کچھ ہاتھ نہیں آتا بے آہ سحر گاہی۔۔!

قرۃالعین اعوان

لائبریرین
رات کے پچھلے پہر کے چند لمحوں کی یہ ملاقات دل کی تمام بیماریوں کا ایسا اکسیر نسخہ ہے جس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔۔۔
دل کے تمام اضطراب،دکھ ،پریشانیاں،آلام و مصائب یوں لگتا ہے جیسے دھواں بن کر اڑ گئے ہوں۔۔۔

جب ان سے ملاقات ہو اور حالتِ دل آنسوؤں میں بہنے لگے تو ایسا لگتا ہے دل پر کی طرح اڑنے لگا ہے،،مسکرانے لگا ہے
پھر جیسے سفر سہل لگنے لگتا ہے۔۔۔مسکرانا آسان ہوجاتا ہے۔۔غم بہل جاتے ہیں اور ہم پھر سے سبک رفتار ہوجاتے ہیں۔
کیسا غمگسار ہے وہ جسے کہنے کے لیئے بہت سے حرف چننے نہیں پڑتے۔۔۔جو کہنے سے پہلے سب دل کا حال جانتا ہے اور پھر ہر
درد کا درماں کر دیتا ہے ۔۔۔

وہ تو شہ رگ سے زیادہ قریب ہے لیکن تہائی رات میں اس سے ملنا ایسا ہی ہے جیسے زندگی کا حاصل ملنا۔۔!

یہ چند لمحے وہ سرور عطا کرتے ہیں جو دن کی کسی اور گھڑی میں ممکن نہیں۔۔۔یقین جانئے کہ اس پہر اگر اس سے ملنے کی عادت بن جائے
تو پہاڑ جتنے مسائل بھی ہمیں اپنی راہ سے متزلزل نہیں کر سکتے۔۔۔کیسی بھی الجھن ہو سرا ہاتھ آجاتا ہے۔۔۔سراغ ملنے لگتا ہے۔۔
اور یہ جو تھکن وقتا فوقتا ہمارے اعصاب پر سوار ہونے لگتی ہے اس سے نجات مل جاتی ہے۔۔۔۔۔

دن بھر اتنی باتیں کرنے کے باوجود ہم یہ چند لمحے کیوں نہیں نکال پاتے جو ہمیں گوہرِآبدار عطا کرتے ہیں۔۔
دل کی دنیا بدل دیتے ہیں۔۔۔!
روح کو سیراب و شاداب کر دیتے ہیں۔۔!

دن بھر کی گھٹن۔۔گرد۔۔آنسوؤں میں دھل جاتی ہے۔۔۔!
اتنی بامعنی نشست اور کوئی ہو ہی نہیں سکتی کہ لمحوں میں کام ہوجائے۔۔۔
اتنی حاصل گفتگو کوئی اور نہیں ہو سکتی جو آپ ان چند لمحوں میں کر سکتے ہیں۔۔۔!

پھر کتنی بڑی غفلت ہے یہ کہ اتنے فوائد جو رات کے تیسرے پہر میں اللہ تعالی سے ملاقات کرنے میں پوشیدہ ہیں۔۔
ان فوائد کو ہم تھوڑی سی سستی کے سبب ہر روز گنوا دیتے ہیں۔۔۔
اور صبح اٹھ کر وہی بے کلی اور بوجھ روح پر لیئے پھرتے ہیں جو ہمیں پورا دن مضمحل کیئے رکھتا ہے۔۔
دل سیماب کی طرح تڑپتا رہتا ہے ۔۔سکون نہیں پاتا ۔۔اور اور اس کی یہی وجہ ہے کہ ہم خود سے ملاقات نہیں کرتے۔۔۔
ملاقات کے قیمتی لمحے گنوا دیتے ہیں جن میں اللہ تعالی منتظر ہوتے ہیں کہ کوئی ہے جو مجھے اپنی درخواست دے اور میں پورا کردوں۔۔۔کوئی ہے جو مجھ سے مانگے اور میں اسے عطا کردوں۔۔نواز دوں۔۔۔۔

پھر یہ شکایت کیوں کہ کچھ نیا نہیں ہوتا۔۔کچھ بدلتا نہیں ۔۔کچھ ملتا نہیں۔۔۔!
اضطراب ہے ۔۔
بے کلی ہے ۔۔بے سکونی ہے ۔۔!

ایک بار خود کو آہ سحر گاہی کا خوگر بنا کر دیکھئے۔۔۔اور پھر حاصل دیکھئے۔۔کچھ دنوں میں حاصل اور لاحاصل کی پہچان ہوجائے گی۔۔۔
 

الشفاء

لائبریرین
واہ۔ بہت خوب بلکہ زبردست تحریر۔۔۔

راتوں کو کھلے رکھتی ہوں اکھین کے دریچن
کب رات کے پردوں سے تم جھات کرو ہو۔
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
واہ
تعریف کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
اقبالؒ کے شعر کی اتنی آسان تشریح شاید ہی کوئی ہو سکے۔
لاجواب اور پُر اثر تحریر
 
بہت خوب @قرۃ العین ، پڑھ کر لطف آیا۔
بہت اچھے اور ہلکے پھلکے انداز میں بھاری بھرکم نصیحت کر دی ہے۔ :)
 
Top