خیر آباد کا ایک علمی خاندان جو اب فلمی خاندان بن چکا ہے۔شاعر،نغمہ نگارواسکرپٹ رائٹر جاویداخترمحتاج تعارف نہیں۔ ان کےاداکار بیٹے فرحان اختراورفلم ڈائرکٹر بیٹی زویااخترکو دنیا جانتی ہے،ان کی موجودہ بیوی شبانہ اعظمی اپنی اداکاری اورسابقہ بیوی ہنی ایرانی اپنی اسکرپٹ رائٹنگ کے لئے شہرت کی حامل ہیں۔۔
مگر کم ہی لوگوں کو معلوم ہے کہ یہ خاندان ماضی میں بھی اپنے علمی کاموں کے لئےجانا جاتا رہاہے۔
نیز اس خاندان کا ہندوستان کی جنگ آزدی میں اہم کردار رہا ہے۔مولانا فضل امام خیرآبادی اورمولانافضل حق خیرآبادی اس خاندان کے مورث اعلیٰ ہیں جن کی خدمات آب زر سے لکھے جانے کے لائق ہیں۔اسی خاندان میں معروف شاعر ریاض خیرآبادی، مضطرخیرآبادی،نیرخیرآبادی ہوئے اور کئی اہم لوگ پیدا ہوئے۔ جاویداختر کے والد جاں نثاراخترخود ایک اچھے شاعر،نغمہ نگاراور فلم ڈائرکٹروپروڈیوسر تھے۔ جاں نثاراختر کی پہلی بیوی صفیہ اختراچھی نثر نگار تھیں جب کہ جاوید کے ماموں مجاز لکھنوی اردونصاب کا حصہ ہیں۔