سیمی فائنل میں رسائی؛ پاکستانی ٹیم کو راستے سے پتھر ہٹنے کا انتظار
اسپورٹس رپورٹر منگل 2 جولائ 2019
میزبان کی فتح پرٹائیگرزکو زیر کرنے کے ساتھ رن ریٹ بھی کیویز سے بہتر بنانا لازمی۔ فوٹو: فائل
لاہور: سیمی فائنل میں رسائی کیلیے پاکستان کی نگاہیں انگلینڈ ونیوزی لینڈ کے میچ پر مرکوز ہیں جب کہ بدھ کے روز میزبان ٹیم کی شکست راستے کا ایک پتھر ہٹا دے گی۔
انگلینڈ کی بھارت سے شکست پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات میں اضافہ کرسکتی تھی،مگر اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں ویرات کوہلی الیون کی ناکامی نے پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال میں اگر مگر کا چکر بڑھا دیا۔
اس وقت دفاعی چیمپئن آسٹریلیا 8 میچز میں 14پوائنٹس کے ساتھ کوالیفائی کرنے والی واحد ٹیم اور جنوبی افریقہ کیخلاف غیر اہم میچ باقی ہے،پاکستان کے اس وقت 9 پوائنٹس اور بنگلہ دیش سے میچ ہونا ہے، 10پوائنٹس کے حامل انگلینڈ کو اپنے آخری مقابلے میں بدھ کو چیسٹرلی اسٹریٹ میں نیوزی لینڈ کا سامنا کرنا ہوگا۔
میزبان ٹیم کو شکست اور پاکستان جمعے کو لارڈز میں بنگلہ دیش پر فتح حاصل کرلے تو 11پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلے گا،اگر انگلینڈ نے نیوزی لینڈکو مات دیدی اور پاکستان نے ٹائیگرزکو ہرادیا توگرین شرٹس اور کیویز کے 11،11 پوائنٹس اور فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا، اس وقت نیوزی لینڈ کا رن ریٹ پاکستان سے بہتر ہے۔
7 پوائنٹس کا حامل بنگلہ دیش بھی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر نہیں لیکن اس کیلیے اسے منگل کو بھارت اور پھر جمعے کو پاکستان کو بھی مات دینے کے ساتھ انگلینڈ کی نیوزی لینڈ سے شکست کی دعاکرنا ہوگی۔
بھارت نے 7 میچز کھیلے اور11 پوائنٹس ہیں، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے میچز باقی ہیں، ایک فتح بلو شرٹس کو رن ریٹ کی محتاجی سے آزاد کردے گی۔