محمداحمد
لائبریرین
اگر آپ مونگ پھلیاں کھاتے ہیں تو کہیے الحمدللہ!
آپ کہیں گے مونگ پھلیاں کھانا کون سا ایسی بڑی بات ہے۔ آپ کی بات درست ہے لیکن یہ کوئی اتنی معمولی بات بھی نہیں ہے۔ مونگ پھلی کھانے کا مطلب یہ ہے کہ:
- آپ اچھے خاصے فارغ انسان ہیں۔


- آپ ضروری خرچوں اور غیر ضروری آسمانی سلطانی اخراجات کے بعد بھی مونگ پھلی اور اس قبیل کی دوسری اشیاء اپنے اور اپنے اہلِ خانہ کے لئے خرید لاتے ہیں یہ بات بھی فی زمانہ کسی نعمت سے کم نہیں۔ یقیناً ایسے لوگ بھی آسمان تلے موجود ہیں جو آمدنی اور اخراجات کا توازن برقرار رکھتے رکھتے، چھوٹی چھوٹی پُر لطف روایات گنوا بیٹھتے ہیں یا منتشر خیالی میں اُنہیں مونگ پھلیاں کھانے کا خیال ہی نہیں آتا۔
- آپ کے دانت اور مسوڑھے مضبوط و مستحکم ہیں ۔

- آپ کی انگلیوں کی سب ہڈیاں سلامت ہیں اور سب جوڑ ٹھیک ٹھیک کام کر رہے

- آپ کی زبان تاحال ذائقوں کی تمیز رکھتی ہے اور مونگ پھلی سے ذائقہ کشید کرکے آپ کو لطف اندوز کروانا جانتی ہے۔

- آپ کی آنکھیں بالکل ٹھیک کام کرتی ہیں اور آپ با آسانی مونگ پھلی کے چھلکوں میں چھپی سالم مونگ پھلیاں با آسانی تلاش کر لیتے ہیں۔ آخر میں ڈھونڈ ڈھونڈ کر مونگ پھلیاں کھانے کا بھی الگ ہی مزہ ہے۔ کہیے الحمد للہ!

- آپ کی انگلیوں کے پوروں میں ابھی تک چھونے کی حس برقرار ہے اور آپ باآسانی ٹھنڈی اور گرم مونگ پھلیوں میں تمیز کر لیتے ہیں۔

- آپ کا نظام ِ انہضام بالکل ٹھیک کام کر رہا ہے کہ مونگ پھلی جیسی سخت چیز کو ہضم کرنا اس کے لیے ایک معمولی کام ہے۔ اور نظامِ انہضام کا درست ہونا گویا سارے جسم کا درست ہونا ہے سو شکر کیجے اور کہیے الحمدللہ!

- یہ بھی کہ اکثر آپ مونگ پھلیاں اپنے اہلِ خانہ یا دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر کھاتے ہوں گے اور مزے مزے کی باتیں کرتے ہوں گے ۔ ایسی مزے کی مونگ پھلیاں اور مزے مزے کی باتیں ہر کسی کو کہاں نصیب ہوتی ۔ سو کہیے الحمد للہ !

اگر کسی وجہ سے آپ مونگ پھلیاں نہیں بھی کھاتے تو بھی آپ اللہ کا شکر ادا کیجے کہ آپ کم از کم یہ تحریر پڑھ رہے ہیں








غرض یہ کہ مونگ پھلیاں کھائیں یا نہ کھائیں لیکن اپنے رب کا شکر ضرور ادا کرتے رہیں اور موقع ملے تو مونگ پھلیاں بھی ضرور کھائیں تاکہ ہمیں مونگ پھلیوں کے فوائد پر الگ سے تحریر نہ لکھنی پڑے۔

