’عبقری‘ کے روحانی اقتباسات

عاطف بٹ

محفلین
السلام علیکم
آج سویرے ہاکر ’ڈان‘ کے ساتھ ماہنامہ عبقری لاہور کا تازہ شمارہ بھی پھینک گیا۔ حسبِ معمول قریب از دوپہر بیدار ہو کر گیراج میں اخبار لینے گیا تو وہاں بیچارے ’ڈان‘ کو ’عبقری‘ کے ’روحانی بوجھ‘ تلے دبا ہوا پایا۔ یکے بعد دیگرے دونوں کو بالترتیب مرغوبیت اور مرعوبیت سے اٹھایا اور بغیر ٹیلیویژن والے ٹی وی لاؤنج میں اپنی مخصوص نشست پر براجمان ہو کر پہلے ’ڈان‘ پر نظر دوڑائی۔ سرخیوں اور مضامین کے عناوین کو دیکھنے کے بعد چنیدہ چیزوں کے تفصیلی مطالعے کو موقوف کرتے ہوئے خود کو اپنے ہی باذوق ہونے کا ثبوت فراہم کرنے کے لئے ’عبقری‘ کی جانب مائل ہوا کہ مجلے کی پیشانی پر ’باذوق مردوں اور باوقار خواتین کے لئے جسے بچے بھی پڑھ سکتے ہیں‘ کے الفاظ درج تھے۔ اب جو فہرست مضامین پر نظر ڈالی تو دنیا و مافیہا کے ہر ممکنہ اور غیرممکنہ مسئلے کا حل ’عبقری‘ میں پوشیدہ پایا۔ اگلے پچپن صفحات پر جو کچھ درج تھا اسے مکمل طور پر ہضم کی سکت آپ کے روحانیت سے عاری معدے میں یقیناً نہیں ہوگی، تاہم کچھ جھلکیاں ملاحظہ فرمائیے اور اپنی حیاتِ آسودگی طلب کو اطمینان کی دولت سے مالا مال کیجئے کہ ’عبقری‘ میں ’گھر بھر کی جسمانی بیماریوں، ذہنی الجھنوں اور روحانی مسائل کا حل‘ موجود ہے۔

تبادلہ رکوانا
اگر کسی کا تبادلہ مرضی اور بلا کسی سبب کے دور دراز ہوگیا ہو یا وہ چاہتا ہو کہ دوبارہ اسی پوسٹ پر اسی شہر میں واپس آجاؤں تو سورہء لہب پارہ نمبر 30 مکمل باوضو ہر روز عشاء کی نماز کے بعد انیس مرتبہ انیس روز تک بلاناغہ پڑھیں اور متبادلہ کی منسوخی کی دعا کریں۔ انشاءاللہ تبادلہ منسوخ ہوجائے گا۔

مقدمہ میں کامیابی
بعض لوگ اپنی غلطی سے یا بعض مرتبہ دشمنوں اور حاسدوں کی چال کے سبب مقدمات میں الجھ جاتے ہیں اور عدالت کے چکر لگا لگا کر وقت اور رقم دونوں برباد کردیتے ہیں لیکن مقدمہ میں جگہ جگہ ناکامی ہوتی ہے۔ مقدمہ میں کامیابی کیلئے گھر کے سب افراد مرد عورت کثرت سے یاحفیظ پڑھیں۔ انشاءاللہ تعالیٰ مقدمہ میں کامیابی ہوگی۔

مقبولیت اور عزت
جو شخص یہ چاہتا ہے کہ اس کا چہرہ پرکشش و پرنور ہوجائے۔ اس کی ہیبت ہر شخص کے دل پر قائم ہوجائے اور وہ لوگوں کو جو بھی حکم دے وہ اس کی تعمیل کریں تو اسے چاہیے کہ ہر روز تازہ غسل کر کے بالکل سفید لباس پہن کر بعد نماز عشاء مکمل تنہائی میں دو نفل ادا کرنے کے بعد المومن سات سو چھیاسی مرتبہ روزانہ پڑھے تو اکتالیس دن کے بعد دیوار پر ایک نور ظاہر ہوگا اور اس کو ایسا محسوس ہوگا کہ جیسے یہ نور اس کے دل میں منتقل ہورہا ہے اور اس کے بعد اس میں یہ صفت پیدا ہوجائے گی کہ جو بھی وہ لوگوں کو حکم دے گا۔ لوگ اس کی تعمیل کریں گے اور اس کے چہرے پر ایک خاص قسم کا نور ہر وقت جلوہ گر رہے گا اور انشاءاللہ تعالیٰ اس کی قدر و منزلت میں خوب اضافہ ہوگا۔

مراقبے سے فیض پانے والے
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! آپ مراقبے کے بارے میں کافی فرماتے ہیں اور لوگوں کی کیفیات بھی بہت ہیں، کچھ عبقری میں کیفیات پڑھنے سے اور آپ کے درس اور حلقہ کشف المحجوب میں مراقبہ پر زور دینے سے مجھ میں بہت شوق پیدا ہوا۔ روزانہ تھوڑا سا مراقبہ کرتا ہوں، کافی عرصے بعد ایک دو بار ہلکی سی کیفیت ہوئی ہے، ایک بار سفید سی چیز کو اوپر آسمان پر جاتے ہوئے دیکھا اور ایک مرتبہ خود کو خانہ کعبہ کے قریب محسوس کیا۔ اب جب بھی مراقبہ شروع کرتا ہوں تو نور کو آسمان سے آتے ہوئے محسوس کرتا ہوں۔ جب سے مراقبہ کرنا شروع کیا ہے میری الحمدللہ بہت سی پریشانیاں دور ہورہی ہیں اور مجھے سکون کی نیند نہیں آتی تھی، میں ڈیپریشن کا مریض تھا مگر الحمدللہ ہر وقت دماغی سکون رہتا ہے اور میں پرسکون نیند سوتا ہوں۔ مراقبے نے میرے بہت سارے مسائل حل کردئیے ہیں۔ (خ،م۔لاہور)

روحانی پھکی کی کیا بات ہے۔۔۔!!!
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں عبقری کی پچھلی چھ ماہ سے قاری ہوں اور تقریباً دو ماہ سے روحانی پھکی استعمال کررہی ہوں اور اس نیت سے استعمال کرتی ہوں کہ اللہ میری تمام بیماریاں دور کردے، اللہ کے حکم سے کافی فرق پڑا ہے۔ اس سے پہلے گرمیاں شروع ہوتے ہی پاؤں پر دانے نکلتے تھے جو پانی والے ہوتے تھے اور اس سے پہلے خارش ہوتی ہے جب سے پھکی استعمال کی ہے۔ اللہ کا کرم ہے کہ اس مرتبہ پانی والے دانے نہیں بنے، کافی فرق ہے اور پیٹ میں بھی سکون محسوس ہوتا ہے۔ (ثریا ناز)

امید واثق ہے کہ آپ کو ’عبقری‘ کے ان روحانی اقتباسات سے کافی فرق پڑا ہوگا اور پیٹ میں بھی سکون محسوس ہورہا ہوگا، بصورتِ دیگر مبلغ چالیس روپے سکہ رائج الوقت میں ’عبقری‘ خرید فرمائیے اور ’سانس میں ذکر بسانے کا سائنسی طریقہ‘، ’جنات کا پیدائشی دوست (قسط نمبر 46) از علامہ لاہوتی پراسراری‘، ’عبقری وظیفے سے حج کیسے ہوا؟‘، ’جنات کا دیا کباب کھایا اور زندگی برباد‘ اور ’چاق و چوبند رہنے کے انوکھے راز‘ جیسی روحانی تحریروں سے مستفید و مستفیض ہوئیے۔

پسِ تحریر: جو احباب حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی اور ’عبقری‘ کی باتوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں ان سے معذرت کا خواستگار ہوں مگر میرے نزدیک یہ سب طنز و مزاح کے سوا کچھ بھی نہیں۔
 

نایاب

لائبریرین
بلا شبہ آپ ان سب باتوں کو طنز و مزاح سمجھنے کا حق رکھتے ہیں محترم بٹ بھائی
ہمیں تو ان روحانی ذکر و اذکار سے کافی لطف اور سکون ملتا ہے ۔۔۔۔۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
بٹ صاحب۔۔۔۔۔ اسلام اب تبادلے رکوانے کے ہی کام آتا ہے۔۔۔ کسی دور میں نیک بننے کے کام آتا تھا۔۔۔ اب ذرا کمرشلائز ہوگیا ہے۔۔۔ کیا کریں۔۔۔ :)
 
پسِ تحریر: جو احباب حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی اور ’عبقری‘ کی باتوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں ان سے معذرت کا خواستگار ہوں مگر میرے نزدیک یہ سب طنز و مزاح کے سوا کچھ بھی نہیں۔
عامل کی روحانیت اور صوفی کے تصوف میں بہت فرق ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمیں صوفیائے کرام کے ایمان افروز اور روح پرور ملفوظات و احوال و اقوال میں جو inspiration ملتی ہے وہ کسی حکیم چغتائی اور عبقری کے لگائے ہوئے روحانیت کے جمعہ بازاروں میں نہیں ملتی۔۔۔بہرحال آپ دل چھوٹا نہ کریں اور رسالہ عبقری پڑھنے کے بعد فلم تھری ایڈیٹس کے ایک گیت کےاس مصرح کو گنگنالیا کریں۔۔۔
اگربتیاں راکھ ہوگئیں، گاڈ تو پھر بھی دِکھا نہیں:LOL::D
 

تلمیذ

لائبریرین
ان رسائل میں تو یہ باتیں تجارتی فائدے اور سیلز بڑھانے کے لئے چھاپی جاتی ہیں اور ان میں کسی قدر غلو بھی ہوتا ہے۔ میرے خیال میں ذکر ان مقاصد کے لئے نہیں کرنا چاہئے۔ بلکہ یہ تو ایک الگ ہی دنیا ہے۔
 
آخری تدوین:

ام اریبہ

محفلین
عبقری ایک اچھا رسالہ ہے ۔۔مگر وظائف بے شمار۔۔بندا الجھ ہی جاتا ہے کہ کیا پڑھے کیا نہ پڑھے؟۔۔۔ہر ماہ نئے وظائف دے تو دیتے ہیں ساتھ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ایک چھوڑ دوسرا وظیفہ کرنا نقصان دے گا ۔۔۔بھئی میں تو کہتی ہوں نماز پڑھوخضوع خشوع کے ساتھ ۔۔اپنے رب سے اپنے الفاظ میں دعا مانگو اسی سے باتیں کہو دل کی ۔۔وہ سب سنتا ہے۔۔قرآن پڑھو۔۔اس کو سمجھو۔۔اس میں لکھا کیا ہے؟۔۔آج ہمارا معاشرہ جن مشکلات کا شکار ہے میں سجھتی ہوں اس کی سب سے بڑی وجہ قرآن کو چھوڑ دینا ہے۔۔۔۔اللہ پاک ہمیں نیک عمل کرنے کی توفیق دےآمین
 
رسالہ عبقری کبھی پڑھا تو نہیں ، البتہ مختلف مسائل کے لئے مختلف وظائف ضرور سنے ہیں اور فائدہ بھی اٹھایا ہے۔ اذکار ضرور کرنے چاہئیں اس میں ہمارا فائدہ ہی ہے۔
البتہ دینی اور روحانی معاملات کو تجارتی مقاصد کے لئے استعمال دیکھ کر افسوس بھی ہوتا ہے۔
 

ام اریبہ

محفلین
اگر ہم دنیاوی فائدے کی نیت کر کے عبادت کریں گے تو ہمیں صرف دنیا ہی ملے گی ۔۔آخرت میں کچھ نہیں۔۔۔مگر ۔۔۔۔۔اگر ہم آخرت کے لیے عبادت کریں،فکر کریں تو اللہ پاک بے نیاز ہے وہ آخرت کے ساتھ ساتھ دنیا بھی سنوار دے گا ۔۔۔انشا اللہ
 
اگر ہم دنیاوی فائدے کی نیت کر کے عبادت کریں گے تو ہمیں صرف دنیا ہی ملے گی ۔۔آخرت میں کچھ نہیں۔۔۔ مگر ۔۔۔ ۔۔اگر ہم آخرت کے لیے عبادت کریں،فکر کریں تو اللہ پاک بے نیاز ہے وہ آخرت کے ساتھ ساتھ دنیا بھی سنوار دے گا ۔۔۔ انشا اللہ
اگر دنیاوی فائدے کے لئے رب ہی کو یاد کیا جائے تو رب دنیاوی فائدہ دے نا دے اخروی فائدہ ضرور دے گا۔ :)
اپنے مسائل کے حل کے لئے رب کے ناموں کا ورد کرنا رب ہی کو یاد کرنا ہے۔
کیا ہم دنیاوی مسائل کے حل کے لئے رب کو یاد نا کریں؟ ضرور ضرور ضرور ہر مشکل کے حل کے لئے رب کریم کو یاد کرنا چاہئے۔
لیکن صرف اخروی فائدے کے حل کے لئے رب کو یاد کیا جائے اور کوئی دنیاوی فائدہ زہن میں نا رکھا جائے، اسکے تو کیا کہنے !
اس سے اچھی بات کیا ہوگی !:)
 

عاطف بٹ

محفلین
یقین مانیں کہ 'عبقری' میں جو کچھ لکھا ہوتا ہے، اسے پڑھ کر مجھ جیسے غیرروحانی قاری کو تو بہت ہنسی آتی ہے۔ یہ یوسفی اور پطرس وغیرہ تو ایسے ہی مشہور ہوگئے ہیں ورنہ اپنے حکیم چغتائی صاحب کے تو وہ پاسنگ بھی نہیں ہیں!
 

ساقی۔

محفلین
سچ بتاوں تو عبقری ایک نایاب رسالہ ہے ۔(میرے لیے) میری زندگی کا رخ موڑ دیا ہے اس نے۔ کہاں میں جمعہ کی نماز پرھتا تھا ۔ مگر عبقری پڑھنے کے بعد اڑھائی ماہ سے میری دو نماز قضا ہوئی تھیں ۔ وہ بھی بعد میں پڑھ لی تھیں۔ ۔۔ قرآن کی تلاوت بھی عبقری کے ذریعے سے نصیب ہوئی ۔الحمد اللہ ۔
شکریہ عبقری
 

حاتم راجپوت

لائبریرین
یقین مانیں کہ 'عبقری' میں جو کچھ لکھا ہوتا ہے، اسے پڑھ کر مجھ جیسے غیرروحانی قاری کو تو بہت ہنسی آتی ہے۔ یہ یوسفی اور پطرس وغیرہ تو ایسے ہی مشہور ہوگئے ہیں ورنہ اپنے حکیم چغتائی صاحب کے تو وہ پاسنگ بھی نہیں ہیں!
متفق۔۔۔ :)
ایک دفعہ عبقری کے سرورق پر ایک شہ سرخی پڑھی ۔۔ایسی ہنسی چھوٹی کہ یقین کیجئے کہ فرش پر لیٹ گیا تھا اور برا حال ہو گیا تھا ہنس ہنس کر۔۔۔ :rollingonthefloor:

شہ سرخی یہ تھی۔۔ ایٹم بم وظیفہ :eek:
 

حاتم راجپوت

لائبریرین
سچ بتاوں تو عبقری ایک نایاب رسالہ ہے ۔(میرے لیے) میری زندگی کا رخ موڑ دیا ہے اس نے۔ کہاں میں جمعہ کی نماز پرھتا تھا ۔ مگر عبقری پڑھنے کے بعد اڑھائی ماہ سے میری دو نماز قضا ہوئی تھیں ۔ وہ بھی بعد میں پڑھ لی تھیں۔ ۔۔ قرآن کی تلاوت بھی عبقری کے ذریعے سے نصیب ہوئی ۔الحمد اللہ ۔
شکریہ عبقری
بے شک اس میں کئی اچھی باتیں بھی ہوتی ہیں لیکن انہیں بھی بیان کرنے کا غیر حقیقی اور دکاندارانہ انداز ،اور حکیم صاحب کی کئی ڈرامے بازیاں و قلابازیاں بھی شامل ہیں جنہیں پڑھ کر ہنسی آ ہی جاتی ہے۔ :D
باقی خوشی ہوئی کہ آپ کو اس سے ایک اچھی چیز ملی۔ یہ بھی اس لئے کہ آپ کو ملنی ہی تھی۔ یہ رسائل وغیرہ تو کسی نہ کسی طرح سے وسیلہ بنتے ہیں بس۔۔۔:)
اگر روحانیت کا شوق ہے تو میرا مشورہ ہو گا کہ ماہنامہ ”روحانی ڈائجسٹ“ یا ”قلندر شعور“ کا مطالعہ شروع کریں۔ امید ہے کہ بہت مفید پائیں گے۔ :):)
 

تلمیذ

لائبریرین
ماہنامہ ”روحانی ڈائجسٹ“ یا ”قلندر شعور“ کا مطالعہ شروع کریں۔ امید ہے کہ بہت مفید پائیں گے۔ :):)

'قلندر شعور' کا نام پہلی مرتبہ سنا ہے۔ اگر ہو سکے تو براہ مہربانی اس کے بارے میں معلومات دیں۔ کیا یہ آن لائن دستیاب ہے؟
 

عاطف بٹ

محفلین
سچ بتاوں تو عبقری ایک نایاب رسالہ ہے ۔(میرے لیے) میری زندگی کا رخ موڑ دیا ہے اس نے۔ کہاں میں جمعہ کی نماز پرھتا تھا ۔ مگر عبقری پڑھنے کے بعد اڑھائی ماہ سے میری دو نماز قضا ہوئی تھیں ۔ وہ بھی بعد میں پڑھ لی تھیں۔ ۔۔ قرآن کی تلاوت بھی عبقری کے ذریعے سے نصیب ہوئی ۔الحمد اللہ ۔
شکریہ عبقری
یہ تو بہت اچھی بات ہے اور خوشی ہوئی یہ جان کر۔
 

حاتم راجپوت

لائبریرین
'قلندر شعور' کا نام پہلی مرتبہ سنا ہے۔ اگر ہو سکے تو براہ مہربانی اس کے بارے میں معلومات دیں۔ کیا یہ آن لائن دستیاب ہے؟
”قلندر شعور“ مکتبہ عظیمیہ کا ہی ایک نیا ڈائجسٹ ہے۔ جو کہ کچھ عرصہ پہلے ہی غالباً جون جولائی 2013 میں شروع ہوا ہے۔ آن لائن کا تو علم نہیں ۔میں تو سالانہ خریدار بن گیا تھا۔ باقی میں دیکھوں گا اگر آن لائن دستیاب ہوا تو ضرور آپ کو اس کا لنک بھیج دوں گا۔
 
بے شک اس میں کئی اچھی باتیں بھی ہوتی ہیں لیکن انہیں بھی بیان کرنے کا غیر حقیقی اور دکاندارانہ انداز ،اور حکیم صاحب کی کئی ڈرامے بازیاں و قلابازیاں بھی شامل ہیں جنہیں پڑھ کر ہنسی آ ہی جاتی ہے۔ :D
باقی خوشی ہوئی کہ آپ کو اس سے ایک اچھی چیز ملی۔ یہ بھی اس لئے کہ آپ کو ملنی ہی تھی۔ یہ رسائل وغیرہ تو کسی نہ کسی طرح سے وسیلہ بنتے ہیں بس۔۔۔ :)
اگر روحانیت کا شوق ہے تو میرا مشورہ ہو گا کہ ماہنامہ ”روحانی ڈائجسٹ“ یا ”قلندر شعور“ کا مطالعہ شروع کریں۔ امید ہے کہ بہت مفید پائیں گے۔ :):)
ویسے میں روحانیت اور تصوف کے بارے میں سب سے اچھی کتاب آج تک پڑھی یا یوں کہیں کہ مجھے اچھی لگی وہ "منہاج العابدین" ہے۔ جو امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ کی لکھی ہوئی ہے۔
 

ساقی۔

محفلین
متفق۔۔۔ :)
ایک دفعہ عبقری کے سرورق پر ایک شہ سرخی پڑھی ۔۔ایسی ہنسی چھوٹی کہ یقین کیجئے کہ فرش پر لیٹ گیا تھا اور برا حال ہو گیا تھا ہنس ہنس کر۔۔۔ :rollingonthefloor:

شہ سرخی یہ تھی۔۔ ایٹم بم وظیفہ :eek:

واقعی عبقری میں سرخیاں اور مضامین کے نام کچھ اسی طرز کے ہوتے ہیں ۔ ۔۔لیکن حقیقتاً بات یہ ہے کہ جس طرح لوگ مضمون ارسال کرتے ہیں عبقری والے دوسرے رسائل کی طرح اس پر الفاظ کی ملمع کاری کیے بغیر ویسے کے ویسے ہی چھاپ دیتے ہیں۔مجھے خود کبھی کبھی بہت ہنسی آتی ہے ۔ بلکہ ہم سب گھر والے کبھی کبھی کسی بات پر بہت ہنستے ہیں ۔ ۔ اور میرے خیال میں اس نفسا نفسی کے دور میں دوسرے کو تھوڑا ہنسا دینا بھی ایک اچھی بات ہے ۔۔۔ اور عبقری یہ کام ہر ماہ ضرور کرتا ہے۔۔۔:)

عبقری کے کسی مضمون سے کے ذریعے سے ہدایت پا کر میں نے نماز تو شروع کر دی ۔ پر نماز کے بعد میں دعا نہیں مانگتا تھا ۔ میں سوچتا تھا کہ نماز تو خود ایک دعا ہے اسے لیے نماز کے بعد دعا مانگنا کچھ ضرورری نہیں مگر فروری ۲۰۱۴ کے عبقری میں حکیم صاحب نے لکھا ہے کہ فرض نماز کے بعد جو دعا مانگی جاتی ہے وہ وقت قبولیت ہوتا ہے اور دعائیں زیادہ قبول ہوتی ہیں ۔ اور شیطانوں مین سے ایک شیطان کی ڈیوٹی ہے کہ جو بندہ نماز پڑھنے سے باز نہیں آتا پڑھنے دو پر اسے نماز کے آخر میں دعا مانگنے سے روک دو ۔

اب یہ بات کل میں نے عبقری سے پڑھی اور نماز کے بعد دعا مانگنا شروع کر دی۔ اور سچ بتاوں تو دعا میں آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے ۔ جو سکون ملا اس کا تو ذکر ہی مت پوچھیں ۔

پھر عبقری سے مجھے یہ بھی ملا کہ بغیر لالچ دوسروں کی مدد کرو ۔ اللہ آپ کی مدد کرے گا ۔ (حالانکہ یہ بھی ایک قسم کا لالچ ہی ہے) پر میں بغیر کسی لالچ کے دوسروں کے لیے جو ہو سکتا ہے وہ کر دیتا ہوں ۔ کچھ اور ملے نہ ملے کسی کی مدد کرنے کے بعد جو سکون اور اطمینان محسوس کرتا ہوں وہ کسی گہر سے کم نہیں۔
 
Top