سیدہ شگفتہ
لائبریرین
ہفتہ لائبریری
آغاز
السلام علیکم
ارتقاء کے فطری سفر میں کچھ لوگ خواب دیکھتے ہیں پھر کچھ لوگ اس خواب کو تعبیر بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور آخر میں کچھ یا بہت سے لوگ اس تعبیر سے مستفید ہوتے ہیں ۔ اب اگر یہ خواب دور رس حیثیت کا حامل ہو تو مستفید ہونے والے محض چند افراد نہیں ہوتے بلکہ آئندہ آنے والی تمام نسلیں شامل ہوتی ہیں ۔ اردو ڈیجیٹل لائبریری بھی ایک ایسا ہی خواب ہے جسے تعبیر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ آج ہم اس کی تعمیر کر رہے ہیں تاکہ کل ہماری آئندہ نسلیں اس کاوش سے مستفید ہو سکیں ۔
اردو ڈیجیٹل لائبریری اردو ویب کے تعمیری پراجیکٹس میں سے ایک نام جو اس وقت اپنی اہمیت کے حوالے سے ہم سب کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے ۔ اردو محفل فورم پر اس کا آغاز ہوا تھا اور ماہ جولائی میں اردو محفل فورم کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر ہفتہ لائبریری کے عنوان سے یہ جائزہ پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ یہ تعمیر اب تک کون سے مراحل طے کر چکی ہے اور ہنوز کیا مراحل طے ہونا باقی ہیں ۔ اردو محفل فورم کی سالگرہ کی تقریبات کے اختتامی مرحلہ میں اس سلسلے میں ایک پریزینٹیشن بھی جاری کی جائے گی ۔ اردو لائبریری کا وژن ، اردو لائبریری کی تجویز کب پیش کی گئی اور اس خواب کو تعبیر بنانے میں کون کون سے نام شامل رہے ہیں اور کیا کچھ کوشش کی جا چکی ہیں اس سلسلے میں پہلا عنوان جس پر کام کا آغاز کیا گیا کون سا تھا ؟ پہلا تکمیل شدہ عنوان ؟ اب تک کن عنوانات پر کام ہو چکا ہے ؟ کن عوانات پر کام کن مراحل میں ہے و دیگر اس نوعیت کے امور کی اپڈیٹ اور سب سے اہم اردو لائبریری کا سیٹ اپ ۔
لائبریری کے قیام کی تجویز کے بعد ایک ایسے سیٹ اپ کی ضرورت تھی کہ جو لائبریری کے وژن کے ذیل میں لائبریری کی ضروریات کو احاطہ کر سکے تاہم یہ سیٹ اپ موجود نہیں تھا بلکہ اسے تشکیل بھی دیا جانا تھا ۔ اس وقت ہمارے پاس اردو محفل فورم موجود تھا لہذا یہاں لائبریری سیٹ اپ کی کمی کو احاطہ کرنے کے لیے ایک عارضی خاکہ تشکیل دیا گیا جو آغاز سے اب تک اپنی اپنی ارتقائی شکل میں موجود ہے ۔ لائبریری کے قیام و تشکیل کے لیے دو زایوں میں بیک وقت کوشش کی گئی ہے
ایک جانب کتب / عنوانات پر کام کا آغاز کیا گیا اور ساتھ ساتھ اسی کام کی مدد سے سیٹ اپ کی تشکیل کے لیے قدم بڑھایا گیا اور ضروری سوالات و مسائل کو درک کرنے اور ان کا حل نکالنے کی کوشش ۔ ۔ ۔ یعنی جب ایک عنوان کو منتخب کیا گیا تحریر کرنے کے لیے تو کاپی رائٹ پر توجہ مرکوز کی گئی ۔ ۔ ۔ جب اس عنوان کو تحریر کیا گیا تو ٹائپنگ کے مسائل سامنے آئے ، ٹائپنگ کے بعد پروف ریڈنگ کے مسائل سامنے آئے تو پروف ریڈنگ کے اصول وضع کرنے کی ضرورت پیش آئی ، پروف ریڈنگ کے مراحل کے بعد اس تمام متن کو کس طرح پیش کیا جائے تو ای بک کی تجاویز سامنے آئیں ۔ ای بکس کو کہاں پیش کیا جائے کہ قاری کی رسائی ممکن ہو ، اس لحاظ سے مختلف عنوانات پر کام ہوتا رہا ہے اور اس کام کو بیشتر لائبریری سیٹ اپ کے لیے فوکس کیا گیا
آغاز میں ہمارے پاس لائبریری ٹیم نہیں تھی ، خوش قسمتی سے لائبریری کو اراکین میسر آتے رہے ہیں لیکن لائبریری کی اصل خوش قسمتی لائبریری کو چند ایسے اراکین کا میسر آنا ہے جو انٹرنیٹ کی دنیا میں اس وقت موجود ہی اسلیے ہیں کہ اپنے وسائل اور اپنا تمام وقت اردو لائبریری کے لیے کام کر سکیں ۔ یہ اراکین لائبریری کی اصل ہیں اور اس لیے اصل ہیں کہ ان کی تمام کاوش و کوشش ، محنت سب اس سمت میں آپس میں مربوط ہوئی ہے اور ہو رہی ہے کہ اردو لائبریری کو ایک مضبوط ادارہ کی حیثیت میں اس طرح تشکیل دے دیا جائے کہ آئندہ وقت میں جو نام لائبریری کو میسر آئیں ان کے پاس لائبریری سیٹ اپ اپنی ضروری شکل میں موجود ہو اور انہیں لائبریری کے ارتقاء میں کسی مرحلے پر کم سے کم دشواری پیش آئے اور اگر ممکن ہو سکے تو بالکل ہی پیش نہ آئے ۔
لائبریری نے ٹائپنگ ، اسکین کتب / عنوانات کی فراہمی ، ای بک تشکیل و دیگر امور میں جو سنگ ہائے میل طے کیے ہیں ان کے بیان و تفصیل کو محفل کی سالگرہ کے اختتامی ہفتہ تک موخر کرنا ہے ۔ اس دوران لائبریری ٹیم کا ارتکاز اس جانب رہے گا کہ لائبریری سیٹ اپ میں جن مقامات پر کمی یا خلیج موجود ہے اسے مکمل کرنے کی جانب پیش رفت ہو ۔ لائبریری سیٹ اپ میں اہم ترین امور میں لائبریری کا کام ایک موزوں ورک فلو کے تحت لانا تھا اس سلسلے کو اختتامی شکل دینا ہنوز باقی ہے ۔ اس سمت میں اب تک جو اقدمات کیے جاچکے ہیں ان کی تفصیل بھی اپڈیٹ کی صورت پیش کی جائے گی ۔
لائبریری کے حوالے سے ایک تاثر یہ پایا جاتا ہے کہ یہ اردو محفل فورم سیکشن تک محدود ہے اس بارے میں یہ کہنا چاہوں گی کہ لائبریری سائٹ کے لیے ورک فلو میں اردو محفل سیکشن حد آخر نہیں تاہم ایک جزو کی حیثیت سے شامل رہے گا ۔
لائبریری کے ذیل میں ایک تاثر غیر منظم ہونے کا بھی پایا جاتا ہے ، یہ کافی حد تک درست بھی ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ نظم کے لیے پہلے سے کسی ترتیب یا سیٹ اپ کی موجودگی ضروری ہوتی ہے لیکن اگرسیٹ اپ ہی موجود نہ ہو تو ادارہ کے قیام میں پہلی ذمہ داری اور پہلا مرحلہ کسی ترتیب / سیٹ اپ کی تشکیل ہی کا ہوگا اور اس کے لیے تمام ضروری و متفرق اجزاء کو ایک جگہ جمع کرنا اور ان تمام جمع شدہ اجزاء کو ایک نظم کے تحت لانا ہوتا ہے ۔ جب یہ تشکیل مکمل ہوجائے تو ایک منظم ورک فلو موجود ہو گا ۔ اس عمل کے لیے وقت اور عناصر کی موجودگی و تسلسل ضروری ہے اور صبر آزما جد و جہد مسلسل بھی اور لائبریری سیٹ اپ ان کٹھن مراحل سے گذر کر اب بحیثیت ایک ادارہ اپنی تکمیل سے بہت قریب ہے اس سلسلے میں تمام اراکین کی انفرادی اور اجتماعی کوششوں اور کاوشوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ ۔ ۔ لائبریری کے کئی اراکین اپنی ذات میں ایک ٹیم کی حیثیت بھی رکھتے ہیں اور ہفتہ لائبریری میں تمام اراکین کی انفرادی و جداگانہ کاوشوں کو بھی بیان کیا جائے گا اور یہ سلسلہ سالگرہ کے اختتام تک جاری رہے گا ۔
اس موقع پر لائبریری بلاگ کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے لائبریری بلاگ پر اردو لائبریری پر اب تک کی اور آئندہ تمام سرگرمیوں کی تفصیل اور پیس رفت دی جائے گی ۔
لائبریری رکنیت کے حوالے سے ایک تجرباتی طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے تاکہ جو اراکین بلا تاخیر لائبریری میں کام کا آغاز کرنا چاہیں انہیں منتظر نہ رہنا پڑے ۔ اس سلسلے میں تفصیل ایک الگ پوسٹ میں بیان کی جا رہی ہے ۔
میں آغاز سے اب تک اور آئندہ تک تمام اراکین اردو محفل ، منتظمین اعلی ، ناظمین و دیگر متعدد اراکین جن کی رہنمائی ، تنقیدی نظر ، حوصلہ افزائی اوربھر پور تعاون حاصل رہا ہے آپ سب کا فرداً فرداً شکریہ ادا کرنا چاہوں گی اور یہاں اپنی تحریر کا اختتام کرتے ہوئے اب ہفتہ لائبریری کے دیگر زاویوں کی جانب بڑھتے ہیں ۔ اب میں فرحت کو دعوت دوں گی کہ اگلا قدم بڑھائیں ۔
آپ سب کا بہت شکریہ