تیرہویں سالگرہ کیسے چپ چاپ برستا ہے تصور تیرا

قرۃالعین اعوان

لائبریرین
بند شیشے ہیں ، دریچوں میں کھلے منظر ہیں
سبز پیڑوں پہ،گھنی شاخوں پہ اور پھولوں پر
کیسے چپ چاپ برستا ہے مسلسل پانی
کتنی مخلوق ہے،ہنگامے ہیں، آوازیں ہیں
پھر بھی احساس کی اک سطح پہ ہولے ہولے
کیسے چپ چاپ برستا ہے تصور تیرا
اردو محفل کی اس یادگار سالگرہ کے موقع پر لمحہ لمحہ مجھے وہ دن یاد آنے لگے جب محفل سی میری شناسائی ہوئی اور دل جیسے یہیں کا ہو کر رہ گیا..... میری کیفیت ایسی ہوگئی جیسے بارش کے موسم میں بارش کی بوندوں کے ساتھ یادوں کی جھڑی لگ جاتی ہے اور آپ اس میں بہتے چلے جاتے ہیں.... یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ بارش کی بوندیں نہیں یادوں کے وہ قیمتی موتی ہیں جو بیش بہا ہونے کے ساتھ ساتھ بہت نازک بھی ہیں.....

محفل کے اس خوبصورت ساتھ نے مجھے ان بیش بہا قیمتی موتیوں کا اتنا خزانہ دیا ہے کہ وقت کے ساتھ اس میں اضافہ ہوتا چلا گیا ہے اور لفظوں کی صورت تو میں کبھی اس احساس اور محبت کو بیان کر ہی نہیں سکتی. جو کچھ میں نے یہاں سے پایا ہے وہ بہت زیادہ ہے بس سمجھ لیجیے وہ حد سے سوا ہے.......

ہم کسی تعلق کو بہت شدت سے محسوس کریں تو گفتگو خود اس تعلق کا حوالہ بن جاتی ہے، جیسے میں اپنے گھر میں کئی بار محفل کا ذکر کرتی ہوں.... اردو محفل میں یہ دیکھا..... اردو محفل میں یہ پڑھا.... اردو محفل سے یہ سیکھا..... :)

کتنے عظیم ہوتے ہیں نا ایسے چپ چاپ محسن! ان سے آپ سیکھتے چلے جاتے ہیں، لیتے چلے جاتے ہیں اور دل نہیں بھرتا....
کتنی پر کشش ہوتی ہیں ایسی محفلیں جہان آپ قدم نہ دھریں تو کمی محسوس ہو، جو اپنے مکینوں کے نقوش ایسے سنبھال کر رکھیں کہ وہ مدھم نہ پڑیں... میں جب یہاں آئی تھی تو بہت سے محفلین نہیں تھے لیکن ان کے قدموں کی چاپ مجھے محسوس ہوتی تھی اور ان کی خوشبو چار اطراف رقصاں رہتی تھی تب میں نے یہ جانا کہ محفل کی بنیاد میں بہت خلوص ہے جو اس سے ایک بار جڑ جائے اسے یہ کبھی فراموش نہیں کرتی....

ایسی محفلیں تو بس خال خال ہوتی ہیں تو پھر ایسے خوبصورت تحفے کی تو جتنی بھی قدر کی جائے کم ہے.
قیمتی تحفے نازک بھی ہوتے ہیں انہیں سنبھال کر، سنوار کر رکھنا اور انہیں اسی مقصد کے لیے استعمال کرنا جس مقصد کے لیے وہ دیے جائیں تحفے کی قدر کہلاتا ہے.....

ہم یہاں دنیا کے مختلف ملکوں اور شہروں سے تعلق رکھنے والے ہر روز ایک جگہ جمع ہوتے ہیں..... عادات و اطوار میں ایک دوسرے سے مختلف.....
یہاں ہماری شخصیت کی آئینہ دار صرف ہماری گفتگو ہے..... روشن روشن معطر الفاظ کیسا جادو رکھتے ہیں کہ پل بھر میں اجالا ہوجاتا ہے بس اسی اجالے کی، اسی خوشبو کی ہر دل کو ضرورت رہتی ہے..... :)
بڑی سے بڑی بات کے لیے بھی ضروری نہیں کہ لہجے سخت کر لیے جائیں.....لفظوں کو کسی کے سپرد کر دینے سے پہلے اگر انہیں تھوڑا سا تراش لیا جائے تو کیا حرج ہے....:)

محفل سے جڑے سب محفلین جن کی یادوں کی روشنی جا بجا بکھری ہوئی ہے ان سب کو مبارکباد ہو.... ہمیں تو محفل پر فخر ہے اور دعا ہے کہ ہم سب بھی محفل کے لیے باعث فخر ہوں!

آپ سب بے شمار خوبیوں کا مجموعہ ہیں.... اور آپ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت محفل کی یہ ترقی ہے.....خوش رہیے! خوشبو پھیلاتے رہیں اور بردباری کے ساتھ محفل کی ترویج میں اپنا کردار ادا کرتے رہیے، ناراض ہوئے بغیر..... بڑوں کا ادب اور چھوٹوں سے شفقت کے ساتھ ساتھ چلیں....

زندگی کی اس گہما گہمی میں محفل سے تعلق توڑیے گا نہیں.... آتے جاتے رہیے....اپنے حصے کی شمع ہم نے ہی جلانی ہے....! :)
 
آخری تدوین:

لاریب مرزا

محفلین
خوبصورت تحریر عینو آپا!! آپ بھی اردو محفل سے تعلق ختم مت کیجیے گا۔ یہ محفل آپ ایسے پیارے لوگوں سے ہی پرکشش محسوس ہوتی ہے۔ :)
 
جاسمن

لائبریرین
عینی!
بہت خوبصورت تحریر ہے۔
ہمارے دل کی آواز۔
آپ کو سالگرہ کے دنوں میں ادھر ادھر گھومتے دیکھ رہی تھی۔ کئی بار ارادہ ہوا کہ مخاطب کروں لیکن سوچا کہ ذرا انتظار کروں۔۔۔۔ضرور کچھ لکھیں گی۔ اور یہی ہوا۔:)
 
بے حد شکریہ جاسمن سس
آپ کی محنت اور خلوص کو دیکھ کر ہی تحریک ہوتی ہے کہ کچھ کیا جائے :) :)
 
سین خے

محفلین
بہت ہی شاندار تحریر ہے قراۃالعین :)

ہم کسی تعلق کو بہت شدت سے محسوس کریں تو گفتگو خود اس تعلق کا حوالہ بن جاتی ہے، جیسے میں اپنے گھر میں کئی بار محفل کا ذکر کرتی ہوں.... اردو محفل میں یہ دیکھا..... اردو محفل میں یہ پڑھا.... اردو محفل سے یہ سیکھا..... :)

کتنے عظیم ہوتے ہیں نا ایسے چپ چاپ محسن! ان سے آپ سیکھتے چلے جاتے ہیں، لیتے چلے جاتے ہیں اور دل نہیں بھرتا....

ہم یہاں دنیا کے مختلف ملکوں اور شہروں سے تعلق رکھنے والے ہر روز ایک جگہ جمع ہوتے ہیں..... عادات و اطوار میں ایک دوسرے سے مختلف.....
یہاں ہماری شخصیت کی آئینہ دار صرف ہماری گفتگو ہے..... روشن روشن معطر الفاظ کیسا جادو رکھتے ہیں کہ پل بھر میں اجالا ہوجاتا ہے بس اسی اجالے کی، اسی خوشبو کی ہر دل کو ضرورت رہتی ہے..... :)
بڑی سے بڑی بات کے لیے بھی ضروری نہیں کہ لہجے سخت کر لیے جائیں.....لفظوں کو کسی کے سپرد کر دینے سے پہلے اگر انہیں تھوڑا سا تراش لیا جائے تو کیا حرج ہے....:)

محفل سے جڑے سب محفلین جن کی یادوں کی روشنی جا بجا بکھری ہوئی ہے ان سب کو مبارکباد ہو.... ہمیں تو محفل پر فخر ہے اور دعا ہے کہ ہم سب بھی محفل کے لیے باعث فخر ہوں!

آپ سب بے شمار خوبیوں کا مجموعہ ہیں.... اور آپ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت محفل کی یہ ترقی ہے.....خوش رہیے! خوشبو پھیلاتے رہیں اور بردباری کے ساتھ محفل کی ترویج میں اپنا کردار ادا کرتے رہیے، ناراض ہوئے بغیر..... بڑوں کا ادب اور چھوٹوں سے شفقت کے ساتھ ساتھ چلیں....

زندگی کی اس گہما گہمی میں محفل سے تعلق توڑیے گا نہیں.... آتے جاتے رہیے....اپنے حصے کی شمع ہم نے ہی جلانی ہے....! :)

آپ نے بہت ہی خوبصورتی سے اپنی بات سب تک پہنچائی ہے۔ واقعی محفل ایک بہت اچھا پلیٹ فارم ہے اور محفل کو چلتا رہنا چاہئے۔
 
نایاب

لائبریرین
یہاں ہماری شخصیت کی آئینہ دار صرف ہماری گفتگو ہے..... روشن روشن معطر الفاظ کیسا جادو رکھتے ہیں کہ پل بھر میں اجالا ہوجاتا ہے بس اسی اجالے کی، اسی خوشبو کی ہر دل کو ضرورت رہتی ہے..... :)
بڑی سے بڑی بات کے لیے بھی ضروری نہیں کہ لہجے سخت کر لیے جائیں.....لفظوں کو کسی کے سپرد کر دینے سے پہلے اگر انہیں تھوڑا سا تراش لیا جائے تو کیا حرج ہے....
ماشاء اللہ
روشن اور پر اثر لفظ ہیں کہ نگینے انس و خلوص کے نور سے دمکتے
بہت ہی اچھا لکھا اردو محفل اور اس میں چہچہاتے اراکین بارے ۔
بلا شک محترم بٹیا آپ کے لفظ خوشبو سے مہکتے ہیں ۔
بہت دعائیں
 
قرۃالعین اعوان

لائبریرین
بہت ہی شاندار تحریر ہے قراۃالعین :)

آپ نے بہت ہی خوبصورتی سے اپنی بات سب تک پہنچائی ہے۔ واقعی محفل ایک بہت اچھا پلیٹ فارم ہے اور محفل کو چلتا رہنا چاہئے۔

شکریہ سائرہ! میری تحریر میں اگر واقعی کچھ خوبصورتی ہے تو یہ محفل کی ہمنشینی کا اعجاز ہے.... یقین کیجیے مجھے اپنا وہ پہلا مراسلہ یاد ہے جب میں ادب آداب سے قطعی نابلد تھی... :) :)
 
قرۃالعین اعوان

لائبریرین
ماشاء اللہ
روشن اور پر اثر لفظ ہیں کہ نگینے انس و خلوص کے نور سے دمکتے
بہت ہی اچھا لکھا اردو محفل اور اس میں چہچہاتے اراکین بارے ۔
بلا شک محترم بٹیا آپ کے لفظ خوشبو سے مہکتے ہیں ۔
بہت دعائیں
نایاب بھیا اس قدر حوصلہ افزائی کے لیے سراپا سپاس گزار ہوں.... سچ یہی ہے کہ یہ سب آپ سب سے سیکھنے کی کوشش کی ہے :)
 
ہادیہ

محفلین
واہ۔۔۔
:applause::applause::applause::applause::applause::applause::applause::applause::applause::applause::applause:
بہت خوبصورت تحریر۔۔ خوبصورت جذبات کی ترجمانی کرتی ہوئی۔۔:)
:love::love::love:
:rose::rose::rose::rose::rose::rose::rose::rose::rose::rose::rose::rose::rose::rose::rose::rose:
اللہ پاک آپ کو بہت بہت خوش رکھے۔آمین ثم آمین
 
ہادیہ

محفلین
بند شیشے ہیں ، دریچوں میں کھلے منظر ہیں
سبز پیڑوں پہ،گھنی شاخوں پہ اور پھولوں پر
کیسے چپ چاپ برستا ہے مسلسل پانی
کتنی مخلوق ہے،ہنگامے ہیں، آوازیں ہیں
پھر بھی احساس کی اک سطح پہ ہولے ہولے
کیسے چپ چاپ برستا ہے تصور تیرا
واہ۔۔ کیا خوبصورت عمدہ الفاظ
ابتدا ہی اتنی خوبصورت اور مسحور کن۔۔:love::love::love:
 
بہت ہی خوبصورت لکھا گویا سب کچھ مہکا دیا!

میں اتنے دن سے سوچ رہی تھی اس پر تفصیلی تبصرہ کروں گی اور کر نہ پائی. آج اسائنمنٹ بنانے بیٹھی ہوں جس کی ڈیڈلائن آج رات بارہ بجے کی ہے تو فوراً سے یہ کام یاد آگیا! میں جس دن سے محفل سے منسلک ہوں، اس دن سے یوں سمجھتی ہوں کہ یہ میری ہے. اسے اون کرتی ہوں. چاہے ہر طرف خوشیاں منائی جا رہی ہوں یا پہرے لگائے جا رہے ہوں. اس کی سبھی خوبیوں اور خامیوں کے ساتھ یہ میری ہے میں یہ ہمیشہ سمجھتی رہی ہوں (اس کے اپنا ہونے کا اظہار غالبا یہاں بھی کیا تھا) اور یہاں موجود سب لوگ جو جیسے بھی ہیں، ایک انتہا سے دوسری انتہا تک، ان سب سے انسیت محسوس ہوتی ہے، سبھی اچھے لگتے ہیں، کوئی بھی برا نہیں لگتا یا جی نہیں چاہتا کہ یہ ہماری محفل میں نہ ہو. اس کے علاوہ بہت پرانے پرانے دھاگے کھول کر پڑھتی رہی ہوں بلکہ تقریبا ہر زمرے میں جا کر سب سے آخری نمبر والے صفحے پر کلک کر کے یا پیچھے سے رینڈم کلک کر کے) وہ سبھی محفلین جو یہاں نہیں ہیں. میرے ذہن میں دو تین باتیں آتی ہیں اس حوالے سے:
جو بھی محفل پر نہ آئے یا بہت دیر بعد آئے اس سے کنسرننگ ہونا چاہئیے، ایک تو انہوں نے اپنی زندگی کا اس قدر قیمتی وقت (وقت سے زیادہ قیمتی واقعی کچھ نہیں) اور پوٹینشل دیا ہوتا ہے دوسرا یہ کہ یہی وہ چیز ہے جو کسی بھی جگہ کو بہترین جگہ، گھر کو گھر اور محفل کو محفل بناتی ہے. پنجابی کی ایک کہاوت ہے اگرچہ وہ یہاں فِٹ نہیں آتی لیکن پتا نہیں کیوں مجھے کسی بہترین جگہ کی بہترین خوبی (یعنی کہ کنسرننگ ہو کر کہنا کہ آؤ) یاد کرواتی ہے. (ماواں جدوں مر جاندیاں، کوئی کہندا نئیں پُت گھر آ )

دوسری بات یہ ہے کہ یہاں سے اکثر جانے والے، صرف پچھلے برس کی ہی بات نہیں بلکہ بہت پرانے پرانے محفلین، اس وجہ سے جاتے رہے ہیں کہ مذہبی اعتبار سے ان کے دل کو ٹھیس پہنچتی ہے. یہ اردو کی ترویج کا فورم ہے، مذہبی نہیں تاہم صرف مسلمان ہی یہاں پر ہیں مگر وہ بھی ہرٹ کر دیتے ہیں اور ہرٹ ہو جاتے ہیں اور حتی کہ ہمیشہ کے لیے چلے جاتے ہیں.
پہلے بھی مجھے کچھ اندازہ تھا اور اب محفلین کے انٹرویو سے یہ بات کھل کر سامنے آگئی ہے کہ محفل میں تقریبا سبھی لوگ مذہبی رجحانات کے ہیں کم از کم اتنے کہ مذہب کے مخالف باتیں زبان کی لذت کو یا کسی بھی واسطے نہ کریں. جو لوگ کہتے ہیں کہ انتظامیہ ایسی ہے تو انہیں انتظامیہ کو فردا فردا جاننے کی ضرورت ہے اور اگر ممبرز میں سے ایسے کچھ لوگ آپکو محسوس ہوتے ہیں تو ان میں سے اکثر کو آپ اوور ایسٹیمیٹ کرتے ہیں ایک ہی عینک سے دیکھ کر اور اگر پھر بھی کچھ ہیں تو وہ بالکل گنتی کے ہوں گے اور ان کی وجہ سے فورم کیوں چھوڑیں؟ کون ہیں وہ؟ وہ اپنی خو نہ چھوڑیں گے ہم اپنی وضع کیوں بدلیں.....؟؟

بعض حضرات یہ بھی کہیں گے کہ کل کے بچوں کو کیا پتا، محفل کسی کی نہ ہوئی، فلاں نے اتنا کچھ کیا، اس کی نہ ہوئی اور فلاں فلاں فلاں کی بھی! پر دنیا بھی تو اپنی نہیں ہے! جینا چھوڑ دیں؟ ہر دن گزر جاتا ہے، جی بھر کے جی لیں یا گھٹ گھٹ کے. دل دکھا کر جئیں یا مسکراہٹیں بکھیر کر! اردو محفل میری ہے، جس جس نے احتجاج ریکارڈ کرانا ہو یا حصے داری کا دعوی کرنا ہو نیوز چینل پہ جائے! (میری طرف سے ناں ہے! ) :)
 
آخری تدوین:
Top