میں نہیں سمجھتا کہ ذہنی صلاحیتوں کے اعتبار سے خواتین مردوں سے کم ہیں۔ دراصل ہمارا معاشرتی رویہ اور حالات ایسے ہیں کہ خواتین کو ان کی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع بہت کم ملتے ہیں ۔ پاکستان میں ایک متوسط درجہ کے خاندان میں تعلیم اور صحت کے علاوہ تغذیہ و لباس کے معاملہ میں لڑکوں کو لڑکیوں پر اولیت دی جاتی ہے۔ غریب خاندانوں میں حالات اس سے بھی برے ہیں۔ ظاہر ہے کہ اچھی خوراک ، اچھی صحت اور بہتر ماحول انسان کی ذہنی صلاحیتوں کی نمو کے لئے ضروری وسائل ہیں ۔ جبکہ ہم اپنی خواتین کو بچپن ہی سے ان وسائل تک بہت کم رسائی دیں گے تو وہ کارکردگی میں بھی پیچھے رہ جائیں گی ۔ بھلے ان میں ذہنی صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہو لیکن بچپن ہی سے ان کے ساتھ روا رکھا گیا امتیازی سلوک ان میں خود اعتمادی کی کمی کا سبب بن جاتا ہے۔