قرۃالعین اعوان
لائبریرین
بند شیشے ہیں ، دریچوں میں کھلے منظر ہیں
سبز پیڑوں پہ،گھنی شاخوں پہ اور پھولوں پر
کیسے چپ چاپ برستا ہے مسلسل پانی
کتنی مخلوق ہے،ہنگامے ہیں، آوازیں ہیں
پھر بھی احساس کی اک سطح پہ ہولے ہولے
کیسے چپ چاپ برستا ہے تصور تیرا
اردو محفل کی اس یادگار سالگرہ کے موقع پر لمحہ لمحہ مجھے وہ دن یاد آنے لگے جب محفل سی میری شناسائی ہوئی اور دل جیسے یہیں کا ہو کر رہ گیا..... میری کیفیت ایسی ہوگئی جیسے بارش کے موسم میں بارش کی بوندوں کے ساتھ یادوں کی جھڑی لگ جاتی ہے اور آپ اس میں بہتے چلے جاتے ہیں.... یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ بارش کی بوندیں نہیں یادوں کے وہ قیمتی موتی ہیں جو بیش بہا ہونے کے ساتھ ساتھ بہت نازک بھی ہیں.....سبز پیڑوں پہ،گھنی شاخوں پہ اور پھولوں پر
کیسے چپ چاپ برستا ہے مسلسل پانی
کتنی مخلوق ہے،ہنگامے ہیں، آوازیں ہیں
پھر بھی احساس کی اک سطح پہ ہولے ہولے
کیسے چپ چاپ برستا ہے تصور تیرا
محفل کے اس خوبصورت ساتھ نے مجھے ان بیش بہا قیمتی موتیوں کا اتنا خزانہ دیا ہے کہ وقت کے ساتھ اس میں اضافہ ہوتا چلا گیا ہے اور لفظوں کی صورت تو میں کبھی اس احساس اور محبت کو بیان کر ہی نہیں سکتی. جو کچھ میں نے یہاں سے پایا ہے وہ بہت زیادہ ہے بس سمجھ لیجیے وہ حد سے سوا ہے.......
ہم کسی تعلق کو بہت شدت سے محسوس کریں تو گفتگو خود اس تعلق کا حوالہ بن جاتی ہے، جیسے میں اپنے گھر میں کئی بار محفل کا ذکر کرتی ہوں.... اردو محفل میں یہ دیکھا..... اردو محفل میں یہ پڑھا.... اردو محفل سے یہ سیکھا.....
کتنے عظیم ہوتے ہیں نا ایسے چپ چاپ محسن! ان سے آپ سیکھتے چلے جاتے ہیں، لیتے چلے جاتے ہیں اور دل نہیں بھرتا....
کتنی پر کشش ہوتی ہیں ایسی محفلیں جہان آپ قدم نہ دھریں تو کمی محسوس ہو، جو اپنے مکینوں کے نقوش ایسے سنبھال کر رکھیں کہ وہ مدھم نہ پڑیں... میں جب یہاں آئی تھی تو بہت سے محفلین نہیں تھے لیکن ان کے قدموں کی چاپ مجھے محسوس ہوتی تھی اور ان کی خوشبو چار اطراف رقصاں رہتی تھی تب میں نے یہ جانا کہ محفل کی بنیاد میں بہت خلوص ہے جو اس سے ایک بار جڑ جائے اسے یہ کبھی فراموش نہیں کرتی....
ایسی محفلیں تو بس خال خال ہوتی ہیں تو پھر ایسے خوبصورت تحفے کی تو جتنی بھی قدر کی جائے کم ہے.
قیمتی تحفے نازک بھی ہوتے ہیں انہیں سنبھال کر، سنوار کر رکھنا اور انہیں اسی مقصد کے لیے استعمال کرنا جس مقصد کے لیے وہ دیے جائیں تحفے کی قدر کہلاتا ہے.....
ہم یہاں دنیا کے مختلف ملکوں اور شہروں سے تعلق رکھنے والے ہر روز ایک جگہ جمع ہوتے ہیں..... عادات و اطوار میں ایک دوسرے سے مختلف.....
یہاں ہماری شخصیت کی آئینہ دار صرف ہماری گفتگو ہے..... روشن روشن معطر الفاظ کیسا جادو رکھتے ہیں کہ پل بھر میں اجالا ہوجاتا ہے بس اسی اجالے کی، اسی خوشبو کی ہر دل کو ضرورت رہتی ہے.....
بڑی سے بڑی بات کے لیے بھی ضروری نہیں کہ لہجے سخت کر لیے جائیں.....لفظوں کو کسی کے سپرد کر دینے سے پہلے اگر انہیں تھوڑا سا تراش لیا جائے تو کیا حرج ہے....
محفل سے جڑے سب محفلین جن کی یادوں کی روشنی جا بجا بکھری ہوئی ہے ان سب کو مبارکباد ہو.... ہمیں تو محفل پر فخر ہے اور دعا ہے کہ ہم سب بھی محفل کے لیے باعث فخر ہوں!
آپ سب بے شمار خوبیوں کا مجموعہ ہیں.... اور آپ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت محفل کی یہ ترقی ہے.....خوش رہیے! خوشبو پھیلاتے رہیں اور بردباری کے ساتھ محفل کی ترویج میں اپنا کردار ادا کرتے رہیے، ناراض ہوئے بغیر..... بڑوں کا ادب اور چھوٹوں سے شفقت کے ساتھ ساتھ چلیں....
زندگی کی اس گہما گہمی میں محفل سے تعلق توڑیے گا نہیں.... آتے جاتے رہیے....اپنے حصے کی شمع ہم نے ہی جلانی ہے....!
آخری تدوین: