٹس میں تنوع میسر آ سکے۔

نہ چاہتے ہوئے بھی مجھے لبِ شکایت کھولنا پڑ رہی ہے۔

اس سلسلے میں کرلپ کے جانب سے ہرگز وہ ریسپانس نہیں ملا جس کی ہم اُن سے توقع کرتے رہے۔ انہوں نے نفیس نستعلیق تو ہمارے حوالے کر دیا، مگر کسی دوسرے کی اس سلسلے میں بالکل کوئی رہنمائی نہیں کی کہ نفیس کے علاوہ بھی کوئی اور نستعلیق فونٹ بنایا جاتا۔

محسن حجازی صاحب، آپ کی اپروچ ماشاء اللہ بہت مثبت ہے اور یہی سوچ ہے جو کہ اس میدان میں ترقی کا ضامن ہو گی۔ (ورنہ نفیس نستعلیق کے بعد تو چیزیں ساکت ہو کر رہ گئی تھیں اور ترقی کی کوئی کرن نظر نہیں آ رہی تھی۔ اس اندھیرے میں آپ یکدم 1000 واٹ کی پوری سرچ لائٹ لیے ہوئے سامنے آ گئے۔ :)

معجزہ
 

نبیل

تکنیکی معاون
لیجیے جناب سارے دن کے بعد عاجز دوبارہ فورم پر حاضر ہے۔ پاکستان اور انڈیا کے دوست تو سونے کی تیاریاں کر رہے ہوں گے۔ انگلینڈ اور اٹلی کے دوست آن لائن ہو کر آف لائن ہو رہے ہیں۔ :p

جیسبادی، محسن کے فونٹ کے کچھ سکرین شاٹ مہوش علی نے اسی فورم پر یہاں پوسٹ‌ کیے ہوئے ہیں۔

محسن، بہت خوب۔ تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کو کام کے دوران موسیقی راس آ جاتی ہے۔ 8) :lol: میں دراصل کام کرتے ہوئے موسیقی ک ہی سنتا ہوں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مجھ پر میوزک اور طرح سے اثر انداز ہوتی ہے۔ جب ابرارالحق کی آواز کانوں میں پڑ رہی ہوتی ہے کہ؛

کہ سانوں تیرے نال پیار ہو گیا
کہ ساڈا دل بے قرار ہوگیا

تو ساڈا دل واقعی بے قرار ہو جاتا ہے اور میں اس فریب تخیل میں گم ہو جاتا ہوں کہ میں ایک مٹیارن کے ساتھ کسی انجانی اور سہانی جگہ پر آنکھ مچولی کھیل رہا ہوں اور بیک گراؤنڈ میں یہ گانا چل رہا ہے۔ غرضیکہ ہر وہ چیز جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، ان رومانوی خیالات میں کھویا رہتا ہوں۔ آخر تنگ آ کر کام پر concentrate کرنے کے لیے مجھے میوزک بند کرنا پڑتا ہے۔ دیکھیں بات کہاں کی کہاں پہنچ گئی۔ :wink: :p :oops:

چلیں جناب ذرا ٹو دی پوائنٹ بات کریں۔ آپ ویسے تو سوفٹویر انجینیر ہیں ان باتوں کو مجھ سے بہتر جانتے ہوں گے کہ کسی بھی سوفٹویر کو سو فیصد درجہ کمال تک نہیں پہنچایا جا سکتا، وہ بھی اس کی پہلی ریلیز سے قبل۔ آپ نے یقیناً کسی فیچر فریز (feature freeze) کا اہتمام کیا ہوگا۔ یقیناً آپ کا دل کر رہا ہوگا کہ یہ دنیا کا بہترین اردو فونٹ‌ ہو (جو کہ یہ در حقیقت ہوگا) اور ہر لمحے آپ کو کسی نہ کسی امپروومنٹ کا خیال آتا ہوگا، لیکن آپ نے یقیناً کوئی mile stones سیٹ کیے ہوں گے۔ ان کے بارے میں کیا آپ کچھ بتانا پسند کریں گے؟

میں یہ بھی کہتا چلوں کہ اپنا خیال رکھیں۔ :p یہ میں مذاق سے نہیں کہہ رہا۔ آپ کے کام کی واقعی وہ اہمیت ہے کہ لوگ اس کے منظر عام پر آنے سے پہلے ہی اس پر ہاتھ صاف کرنے کے چکر میں ہوں گے (اور شاید آپ پر بھی :twisted: )۔ بہرحال اس کا آپ نے مناسب بندوبست تو کیا ہوگا۔ آپ کی لیبارٹری کے اردگرد خاردار تار بچھی ہوگی، چاروں جانب نگرانی والے کیمرے کام کر رہے ہوں اور اوپر ہیلی کاپٹر گردش کر رہے ہوں گے۔ :wink: :D

چلیں جناب امید کرتا ہوں کہ آپ سے ملاقات رہے گی۔

والسلام
 

نبیل

تکنیکی معاون
میں یہاں ایک وضاحت کرنا چاہوں گا۔ اوپر مہوش نے مجھ سمیت کچھ حضرات کی کاوشوں کا ذکر کیا ہے۔ میں اس میں کچھ اضافہ کرنا چاہوں گا۔ اس فورم کے سیٹ اپ کرنے اور اسے مقبول بنانے میں قدیر احمد رانا، عبدالستار منہاجین اور جہانزیب کا بہت اہم کردار رہا ہے۔ اس کے علاوہ مہوش علی بھی ہماری فورم کی ایک نہایت اہم ممبر ہیں اور ہمارے اردو کی ترویج کے کام کو آگے بڑھانے میں ان کی ذاتی دلچسپی اور جوش و جذبے کا بہت اہم حصہ ہے۔ مختصراً یہ کہ اس فورم کی مقبولیت بڑھانے میں اس کے ہر رکن کا ہاتھ ہے۔

:aadab: :congrats: :khoobsurat:
 

محسن حجازی

محفلین
جی جناب! بہت خوشی ہوئی آپ تمام حاضرین کے خوشگوار رد عمل سے۔ عرض یہ ہے کہ کہا جاتا ہے A Software is never mature untill revision 3 تو بس میں بھی یہی کہنا چاہوں گا۔ سنگ میل بھی مقرر کیے گئے ہیں اس ضمن میں بس دعا کیجیے کہ اللہ پاک ارادوں میں کامیابی عطا فرمائے بس ایک نہایت عمدہ اور تیزرفتار نستعلیق فونٹ میسر آجائے پھر ہم نمٹ لیں گے اہل جہاں سے۔۔
کرلپ سے متعلق بات چیت ہوئی ہے یہاں پر تو دست بستہ عرض یہ ہے کہ میں نستعلیق فونٹ کے خواب اسی روز سے دیکھ رہا ہوں‌جب کرلپ نے نفیس نستعلیق جاری کیا تھا۔ اردو کمپوٹنگ پر اس وقت سے کام کر رہا ہوں جب بی بی سی نے اپنی اردو سائٹ جاری کی تھی اور یہ بات میری انا کا مسئلہ بن کر رہ گئی کہ بدیشی تو کام کر جائیں اور اہل زبان ہاتھ پر ہاتھ دھرے رہیں۔ جناب اعجاز اختر کو بھی اس وقت سے جانتا ہوں، اردوستان ڈاٹ کام کے ویب استاد جناب کاشف بھی اس وقت سے میرے واقف کار ہیں اور ہم لوگوں نےمل کر اردو سافٹ بنایا تھا جسے بعد میں اردو کمپیوٹنگ گروپ میں ضم کر دیا گیا تھا۔ کرلپ کے سلسلے میں عرض یہ ہے کہ میں نستعلیق کی بابت بحیثیت ایک طالب علم کے ان لوگوں سے استفسار کرتا رہا ہوں کوئی گذشتہ چار سال سے پر یا تو جواب ہی نہیں دیا گیا اور پھر اگر دیا گیا تو اس قسم کا کہ جی فلاں فلاں چیز آنا ضروری ہے اللہ اللہ خیر سلا۔۔۔ علم آگے تبھی بڑھتا ہے جب اسے بانٹا جائے، قبر میں لجانے سے ثواب دارین کا امکان بے حد کم ہے! اہل مغرب علم کے معاملے میں بے حد فیاض واقع ہوئے ہیں اور اسی لیے مغربی تہذیب مادی طور پر روز بروز ترقی کی جانب گامزن ہے۔ بہرکیف، اب میں جب کہ یہاں مرکز فضیلت برائے اردو اطلاعیات میں پیشہ ورانہ حیثیت میں کام کر رہا ہوں (جبکہ ابھی تعلیم بھی جاری ہے ساتھ ساتھ۔۔۔) تو مجھے اپنے خواب کی تکمیل ہوتی نظر آ رہی ہے۔ فی الوقت تمام تر توجہ فونٹ کی درست Substitution پر ہے اور اس کے علاوہ Cursive Attachment پر توجہ ہے۔ باقی باتوں سے بھی آگاہ کرتا رہوں گا۔۔۔
 

الف عین

لائبریرین
شاید احباب کو یاد ہوگا کہ میں نے سرمد صاحب سے بھی رابطہ قائم کیا تھا کہ فانٹ کی تخلیق میں ہماری مدد کریں خاص کر اس فانٹ کی کرننگ کے بارے میں ہمیں بتائیں۔ انھوں نے محض اپنے ایک ماتحت کو میرا ای میل فارورڈ کیا تھا اور انھوں نے یہی جواب دیا تھا کہ وہ جلد ہی جواب دیں گے، لیکن نہ ان صاحب نے یہ محفل جائن کی نہ مجھے ہی کچھ لکھا۔ اور نہ ہی نفیس نستعلیق فانٹ کے لائسنس کے بارے میں کچھ مثبت رویہ اپنایا۔
میرے بارے میں آپ سب حضرات کے خیالات کا مشکور ہوں۔ بلکہ فخر بھی ہوتا ہے کہ اردو تحریر کو اس موڑ پر لانے میں میرے یاہو گروپ کا اہم رول رہا ہے۔ حالاں کہ من آنم کہ من دانم۔ میں نہ پروگرامر ہوں اور نہ ویب سائٹ ڈیزائنر۔ بس آپریٹنگ سسٹم اور ورڈ پروسیسنگ وغیرہ کی شد بد ہے، البتہ بطور ’لنگر‘ (اینکر کا ترجمہ) کے ضرور میں نے کچھ خدمت کی ہے اردو کی۔
اور مہوش آپ کو یہ فانٹ پہلے کہاں سے مل گیا تھا؟ کم از کم ہم کو بھی اس کا ’پیش منظر‘ تو مل جائے۔
 
جواب

محترم حجازی صاحب آپ کے فونٹ کے متعلق پہلی دفعہ اپنے استاد شعبہ اردو جامعہ پشاور بادشاہ منیر بخاری سے سنا تو یقین نہیں آیا انھیں چونکہ مبالغہ آرائی کی عادت ہے اس لیے میں نے یہ سب کچھ ماننے سے انکار کردیا۔ اورکہا کہ بھئی ہم بہت عرصے سے ایسے فونٹ کی تلاش میں ہیں اور آپ فرما رہے کہ میرے پاس یہ فونٹ موجود ہے۔ اس کے بعد انہوں نے مجھے جب آپ کا بنایا ہوا فونٹ دکھایا تو کافی حیرانگی ہوئی۔ منہ میں جیسے پانی بھر آیا کہ اس فونٹ کو چرا لیا جائے۔ لیکن پھر خیال آیا کہ چوری اور اپنے استاد سے ہرگز نہیں۔ خیر انہوں نے فونٹ دینے کا وعدہ ضرور کیا ہے۔ لیکن ہم انتظار کریں گے آپ کے فونٹ کی مکمل اور اعلیٰ ترین شکل کا۔ اللہ آپ کو اس کام میں کامیاب کرے۔ آمین
 

دوست

محفلین
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی
واہ جی واہ اب اور کیا کہہ سکتے ہیں‌ہم ۔ یہاں‌تو بڑے بڑے قابل قدر لوگ موجود ہیں ۔ حجازی صاحب میری طرف سے بھی خوش آمدید اور مبارکباد۔ بہت سی مبارکباد اردو کی مانگ بھرنے کا پیشگی شکریہ۔
نستعلیق کے بغیر اردو ویب پر بیوہ کی طرح‌ہی لگتی ہے۔ امید ہے پاک نستعلیق اور اس کی بنیاد پر بنائے گئے مزید فانٹس اسے فرش سے عرش پر پہنچا دیں‌گے۔
فونٹ کی ریلیز کا شدت سے انتظار رہے گا۔اردو ویب کے ساتھیوں‌نے اردو سے محبت کا کچھ ایسا جذبہ بھر دیا ہے اندر کہ سچ پوچھیے تو صبر نہیں‌ہورہا جی چاہتا ہے ابھی مانگ لوں‌تاہم دل کی بھی نہیں‌ماننی چاہیے امید ہے جلد ہی فونٹ کو یہاں‌ہی اسی فورم پر اور دوسری کئی جگہوں‌پر بھی دیکھیں‌گے۔
اور نبیل بھائی میرے ذہن میں‌ایک تجویز ہے جیسا کہ حجازی صاحب نے کہا ہے یہ اوپن سورس یعنی اس کا کوڈ وغیرہ جو بھی طریقہ کار ہے دستیاب ہوگا تو میرا خیال ہے اردو ویب کی طرف سے بھی ایک فونٹ بنانے کی پھر سے کوشش کی جائے۔ پاک نستعلیق کی بنیاد پر۔ (اس کی ریلیز کے بعد)
ابھی تو خیر یہ صرف تصورات ہیں اللہ انھیں‌ عملی شکل دینے کی توفیق دے۔ امید ہے مستقبل قریب میں‌ اردو ویب اور اردو ورڈ پروسیسرز کے لیے مناسب تعداد میں‌اردو نستعلیق اور نسخ‌فونٹ دستیاب ہونگے۔
اللہ ہمارا حامی‌وناصر ہو۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم شاکر۔ میرے خیال میں ہمیں تحمل سے اس فونٹ کے ریلیز ہونے کا انتظار کرنا چاہیے اور محسن حجازی کی منہ زبانی حوصلہ افزائی جاری رکھنی چاہیے۔ محسن، آپ بھی آرام اور سکون کے ساتھ اپنے سنگ ہائے میل عبور کریں۔

جہاں تک اس فونٹ پر مزید کام کرنے کا تعلق ہے تو محسن کے ذہن میں پہلے ہی اس کام کو آگے بڑھانے کے آئیڈیاز موجود ہوں گے۔ اگر وہ چاہیں گے تو انہیں یہاں سے معاونت کے لیے متعدد رضاکار بھی مل جائیں گے۔ ٹائپوگرافی ایک نہایت پیچیدہ اور باریک جزئیات والا علم ہے۔ جو اصحاب اس میں دلچسپی رکھتے ہوں ان کے لیے بہتر ہےکہ وہ کم از کم اوپن ٹائپ ٹائپوگرافی کی بنیادی باتوں کو سیکھ لیں۔ اوپر محسن پہلے ہی ذکر کر چکے ہیں کہ اوپن ٹائپ فونٹس میں بہتری لانا ایک مسلسل عمل ہے اور پاک نستعلیق فونٹ‌ کو بھی یقیناً مسلسل بہتری کے عمل سے گزرنا ہوگا۔
 

زیک

مسافر
زبردست محسن۔ اچھا کام کر رہے ہیں آپ۔

نبیل اور دوست: جہاں میں کئی سال سے سٹکس فونٹ کا انتظار کر رہا ہوں ریاضی کی علامات کے لئے اسی طرح اب پاک نستعلیق کا بھی انتظار رہے گا۔
 

محسن حجازی

محفلین
جی دوستو، امید ہے کہ آپ سب خیریت سے ہوں گے۔ جناب اعجاز اختر نے کرلپ کے متعلق جو اپنا تجربہ بیان کیا بعینہ وہی میرا رہا ہے۔ بہرحال اب تو ہم کام کر چکے معاونت کا تو سوال ہی نہیں پیدا ہوتا کسی جانب سے۔۔۔ دوسرا یہ کہ نبیل کی بات سولہ آنے درست ہے کہ اوپن ٹائپوگرافی ایک خاصا پیچیدہ اور باریک علم ہے مجھے اس سیکھنے میں کوئی 3 سال کا عرصہ لگ گیا ہے مکمل طور پر اس کی باریکیوں کو سمجھنے میں۔ بہرحال اس سلسلے میں مکمل دستاویزی رہنمائی کا ارادہ رکھتا ہوں تاکہ نئے فونٹس بھی سامنے آ سکیں۔ مزید برآں، شاید پاک نستعلیق اوپن سورس (براہ کرم مناسب اردو اصطلاح متعرف کروائی جائے۔۔۔) نہ ہو سکے ایسا اس لیے ہے کہ اس کی نوک پلک صحیح انداز میں سنواری جاتی رہے۔ لیکن مجھے اپنی ہی اس رائے سے کچھ اختلاف بھی ہے۔۔۔ اصل میں جب اس قسم کی کسی چیز کو اوپن سورس کر دیا جائے تو لوگ اس کی مختلف چربے (کلون) اسی نام سے بنا لیتے ہیں جن میں خامیاں موجود ہوتی ہیں۔۔۔ اور اصل آفیشل ورژن اور دوسروں میں امتیاز کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔۔۔۔ شاید آپ میں سے کوئی Kiddie Programmers کی اصطلاح سے واقف ہو۔ یہ صاحبان کچھ تھوڑی بہت ایچ ٹی ایم ایل، کچھ جاوا سکرپٹ وغیرہ کی شد بد رکھتے ہیں لیکن ہر کام میں ہاتھ ڈالنا اپنا حق سمجھتے ہیں لیکن بدقسمتی سے کبھی بھی پروفیشنل انداز ان کے کام میں نہیں آتا۔ بس اس وجہ سے شاید بلکہ یقینا پاک نستعلیق کو اوپن سورس نہ کیا جائے تاکہ اس کا ارتقا ایک مرکزی انداز میں آگے بڑھ سکے۔ یہ اور بات ہے کہ تمام تر مراحل، تجزیاجات، قواعد اور انہیں Implement کرنے کے طریقہ جات کو نہایت ہی تفصیل سے پیش کیا جائے گا اور اس سلسلے میں مرکز فضیلت برائے اردو اطلاعیات مکمل معاون رہے گا۔ فونٹ کی ریلیز کے بعدمیرا ارادہ ہے کہ یہیں پر ایک فورم بنا کر اس کی خوبیوں اور خامیوں پر بحث کی جاتی رہے اور اس ہم سب مل کر آگے بڑھاتے رہیں، یہ فورم اس کے علاوہ اردو ٹائپوگرافی کی تعلیم کا بھی واحد آن لائن مرکز ٹھہرے، ورژن ہسٹری مرتب کی جاتی رہے وغیرہ وغیرہ، غرض یہ کہ لینکس کے فورمز کے انداز میں سارے کی ساری اردو کمیونیٹی متحد ہو جائے اردو ٹائپوگرافی کی بہتری کے لیے۔ اس محفل کے علاوہ میرا دل ہی نہیں کرتا کہ کہیں اور پاک نستعلیق کی خدمت کی جائے۔۔۔ بس اللہ تعالی ہم سب کو توفیق عطا فرمائے۔ بس میں پاک نستعلیق کو تکنیکی اعتبار سے انگریزی فونٹس کے ہم پلہ بنانے کا خواہش مند ہوں۔
دوسرا یہ کہ مجھے ایک سلسلےمیں معاونت درکار ہے۔ مجھے یہ تجزیہ درکار ہے کہ اردو میں مختلف لمبائی کے جوڑوں کا کیا تناسب ہے مثال دیکھیں “فریقین“ اس لفظ میں دو ترسیمے ہیں، ایک فر، دوسرا یقین۔ ایک کی لمبائی دو ہے اور دوسرے کی لمبائی چار۔ مجھے تقریبا دس ہزار الفاظ میں سے یہ تجزیہ درکار ہے کہ متن میں دو کی لمبائی کے ترسیمے کتنے فیصد ہیں، تین کے کتنے، چار کے کتنے، پانچ کے کتنے اور یوں چھے تک یہ تجزیہ درکار ہے۔ اگر آپ میں سے کچھ لوگ رضاکارانہ طور پر صرف 500 الفاظ بھی لیں تو بیس لوگ اس کام کو سر انجام دے لیں گے۔ امید ہے کہ آپ لوگ میرا اس کام میں ہاتھ بٹائیں گے میں دوسرے تکنیکی معاملات میں خاصا مصروف ہوں اس لیے خود کرنے سے قاصر ہوں۔ اس وقت مناسب افرادی قوت بھی موجود نہیں ورنہ آپ حضرات کو زحمت نہ دیتا۔۔۔۔ اس انداز میں آپ پاک نستعلیق کے ارتقا کا حصہ بن سکتے ہیں کیوں کہ منررجہ بالا تجزیہ پاک نستعلیق کی پرفارمنس بڑھانے میں مدد دے گا۔ دراصل مجھے اندازہ ہے کہ ہم سب مل کر اس قسم کے تجزیاجات کریں تو ان پر نہ صرف بہت کم وقت صرف ہوگا، بلکہ ایک عجیب سی پر جوش فضا بھی بن جائے گی۔۔۔ اس تجزیے کا نام ہے “اردو کی ترسیمی تقسیم“ میں اصل میں تو کوئی ایک لاکھ الفاظ تک کا تجزیہ چاہتا ہوں لیکن مجھے پتہ نہیں‌ہے کہ کتنی افرادی قوت اس محفل میں موجود ہے۔۔ یا پھر کوئی رضاکار ملتا بھی ہے کہ نہیں، یا کہہ دیتے ہیں میاں! اپنا کام خود کرو۔۔۔
اگر کچھ لوگ اس تجزیے کے لیے حامی بھرتے ہیں تو پھر میں اس کے متعلق مزید تفصیلی رہنمائی کہ کیسے کرنا ہے، کیا کرنا ہے، وغیرہ وغیرہ فراہم کروں گا۔۔۔ ورنہ یہ ہے کہ خود کرنا پڑے گا۔۔۔
والسلام
محسن شفیق حجازی
 

مہوش علی

لائبریرین
پاک نستعلیق کا ایک نمونہ

nastaalview08dc.jpg
 

محسن حجازی

محفلین
جی جناب! پاک نستعلیق کا ایک اور نمونہ تو آپ دیکھ چکے ہیں۔ خصوصا لفظ نستعلیقی اور نستعلیقیات قابل توجہ ہیں، نستعلیقیات سب سے لمبا بامعنی ترسیمہ ہے جسے میں دریافت کر سکا ہوں۔ یہاں پر لینکس پر اس فونٹ کی رسائی کے حوالے سے بات کی گئی ہے، مجھے اس سلسلے میں زیادہ علم نہیں پتا نہیں لینکس پر ٹرو ٹائپ اور اوپن ٹائپ کی کیا صورتحال ہے، ویسے میں اس پر بھی کام کروں گا۔ ویسے یہ گرافیکل یوزر انٹرفیس (براہ کرم مناسب اردو اصطلاح تجویز کی جائے) پر منحصر ہے۔ کے ڈی ای کو جہاں تک میں نے دیکھا ہے، ممکن ہے اس میں یہ چیزیں شامل ہوں لیکن بہرطور، کچھ نہ کچھ ردوبدل تو کرنا پڑے گا۔ لیکن اگر لینکس نے ٹائپوگرافی کے میدان میں اپنی ہی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنا رکھی ہے تو پھر کافی کام کرنا ہوگا۔ میں جلد ہی ایک بیٹا ریلیز کا ارادہ رکھتا ہوں قریبا فروری کے آخر میں لیکن ڈاکٹر صاحب (ڈاکٹر عطش درانی) سے اجازت لینا ہوگی۔۔۔
لینکس کو مقامیانے کے حوالے سے کیا کچھ ہوا ہے؟ میں کسی زمانے میں لینکس لوکلائزیشن گروپ میں رضاکار بھی رہ چکا ہوں پر اب خاصے طویل عرصے سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
محسن، پہلے تو اتنی محبت دینے کا شکریہ۔ میں امید کرتا ہوں کہ ہمہ آپ کے جذبات کا اسی انداز میں جواب دے سکیں گے۔

آپ نے جس کام میں تعاون طلب کیا ہے، اسکی کچھ مزید تفصیل پیش کریں۔ ہم اسے مزید مشتہر کریں گے اور انشاءاللہ آپ کو ضرور اس میں معاونت ملے گی۔ میرے ذہن میں اردو لغت کے لیے ذخیرہ الفاظ اکٹھا کرنے کے بارے میں کچھ آئیڈیاز ہیں۔ ہو سکتا ہے ان میں کچھ خیالات اردو ترسیموں کے شماریاتی تجزیہ (statistical analysis) میں بھی مددگار ثابت ہوں۔
 
Top