محمداحمد
لائبریرین
اگر آپ مونگ پھلیاں کھاتے ہیں تو کہیے الحمدللہ!
آپ کہیں گے مونگ پھلیاں کھانا کون سا ایسی بڑی بات ہے۔ آپ کی بات درست ہے لیکن یہ کوئی اتنی معمولی بات بھی نہیں ہے۔ مونگ پھلی کھانے کا مطلب یہ ہے کہ:
- آپ اچھے خاصے فارغ انسان ہیں۔ کہنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ کو اتنی فرصت مل جاتی ہے کہ آپ آرام سے بیٹھ کر مونگ پھلیاں چھیلتے ہیں اور مزے لے لے کر کھاتے ہیں۔ بیزاری سے تو کھانے سے رہے۔ پھر یہ کہ آج کے نفسا نفسی اور افراتفری کے دور میں اتنی فرصت اور سکون کسی کسی کو ہی ملتا ہے۔ سو شکر کیجے اور کہیے الحمد للہ!
- آپ ضروری خرچوں اور غیر ضروری آسمانی سلطانی اخراجات کے بعد بھی مونگ پھلی اور اس قبیل کی دوسری اشیاء اپنے اور اپنے اہلِ خانہ کے لئے خرید لاتے ہیں یہ بات بھی فی زمانہ کسی نعمت سے کم نہیں۔ یقیناً ایسے لوگ بھی آسمان تلے موجود ہیں جو آمدنی اور اخراجات کا توازن برقرار رکھتے رکھتے، چھوٹی چھوٹی پُر لطف روایات گنوا بیٹھتے ہیں یا منتشر خیالی میں اُنہیں مونگ پھلیاں کھانے کا خیال ہی نہیں آتا۔
- آپ کے دانت اور مسوڑھے مضبوط و مستحکم ہیں ۔ مونگ پھلی کھانا اور چبانا آپ کے لئے آسان ہے۔ اور مونگ پھلیاں کھانا آپ کے لئے لوہے کے چنے چبانے ایسا نہیں ہے یعنی آپ کو دانتوں کی کوئی تکلیف نہیں ہے۔ جو لوگ دانتوں کی تکلیف جھیل چکے ہیں وہ جانتے ہیں کہ یہ کتنی بڑی بات ہے۔ کہیے الحمدللہ!
- آپ کی انگلیوں کی سب ہڈیاں سلامت ہیں اور سب جوڑ ٹھیک ٹھیک کام کر رہے کہ مونگ پھلیاں چھیلتے اور اس کا بیرونی خول توڑنے وقت آپ کے ہونٹوں سے نعرہ ء تکلیف بلند نہیں ہوتا ۔ کبھی اگر آپ کی کسی انگلی میں چوٹ لگی ہو تب مونگ پھلیاں کھا کر دیکھیے گا کہ کیسا لگتا ہے۔
- آپ کی زبان تاحال ذائقوں کی تمیز رکھتی ہے اور مونگ پھلی سے ذائقہ کشید کرکے آپ کو لطف اندوز کروانا جانتی ہے۔
- آپ کی آنکھیں بالکل ٹھیک کام کرتی ہیں اور آپ با آسانی مونگ پھلی کے چھلکوں میں چھپی سالم مونگ پھلیاں با آسانی تلاش کر لیتے ہیں۔ آخر میں ڈھونڈ ڈھونڈ کر مونگ پھلیاں کھانے کا بھی الگ ہی مزہ ہے۔ کہیے الحمد للہ!
- آپ کی انگلیوں کے پوروں میں ابھی تک چھونے کی حس برقرار ہے اور آپ باآسانی ٹھنڈی اور گرم مونگ پھلیوں میں تمیز کر لیتے ہیں۔
- آپ کا نظام ِ انہضام بالکل ٹھیک کام کر رہا ہے کہ مونگ پھلی جیسی سخت چیز کو ہضم کرنا اس کے لیے ایک معمولی کام ہے۔ اور نظامِ انہضام کا درست ہونا گویا سارے جسم کا درست ہونا ہے سو شکر کیجے اور کہیے الحمدللہ!
- یہ بھی کہ اکثر آپ مونگ پھلیاں اپنے اہلِ خانہ یا دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر کھاتے ہوں گے اور مزے مزے کی باتیں کرتے ہوں گے ۔ ایسی مزے کی مونگ پھلیاں اور مزے مزے کی باتیں ہر کسی کو کہاں نصیب ہوتی ۔ سو کہیے الحمد للہ !
اگر کسی وجہ سے آپ مونگ پھلیاں نہیں بھی کھاتے تو بھی آپ اللہ کا شکر ادا کیجے کہ آپ کم از کم یہ تحریر پڑھ رہے ہیں اور اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ کے پاس کمپیوٹر یا موبائل فون موجود ہے جس کے ساتھ انٹرنیٹ کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ آپ کی آنکھیں ٹھیک ٹھیک کام کر رہی ہیں ۔ آپ اردو پڑھنا اور سمجھنا جانتے ہیں ۔ یقین کیجے کہ یہ سب باتیں بھی اس بات کا ثبوت ہیں کہ اللہ کا آپ پر بہت کرم ہے ورنہ بہت سے لوگ کہیں نہ کہیں ان میں سے کچھ چیزوں سے محروم بھی ہوتے ہیں۔ سو کہیے الحمدللہ ! اگر یہ تحریر آپ کے معاملات کا احاطہ نہیں بھی کرتی تب بھی آپ اللہ کا شکر اد ا کیجے کہ انسان کو ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے اور یہ کہ شکر کرنے والوں پر اللہ تعالیٰ اپنی نعمتوں کی مزید فراوانی فرماتے ہیں۔
غرض یہ کہ مونگ پھلیاں کھائیں یا نہ کھائیں لیکن اپنے رب کا شکر ضرور ادا کرتے رہیں اور موقع ملے تو مونگ پھلیاں بھی ضرور کھائیں تاکہ ہمیں مونگ پھلیوں کے فوائد پر الگ سے تحریر نہ لکھنی پڑے۔